Tag: کراچی کی خبریں

  • چیف جسٹس کی کھلی عدالت، لاپتا افراد، پراپرٹی پر قبضے اور دیگر معاملوں کی سماعت

    چیف جسٹس کی کھلی عدالت، لاپتا افراد، پراپرٹی پر قبضے اور دیگر معاملوں کی سماعت

    کراچی: شہرِ قائد میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کھلی عدالت لگالی، جس میں انھوں نے لا پتا افراد، پراپرٹی پر قبضے، پنشن، معطلی ترقی اور دیگر مسئلوں پر سماعت کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں کراچی رجسٹری میں کھلی عدالت کے دوران کئی اہم معاملات پر سماعت کی، اس دوران انھوں نے سپریم کورٹ کے باہر موجود افراد کو بھی کمرۂ عدالت میں طلب کرلیا۔

    دریں اثنا لا پتا افراد کے کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں نے دہائی دی کہ بہت پریشان ہیں سیکورٹی اداروں بالکل تعاون نہیں کر رہے، ہمارے لوگوں کو عرصے سے لا پتا کیا ہوا ہے، اب تک بازیاب نہیں ہوئے۔

    ایک خاتون نے روتے ہوئے شکایت کی کہ ان کا شوہر کئی سال سے لا پتا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا ’آپ رونا بند کردیں اور مجھے تفصیل بتائیں تاکہ میں کچھ کر سکوں۔‘ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے مسنگ پرسن کمیشن تشکیل دے دیا ہے، کمیشن سے ہم نے میٹنگ بھی کی، 55 سے زائد لا پتا افراد کے اہلِ خانہ کا معاملہ مسنگ پرسن کمیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

    ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن کمیشن میں اعلیٰ افسران خود مانیٹر کر رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ آپ کےلا پتا افراد اب بازیاب ہوجائیں گے، چیف جسٹس نے مسنگ پرسن کمیشن میں تمام لا پتا افراد کے نام بھیجنے کا بھی حکم جاری کیا۔

    چیف جسٹس نے دیگر معاملوں پر بھی سماعت کی، پراپرٹی پر قبضے کے ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے انھوں نے کئی افراد کے گھروں پر قبضے کا معاملہ متعلقہ اداروں کو بھجواتے ہوئے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ پراپرٹی سے قبضہ ختم کرائیں۔


    میں چیف جسٹس پاکستان ہوں، آپ کی خیریت معلوم کرنے آیا ہوں، شرجیل میمن سے ملاقات کی اندرونی کہانی


    کھلی عدالت میں ایک طالب علم نے شکایت کی کہ کراچی یونی ورسٹی میری ڈگری ایوارڈ نہیں کر رہی، چیف جسٹس نے کراچی یونی ورسٹی کے متعلقہ افسران کو معاملہ حل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    ایک ٹیچر نے شکایت کی ’میں ٹیچر ہوں، 15 دن کی چھٹی پر تھی، بغیر بتائے مجھے معطل کر دیا گیا۔‘ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ’آپ بغیر بتائے چھٹیاں کریں گی تو افسران ایکشن تو لیں گے۔‘

    پنشن کے کیس کی بھی سماعت کی گئی، درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ انھیں کئی ماہ سے پنشن نہیں دی جا رہی ہے، چیف جسٹس نے متعلقہ اداروں سے پنشن سے متعلق جواب طلب کرلیا۔

  • جاوید میاں داد کا عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    جاوید میاں داد کا عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد نے عامر لیاقت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستعفی ہو کر ان کے خلاف الیکشن لڑ کر دیکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی اپنی پارٹی کے ساتھ اختلافات شدید ہوگئے ہیں، سابق عظیم کرکٹر جاوید میاں داد نے انھیں اپنے خلاف الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے۔

    جاوید میاں داد نے کہا ’سیٹ خالی کرو میں الیکشن لڑوں گا، عوام نے ووٹ پی ٹی آئی کو دیا ہے، آپ کو پتا لگ جائے گا۔‘

    سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت نے جو بیان دیا وہ ان کی سمجھ سے باہر ہے، کراچی والوں نےعمران خان کو ووٹ دیے ہیں، یہ باتیں پاکستان کے حق میں بہتر نہیں ہیں۔

    جاوید میاں داد نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ’عامر لیاقت صاحب آپ کو اچھی شروعات کرنی چاہیے، آپ پارٹی کے ممبر ہیں، آپ کو پارٹی میں رہنا چاہیے۔‘

    عامر لیاقت حسین کا جواب


    جاوید میاں داد کے بیان کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے کہا ’الیکشن کی ضرورت نہیں، جاوید میاں داد ویسے ہی سیٹ لے لیں، جاوید میاں داد قابلِ احترام ہیں۔‘

    عامر لیاقت نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اگر مقابلے کی نوبت آئی تو وہ جاوید میاں داد کے حق میں دست بردار ہوجائیں گے۔

    عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو جیت جاتا، فیصل جاوید

    دوسری طرف عامر لیاقت صحافیوں کے سوال کا جواب نہ دے سکے تو سوال کو عدالتی جرح سے تشبیہ دے دی، عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انھیں کراچی کے اجلاسوں میں نظرانداز کیا گیا۔

    انھوں نے کہا ’میں وزیرِ اعظم عمران خان اور پارٹی کا کارکن ہوں، تحریکِ انصاف چھوڑ کر کہاں جا سکتا ہوں؟‘

  • عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی کی امید ہے، خالد مقبول

    عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی کی امید ہے، خالد مقبول

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد امید ہے کہ سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریکِ انصاف کی گورنر شپ میں سندھ کے شہری علاقوں سے جاری ناروا میں بہتری آئے گی۔

    دریں اثنا خالد مقبول صدیقی نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارک باد دی، انھوں نے کہا ’تو قع کرتے ہیں عمران اسماعیل بہ حیثیتِ گورنر کلیدی کردار ادا کریں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے اختیارات کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا ہے، امید ہے کہ اس معاملے سمیت دیگر امور میں بھی اب پیش رفت ہوگی۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد ملک کی ترقی ہے اور وہ میرٹ پر پاکستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔

    عامر لیاقت کا شکوہ


    دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے تحریکِ انصاف کے اراکین نے ملاقات کی، عشائیے میں پی ٹی آئی اراکین نے شرکت کی تاہم پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت کی عدم شرکت کو دیگر اراکین نے بھی محسوس کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو اس بات کا شکوہ ہے کہ انھیں پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ عشائیے کے سلسلے میں عامر لیاقت سے را بطہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر ان کا نمبر بند جا رہا تھا۔

  • وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، شہر قائد میں آلائشیں اٹھانے کا مناسب نظام موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں ہے اور  وزیر  بلدیات سندھ کا بیان سمجھنےسے قاصر ہوں۔

    متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، بلدیاتی نمائندے بغیر کسی مدد کے کام کر رہے تھے۔

    سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ عید کا تیسرا روز گزرنے کے بعد سندھ حکومت شہر قائد سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں‌ تاحال ناکام رہی ہے.

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے تینوں دن دس لاکھ سے زائد جانوروں کو قربان کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق شہر کی سڑکوں، گلیوں سے آلائشیں مکمل طور پر نہ اٹھائی جاسکیں، کچرے کے ڈھیروں میں آلائشیں موجود ہونے سے تعفن پھیلنے لگا جبکہ ضلع وسطی، جنوبی، غربی اور ملیر میں آلائشیں اٹھانے کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔

  • کراچی پولیس کا کالی بھیڑوں کے خلاف ایکشن: 4 افسران معطل

    کراچی پولیس کا کالی بھیڑوں کے خلاف ایکشن: 4 افسران معطل

    کراچی: شہرِ قائد کے پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کالی بھیڑوں کے خلاف ایکشن شروع کر دیا ہے، کرپشن اور جرائم میں ملوث 4 افسران کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعود آباد پولیس اسٹیشن کے افسران کرپشن اور مجرموں کی سرپرستی کرنے میں ملوث پائے گئے، جس پر ڈیپارٹمنٹ نے ایکشن لیتے ہوئے انھیں معطل کر دیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل افسران میں ایس ایچ او سعود آباد صلاح الدین قاضی، سب انسپکٹرصفدر، سب انسپکٹر ارشد وارثی اور اے ایس آئی شہزاد شامل ہیں۔

    پولیس اعلامیے کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران پر کرپشن کے علاوہ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کا الزام بھی ہے، چاروں افسران کو ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے معطل کیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل اعلیٰ افسر نے گٹکا فیکٹری کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم ایس ایچ او سعود آباد نے فیکٹری مالک سے ایک لاکھ روپے رشوت لے کر اسے چھوڑ دیا تھا۔


    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار


    ایس ایچ او صلاح الدین قاضی نے نہ صرف فیکٹری مالک سے رشوت لی بلکہ ان کی جگہ ایک دوسرے شخص کو فیکٹری مالک بتا کر کیس فائل کر دیا تھا۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی نے مذکورہ معاملے کی انکوائری کرنے کے بعد ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی کو رپورٹ بھجوا دی، جس پر انھوں نے فوری کارروائی کی۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی کراچی کے چھاپوں کے بعد بالا افسران بھی متحرک ہوگئے ہیں۔

  • ’آلائشیں کون اٹھائے گا؟‘ پی پی ایم کیو ایم اختلافات نے انتظامی ڈیڈ لاک پیدا کر دیا، شہری پریشان

    ’آلائشیں کون اٹھائے گا؟‘ پی پی ایم کیو ایم اختلافات نے انتظامی ڈیڈ لاک پیدا کر دیا، شہری پریشان

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ میں بقرِ عید پر آلائشیں اٹھانے کا مسئلہ تنازعے کی صورت اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ سے عید پر شہر میں تعفن پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے معاملے پر پی پی اور ایم کیو ایم میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، خدشہ ہے کہ شہرِ قائد میں قربانی کے لاکھوں جانوروں کی آلائشوں سے تعفن پھیل سکتا ہے۔

    وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے ایم کیو ایم پر کھلا الزام لگاتے ہوئے کہا ’ایم کیو ایم کا وتیرہ رہا ہے کہ خود ہی مسائل پیدا کرتے ہیں، ایم کیو ایم کبھی گٹر بند کر دیتی ہے، کبھی پانی کی لائنیں توڑ دیتی ہے۔‘

    سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم والے دوبارہ ایسی حرکتوں میں ملوث نہ ہو جائیں، اگر وہ مسائل حل نہیں کرسکتے تو پیدا بھی نہ کریں، ہمیں مئیر کراچی وسیم اختر کے بیان پر تشویش ہے۔

    وزیرِ بلدیات نے کہا ہے کہ کراچی میں لاکھوں جانور ذبح ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہمیں تھوڑا مسئلہ ہوگا۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ پی پی کا اختلاف کل شہریوں کو شدید مشکلات کا شکار کروا سکتا ہے۔

    یہ اہم ترین سوال کھڑا ہوا ہے کہ کراچی میں قربانی کے لاکھوں جانوروں کی آلائشیں کون اٹھائے گا، شہر میں آلائشیں اٹھانے کے ناقص انتظامات کی وجہ سے گندگی اور تعفن پھیلنے کا خدشہ ہے۔


    وفاق کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا، عارف علوی


    خیال رہے کہ ضلع وسطی اور کورنگی آلائشیں خود اٹھانے کی ذمہ دار ہوں گی، جب کہ ضلع شرقی، غربی، جنوبی، اور ملیر میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہوگی۔

    آلائشیں لینڈ فِل سائٹ جام چھاکرو، گوند پاس، حوّا گوٹھ میں تلف کی جائیں گی، اس سلسلے میں شہر سے 50 کلو میٹر دور خندقیں کھود دی گئی ہیں۔ تاہم یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ لائشیں اٹھانے میں میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمینوں کی کیا ذمہ داری ہے؟

  • عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی: بقرِ عید پر سنتِ ابراہیمی کی تکمیل کے لیے قربانی کے جانوروں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا، وقت کم مقابلہ سخت کے مصداق منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے پہلے دن قربانی کرنے کے لیے لوگوں کا مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا، بیوپاریوں نے مویشی کے دام بڑھا کر پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

    منڈی کی قیمتیں بے انتہا بڑھ جانے کی وجہ سے خریدار بھاؤ تاؤ پر مجبور ہوگئے ہیں، خریداروں کی ایک بڑی تعداد کو منڈیوں سے مایوس ہوکر واپس جانا پڑ رہا ہے۔

    مویشی منڈیوں کے ریٹس کے مطابق درمیانے درجے کی گائے بیل کے ایک سے سوا لاکھ تک ڈیمانڈ کی جانے لگی، بکروں کے دام 25 ہزار سے سوا لاکھ تک پہنچا دیے گئے۔

    عوام کے مویشی منڈیوں کے چکر پہ چکر لگ رہے ہیں، عید سے پہلے آخری دن بیوپاریوں نے سیزن بھرپور طریقے سے کیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

    دوسری طرف بچوں کی عید سے پہلےعید ہوگئی، گھروں میں قربانی کے جانوروں کی خوب آؤ بھگت ہونے لگی، ہر گلی محلے میں بچےلاڈ اٹھانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    کوئی اپنی گائے کو سیر کروا رہا ہے تو کوئی بکرے کو گھاس کھلا رہا ہے، جوخود کھانا تھا وہ بھی بکروں کو کھلایا جانے لگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  برطانوی ہائی کمشنر کا مویشی منڈی سے عید پر خصوصی پیغام۔ ویڈیو دیکھیں


    بقرِ عید کے سیزن میں قصاب بھی کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتے، شہریوں کی جیب پرچھریاں چلانے کو تیار ہوگئے، جانور کاٹنے کے ریٹس میں ہوش رُبا اضافہ کر دیا۔

    واضح رہے کہ آج خلیجی و دیگر ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، دنیا بھر میں مقیم فرزندانِ اسلام نے سنّتِ ابراہیمی کے تحت اپنے جانوروں کی قربانیاں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پیش کیں جب کہ کل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

  • نیا کراچی بننے تک نیا پاکستان نہیں بن سکتا، وزیرِ خزانہ اسد عمر

    نیا کراچی بننے تک نیا پاکستان نہیں بن سکتا، وزیرِ خزانہ اسد عمر

    کراچی: وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ نیا کراچی بننے تک نیا پاکستان نہیں بن سکتا، عمران خان نے بھی قوم سے اپنے خطاب میں یہی کہا، کوشش کریں گے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ کراچی آئی ٹی کے سیکٹر میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی ترجیحات بیان کی ہیں، آج سے وفاقی کابینہ نے ترجیحات پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے۔

    وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پروفیشنل مینجمنٹ کے ذریعے اداروں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا، کوشش ہوگی ملک کے ادارے مضبوط ہوں، عوام جب تک ساتھ ہیں ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کسی سرکاری ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا، ستمبر کے مہینے میں اہم فیصلے کریں گے، تمام فیصلے جو کرنے جا رہے ہیں وہ پہلے پارلیمنٹ لے کرجائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریونیو بڑھانے کے لیے ایف بی آر کے ادارے کو ٹھیک کرنا ہے، ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو واپس ملک میں لانا ہے، ٹاسک فور کمیٹی 2 ہفتے میں وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کیلیے ٹاسک فورس بنائیں گے، عمران خان


    اسد عمر نے کہا ’ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن رکی ہوئی ہے اس مسئلے کو حل کرنا ہے، مشکلات کے شکار اداروں کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے، ان سیکٹرز کو ترجیح دیں گے جہاں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔‘

    انھوں نے واضح کیا کہ قومی فرائض میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ہم اداروں کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، قانون کی خلاف ورزی جہاں نظر آئی حکومت اپنا کام کرے گی۔

  • سندھ کابینہ کا 2 ماہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

    سندھ کابینہ کا 2 ماہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت نئی کابینہ کے پہلے اجلاس میں کراچی میں دو ماہ سے اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے کابینہ نے سخت قوانین بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں سندھ کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اسٹریٹ کرمنلز کو قانون کی پکڑ میں لانے کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں گے۔

    وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف پولیس اور رینجرز کو بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کی جائے گی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ’شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، مجھے سب پتا ہے کوتاہیاں کہاں ہو رہی ہیں۔‘

    وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن و امان کی صورتِ حال ہر صورت برقرار رکھی جائے، ہم نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد کر کے امن و امان بہتر بنایا ہے۔

    اجلاس میں کراچی پولیس چیف ڈاکٹر عامر احمد شیخ نے کہا کہ وہ اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لیے خود میدان میں اترے ہیں اور شہر میں سادہ لباس میں دورے کر رہے ہیں۔


    سندھ کابینہ کے ارکان کو محکموں کے قلم دان سونپ دیے گئے، نوٹیفکیشن جاری


    کراچی پولیس چیف نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ’شہرِ قائد کے شہریوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، بڑی تعداد میں اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کو سخت سزا ملے گی تو وارداتیں کم ہوں گی۔‘

    پولیس چیف نے محکمے میں کالی بھیڑوں کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس میں کالی بھیڑیں موجود ہیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’کالی بھیڑیں ختم کرنے کے لیے وہ کام کروں گا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔‘

  • نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس ہمارا مستقل نعرہ ہے، عوامی اور سیاسی تحریکیں ہی آئین میں ترامیم کا سبب بنتی ہیں، نئے صوبے کا مطالبہ جرم یا خواہش نہیں یہ وقت کی ضرورت ہے۔

    فاروق ستار نے ٹی وی انٹرویو میں کہا ’ایم کیو ایم کی نشستیں کم کرانے کے لیے سازش کی گئی، صرف کراچی نہیں پورے پاکستان میں الیکشن میں دھاندلی ہوئی، لیکن پروپیگنڈے کے باوجود ایم کیو ایم نے نشستیں حاصل کیں۔‘

    انھوں نے تسلیم کیا کہ ایم کیو ایم خود بھی اندر سے مسائل کا شکار رہی ہے، 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم میں پرانا نظم وضبط نہیں تھا، بانی ایم کیو ایم کے بغیر الیکشن لڑنے کا سیاسی طور پر نقصان ہوا، پی ایس پی کی وجہ سے بھی ہمارا ووٹ خراب ہوا، اسے ایک پلان کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے، پی ایس پی کو لاکر ووٹر کو مایوس کیا گیا کہ وہ کسی اور کو ووٹ دے۔

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    نیوز اینکر وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شماری، حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اختیارات سے محروم کیا گیا، پریذائیڈنگ افسران جس دن بولیں گے سب سامنے آ جائے گا، ہمیں پریذائیڈنگ افسروں نے بہت سی باتیں بتائی ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر شام 7 بجے کے بعد کیمرے بند ہونے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

    یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم دیتے تو را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا ،فاروق ستار

    انھوں نے کہا ’الیکشن نتائج میں تاخیر کے دوران انجینئرنگ کی گئی، الیکشن کے نتائج سے متعلق فارم 45 کہیں بھی فراہم نہیں کیا گیا، ہم بیلٹ پیپرز کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں، الیکشن نتائج میں تاخیر کے معاملے پر بھی کمیشن بنا کر تحقیقات کی جانی چاہیئں، جہاں سے ایم کیو ایم جیتی وہاں سے پولنگ ایجنٹس کو نہیں نکالا گیا، 10،10 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ایک ہی رائٹنگ میں درج ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟‘

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ وفاق میں ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، عمران خان نے کہا حلقے کھولنے کو تیار ہیں تو کمیشن بنا دیا جائے، 2013 الیکشن میں صرف 4 حلقے کھلوانے کے لیے کمیشن بنا، اکثریتی جماعت کو ایم کیو ایم پورا موقع دیتی ہے، وفاق میں ابھی تک اپوزیشن صحیح معنوں میں متحد نظر نہیں آتی، نواز شریف اور مریم نواز کے آنے سے ن لیگ کا گرتا مینڈیٹ تھوڑا اٹھا تھا۔