Tag: کراچی کی خبریں

  • کشمیریوں کو ہمارے نعرے حوصلہ دے رہے ہیں: سراج الحق

    کشمیریوں کو ہمارے نعرے حوصلہ دے رہے ہیں: سراج الحق

    کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ہمارے نعرے حوصلہ دے رہے ہیں، عوام نے بارش میں اکھٹے ہو کر امتی ہونے کا ثبوت دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج جماعت اسلامی کی جانب سے آزادی کشمیر ریلی نکالی گئی، امیر جماعت نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا آزادی کے لیے جنگ لڑنا ان کا قانونی حق ہے، بھارت میں آزادی کی کئی تحریکیں چل رہی ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں سے کہتا ہوں آگے بڑھیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، قوم کے مشورے سے آزادی کشمیر کے لیے لائحہ عمل طے کروں گا، ہم مودی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان شملہ معاہدے کا خاتمہ کرے، ہمارے لوگ مر رہے ہیں اور آپ تماشا دیکھ رہے ہیں، لیکن یہ مت بھولیں امت جاگ رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ہرفورم پرکشمیرکا مقدمہ بہترین طریقے سے لڑرہا ہے، وزیرخارجہ

    واضح رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، لیکن پاکستان ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ بہترین طریقے سے لڑ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے 28 دن سے مقبوضہ کشمیرکو جیل بنا کر رکھا ہے، حریت رہنما نظربند ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران، ترکی اور دیگر ممالک نے بھارت کے خلاف آواز اٹھائی، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

  • کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک میرے چیئرمین نے دیا: وزیر بلدیات

    کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک میرے چیئرمین نے دیا: وزیر بلدیات

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک مجھے میرے چیئرمین نے دیا، سندھ میں ہماری حکومت ہے اس لیے کراچی میں کچرا صاف کرنے کی 100 فی صد ذمہ داری ہماری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات ’کراچی سب کا ۔۔ کراچی کا کوئی نہیں‘ میں بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 15 سے 16 ہزار ٹن کچرا اکھٹا ہو رہا ہے۔

    ایسا نظام بنانا ہے جس سے کراچی سے ہمیشہ کے لیے کچرا ختم ہو جائے، بلاول بھٹو نے مجھے ٹاسک دیا ہے، اسے پورا کر کے دکھاؤں گا۔

    انھوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سندھ حکومت کے ماتحت آتی ہے، یہ کام کر رہا ہے، تاہم اسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے، کراچی سب کا ہے، سب کو ایک ہونا ہوگا، کراچی میں جو کوتاہیاں، کمیاں رہ گئی ہیں اسے ٹھیک کریں گے۔

    وسیم اختر کا مؤقف:  قانون کے تحت کچرا صاف کرنا سندھ حکومت کا کام ہے، کراچی کو تقسیم کردیا گیا

    وزیر بلدیات کا پروگرام میں کہنا تھا کہ وہ موجودہ کارکردگی سے 100 فی صد مطمئن نہیں ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی کارگردگی 100 فی صد نہیں رہی، تمام یوسیز کے چیئرمین کو آن بورڈ لے کر ہی کچھ کریں گے، بہت جلد کراچی کے حوالے سے بہتری آئے گی۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے بعد کراچی کے کچرے پر مکمل حل کی طرف جائیں گے، عاشورہ کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں گے۔

    مصطفیٰ کمال کا مؤقف:  میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں

    انھوں نے کراچی میں صفائی کے سلسلے میں وفاقی وزیر علی زیدی کے اقدامات کی تعریف کی، اور کہا کہ ان کے اقدامات سے بہتری آئی ہے۔

    ناصر شاہ نے کا کہ وہ وزیر بلدیات رہیں گے تو کراچی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت نے شہری حکومت کو 55 کروڑ روپے دیے ہیں۔

  • جانوروں کی ہڈیوں، آلایشوں سے تیل تیار کرنے والی فیکٹری سیل

    جانوروں کی ہڈیوں، آلایشوں سے تیل تیار کرنے والی فیکٹری سیل

    کراچی: شہر قائد میں جانوروں کی ہڈیوں اور آلایشوں سے تیار تیل کی فروخت جاری ہے، پولیس نے آج سکھن میں کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت گھی بنانے والی فیکٹری سیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے سکھن کے علاقے میں جانوروں کی ہڈیوں اور آلایشوں سے تیل تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپا مار کر اسے سیل کر دیا ہے، جب دو ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس نے فیکٹری میں مضر صحت گھی بنانے میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کر لیا۔ سکھن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بڑی مقدار میں گھی تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔

    ادھر سکھن پولیس ہی نے ایک اور کارروائی میں منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے منشیات اور موبائل فون برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: چوری کے شبہ میں لڑکے کو زندہ جلانے کی کوشش

    آج شرافی گوٹھ سے بھی منشیات فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے فروخت کے لیے تیار چرس اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

    شاہ لطیف میں 100 سے زاید وارداتوں میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کیا گیا، اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کام یاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ ملزم نے 100 سے زاید ڈکیتی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

  • میئر کراچی کے استعفے کی کوئی خواہش نہیں: وزیر بلدیات سندھ

    میئر کراچی کے استعفے کی کوئی خواہش نہیں: وزیر بلدیات سندھ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل سے متعلق سب کو آن بورڈ لیا جائے گا، میئر کراچی استعفا دیں اس کی کوئی خواہش نہیں، کوشش ہوگی سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ شہر کی صفائی سے متعلق تمام متعلقہ حکام اور نمایندوں سے بات کریں گے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے لیے جاری کاموں میں تیزی لائیں گے، کچرے کے لیے ڈمپنگ سائٹس بھی بہتر کریں گے، کراچی کے مسائل حل ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسا ہے، فنڈز کی صورت میں عوام پر ہی خرچ کیا جاتا ہے، عوام ٹیکس دیتے ہیں، کسی ادارے کا آڈٹ ہوتا ہے تو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال کو معطل کردیا

    انھوں نے کہا کہ علی زیدی کی مہم اچھی تھی، کچرا صاف ہو رہا تھا، علی زیدی نے جن کو کام سونپا تھا وہ کچرا ڈمپنگ سائٹس تک نہیں پہنچا رہے تھے، وفاقی وزیر نے نوٹس لیا جس کے بعد کچرا لینڈ فل سائٹس پہنچایا جا رہا ہے۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں: کراچی : سندھ حکومت نے میئر کراچی وسیم اختر سے استعفے کا مطالبہ کردیا

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو ہدایات دی ہیں کہ کچرا لینڈ فل سائٹس تک پہنچائیں، کراچی میں کچرا ضرور ہے لیکن کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ اس کی صفائی ضرور ہو، وعدہ کرتا ہوں ڈیڈ لاک جلد ختم کر دیا جائے گا اور کچرا اٹھا لیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا ’میں درخواست کرتا ہوں کہ جو تھوڑا بہت کام ہم کر رہے ہیں، اس کو بھی میڈیا پر دکھایا جائے۔‘

  • ایم کیو ایم اور پی ایس پی کراچی کے کچرے پر لڑ رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    ایم کیو ایم اور پی ایس پی کراچی کے کچرے پر لڑ رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کےکچرےپراب ایم کیوایم اورپی ایس پی لڑرہی ہیں، پی ٹی آئی بھی اس میں شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں کچرے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کچرےپربھی سیاست شروع ہوگئی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نےسندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بنائی تھی ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی جب بنی تو چارہزارٹن کچراپیداہوتاتھا اور اب16ہزارٹن کچراپیداہوتاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچرےسےمتعلق حالات اچھےنہیں ہیں ، صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے میں نےڈی سیزکوبھی شامل کیاہےوہ بھی مددکررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نےکچھ ناکوں سےکچرا اٹھایاکچھ سڑکوں کےقریب کھپایا۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نےکےایم سی کوکہاہے، وہ فیومیگیشن کررہےہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بیراج کی تعمیرمیں وفاق کے ساتھ مل کربیٹھے ہیں۔آئین کےتحت ہر90روزمیں سی سی آئی اجلاس لازمی ہے،وزیراعظم چیئرمین ہیں وہ سی سی آٓئی اجلاس بلاہی نہیں رہے۔بطوروزیراعلیٰ سی سی آئی اجلاس بلانےکے لیے درخواست دی ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے جگہ جگہ کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں اور میئر کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کے درمیان اس پر لفظی جنگ بھی جاری ہے، مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ میئر کراچی کو حاصل اختیارات اور ریسورسز سے ہی نوے دن میں اس شہر کو صاف کرسکتے ہیں۔

    میئر کراچی نے اس دعوے پر مصطفیٰ کمال کو کراچی کا ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا تھا تاہم اگلے ہی روز انہیں ان کے عہدے سے معطل کردیا گیا۔ معطلی کی وجہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے سخت زبان کا استعمال اور اختیارات سے تجاوز کرنا بتائی گئی۔

    دوسری جانب مصطفیٰ کمال نے گزشتہ رو ز اے آروزآئی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے ہٹایا گیا ہے، یا درہے کہ مصطفیٰ کمال کو ہٹائے جانے کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

  • کراچی: چوری کے شبہ میں لڑکے کو زندہ جلانے کی کوشش

    کراچی: چوری کے شبہ میں لڑکے کو زندہ جلانے کی کوشش

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سعید آباد موچکو میں مبینہ چور پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، مبینہ چور ریحان ایک گھر میں گھس کر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ سعید آباد موچکو میں مبینہ چور نے ممتاز کے گھر میں گھس کر چوری کی واردات کرنے کی کوشش کی لیکن پکڑا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے پر چوری کے الزام میں تشدد کیا گیا، پکڑے جانے کے بعد اسے برہنہ کیا گیا، اسے مارا پیٹا گیا اور پھر پیٹرول بھی چھڑکا گیا۔

    پولیس نے واقعے میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے مالک ممتاز اور بھینسوں کے باڑے کے مالک کو حراست میں لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بہادر آباد میں کم عمر چور کی تشدد سے موت، اہل خانہ کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج

    مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ادھر لڑکے کو مبینہ طور پر زندہ جلانے کی کوشش پر آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایس ایس پی ویسٹ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں، انھوں نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے لڑکے نے اگر جرم کا ارتکاب کیا ہے تو اس کے خلاف بھی باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ دس دن قبل کراچی کے علاقے بہادر آباد میں مبینہ کم عمر چور ریحان کو چوری کے الزام میں اہل علاقہ نے پکڑ کر تشدد کیا تھا، واقعے کی ویڈیو کے مطابق لڑکے کو برہنہ کر کے گرل سے باندھ کر مارا پیٹا گیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ پولیس نے واقعے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔

  • ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف گندے ہوٹل سیل

    کراچی: ضلع ساؤتھ ریڈ زون کے ہوٹل اور چائے خانے سندھ فوڈ اتھارٹی کے نشانے پر آ گئے، ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف موجود ہوٹلوں پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے چھاپے مارے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہائی کورٹ کے آس پاس بنے گندے ہوٹلوں اور چائے خانوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد ہوٹلوں کو سیل کر دیا جب کہ متعدد پر جرمانے عاید کیے گئے۔

    ایس ایف اے حکام کے مطابق ہوٹلوں کے کچن میں کیمیکل کے ڈرم پائے گئے، آٹے اورکھانے پینے کی اشیا پر مکھیوں کی بھرمار دیکھی گئی، کچن گندے اور صفائی کا کوئی انتظام نہ تھا۔

    گندے پانی اور ناقص چائے کو ایک پیپر کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے

    ایس ایف اے حکام کے چھاپوں کے دوران معلوم ہوا کہ غذائی اجناس اور مختلف کھانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا کو کیمیکل کے ڈرم میں رکھا جا رہا تھا، پکوان کی تیاری میں غیر معیاری تیل اور مصالحے استعمال کیے جا رہے تھے۔

    مزید خبریں پڑھیں:  سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    حکام کا کہنا ہے کہ متعدد ہوٹلوں میں سینٹری کا ناقص انتظام تھا، چائے کے ہوٹلوں میں ناقص چائے کی پتی استعمال کی جا رہی تھی، جب کہ چائے کے لیے پانی بھی گندا استعمال ہو رہا تھا۔

    ہوٹل کو سیل کیا جا رہا ہے

    حکام کے مطابق متعدد ہوٹلوں پر 30000 روپے تک کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اکیس اگست کو سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں صفائی کی ناقص صورت حال پر کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل اور دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا۔

  • کراچی: مقررہ نرخ سے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈؤان، 4 گرفتار

    کراچی: مقررہ نرخ سے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈؤان، 4 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں مقررہ نرخ سے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈؤان شروع ہو گیا ہے، کمشنر کراچی کے حکم پر ٹیم نے 4 دودھ فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ دودھ کے لیے مقرر سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر 4 دودھ فروش گرفتار کیے گئے ہیں۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف چھاپوں کے دوران 21 چالان، ایک لاکھ 62 ہزار روپے جرمانے کیے گئے۔

    انھوں نے صارفین سے کہا کہ دودھ کی سرکاری قیمت 94 روپے ہے، صارفین اضافی قیمت نہ دیں۔

    کمشنر کراچی نے اعلان کیا کہ کسی کو بھی سرکار کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے، دودھ کی سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر گرفتاری اور جرمانہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سندھ حکومت نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں دودھ 110 روپے فروخت ہونے کا نوٹس لیا تھا، جس پر حکومت نے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: ڈیری فارمرز اور شہری حکومت میں ٹھن گئی، گھٹنے ٹیکنے سے انکار

    وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی کھٹومل جیون نے کشمنر کراچی کو سرکار ی قیمت پر دودھ فروخت نہ کرنے والے ڈیلروں اور دکان داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ ایسے ڈیری فارمز، باڑوں اور دکانوں پر چھاپے مار کر انھیں سیل کر دیا جائے۔

    دوسری طرف ڈیری فارمرز اور شہری حکومت میں ٹھن گئی ہے، ڈیری فارمرز نے دودھ کی سرکاری نرخوں پر فروخت کے حکم نامے کے آگے گھٹنے ٹیکنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

    دو روز قبل ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن (ڈی سی ایف اے) کے صدر شاکر عمر گجر نے کہا تھا کہ حکومت اجناس کی قیمتوں کو قابو کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، ہمارے خلاف کارروائی ہوئی تو سڑکوں پر آ کر احتجاج کریں گے۔

  • کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کر کے منشیات فروش آئس ڈیلر محسن آفریدی کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اہل کار سمیت پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار پانچوں منشیات فروش خود بھی آئس اور چرس پینے کے عادی اور منشیات کے ڈیلر ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ 15 مرد اور خواتین پر مشتمل ہے، گرفتار منشیات فروشوں میں پولیس اہل کار مصدق شاہ عرف بابر بھی شامل ہے، جو تھانہ سٹی کورٹ میں تعینات ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار دیگر تین منشیات فروشوں میں آئس اور چرس ڈیلر بدر شجاع عرف بدر کمرشل، ارشد انصاری عرف ببلو، اور احسن آئسی شامل ہیں۔

    ملزمان آئس اور چرس کے بڑے ڈیلر ہیں، اس سے قبل بھی درخشاں، گزری، بہادر آباد، برگیڈ اور فیروز آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم محسن آفریدی نے واٹس ایپ گروپ بنایا ہوا ہے، جس کے ذریعے وہ اسکول کالج اور یونیورسٹیز کے لڑکے لڑکیوں کو ایڈ کر کے آئس اور چرس کی طرف راغب کرتا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ مختلف گیسٹ ہاؤسز بھی ملزمان کے زیر استعمال تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے گیسٹ ہاؤسز کے خلاف بھی ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔

    ملزمان کے قبضے سے 6 کلو چرس، بڑی تعداد میں آئس، 5 ٹی ٹی پستول اور آئس استعمال کرنے کی چیزیں برآمد ہوئیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس پی ایسٹ کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • علی زیدی کا کراچی کا فضائی جائزہ، صفائی مہم پر اظہارِ اطمینان

    علی زیدی کا کراچی کا فضائی جائزہ، صفائی مہم پر اظہارِ اطمینان

    کراچی: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کراچی کا فضائی جائزہ لیا، وفاقی وزیر نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے شہرِ قائد میں جاری صفائی مہم کے دوران شہر کا فضائی جائزہ لیا، اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے ڈی جی بھی وفاقی وزیر کے ساتھ تھے۔

    فضائی جائزے کے بعد علی زیدی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے حکام کے درمیان اجلاس کا انعقاد ہوا، یہ اجلاس کلین اینڈ گرین کراچی کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔

    اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے ایف ڈبلیو او کا کراچی کی صفائی میں کردار کو سراہا، انھوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کی افرادی قوت اور مشینری سے ہمیں کافی سہولت ہوئی۔

    وفاقی وزیر نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے ڈی جی اور ان کی ٹیم کا مہم میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں بہت مسائل ہیں، ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے گی، علی زیدی

    علی زیدی نے اپنے عزم کو دہرایا کہ کراچی کے شہریوں سے وعدہ ہے کہ صفائی کا کام مسلسل جاری رہے گا، کراچی کے نالوں اور علاقوں سے کچرا صاف کرنے کا پکا ارادہ ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ شہر میں کچرے اور صفائی سے متعلق بہت مسائل ہیں جن کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے گی۔

    انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کے لیے کام کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کراچی کے ہر علاقے سے کچرا اٹھایا جائے، شہر میں صفائی مہم 6 اضلاع میں جاری ہے۔

    علی زیدی نے بحریہ ٹاؤن کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا تھا کہ وہ اپنی مشینری لے آئی۔ انھوں نے وزیر بلدیات سندھ سے درخواست کی کچرا کنڈی کے علاوہ کچرا پھینکنے پر پابندی لگائی جائے۔