Tag: کراچی کے اضلاع

  • سندھ حکومت نے کراچی کے تمام اضلاع کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا

    سندھ حکومت نے کراچی کے تمام اضلاع کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا

    کراچی: منتخب بلدیاتی حکومت جانے کے بعد سندھ حکومت کو ہوش آ گیا، اور کراچی کے تمام اضلاع کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق من پسند ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتی کے بعد کراچی کے اضلاع کو کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے۔

    محکمہ فنانس سندھ نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کر دی، سندھ حکومت نے مجموعی طور پر 61 کروڑ 41 لاکھ 21 ہزار سے زائد کی رقم جاری کی ہے، جو کہ جاری مالی سال 21-2020 کے لیے ہے۔

    محکمہ فنانس نے ہدایت کی ہے کہ اس رقم سے تنخواہیں اور پنشنز بھی ادا کی جائیں، فنڈز میں ضلع وسطی کو 5 سالہ دور میں سب سے زیادہ رقم فراہم کی گئی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے زیر سایہ آنے کے بعد وسائل اور گرانٹ کے دروازے کھولے گئے ہیں، ماہانہ بنیاد پر ملنے والی پراپرٹی ٹیکس کی رقم بھی 5 سال میں پہلی بار جاری کی گئی ہے، یہ ڈی ایم سی، ٹی ایم اے اور لوکل کونسل کی حدود میں جمع پراپرٹی ٹیکس کی رقم ہے۔

    جاری رقم کی تفصیلات یوں ہیں کہ ضلع وسطی کو 9 کروڑ 7 لاکھ 39 ہزار 553 روپے جاری کیے گئے، ضلع غربی کو 12 کروڑ 52 لاکھ 25 ہزار 556 روپے، اور ضلع جنوبی کو 15 کروڑ 10 لاکھ 31 ہزار 564 روپے جاری کیے گئے۔

    ضلع شرقی کو 18 کروڑ 27 لاکھ 64 ہزار 461 روپے، ضلع ملیر کو 99 لاکھ 12 ہزار 538 روپے، ضلع کورنگی کو 4 کروڑ 91 لاکھ 99 ہزار 746 روپے، جب کہ کراچی ڈسٹرکٹ کونسل کو 52 لاکھ 48 ہزار 284 روپے جاری کیے گئے۔

  • سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کیماڑی کو باضابطہ طور پر ضلع کا درجہ دے دیا، جس کے بعد کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    کیماڑی کا نیا ضلع، ضلع غربی کو تقسیم کر کے بنایا گیا ہے، اس نئے ضلع میں 4 سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں، جن میں سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں، سب ڈویژن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی رکھا گیا ہے۔

    ضلع غربی اب منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد کے سب ڈویژنز پر مشتمل ہوگا، جن میں تیسر، سرجانی اور منگھوپیر کے علاقے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔

    24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔

    واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔