Tag: کراچی کی خبریں

  • پاکستان کی پہلی پروفیشنل سپر باکسنگ لیگ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی

    پاکستان کی پہلی پروفیشنل سپر باکسنگ لیگ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی

    کراچی: پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے پہلی بار پیشہ ورانہ سطح پر باکسنگ لیگ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے، جس کی افتتاحی تقریب جمعرات کو منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سپر باکسنگ لیگ کی لانچنگ تقریب سے باکسنگ کے فروغ کا ایک نیا دور شروع ہوجائے گا، ملک میں بہترین باکسنگ مقابلے منعقد ہوں گے۔

    سپر باکسنگ لیگ کے چیئرمین مشہور باکسر عامر خان اور سلمان اقبال ہیں، دونوں مل کر ملک میں باکسنگ مقابلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

    پاکستان میں باکسنگ مقابلوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کرکٹ کے میدان کے نام ور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے ہیں، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی مختلف ٹیموں کے مالک ہوں گے۔

    کرکٹ کی تاریخ کے عظیم باؤلرز میں سے ایک اور کرکٹ میں ریورس سوئنگ متعارف کرانے والے سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ملتان نوابز کی فرنچائز حاصل کی ہے۔

    دوسری طرف اپنے جارحانہ کھیل کے لیے پسند کیے جانے والے آل راؤنڈر اور ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے شاہد آفریدی پختون وارئیرز کے مالک ہیں۔

    پاکستان میں سپرباکسنگ لیگ جلد شروع کی جائےگی، عامرخان


    کراچی کوبراز کے مالکان اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول پروگرام ’جیتو پاکستان‘ کے میزبان فہد مصطفیٰ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں سپر باکسنگ لیگ شروع کرنا چاہتے ہیں، جس میں خواتین بھی حصہ لےسکیں گی، یہ پروفیشنل لیگ ہوگی اور اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پولیس افسر کے اسکواڈ کی فائرنگ، عید منانے جانے والا شہری جاں بحق

    پولیس افسر کے اسکواڈ کی فائرنگ، عید منانے جانے والا شہری جاں بحق

    کراچی: پولیس افسر کے اسکواڈ کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، بد قسمت شہری عید منانے جا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوا، پولیس اسکواڈ ایک اعلیٰ پولیس افسر کا تھا۔

    ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقارلاڑک کا کہنا تھا کہ ملزمان علاقے میں ڈکیتی کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان کو دیکھ کر ان کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے پولیس فائرنگ کھول دی۔

    ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کی زد میں آکر گاڑی میں سوار شہری کو گولی لگ گئی۔جاں بحق شہری کا نام نوید فاروق ہے۔

    ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس ایس پی ملیرعدیل چانڈیو کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ خول، عینی شاہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے واقعے کا جائزہ لیا جائے گا، واقعے میں کوئی اہل کار ملوث ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری طرف پولیس ذرائع نے اے آر وائی کے نمائندے کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس افسرکے اسکواڈ کے اہل کار ہیں، جنھوں نے ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے دیکھ کر فائرنگ کی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان تو فرار ہوگئے لیکن ایک شہری اس کی زد میں آگیا، فائرنگ کے بعد مذکورہ اہل کار بھی علاقے سے فرار ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے اہل کاروں کی تلاش جاری ہے، پتا لگایا جا رہا ہے کہ اسکواڈ کس پولیس افسر کا تھا۔

    کراچی میں پولیس کی کارروائیاں‘ 7 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد


    پولیس کی فائرنگ سے جان سے ہاتھ دھونے والا بد قسمت شہری عید منانے جا رہا تھا، فائرنگ سے نجی اسپتال اور اطراف میں گورنمنٹ اسکول کی دیواروں پر بھی گولیاں لگیں جب کہ قریب میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس اسکواڈ کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق ابو الحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث زخمی شخص کو جناح اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی جسے ٹانگ میں گولی لگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ماہر تعلیم سید خالد شاہ کا جسدِ خاکی جلد کراچی منتقل کیا جائے گا

    ماہر تعلیم سید خالد شاہ کا جسدِ خاکی جلد کراچی منتقل کیا جائے گا

    کراچی: ماہر تعلیم اسکاؤٹ گروتھ کمشنر اور آل سندھ پرائیوٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید خالد شاہ کا جسدِ خاکی جلد کراچی منتقل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سید خالد شاہ کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے بکھر کے مقام پر ایک مہلک حادثے میں اپنے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے دو بیٹے طارق شاہ اور طاہر شاہ کی حالت نازک ہے، دونوں شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

    خیال رہے کہ بکھر کے مقام پر ٹریفک حادثے میں ماہر تعلیم خالد شاہ کی اہلیہ، بیٹی اور تین ماہ کا نواسا بھی زخمی ہوگئے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق تینوں معمولی زخمی ہوئے اور اب تیزی سے رو بہ صحت ہیں۔

    قبل ازیں حادثے کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بکھرمنتقل کردیا گیا تھا، حادثے کی جگہ سے علاقہ مکین خالد شاہ کی اہلیہ، بیٹی اور نواسے کو طبی امداد دینے کے بعد اپنے ساتھ بکھر کے مقامی محلے لے گئے تھے۔

    خاندانی ذرائع نے اے آر وائی کے نمائندے کو بتایا کہ ماہر تعلیم سید خالد شاہ کا جسدِ خاکی قانونی کارروائی کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا۔

    خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انھیں خالد شاہ کے جسدِ خاکی کے ملنے کا انتظار ہے، کراچی لائے جانے کے بعد نمازِ جنازہ کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر عید کے دن امریکا میں جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ گئے، والدین نے درخواست کی سبیکا کے نام سے کوئی سڑک، اسکول یا لائبریری منسوب کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی عید کے موقع پر سبیکا شیخ کے والدین کی دل جوئی کرنے ان کے گھر گئے، والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہم دردی کیا۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سبیکا کے والدین نے ان سے کسی سڑک یا لائبریری کو ان کی مقتول بیٹی کے نام منسوب کرنے کی درخواست کی۔

    وسیم اختر نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں قیام امن کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے، حالات میں پہلے سے بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

    دریں اثنا میئر کراچی وسیم اختر مقتول انتظار کے گھر بھی گئے، انھوں نے مقتول انتظار کے والدین سے بھی اظہار ہم دردی کیا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

    وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے انتظار کے قاتل جلد کیفرِ کردار تک پہنچ جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ ورثا کے ساتھ ہے۔

    انتظارقتل کیس: مقتول کے والد کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خط، خدشات کا اظہار


    انھوں نے اس موقع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے باعث شہریوں کو انصاف میں تاخیر کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ فورس (اے سی ایل سی) کے چار اہل کاروں کی فائرنگ سے ملائشیا سے آنے والا نوجوان انتظار جاں بحق ہو گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر چار وفاقی اداروں کو نوٹس جاری

    انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر چار وفاقی اداروں کو نوٹس جاری

    کراچی: چار وفاقی اداروں کی جانب سے عام انتخابات میں ڈیوٹی سے انکار کرنے پر الیکشن کمیشن پاکستان نے ان اداروں سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات میں ڈیوٹی سے انکار چار وفاقی اداروں نے کیا ہے، جن میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، اسٹیٹ لائف، ایکسائز اور اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کے پی ٹی اور دیگر اداروں کو نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام اداروں کے سربراہ دو روز میں جواب دیں۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ڈیوٹی کے لیے اداروں سے ان کے ملازمین کی فہرست مانگی تھی، مذکورہ اداروں نے الیکشن کمیشن کو ملازمین کی فہرست فراہم نہیں کی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی اداروں کو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 55 کے تحت نوٹس جاری کیے گئے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اداروں نے انتخابات کے قانون کی شق کی خلاف ورزی کی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں


    واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن ان سے کسی بھی قسم کا تعاون طلب کرلے تو وہ انکار نہیں کرسکتے۔

    یاد رہے چند دن قبل جامعہ کراچی میں بھی اساتذہ کے انجمن نے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ عام انتخابات میں ڈیوٹی نہیں کی جائے گی، اداروں کی جانب سے انتخابی ڈیوٹی سے اس پہلو تہی کی وجوہ ڈھونڈنے کی تاحال کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمشنر کے دفتر میں ہنگامہ آرائی، آئی جی سندھ کی طلبی

    الیکشن کمشنر کے دفتر میں ہنگامہ آرائی، آئی جی سندھ کی طلبی

    کراچی: الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر میں سیاسی کارکنوں کی ہنگامہ آرائی پر کمشنر نے آئی جی سندھ کو دفتر طلب کر کے سیکورٹی کی ناقص صورت حال پر برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے وقت وہاں پولیس اہل کاروں کی مطلوبہ تعداد کم ہونے پر الیکشن کمشنر نے فوری نوٹس لے لیا۔

    الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو طلب کر کے سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے اور سیکورٹی کا یہ حال ہے، پولیس مطلوبہ تعداد میں یہاں کیوں موجود نہیں تھی؟

    انھوں نے سندھ پولیس کو حکم دیا کہ وہ الیکشن کمیشن دفاتر کی سیکورٹی بڑھائے، اگر دوبارہ ایسی صورت حال پیش آئی تو سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے گزشتہ روز کی صورت حال پر معذرت کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن اور دیگر انتخابی دفاتر پر سیکورٹی بڑھائی جارہی ہے، پولیس اور الیکشن کمیشن مل کر انتظامات کو بہتر بنائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے فیصلے جانب دار نہیں ہوتے، الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک


    دریں اثنا الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خٹک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کے دورے کا مقصد ذمہ داری یاد دلانا تھا، انھوں نے کل نفری کی تعیناتی نہ ہونے پر معذرت کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین پولیس اہل کاروں کی تعیناتی کی یقین دہانی بھی اب کرائی گئی ہے، انھوں نے ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں کسی سیاسی پارٹی کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کارکنوں کی تربیت کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سیوریج کا گندا پانی سمندر میں چھوڑنے پر ڈی ایچ اے کی سرزنش

    سیوریج کا گندا پانی سمندر میں چھوڑنے پر ڈی ایچ اے کی سرزنش

    کراچی: واٹر کمیشن کے سربراہ نے سیوریج کا گندا پانی سمندر میں چھوڑنے پر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریٹمنٹ پلانٹس لگا کر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق فراہمی و نکاسیٔ آب سے متعلق کمیشن کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ کورنگی اورصنعتی علاقوں کا پانی سمندر میں ڈالا جا رہا ہے جس سے سمندری آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

    واٹر کمیشن کی سماعت کے دوران ڈی ایچ اے کے سیکریٹری نے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کام جاری ہے، اگست 2019 میں نصب کردیے جائیں گے، سربراہ کمیشن نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ اتنا بڑا نہیں کہ اگست 2019 کا وقت مانگا جائے۔

    سیکریٹری ڈی ایچ اے نے کہا کہ فیز 6 میں کوشش کریں گے چار ماہ میں پلانٹ نصب کردیں، سربراہ کمیشن نے حکم دیا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹس جلد لگائے جائیں تاکہ پانی سمندر میں نہ جائے، کمیشن کے فوکل پرسن نے کہا کہ پلان مرتب کرلیتے ہیں کہ کس فیز کا پانی کس پلانٹ میں جائے گا۔

    ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی کے مسئلے پر بھی سربراہ کمیشن نے اتھارٹی کی سرزنش کی، کہا کہ پانی کی فراہمی کو آپ لوگ کیوں بہتر نہیں بناتے، کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے بتایا کہ جو چارجز دیتا ہے اسے پانی فراہم کر دیا جاتا ہے۔

    واٹرکمیشن نے ڈی ایچ اے کو سہولتیں فراہم کرنے تک مزید تعمیرات روکنے کا حکم دے دیا


    سیکریٹری ڈی ایچ اے نے کہا کہ فیز 8 میں آر او پلانٹ سے پانی دیں گے اور مسئلہ نہیں رہے گا، اس پر سربراہ واٹر کمیشن نے کہا کہ آر او پلانٹ لگائیں گے تو پانی زمین میں اور نیچے چلا جائے گا، آپ لوگ پانی دے نہیں رہے اور فیز 8 میں تعمیرات بھی جاری ہیں۔

    کمیشن کے فوکل پرسن نے انکشاف کیا کہ فیز 1،2،4 اور 7 میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی، اگر فیز 7 اور 8 کو الگ الگ کریں گے تو کام میں آسانی ہوگی، سربراہ کمیشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ادارہ اپنی ذمے داریوں سے بھاگ رہا ہے۔

    سندھ واٹر کمیشن،راؤ انوار اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی سرزنش


    سربراہ واٹر کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) امیرہانی مسلم نے کہا کہ 14 جولائی کو کمیشن کی مدت ختم ہوجائے گی، میں مدت میں توسیع بھی نہیں چاہتا، مزید نوکری کی خواہش نہیں، اپنا یہ کام مقدس سمجھ کر کیا۔

    سماعت کے دوران سیکریٹری ڈی ایچ اے نے یکم جولائی تک مہلت مانگی، کمیشن نے 2 جولائی کی آخری مہلت دے دی، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کی عدم حاضری پر کنٹونمنٹ ڈائریکٹر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا، کمیشن نے تنبیہ کی کہ ڈائریکٹرکنٹونمنٹ نہ آئے تو سیکریٹری ڈیفنس کو طلب کیا جائے گا۔

    واٹر کمیشن نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی، ٹریٹمنٹ، سیوریج اور تعمیراتی کام سے آگاہ کیا جائے، کمیشن نے کنٹونمنٹ کلفٹن سے بھی جامع پلان طلب کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا

    ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست خارج کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی کہ پارٹی کے کنوینر وہ ہیں۔

    ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا، الیکشن کمیشن نے ایم کیوایم کا کنوینرخالد مقبول صدیقی کو قرار دیا تھا۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر شپ کا معاملہ کئی ماہ جاری رہنے کے بعد آخر کار آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں حل ہوگیا، پارٹی کے کنوینر اب خالد مقبول صدیقی ہوں گے۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 26 مارچ کے الیکشن کمیشن کے حکم نامے کو چیلنج کیا تھا جب کہ ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 17 اپریل کو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    واضح رہے کہ انیس اپریل کو ایم کیو ایم کے انٹرا پارٹی انتخابات میں فاروق ستار بھاری اکثریت سے کام یاب ہوکر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ منتخب ہوئے تھے، تاہم اسے ایم کیو ایم کے دوسرے گروپ نے منظور نہیں کیا تھا۔

    فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نہیں رہے‘ الیکشن کمیشن


    انتخابات کو کالعدم قرار دینے اور فاروق ستار کو سربراہی سے ہٹانے کے لیے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کردی تھیں۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹانے کے فیصلے کو فاروق ستار نے چیلنج کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کراچی میں: کالا باغ ڈیم کا معاملہ ایک بار پھر نمایاں

    چیف جسٹس کراچی میں: کالا باغ ڈیم کا معاملہ ایک بار پھر نمایاں

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کراچی آمد پر مختلف سماجی و قومی مسائل پر سماعتوں کا آغاز کردیا ہے، آج کالا باغ ڈیم کا مردہ معاملہ پھر زندہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس نے مختلف اہم کیسوں کی سماعت کی، جن میں کالا باغ ڈیم جیسا نازک اور اہم قومی معاملہ بھی شامل ہے۔

    پانی کے بحران کے سلسلے میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران ایڈووکیٹ مجیب پیرزادہ نے عدالت کو بتایا کہ پانی بحران حل کرنے پر کسی کو اعتراض نہیں لیکن کالا باغ ڈیم کا نام جہاں آتا ہے ایک تنازعہ کھڑا ہوجاتا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ہم تنازعہ پیدا کرنے والا کوئی حکم نہیں دیں گے، چار بھائی متفق نہیں تو متبادل حل نکالیں، ہم آنے والی نسل کو اچھا مستقبل دے کرجائیں گے، وعدہ ہے ایسا حکم نہیں دیں گے جس سے کوئی فریق متاثر ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سیمینارز کے ذریعے پہلا قدم اٹھائیں گے اور کراچی اور سندھ سے اس کا آغاز کریں گے، ہم جوڑنے کے لیے بیٹھے ہیں توڑنے کے لیے نہیں، عدالت نے سابق چیئرمین واپڈا ظفرمحمود سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہا کہ پانی کی قلت پر قابو پانے کے کئی حل موجود ہیں، کئی منصوبے ہیں جن میں سمندر کے پانی کو میٹھا بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، چیف جسٹس نے جواب میں کہا کہ یہ منصوبے تو کاغذ پر تھے، ہم نےنوٹس لیا تو کام شروع ہوا۔

    کراچی میں صفائی کی صورتحال دیکھ کر خوش ہوا، سارا کریڈٹ سندھ حکومت کا ہے، چیف جسٹس


    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جہاں ٹریٹمنٹ پلانٹس لگنے تھے وہاں سوسائٹیز بنادی گئیں، آپ کی حکومت تو 10 سال سے ہے لیکن ایک منصوبہ بھی نظرنہیں آیا۔

    بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ کالا باغ ڈیم کے لیے ریفرنڈم کرایا جاۓ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ریفرنڈم عدالت نہیں وفاقی حکومت کراسکتی ہے، ہمارے لیے آئین سپریم ہے اور آئین کا احترام سب کو کرنا چاہیے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پرشمس الملک سے بریفنگ لی جاۓ گی، وہ اس سلسلے میں تعاون کریں گے، میں اپنی سربراہی میں کمیٹی قائم کروں گا جو معاملات دیکھے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سبیکا شیخ کے تایا عبد الجلیل نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا

    سبیکا شیخ کے تایا عبد الجلیل نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا

    کراچی: امریکا میں فائرنگ سے جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کے تایا عبد الجلیل نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا، کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق مرحوم طالبہ سبیکا شیخ کے تایا عبد الجلیل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 92 کورنگی 1 سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عبد الجلیل نے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سرزمین پارٹی کے پرچم تلے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہ فیصل کالونی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، اگر وہ انتخاب جیت گئے تو اپنے حلقے کے دیرینہ مسائل پہلی فرصت میں حل کریں گے۔

    یاد رہے کہ سبیکا شیخ اٹھارہ مئی کو ٹیکساس اسکول میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دس دیگر طلبہ کے ساتھ جاں بحق ہوئی تھیں، سبیکا کا تعلق کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے ہے۔

    ڈاکٹرفاروق ستارکا پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پردکھ کا اظہار


    پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سانتافے ٹیکساس میں ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ ہونہار پاکستانی طالبہ کی افسوس ناک موت پر نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی سیاست دانوں اور سفارت خانوں کی طرف سے بھی تعزیتی بیانات جاری کیے گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔