Tag: کراچی کی خبریں

  • کراچی: ڈی آئی جی بلوچستان کا قاتل گرفتار، دورانِ تفتیش اہم انکشافات

    کراچی: ڈی آئی جی بلوچستان کا قاتل گرفتار، دورانِ تفتیش اہم انکشافات

    کراچی: لانڈھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ڈی آئی جی کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ڈی آئی جی کے قتل میں ملوث ملزم کو لانڈھی سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی ساجد امیر سدوزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملزم صلاح الدین عرف حاجی کو لانڈھی سے گرفتار کیا گیا۔

    ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ ملزمان کے حملے میں ڈی آئی جی اپنے گن مین سمیت شہید ہو گئے تھے، گرفتار ملزم کے چار ساتھی مارے جاچکے ہیں۔

    گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے، ایس ایس پی کے مطابق ملزم صلاح الدین کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، سرحدی علاقے میں گاڑیاں اور اسلحہ اور دیگر سامان لوٹتے تھے۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گروپ کا لیڈر ظفر، نیکو عرف جھوٹ اور دھانی مفرور ہیں، جب کہ ملزم صلاح الدین کے چار ساتھی پہلے ہی پولیس کارروائی میں مارے جاچکے ہیں۔

    ملزم نے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2003 میں سندھ بلوچستان سرحد پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ تھا، سرکاری گاڑی کو آتے دیکھا جس پر پولیس کی لائٹ لگی ہوئی تھی۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے جوزف کوٹس کارڈینل بن گئے


    ملزم کے بیان کے مطابق انھوں نے گاڑی چھیننے کی نیت سے اسے روکنے کی کوشش کی، گاڑی کے نہ رکنے پر انھوں نے فائرنگ شروع کردی تو سامنے سے بھی فائرنگ ہوئی۔

    ملزم نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ سے ڈی آئی جی بلوچستان اپنے گن مین سمیت جاں بحق ہوئے، مقابلے میں ہمارا ایک ساتھی بھی موقع پر مارا گیا۔

    ملزم صلاح الدین کے بیان کے مطابق ان کے پاس راکٹ لانچر اور کلاشن کوف تھیں، فائرنگ کے بعد وہ فرار ہوگئے، اور اپنا علاقہ مسلسل تبدیل کرتے رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وعدہ کرتا ہوں سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    وعدہ کرتا ہوں سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی قلت دور کرنے کے لیے اگر سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، یہ میرا وعدہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے چاکیواڑہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا وعدہ بی بی کا وعدہ ہے، ہم نے پاکستان بچانا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری کے قافلے نے لیاری میں علاقہ مکینوں کی طرف سے پانی کی قلت پر شدید احتجاج کا سامنا کرنے کے بعد چاکیواڑہ کا رُخ کیا، چاکیواڑہ میں خطاب کے دوران بلاول نے کہا کہ ہم جیت گئے تو پانی کی قلت دور کریں گے۔

    انھوں نے اپنے خطاب میں ”لے کے رہے گا ہر انسان : روٹی کپڑا اور مکان“ کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا مسائل حل کرنے کے لیے مجھے آپ کا ساتھ چاہیے، آپ میرے ساتھ ہوں تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔

    چیل چوک


    بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ چیل چوک پہنچے پر انھوں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمندر کا پانی میٹھا کر کے لیاری کےعوام کو دیں گے۔

    لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا


    چیل چوک پہنچنے پر بھی علاقہ مکینوں نے پیپلز پارٹی کے قافلے کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے لیاری کو پانی دو پانی دو کے نعرے لگائے، ریلی میں شامل جیالوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں جوابی نعرے لگائے۔

    بلاول بھٹو نے خطاب میں کہا کہ ہم نے پاکستان کو بچانا ہے اور لوگوں کو روزگار دینا ہے، اقتدار میں آکر روزگار کے لیے بلا سود قرضے دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا

    لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا

    کراچی: شہر قائد کے قدیم علاقے لیاری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر علاقہ مکینوں نے شدید پتھراؤ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دیے، مشتعل مظاہرین نے پی پی کا جھنڈا بھی نذرِ آتش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی طرف سے نکالی جانے والی ریلی پر علاقہ مکینوں نے شدید پتھراؤ کردیا، قافلے میں موجود گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، مظاہرین نے نبیل گبول کی گاڑی کا گھیراؤ کر کے ڈنڈے برسائے، مظاہرین پانی دو پانی دو کے نعرے لگارہے تھے۔

    لیاری کے مکین پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، مشتعل مظاہرین نے بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کا راستہ جونا مسجد کے قریب روک کر شدید پتھراؤ کیا، جس کے باعث قافلہ لیاری میں پھنس گیا۔

    پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، مکینوں کے پتھراؤ کے جواب میں جیالوں نے بھی جوابی پتھراؤ شروع کردیا، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

    احتجاج کے باعث بلاول بھٹو کے قافلے کو چاکیواڑہ کی جانب موڑ دیا گیا، قافلے میں سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی شامل ہیں، بلاول بھٹو کی گاڑی مراد علی شاہ چلا رہے ہیں۔

    دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھر نے کہا ہے کہ لیاری ریلی جاری رہے گی، قیادت کی جانب سے کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ تشدد کی سیاست سے بلاول بھٹو کو خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا، تشدد کی سیاست کرنے والی جماعتیں پی پی کا راستہ نہیں روک سکتیں، تشدد کا جواب ہمیشہ سیاسی عمل سے دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز اپنی ذمہ داری ادا کریں، الیکشن کمیشن بھی واقعے کا نوٹس لے کر رکاوٹوں کے خاتمے کی ہدایت دے۔

    شیری رحمان کا ردِ عمل


    دریں اثنا پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما شیری رحمان نے قافلے پر پتھراؤ اور عوامی احتجاج پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو آگے بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے جائیں گے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لیاری کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، 25 سے 30 لوگوں کو جمع کر کے قافلہ روکنے کی کوشش کی گئی، لیاری کے لوگوں کو استعمال کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا بلاول بھٹو بالکل ٹھیک ہیں ہم سب ایک ساتھ ہیں، کچھ لوگ جمع کر کے ہم پر پتھراؤ کیا گیا، نعرے لگوائے گئے، لیاری دورے کی اجازت پہلے سے لے رکھی تھی، رکاوٹوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ابھی تو املاک بھی ضبط نہیں ہوئیں، چھوٹے میاں گانا گانے لگ گئے، مولا بخش چانڈیو

    ابھی تو املاک بھی ضبط نہیں ہوئیں، چھوٹے میاں گانا گانے لگ گئے، مولا بخش چانڈیو

    کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ابھی تو شریف فیملی کی املاک بھی ضبط نہیں ہوئیں اور چھوٹے میاں گانا گانے لگ گئے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سینیٹر مولا بخش نے کہا کہ شہباز شریف بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ ابھی تو ان کی املاک بھی سیل نہیں ہوئیں۔

    مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ چھوٹے میاں گانے گا کر بہت کچھ چھپانےکی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف کو مخاطب کر کے کہا ’ تم اتنا جو مسکرا رہے ہو کیا غم ہے جسے چھپا رہے ہو‘۔

    پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف ابھی تو صرف تحقیقات چل رہی ہیں، ابھی املاک سیل ہوئیں نہ ہی اکاؤنٹ فریز ہوئے ہیں۔

    مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ صاف پانی اور آشیانہ مقدمات نے شہباز شریف کے اوسان خطا کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے وہ کراچی میں آکر گانا گانے لگ گئے، لگتا ہے وہ غم چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اہلیان کراچی کی تضحیک، ایم کیو ایم نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا


    شہباز شریف کے کراچی میں جاری کردہ بیان کے حوالے سے انھوں نے کہا اہلیانِ کراچی کی توہین سے چھوٹے میاں نے اپنی ذہنی کیفیت کی عکاسی کی، انھیں سیاست کا حق ہے لیکن عوام کی توہین کا حق کس نے دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی دورے کے دوران ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں ایک رپورٹر کے کرانچی بولنے پر کہا کہ کرانچی نہیں بلکہ کراچی ہے، دوسرے موقع پر انھوں نے کراچی کو پان والوں کا شہر قرار دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلدیہ عظمی کراچی کا 27 ارب 17 کروڑ کا سرپلس بجٹ منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

    بلدیہ عظمی کراچی کا 27 ارب 17 کروڑ کا سرپلس بجٹ منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

    کراچی: سٹی کونسل کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی کا 27 ارب سے زائد کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کونسل کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری پر اپوزیشن نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر شدید نعرے بازی کی، بعد ازاں اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

    بجٹ اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مالی سال 2018٫19 کے لیے 27 ارب 17 کروڑ کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور کیا گیا، مسلم لیگ کے اپوزیشن اراکین بھی مئیر کراچی کے حمایتی بن گئے۔

    قبل ازیں مئیر کراچی کی زیرِ صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا، بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر مئیر کراچی وسیم اختر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مئیر کراچی نے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے دوران بجٹ تقریر جاری رکھی، آئندہ مالی سال کے لیے 27 ارب 17 کروڑ روپے کا سرپلس بجٹ میزانیہ پیش کیا گیا۔

    بجٹ میزانیے میں 96 لاکھ روپے کی بچت اور اخراجات کا تخمینہ 27 ارب 16 کروڑ روپے لگایا گیا، بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب روپے مختص کیے گئے۔

    حب ڈیم میں پانی انتہائی کم رہ گیا، کراچی میں بحران، ٹینکرمافیا نے پنجے گاڑھ لیے


    اپوزیشن کے احتجاج اور واک آوٹ کے بر عکس مسلم لیگ کے اپوزیشن اراکین نے مئیر کراچی کی حمایت کی اور بجٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے وسیم اختر کو خراج تحسین پیش کرتے رہے۔

    اس موقع پر مئیر کراچی نے کے ایم سی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے سمیت تمام اضلاع میں ترقیاتی کام کرانے کا بھی اعلان کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اہلیان کراچی کی تضحیک، ایم کیو ایم نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا

    اہلیان کراچی کی تضحیک، ایم کیو ایم نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں نے شہباز شریف کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کراچی والوں سے فوری طور پر معافی مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے شہباز شریف کا بیان ہتک آمیز ہے، وہ فوری طور پر کراچی والوں سے معافی مانگیں۔

    فاروق ستار نے ن لیگی رہنما کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اہلیان کراچی کی ہتک کی ہے، وہ بولتے وقت اپنی زبان اور الفاظ کا صحیح استعمال کریں۔

    فاروق ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی شریفوں کو کراچی یاد آ جاتا ہے، اپنے ہتک آمیز بیان پر شہباز شریف معافی مانگیں۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی مسلم لیگ ن کے صدر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پان سے تشبیہ دینا توہین آمیز ہے۔

    خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بتائیں کہ انھوں نے کراچی کو دیا کیا ہے، حیرت انگیز بات ہے کہ تمام لوگوں کو اب کراچی کا خیال آگیا ہے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی شہباز شریف کا بیان افسوس ناک قرار دے دیا، رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا بیان کراچی کے عوام کی تضحیک کے مترادف ہے، خود کو قومی لیڈر قرار دینے والے شہباز شریف کا بیان باعثِ ندامت ہے، ان کا لب و لہجہ شائستہ کردار کی نفی کرتا ہے۔

    ’کراچی والے پان کھاتے ہیں پاناما نہیں‘


    واضح رہے کہ شہبازشریف نے کراچی میں آکر اہلیان کراچی کی تضحیک کر دی ہے، انھوں نےکراچی والوں کو پان کھانے والا بنا دیا، کہا پان کھانے والوں کے’کرانچی‘ کو لاہور بنائیں گے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کراچی والوں کے تلفظ کا مذاق اڑایا، رپورٹر سے بات چیت میں ہنسنے کو ہنس پرندے سے تشبیہ دے دی، رپورٹر سے کہا ہنس کرسوال کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کراچی سے اچھی بسیں ہیں، شہباز شریف

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کراچی سے اچھی بسیں ہیں، شہباز شریف

    کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی سے اپنے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ یہاں نہ سڑکیں ہیں نہ بسیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کراچی سے اچھی بسیں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ انتخابی مہم کا آغاز شہرِ قائد سے کیا جائے گا۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے  لیاری کا بھی دورہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں تاجروں سے ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں، انھوں نے ن لیگ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ہم سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور جیسا بنا دیں گے۔

    شہباز شریف نے اعلان کیا کہ این اے 244 سے مفتاح اسماعیل ہمارے امیدوار ہوں گے، جب کہ سلمان خان این اے 247 سے مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کریں گے۔ اگر ووٹ دیا گیا تو کراچی سے چھ ماہ میں کچرا ختم کردیں گے، ایک نہیں پانچ میٹرو بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ اب نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، اب کراچی میں صاف پانی اور روزگار کی فراہمی اور کچرا صاف کرنے کا وقت ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب میں صاف پانی اسکینڈل ن لیگ کے گلے کا پھندا بنا ہوا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن ہماری حکومت کا فیصلہ تھا جس کے نتیجے میں امن لوٹ آیا، رینجرز اہل کاروں نے اس امن کے لیے قربانیاں دیں، ہماری ان وفاقی خدمات کا موازنہ صوبائی سطح سے کر کے دیکھیں، فرق معلوم ہوجائے گا۔

    کسی سے پوچھے بغیر کراچی آپریشن شروع کیا، چوہدری نثار


    خیال رہے کہ چند روز قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں رینجرز آپریشن ان کے حکم پر شروع ہوا، اور اس کے لیے انھوں نے کسی سے نہیں پوچھا تھا۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے، اگر عوام نے ووٹ دیا تو کراچی کو لاہور سے بھی بہتر بنا دیں گے، اور سندھ کو پنجاب جیسا بنائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عامر لیاقت اور پی ٹی آئی کے لیے دعا گو ہوں، فاروق ستار

    عامر لیاقت اور پی ٹی آئی کے لیے دعا گو ہوں، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں عامر لیاقت اور تحریک انصاف کے لیے دعا گو ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں کیا، انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم تاریخ کی سب سے بڑی آزمائش سے گزر رہی ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کو تقسیم ہونے اور بکھرنے سے بچایا ہے، پُر یقین لہجے میں کہا ’ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہوگا۔‘

    متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کا کہنا تھا کہ انھوں نے تحریک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، وہ پارٹی کو بکھرنے نہیں دیں گے۔

    فاروق ستار نے کہا ابھی فائنل نہیں ہوا ہے کہ میں نے این اے 245 سے الیکشن لڑنا ہے یا نہیں، تاہم میں نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عامر لیاقت سمیت کسی بھی مخالف کو آسان نہیں لیا۔

    کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بنائیں گے ، شہباز شریف


    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں تمام ڈپٹی کمشنرز پیپلز پارٹی کو سپورٹ کر رہے ہیں، خیال رہے کہ آج گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مقابلہ کسی سے بھی نہیں ہے، ہمارا مقابلہ ایک سوچ کے ساتھ ہے۔ الیونتھ آور میں گفتگو کرنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار عامر لیاقت کے بارے میں کہا کہ وہ عامر لیاقت اور پی ٹی آئی دونوں کے لیے دعا گو ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دس سیکنڈ میں موٹر سائیکل تالا کھولنے والا محبوب گوپانگ گرفتار

    دس سیکنڈ میں موٹر سائیکل تالا کھولنے والا محبوب گوپانگ گرفتار

    کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے سچل گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دس سیکنڈ میں کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا کھولنے والے محبوب گوپانگ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے سی ایل سی نے سچل مخدوم بلاول شاہ گوٹھ میں کارروائی کے دوران بین الصوبائی لفٹر گروہ کے اہم کارندے کو حراست میں لے لیا۔

    اے سی ایل سی کے ایس ایس پی اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ محبوب علی گوپانگ عرف سالار بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ ہے جو اے سی ایل سی کو کچھ عرصے سے مطلوب تھا۔

    ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل کے تالے کھولنے میں نہایت مہارت رکھتا ہے اور کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا محض دس سیکنڈ میں کھول لیتا ہے۔

    ایس ایس پی اسد رضا نے کہا کہ ملزم گوپانگ کو چار بار پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ کن بنیادوں پر رہا ہوتا رہا۔

    اے سی ایل سی کے مطابق بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ سے 18 موٹرسائیکلیں بھی بر آمد کرلی گئی ہیں، جنھیں وہ دوسرے صوبے میں بھیج کر فروخت کرنے والا تھا۔

    اے سی ایل سی پولیس کی کارروائی : موٹرسائیکلیں چھیننے والے 6 ملزمان گرفتار


    ایس ایس پی اسد رضا کا کہنا تھا کہ ملزم سے موٹر سائیکلوں کے چیچز نمبر تبدیل کرنے والی مشین بھی بر آمد ہوئی ہے، ملزم موٹر سائیکلیں بلوچستان میں 18 سے 25 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔

    اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق ملزم نے گلستانِ جوہر بلاک 7 میں بھی واردات کی جس کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم گوپانگ کو بہ آسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی پر آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، فاروق ستار

    کراچی پر آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، یہ سب جلد مرجھا جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کر رہے تھے، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی پر سب کی نظریں ہیں لیکن مخالفین کو کہوں گا کہ حسرت ان غنچوں پر جو بِن کھلے مرجھا گئے۔

    فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں ایک نئے صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ ایک حقیقت ہے اس کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس بننا یہاں کی اہم ضرورت ہے، اس لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم ایم کیو ایم کے منشور کا اہم نقطہ ہے۔

    شہر کراچی کے بلدیاتی اختیارات سے محرومی پر انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دلوائیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کےعوام کے مسائل کا حل ایم کیو ایم ہے، پاکستان چلانے کی اہلیت صرف پاکستان بنانے والوں کے پاس ہے۔

    کراچی: این اے 245 سے فاروق ستارکے کاغذات نامزدگی مسترد


    انھوں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے اندرونی اختلافات اور ٹوٹ پھوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے الگ ہونے پر جو لوگ خوش تھے اب ان کا جشن ختم ہوگیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تقسیم کے تاثر کو اب اتحاد سے زائل کرنا ہے، 25 جولائی کو ہر جگہ پتنگ ہی پتنگ ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔