Tag: کراچی

  • کراچی:دہشت گردی کا راج، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق

    کراچی:دہشت گردی کا راج، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق

    کراچی دہشت گردوں کی زد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان سے گئے، دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی کاروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

    کراچی میں دہشت گردی بدستور زوروں پر ہے، پولیس کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود ریڑھی روڈ سے تین افراد کی لاشیں ملیں، جنھیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مقتولین کی شناخت عطااللہ، حمید عرف موٹا اور عدیل خٹک کے ناموں سے ہوئی۔ عدیل خٹک کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے تھا، ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق واقعہ جرائم پیشہ دو گروپوں میں دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مشترکہ کاروائی کی، اس دوران ملزمان نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، جن کی شناخت صدیق اور اعظم محسود کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان کے قبضے سے دستی بم، دیگر اسلحہ اور جعلی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائی میں سیاسی جماعت کے دوکارکن گرفتار کرلئے گئے۔
           

  • کراچی سمیت سندھ  بھر میں 2 روز بعد سی این جی اسٹیشن کھل گئے

    کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 روز بعد سی این جی اسٹیشن کھل گئے

    پنجاب کے بعد سندھ میں بھی سی این جی ملنا جوئے شِیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے، سندھ میں دو روز کی بندش کے بعد سی این جی اسٹیشنز چوبیس گھنٹے کے لئے کھول دیئے گئے۔

    کراچی سیمت سندھ کے دیگر شہروں میں سی این جی اسٹیشنز دو دن کی بندش کے بعد آج آٹھ بجے صبح کھول دیئے گئے، سخت سردی کے باوجود رات گئے ہی سے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور ابھی بھی گھنٹوں کے انتظار کے بعد لوگوں سی این جی مل پا رہی ہے۔

    سی این جی اسٹیشنز صرف چوبیس گھنٹوں کے لیے کھولے گئے ہیں، سندھ میں جمعے کی صبح آٹھ بجے سے اتوار کی صبح نو بجے تک سی این جی دستیاب نہیں ہوگی۔

    حکام کے کہنا ہے کہ شدید سردی میں گیس کی طلب بڑھ گئی ہے اور اس وجہ سے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کم کردی گئی ہے۔

  • شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    کوئٹہ کی یخ بستہ ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، کپکپی طاری کرنے والی سرد ہوائیں اور پہاڑوں پر برفباری سے کئی شہروں میں زندگی ٹھٹر گئی، کوئٹہ کی سرد ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو ہر جگہ گرم کپڑوں میں ملبوس شہری ہائے سردی ہائے سردی کرتے نظر آنے لگے، اس ریکارڈ توڑ سردی کو شہر کراچی کے منچلیں خوب انجوئے کر رہے ہیں۔

    سردی میں اضافے کے ساتھ قہوا خانے، چائے اور سوپ کی دکانوں پر بھی لوگوں کا ہجوم نظر آنے لگا کہ ایسے سرد موسم میں گرما گرم سوپ اور بھاپ اڑاتی چائے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، شدید سرد موسم کے باعث خشک میوہ جات اور گرم کپڑوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    سرسراتی سرد ہواوں سے بچنے کےلیے شہریوں نے الاوٗ روشن کرلیے ہیں، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت مختلف شہروں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
       

  • کراچی:زہریلا کھانے سے 2بہنیں جاں بحق،4 کی حالت بگڑ گئی

    کراچی:زہریلا کھانے سے 2بہنیں جاں بحق،4 کی حالت بگڑ گئی

    کراچی کے علاقے کورنگی میں زہریلا کھانا کھانے سے دو سگی بہنیں جاں بحق اور چار کی حالت غیر ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی اکیاون سی کے علاقے میں گھر میں زہریلا کھانا کھانے سے چار افراد کی حالت غیر ہوگئی، جن کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو بہنیں ماہم اور زرمین دم توڑ گئیں۔

    دیگر بہنوں میں کبریٰ، سمیہ، مصباح اور جگنی شامل ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
        
       

  • کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری

    کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری

    کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، شہر کے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سمیت بیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے وائر لیس گیٹ کے قریب کاروائی کرکے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان رینجرز پر فائرنگ میں ملوث تھے، نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے پولیس نے کاروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پیر آباد کے علاقے میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیاں کرتے ہوئے چودہ ملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے مختلف نوعیت کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔
        
       

  • کراچی: سردی نے کرادئیے بچوں کے مزے، اسکول8 جنوری تک بند

    کراچی: سردی نے کرادئیے بچوں کے مزے، اسکول8 جنوری تک بند

    سندھ میں شدید سرد موسم نے کرادئیے بچوں کے مزے اور ہوگئے اسکول مزید سات دنوں کے لئے بند، وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو نے موسم سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

    سردی سردی غضب کی سردی , کوئٹہ کی یخ بستہ ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو اہلیان کراچی سردی سے تھر تھر کانپنے لگے، سردی نے جہاں عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا وہیں اسکول جانے والے بچوں کی موجیں بھی کرادی ۔۔۔کڑاکے کی سردی کے باعث بچوں کے والدین نے درخواست کی اتنی سردی میں بچے بیمار ہوجائیں گے۔

    پہلے تو انکار ہواکہ چھٹیاں نہیں دی جاسکتیں ۔۔بچوں کے چہرے یہ سن کر مرجھا گئے شاید وزیر تعلیم صاحب کو بچوں کے معصوم چہروں پر رحم آہی گیا اور انہوں نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں دو سے آٹھ جنوری تک سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کردیا۔ جس سے بچوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے وزیر تعلیم نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں اضافہ بچوں کے والدین کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

  • کراچی سال کے آغاز پر فائرنگ، 7افراد زخمی

    کراچی سال کے آغاز پر فائرنگ، 7افراد زخمی

    تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باجود کراچی میں سال نو کے آغاز پر قانون کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، شدید فائرنگ سے سات افراد زخمی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر آٹھ افراد کو دھر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سال نو کے آغاز پرحکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہر کے مختلف مقامات پر منچلے نوجوان ڈبل سواری کیخلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے جبکہ بارہ بجنے سے پہلے شہر کے تقریباً تمام ہی علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جو رات دیر تک جاری رہا۔

    اس موقع پر ہر قسم کے جدید اور ممنوعہ اسلحے استعمال کئے گئے، شہر کے مختلف علاقوں کھارادر، میٹھادر، بہارکالونی ، اختر کالونی اور ڈیفنس میں فائرنگ کی زد میں آکر سات افراد زخمی ہوگئے جبکہ دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں شاہراہ نورجہاں، ڈیفنس اور اخترکالونی سے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔

  • کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات،انسپکٹرسمیت4 افراد جاں بحق

    کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات،انسپکٹرسمیت4 افراد جاں بحق

    کراچی میں قتل وغارتگری تھمنے میں نہیں آرہی، آج فائرنگ کے مختلف واقعات میں انسپکٹرسمیت چارشہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔

    شہرقائد میں سرگرم قاتلوں نے مزید گھروں کے چراغ گل کر دیئے، میٹروول سائٹ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں انسپکٹر بہاؤ الدین بابرجاں بحق ہوگئے۔

    ان کی شہادت پر ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات نے کہا کہ قاتلوں کو چن چن کر پکڑیں گے، انچارج سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے کہا کہ بہاؤ الدین بابر نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

    ڈاکٹر شیرازعلی خواجہ سینیئرمیڈیکل لیگل افسر نے کہا کہ انسپکٹر بابرکو آٹھ گولیاں لگیں جو ان کی موت کاسبب بنی، ایک اور واقعے میں بلدیہ داؤد گوٹھ میں ٹریفک پولیس کانسٹیبل غلام حسین کے گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سےاُن کا بیٹا عدنان جاں بحق جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

    سائٹ ایریا میں ہی ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے، ادھر ملیر، بلدیہ سعیدآباد میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
        
       

  • کراچی:اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 2مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی:اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 2مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ہیں جب کہ ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او مومن آباد نے دونوں افراد کو شہریوں کے ہاتھوں قتل کرایا ہے۔

    پولیس کے مطابق مومن آباد میں ڈاکوؤں کی اطلاع پر پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو شہری دو ڈاکوؤں کوتشدد کا نشانہ بنارہے تھے، پولیس نے ڈاکوؤں کو شہریوں سے چھڑانے کی کوشش کی تو شہریوں نے انہیں مزید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    ہلاک ہونے افراد کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او مومن آباد نے دونوں افراد کو شہریوں کے ہاتھوں قتل کرایا ہے، ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی جائے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکؤں کی فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے، جس نے ڈاکوؤں کی شناخت کی ہے۔
       

  • کراچی: ماڑی پور سے ایک ہی خاندان کے4افراد کا قاتل گرفتار

    کراچی: ماڑی پور سے ایک ہی خاندان کے4افراد کا قاتل گرفتار

    کراچی کے علاقے ماڑی پور میں قتل کئے جانے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

    گزشتہ روز ماڑی پور روڈ سے متصل مشرف کالونی میں نالے سے خاتون اور بچوں سمیت چار افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مارکر موت کے گھاٹ اتارا گیاتھا جبکہ ایک پندرہ سالہ لڑکی زخمی حالت میں ملی۔ مقتولین کی شناخت پچاس سالہ مظفر اس کی اہلیہ شازیہ اور دو بیٹوں اٹھائیس سالہ شاہ میراور بارہ سالہ عمران کےنام سے ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی بچی اورخاتون کو قتل سے قبل ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بھی بنایا تھا، ذرائع کا کہنا ہے ملزمان نے خاندان کو صرف اس بات پر قتل اور درندگی کا نشانہ بنایا مقتولین کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ایم کیوایم نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔