Tag: کرایے

  • ایمرٹس ایئر لائن کا کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان

    ایمرٹس ایئر لائن کا کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر ایمرٹس ایئر لائن نے مختلف مقامات کے لیے کرایوں میں رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اس میں ایک پیشکش ان افراد کے لیے ہے جو اگر بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں تو ان کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔

    ایمریٹس کے مطابق ویک اینڈ کے لیے عموماً کرایے 13 سو 95 درہم سے شروع ہوتے ہیں جن میں رعایت کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں لندن، بینکاک، کویت، نیویارک اور ماریشس کے لیے فضائی ٹکٹوں پر بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔

    ایمریٹس ہالیڈیز کے ساتھ پیکج بک کروانے پر مسافر ہوٹلوں کی بکنگ پر بھی 50 فیصد رعایت سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب: مکانوں و دکانوں کے کرایوں میں اتار چڑھاؤ

    سعودی عرب: مکانوں و دکانوں کے کرایوں میں اتار چڑھاؤ

    ریاض: سعودی عرب میں سال رواں کے دوران املاک کی قیمتوں اور کرایوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، مملکت میں مکانوں کے کرایوں میں اضافہ جبکہ دکانوں کے کرایوں میں کمی ہوئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں مکانوں کے کرایوں میں 2.1 فیصد اضافہ جبکہ دکانوں کے کرایوں میں 2.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران غیر منقولہ جائیدادوں کے نرخ 0.5 فیصد بڑھے ہیں۔

    محکمہ شماریات کے مطابق سنہ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مکانات کے کرایوں میں 2.1 فیصد اور زرعی اراضی کے نرخوں میں 0.3 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ تجارتی املاک کے نرخ 2.5 فیصد کم ہوگئے۔

    رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ رہائشی پلاٹس کے نرخوں میں سالانہ کی بنیاد پر 2.1 فیصد اضافہ ہوا، بنگلوں کے نرخ 0.8 فیصد اور فلیٹس کے نرخ 1.5 فیصد بڑھ گئے۔

    عمارتوں کے نرخ 0.9 فیصد اور عام مکانات کے نرخ 3.1 فیصد کم ہوئے۔

  • سندھ ہائی کورٹ کا محکمہ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر کرایے طے کرنے کا حکم

    سندھ ہائی کورٹ کا محکمہ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر کرایے طے کرنے کا حکم

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر کرایے طے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایہ طے نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں عوامی ٹرانسپورٹ میں من مانے کرایوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا۔

    عدالت میں جمع کرائے گئے جواب پر ڈی آئی جی ٹریفک کے دستخط نہ ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ کیا اتنامعلوم نہیں تحریری جواب پر دستخط ضروری ہوتا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت دی کہ آئی جی کو خط لکھیں یہ کیسے رپورٹس پیش کی جا رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرانسپورٹ مافیا کو بے لگام کس نے چھوڑ رکھا ہے، کیا محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس کرایوں کا کوئی طریقہ کار موجود ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے عدالت کو بتایا کہ کرایوں کو طے کرنے کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے، کرایوں سے متعلق جلد کمیٹی میں فیصلہ ہوجائے گا۔

    سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر کرایے طے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایہ طے نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

  • پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں از خود اضافہ

    پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں از خود اضافہ

    کراچی: پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں از خود 5 سے 10 روپے اضافہ کردیا جس سے مہنگائی تلے دبے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں از خود اضافہ کردیا۔

    کرایوں میں اضافے کے بعد بڑی بسوں کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 25 روپے وصول کیا جا رہا ہے جبکہ کوچز کے کرائے میں بھی 5 سے 15 روپے از خود اضافہ کر دیا گیا۔

    چنگ چی رکشہ والوں نے بھی فی مسافر کرائے میں 5 روپے اضافہ کردیا ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں رد و بدل نہیں کیا گیا، ٹرانسپورٹرز اپنے طور پر زائد کرائے وصول کر رہے ہیں۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ کرائے نامے کے بغیر ٹرانسپورٹرز مرضی کا کرایہ وصول کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف ٹرانسپورٹرز نے ڈھٹائی کا مظاہر کرتے ہوئے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ پرانے کرایوں پر گاڑیاں نہیں چلا سکتے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل حکومت نے سی این جی کی قیمت میں یکمشت 15 روپے اضافہ کردیا جس کے بعد سی این جی کی قیمت 104 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

  • جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد کمی

    جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد کمی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مین لائن ون پر مسافروں کے لیے کرایوں کے نئے رعایتی پیکج کا اعلان کردیا۔ پشاور سے چلنے والی جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کردی گئی جبکہ ریل کاروں اور تیز گام کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مین لائن ون پر مسافروں کے لیے کرایوں کے نئے رعایتی پیکج کا اعلان کر دیا۔

    جعفر ایکسپریس اور خیبر میل کا پشاور سے لاہور تک اے سی بزنس کا کرایہ 1740 سے کم کر کے 900 روپے کر دیا گیا۔ اٹک سٹی سے لاہور کے لیے کرایے میں 670 روپے کی رعایت، مسافر 1520 کے بجائے صرف 850 روپے ادا کریں گے۔

    جعفر ایکسپریس میں اے سی سلیپر کا پشاور سے لاہور کا کرایہ 2280 کے بجائے 1410 روپے ہوگا، مسافروں کو ہر ٹکٹ پر 870 روپے کی بچت ہو گی۔

    جہلم سے لاہور کا کرایہ 770 سے کم کر کے 610 روپے کر دیا گیا۔ جعفرایکسپریس اور عوام ایکسپریس کے اکانومی کلاس کے کرایوں میں بھی زبردست کمی کرتے ہوئے کرایہ 700 روپے سے کم کر کے 460 روپے کر دیا گیا۔

    اٹک سٹی سے کرایہ 620 روپے سے کم کر کے 410 روپے کر دیا گیا ہے۔ جعفر اور عوام ایکسپریس کے مسافر اے سی اسٹینڈرڈ میں پشاور سے لاہور کے لیے 1340 کے بجائے 860 روپے میں سفر کر سکیں گے۔

    اٹک سے لاہور کا کرایہ 1180 کے بجائے 830 روپے ہوگا۔ جہلم کے مسافر جعفر ایکسپریس، عوام ایکسپریس اور ریل کار میں لاہور کے لیے اے سی اسٹینڈرڈ میں 480 کے بجائے 390 روپوں میں سفر کر سکیں گے۔

    گوجرانوالہ سے لاہور کے لیے جعفر ایکسپریس اور خیبر میل کا اے سی بزنس کا کرایہ 390 سے کم کر کے 290 روپے، اے سی بزنس کا کرایہ 330 سے کم کر کے 270 روپے کر دیا گیا۔

    وزیر آباد سے لاہور آنے کے لیے جعفر ایکسپریس اور خیبر میل پر لاہور آنے کے لیے اے سی بزنس کلاس میں 100 روپے کی رعایت کردی گئی جس کے بعد کرایہ 390 کے بجائے 290 ہوگا۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی بحالی پوری قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔ مزید ٹرینوں کے کرائے بھی کم کریں گے جبکہ گرین لائن میں بھی مسافروں کو رعایت دینے کے لیے ہداِیات جاری کر دی گئی ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق کرایوں میں 49 فیصد تک کمی پشاور، راولپنڈی، لاہور سیکشن پر ایک خصوصی پیکج کے تحت کی جار ہی ہے۔ وزیر ریلوے کی طرف سے دی گئی خصوصی رعایت کا آغاز یکم نومبر 2017 سے ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید الاضحیٰ:‌ پردیسیوں کو گھر جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی دستیابی کا مسئلہ

    عید الاضحیٰ:‌ پردیسیوں کو گھر جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی دستیابی کا مسئلہ

    کراچی: عید قرباں میں صرف ایک دن رہ گیا ہےعید منانے کیلئے پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں کیلئے روانگی کا سلسلہ جاری ہے، مسافروں کیلئے ٹرانسپورٹ کا حصول مسلئہ بن گیا۔

    عید قربان پراپنوں کے ساتھ منانے ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، مگر ٹرانسپورٹ کا ان سے ملنے کی راہ میں پہاڑ ہے،دوردراز رہنے والے افراد عید منانے کے لیے گھروں کو لوٹتے ہیں لیکن ان کی راہ میں ٹرانسپوٹ مافیا رکاوٹ بنتی ہے ۔

     کراچی کے بس اسٹینڈز پر مسافروں کا جم غفیر لگا ہے جو جلد سے جلد گھر پہنچنا چاہتے ہیں، مگر سیٹ نہ ملنے کا سارا رونا ہے ۔

    لاہور کے لاری اڈے پر بھی لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، اُن کا مسئلہ یہ ہے کہ گاڑی ہی نہ ملی توعید پر گھر کیسے پہنچیں گے ۔

    اسلام آباد راولپنڈی میں بھی مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی دستیابی کیلئے مُشکل کا سامنا ہے، جس کافائدہ من مانے کرایوں کی وصولی کرکے ٹرانسپورٹ مافیا اُٹھارہی ہے ۔

  • لاہور: ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کااعلان کردیا گیا

    لاہور: ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کااعلان کردیا گیا

    لاہور: پیٹرول کی قیمتوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا گیا۔

    ٹرانسپورٹرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اعلان سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب شوکت خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا ایک شہرسےدوسرے شہرچلنےوالی اے سی گاڑیوں کاکرایہ 5 سے 7 جبکہ نان اے سی کا 6 فیصد کم کردیاگیا۔

     اسی طرح لاہور شہرمیں چلنےوالی پٹرول گاڑیوں کے کرایو ں میں 9.2 فیصد کمی کا اعلان کیاگیا۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں پر عمل درآمد کےلیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

      ڈی سی او لاہور کپٹن (ر) محمد عثمان کےمطابق ٹیمیں شہر کے تمام ٹاؤنز کے پیٹرول پمپس پر نئی قمیت پر پیٹرول کی فروخت کو یقینی بنائیں گی۔

    شہری کسی قسم کی شکایت کی صورت میں 04299210630 پر کال کرسکتے ہیں۔

  • کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں مشروط کمی کا اعلان

    کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں مشروط کمی کا اعلان

      کراچی: حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے بعد کراچی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں معمولی کمی کا فیصلہ کیا گیا۔

    پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نما یاں کمی کے بعد صو با ئی حکومتوں پر دبا و ہے کہ وہ بس اور وین کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان اور اس پر عملدرآمد بھی کروائیں اس حوالے سے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز حسین جا کھرانی اور ٹرانسپورٹرزکےدرمیان مذاکرات ہو ئے۔

    صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز حسین جاکھرانی اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ طحہٰ فاروقی بھی موجود تھے ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میر ممتاز حسین جاکھرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس وسائل کی کمی ہے  انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشہ والوں کے خالف آپریشن کیا جائے گا۔

     صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے بتایا کہ دس روپے تک کے کرائے میں کوئی کمی نہیں کی گئی ، جبکہ مزدا، منی بسوں، کوچز اور بسوں کے کرائے 15 سے کم کرکے 14، 16 سے کم کرکے 15 اور 17 سے کم کرکے 16 روپے کردیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل 24ہزار پبلک ٹرانسپورٹ تھیں، جس کی تعداد میں امن وامان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے کمی آئی ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ گرین بسوں کے کرائے میں بھی کمی کی جائے گی

     مزاکرات میں حکومت نے بمشکل تمام ٹرانسپورٹرز کو راضی کیا کہ وہ کرایوں میں نام کی ہی سہی کمی کردیں لیکن ٹرانسپورٹرز یہ شرط بھی عائد کردی کہ چنگچی رکشوں پر پابندی لگائی جائے ،سب ہی واقف ہیں کہ چنگچی رکشہ کو شاہراہوں سے مستقل دور رکھنا فی الوقت آسان نہیں کیو نکہ چنگچی والے بھی اپنے پیچھے مضبو ط سہارا رکھتے ہیں ان حا لات میں رہے غربت کے ما رے مسافر تو ان کی سنتا کون ہے۔

  • انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کا کرایے میں7  فیصد کمی کا اعلان

    انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کا کرایے میں7 فیصد کمی کا اعلان

      کراچی: انٹرسٹی ٹرانسپورٹ نے کرایے میں سات فیصد کمی کا اعلان کردیا، دوسری طرف کراچی میں چلنےوالی بسوں اورویگنوں میں ایک روپے کی بھی کمی نہیں کی گئی۔

    کراچی سے کسی اورشہرجانا ہو تو اب کرایہ سات فیصدکم ادا کرنا ہوگا، لیکن شہرکےاندرایک مقام سے دوسرے مقام تک سفرکا کرایہ وہی پرانا حکومت نے پٹرول کی قیمت تو کم کردی لیکن عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ کرایےمیں کمی نہ ہونے سے دودھ،سبزی،دالیں آٹا کچھ بھی سستا نہ ہوا۔

    وزیراعظم نوازشریف نےچاروں وزرائےاعلٰی کوہدایت کی تھی کہ پٹرول قیمت میں کمی کافائدہ غریب شہری تک پہنچنا چاہیے،لیکن لگتا ہے کہ پہلےکی طرح اس بار بھی سندھ سرکارکےکان پرجوں تک نہیں رینگی۔

    کراچی کےشہری پہلےکی طرح بے بس جنہیں پٹرول کی قیمت میں کمی کا کوئی فائدہ اب تک نہیں پہنچا کراچی ٹرانسپورٹ اتحادکھلم کھلا کہہ چکا ہے کہ کرایےمیں کوئی کمی نہیں ہوگی کیونکہ پٹرول سستا ہونےسےاس کی صحت پرکوئی فرق نہیں پڑتا۔سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ ممتازجکھرانی کوبھی سانپ سونگھ گیا۔