Tag: کربلا

  • کربلا کے قریب مزار پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد زائرین جاں بحق

    کربلا کے قریب مزار پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد زائرین جاں بحق

    عراق کے شہر کربلا میں ایک مزار کی عمارت پر مٹی کا تودہ گرنے سے اب تک 7 زائرین جاں بحق ہوگئے جبکہ ملبے تلے دب جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔

    عراق کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق ہفتے کے دن سے جاری امدادی کارروائیوں میں ملبے تلے دبے 8 افراد کو نکال لیا گیا ہے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ سے منسوب ایک مزار قطارۃ الامام علی کے مقام پر پیش آیا۔

    مزار کربلا شہر سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ہفتے کے روز پیش آنے والا واقعہ ریت کے ٹیلے اور چٹانوں کے گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    عراقی محکمہ شہری دفاع کے میڈیا انچارج بریگیڈیئر عبدالرحمٰن جدوت کا کہنا ہے کہ ملبے سے چار لاشیں ملی ہیں، 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔

    ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ایسی مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں جن سے ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے لوگوں کو نقصان نہ پہنچے۔

    ہفتے اور اتوار کی رات ریسکیو ٹیمیں فلڈ لائٹس کی مدد سے رات بھر ان افراد کو نکالنے کی کوشش اور ملبے کے درمیان موجود خلا سے انہیں آکسیجن، خوراک و پانی پہنچاتے رہے۔

  • میاں بیوی کا "مشترکہ” شعر!

    میاں بیوی کا "مشترکہ” شعر!

    میر انیس نے ایک مرثیے میں دعائیہ مصرع لکھا۔

    ”یارب رسولِ پاک کی کھیتی ہری رہے“ مگر خاصی دیر تک دوسرا مصرع موزوں نہ کرسکے۔

    وہ اِس مصرع کو شعر کرنے کی فکر میں ڈوبے ہوئے تھے کہ ان کی اہلیہ سے نہ رہا گیا، وہ ان سے پوچھ بیٹھیں‌ کہ کس سوچ میں ہیں؟

    میر انیس نے اپنا یہ مصرع پڑھا اور کہا کہ شعر مکمل کرنا چاہتا ہوں‌، مگر کچھ موزوں‌ نہیں‌ ہو رہا۔

    بیوی نے بے ساختہ کہا یہ لکھ دو، ”صندل سے مانگ، بچوں سے گودی بھری رہے“

    میر انیس نے فوراً یہ مصرع لکھ لیا اور یہی شعر اپنے مرثیے میں‌ شامل کیا۔

    یا رب رسولِ پاک کی کھیتی ہری رہے
    صندل سے مانگ، بچوں سے گودی بھری رہے

    اگر میر انیس کے مرثیوں‌ کا مطالعہ کریں‌ تو ایک جگہ یہ شعر یوں‌ ملتا ہے اور اسے محافل میں‌ بھی اسی طرح‌ پڑھا جاتا ہے۔

    بانوئے نیک نام کی کھیتی ہری رہے
    صندل سے مانگ، بچوں سے گودی بھری رہے

    ادبی تذکروں میں‌ آیا ہے کہ مرثیے کے اس مطلع کا پہلا مصرع میر انیس کا دوسرا ان کی بیوی کا ہے۔ یہ شعر زبان کی لطافت اور محاورے کی چاشنی کی وجہ سے بہت مشہور ہوا اور ضرب المثل ٹھیرا۔ آج بھی جب خاص طور پر کربلا کے واقعات بیان کیے جاتے ہیں‌ تو میر انیس کا یہ دعائیہ شعر ضرور پڑھا جاتا ہے۔

  • عراق : زائرین کی بس میں دھماکا، 12افراد جاں بحق

    عراق : زائرین کی بس میں دھماکا، 12افراد جاں بحق

    کربلا : عراق کے شہرکربلا میں مسافر بس میں دھماکے سے 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر بس عراق کے شہر کربلا اور الہلا کے درمیان واقع عراقی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ اس میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ عراقی حکام کے مطابق ابھی تک کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    خیال رہے کہ 2017 میں عراق میں داعش کی شکست کے بعد سے عراق میں ہونے والے دھماکوں میں نمایاں کمی آئی ہے البتہ شدت پسند اب بھی ملک میں سیکیورٹی فورسز کو وقتاََ فوقتاََ نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

    عراق میں خودکش دھماکا، 11 افراد ہلاک، 15 زخمی

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع مارکیٹ میں خودکش بم دھماکے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے تھے۔

    بغداد پولیس حکام کے مطابق جمیلہ مارکیٹ میں ہجوم کی موجودگی میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا تھا۔

  • کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں بھگدڑ میں تیس سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں اطلاع دی ہے کہ جاں بحق افراد میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں، پاکستانی سفارت خانے کا کربلا میں کیمپ آفس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ وہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    یاد رہے گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 70 سے زائد زخمی ہوئے، یہ افراد عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آ گئے۔

    خیال رہے کہ یوم عاشورہ پر لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں۔

  • کربلا کے جاں نثاروں کو سلام، یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت کی صدائیں

    کربلا کے جاں نثاروں کو سلام، یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت کی صدائیں

    کراچی/ لاہور: یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت سے بھری صداؤں کی گونج میں کربلا کے جاں نثاروں کو سلام پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقا کو جلوسوں اور مجالس میں بھرپور سلام عقیدت پیش کیا گیا، ان کی یاد میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور عزاداری کی گئی۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر مخصوص اور پہلے سے متعین راستوں پر ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچا۔

    ادھر لاہور میں عزاداروں کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے نکل کر کربلا گامے شاہ پہنچا، شہر شہر جلوسوں کے بعد شام غریباں اور مجالس منعقد کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی اور بہادر کشمیری پیغام کربلا کو زندہ رکھیں: وزیر اعظم

    ملک بھر میں یوم عاشور پر سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیکورٹی کا فضائی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سیکورٹی کا معائنہ کیا۔

    ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ رینجرز اور پولیس میں کراچی ہی نہیں پورے سندھ میں ہم آہنگی ہے۔

    اس دوران مختلف شہروں میں کہیں مکمل اور کہیں جزوی طور پر فون سروس بند رہی، شہر قائد میں مرکزی جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس معطل رہی، تاہم جلوسوں کے اختتام کے بعد ملک بھر میں موبائل فون سروس بحال ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پاکستانی اور بہادر کشمیری  پیغام کربلا کو زندہ رکھیں: وزیر اعظم

    پاکستانی اور بہادر کشمیری پیغام کربلا کو زندہ رکھیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے ثابت ہوا کہ ظلم کے خلاف جدوجہد ضرور کامیاب ہوتی ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے میں جب یوم عاشورہ اپنے اختتام کو ہے، پاکستانی اور بہادر کشمیری پیغام کربلا کو  زندہ رکھیں.

    وزیراعظم کا اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ کربلا کا پیغام ظلم ونا انصافی کے خلاف اور سچ پر ہمت کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

    کربلا ظلم، نا انصافی کےخلاف جدوجہد،ہمت سے کھڑے رہنے کا پیغام ہے، قوم اوربہادر کشمیری جدوجہد جاری رکھیں.

    مزید پڑھیں: کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    خیال رہے کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے حق کےلیے کربلا  میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے لازوال مثال قائم کی تھی.

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مسلسل 37 روز  سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے دنیا اور مقبوضہ وادی کے درمیان آہنی پردہ تن گیا ہے.

    مودی سرکار نے محرم الحرام کے جلوسوں پر  بھی پابندی عائد کر دی تھی، باہر نکلنے پر افراد پر تشدد بھی کیا گیا.

  • کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    بغداد: عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ  مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آگئے.

    عراقی وزرات صحت نے تصدیق کی ہے کہ عاشورہ کے جلوس میں ریلے تلے کچلے جانے سے 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ 31 افراد جہان فانی سے کوچ کر گئے.

    عراقی حکام نے اس ضمن میں جلد مزید تفصیلات اور فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے.

    خیال رہے کہ آج کے روز لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں.

    یاد رہے کہ  شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجالس اور جلوس  کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم  شہدا سے  اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • ظالم اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، شہبازشریف

    ظالم اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، شہبازشریف

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی پیروی کر کے ہی مسلمان فلاح حاصل کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے حق اور اصول پر سمجھوتہ نہ کرنے کا درس دیا۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی پیروی کرکے ہی مسلمان فلاح حاصل کرسکتے ہیں، ظالم اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے۔

    شہدائے کربلا کی یاد، کراچی سمیت مختلف شہروں میں نویں محرم کے ماتمی جلوس برآمد

    نواسہؑ رسولﷺ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں مجالس اور شبیہہ و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے، عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

    کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے ، جو حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیرہوگا، رات گئے جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے جبکہ پینسٹھ ہزارسے زائد نفری سیکورٹی پر معمور ہیں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیں گی۔

    لاہورمیں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اورمجالس کا سلسلہ جاری ہے، آج کے دن کی مناسبت سے لاہور میں 9محرم کا جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا، جلوس نیلی بار، بابا گراؤنڈ، سیکرٹریٹ سے ہوکر خیمہ سادات پہنچے گا، جلوس کے شرکاء نماز ظہرین عالمگیر روڈ پر ادا کریں گے جبکہ جلوس کے شرکاء نماز مغربین پرانی انار کلی میں ادا کریں گے۔

  • کربلا،زائرین کی آمد جاری

    کربلا،زائرین کی آمد جاری

    کربلا : یوم عاشورہ پر بی بی زہرہ کو پرسہ دینے اورغم حسین سے اپنی آنکھوں کو نم کرنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کربلا پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشورہ منانے کے لیے دنیا بھرسے لاکھوں زائرین اور عزادار عراق کے مقدس ترین شہرکربلائے معلی پہنچ گئے ہیں جہاں ماتمی مجالس سجائی جا رہی ہیں اور جناب زہرہ کو سلام و مرثیہ پیش کیا جا رہا ہے جب کہ نوحوں پر سینہ کوبی کا سلسلہ بھی جا ری ہے۔

    kerbala-1

    زاکرین مقام حسین اور شہادت اہل بیت کے فضائل بیان کررہے ہیں اور فکر حسینی سے زائرین کے دلوں کو منور کر رہے ہیں جب کہ مصائب مظلوم امام کو بیان کرتے ہوئے رقت ٓمیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں ہر آنکھ اشک بار ہے اور ہر ہاتھ سینہ کوبی میں مصروف نظر آتا ہے۔

    kerbala-2

    لیوں تو لاکھوں غیرملکی زائرین یوم عاشورہ کی مجالس اورسید الشہدا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور آپ کےاصحابِ باوفا کے روضے کی زیارت کے لئے کربلا پہنچے جن میں ایران، پاکستان اور بھارت سے آنے والے زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

    kerbala-3

    ذرائع کے مطابق عراق کےمختلف شہروں سے کربلا آنے والوں کی تعداد میں تاحال مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ دیگر شہروں سے آنے والے راستے پیدل چلنے والے زائرین سے بھرے پڑے ہیں جو آج شام تک کربلا پہنچیں گے۔

    اس حوالے سے کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے کربلامیں سخت سیکورٹی انتظامات کیےگئےہیں اورخصوصی ویجلنس پروگرام پرعلمدرآمد کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی عراق کےدیگرشہروں میں بھی حفاظتی اقدامات سخت کردیےگئے ہیں۔

  • عراق میں شادی کی تقریب پر حملہ،15 افراد جاں بحق

    عراق میں شادی کی تقریب پر حملہ،15 افراد جاں بحق

    بغداد: عراق کے جنوبی شہر کربلا میں ایک شادی کی تقریب کے دوران حملے کے نتیجے میں 15 افراد جان کی بازی ہارگئے.

    تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر کربلا کے مغربی علاقے عین التمر میں شادی کی تقریب پر ایک خود کش بمبار سمیت داعش کے5دہشت گردوں نے حملہ کردیا.

    پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے مشین گنوں سے فائرنگ کی اور تقریب کے شرکاء پر دستی بم بھی پھینکے،جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا.

    شادی کی تقریب میں حملےکی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کرلی۔

    *ترکی میں شادی کی تقریب کے قریب دھماکہ،50افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ترکی کے شہر غازی عنتاب میں ایک شادی کی تقریب کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم50 افراد جاں بحق اور 94 زخمی ہوئے تھے.

    عراق میں 2014 سے 2016 کے درمیان اتحادیوں نے عراق میں 9400 فضائی حملے کیے، جن کا مقصد مقامی فورسز کو شہروں، قصبوں اور سپلائی لائن کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا.

    واضح رہے کہ خانہ جنگی نے ناصرف عراق کے بنیادی ڈھانچےتباہ کردیا ہے بلکہ لاکھوں لوگوں کو ہجرت پر مجبور کیا اور ملک کا نقشہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔