Tag: کرسمس

  • آرتھوڈوکس مسیحی آج کرسمس منارہے ہیں

    آرتھوڈوکس مسیحی آج کرسمس منارہے ہیں

    آرتھوڈوکس مسیحی آج روس سمیت دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار منارہے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو کے گرجا گھر میں منعقد دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کیتھیڈرل آف کرائسٹ جاکر پیٹریاک کیریل سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر کے آرتھوڈوکس مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ یہ تہوار خاندانی روایات کی اہمیت کی علامت ہے۔

    دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک چھوڑنے یا اپنی حیثیت کو قانونی شکل دینے کے لیے 30 اپریل 2025 تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

    یہ فیصلہ ماسکو کے کروکس سٹی ہال میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد کیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت تارکین وطن کو بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنے، طبی معائنے اور زبان کے ٹیسٹ پاس کرنے کی ضرورت ہے۔

    یہ اقدام روس کی جانب سے اپنی مائیگریشن پالیسی کو سخت کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد مزدور تارکین وطن کی ضرورت کا انتظام کرتے ہوئے سیکورٹی کے خدشات کو دور کرنا ہے۔

    غیر قانونی تارکین وطن کو روس میں رہنے کے لیے سخت شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔ ان میں بائیو میٹرک ڈیٹا جمع کرنا اور میڈیکل اور لینگویج ٹیسٹ پاس کرنا شامل ہے۔

    حکومت کو امید ہے کہ ان اقدامات سے سیکورٹی اور نقل مکانی پر کنٹرول میں بہتری آئے گی۔ نئے ضوابط حالیہ سیکورٹی خطرات کا جواب ہیں۔ ان کا مقصد اس بات کو یقینی بنا کر مستقبل میں ہونے والے واقعات کو روکنا ہے کہ تمام تارکین وطن دستاویزی ہیں اور مخصوص معیارات پر پورا اترتے ہیں۔

    پیوٹن کا الٹی میٹم امیگریشن کے سخت کنٹرول کے لیے حکومت کے عزم کو نمایاں کرتا ہے۔ واضح تقاضے طے کرکے، روس کا مقصد غیر قانونی امیگریشن کو کم کرنا اور قومی سلامتی کو بہتر بنانا ہے۔

    برطانیہ میں کرسمس کے روز چاقو کے وار سے دو خواتین قتل

    آخری تاریخ تارکین وطن کو نئے قوانین کی تعمیل کرنے یا ملک چھوڑنے کی مہلت ہے۔ پالیسی میں تبدیلی روس کے امیگریشن کے نقطہ نظر میں وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ جیسے جیسے آخری تاریخ قریب آئے گی، بہت سے تارکین وطن کو یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت ہوگی کہ آیا اپنی حیثیت کو قانونی شکل دینا ہے یا وطن واپس جانا ہے۔

  • ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا

    ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا

    کرسمس کے دن سے ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جن میں 217 افراد لقمہ اجل بنے، اور حادثات کی فوٹیجز نے لوگوں کے دل دہلائے۔

    جیجو ایئر کا سانحہ ایک ہفتے کے اندر 4 فضائی حادثات کی سیریز میں تازہ ترین ہے، اگر 2024 کے آخری 5 دنوں میں ہزاروں لوگوں نے کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے لیے سفر کیا، تو دوسری طرف دنیا نے ہوائی جہاز کے چار ایسے خطرناک حادثات دیکھے، جنھوں نے اس نازک شعبے میں حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فضائی حادثات کی خبروں اور ویڈیوز سے بھرے پڑے ہیں، جو کینیڈا، ناروے، آذربائیجان اور جنوبی کوریا میں پیش آئے۔

    1. آذربائیجان کا طیارہ حادثہ

    عین کرسمس کے دن آذربائیجان ایئر لائن کا مسافر طیارہ جس میں 67 افراد سوار تھے، مغربی قازقستان میں اپنے طے شدہ راستے سے ہٹنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

    پرواز J2-8243 جنوبی روس سے رخ موڑنے کے بعد قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب آگ کا گولہ بن کر تباہ ہو گیا، اس حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک جب کہ 29 زندہ بچ گئے۔ یہ طیارہ کیسپین کے مغربی ساحل پر واقع آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جنوبی روس میں چیچنیا کے شہر گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا۔

    ہفتے کے روز، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے لیے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے معافی مانگی۔ علیئیف نے اتوار کو کہا کہ روس میں کچھ لوگوں نے تباہی کی وجہ کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ تاہم کریملن کے بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ روس نے طیارہ مار گرایا ہے۔

    ویڈیو: جنوبی کوریا کے اعلیٰ افسران نے جہاز حادثے پر سر جھکا کر معافی مانگ لی

    علیئیف نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا ’’ہمارا طیارہ حادثاتی طور پر مار گرایا گیا، طیارہ کسی قسم کے الیکٹرانک جیمنگ کی زد میں آ گیا تھا اور پھر وہ اس وقت نشانہ بنا جب وہ جنوبی روس کے شہر گروزنی کے قریب پہنچ رہا تھا۔ علیئیف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس تسلیم کرے کہ وہ طیارہ گرانے کا قصوروار ہے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔

    2. جیجو ایئر سانحہ

    جنوبی کوریا کی سرزمین پر اب تک کے بدترین فضائی حادثے میں ایک جیجو ایئر طیارہ، جس میں 181 مسافر سوار تھے، اتوار کی صبح 9 بجے کے فوراً بعد ملک کے جنوب میں ایک ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 179 ہلاک اور صرف 2 زندہ بچ گئے جو عملے کے ارکان تھے۔

    مقامی میڈیا کی شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جڑواں انجن والا دیوار سے ٹکرانے سے پہلے بغیر کسی ظاہری لینڈنگ گیئر کے رن وے سے نیچے پھسل رہا تھا، جو دیوار سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹا اور آگ کا ایک گولہ بن گیا۔

    جنوبی کوریا نے حادثے کے بعد 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جب کہ جیجو ایئر کے سی ای او کو اس واقعے کے لیے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔

    3. کینیڈا میں ہوائی جہاز میں آگ

    28 دسمبر کو کینیڈا میں بھی ہوائی جہاز کا حادثہ پیش آیا، آن لائن شیئر کی گئی ایک وائرل ویڈیو میں فلائٹ میں آگ لگنے کی فوٹیج دکھائی گئی ہے، تقریباً رات 9.30 بجے، پال ایئر لائنز کی طرف سے چلائی جانے والی ایئر کینیڈا ایکسپریس فلائٹ 2259، سینٹ جانز سے ہیلی فیکس پہنچنے پر حادثے کا شکار ہوئی۔

    جہاز میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو بروقت نکال کر ایئر فیلڈ سے باہر لے جایا گیا، مقامی میڈیا کے مطابق، کوئی ہلاکتیں ریکارڈ نہیں ہوئیں۔

    4. اوسلو میں ڈچ طیارے کو حادثہ

    ہفتے ہی کو یعنی 28 دسمبر کو ناروے میں بھی ایک مسافر طیارے کو ٹیک آف کے فوراً بعد اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی جب اس کا ہائیڈرولک سسٹم فیل ہو گیا، تاہم مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا۔

    ڈچ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز کے مسافر طیارے میں موجود 176 مسافر اور 6 عملے کے اراکین محفوظ رہے۔ یہ طیارہ اوسلو سے ایمسٹرڈیم جا رہا تھا لیکن اڑان بھرتے ہی اس میں زبردست شور ہونے لگا، جس پر اسے سینڈیفجورڈ ایئرپورٹ کی طرف موڑنا پڑا۔ لینڈنگ کرتے ہی رائل ڈچ ایئرلائن کا بوئنگ 737 رن وے سے پھسل کر گھاس کے قطعے پر چلا گیا۔

  • جرمنی کرسمس مارکیٹ میں لوگوں پر کار چڑھانے کا واقعہ، سعودی عرب کا رد عمل

    جرمنی کرسمس مارکیٹ میں لوگوں پر کار چڑھانے کا واقعہ، سعودی عرب کا رد عمل

    ریاض: سعودی عرب نے جرمنی کی کرسمس مارکیٹ میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے جرمنی کی کرسمس مارکیٹ میں ہجوم پر گارڑی چڑھانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدری کا اظہار کیا ہے، اس واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جن میں 15 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    حادثہ گزشتہ روز میگڈے برگ میں پیش آیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، جو 50 سالہ سعودی ڈاکٹر اور 2006 سے جرمنی میں رہائش پذیر ہے۔ جرمن حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر ہجوم پر گاڑی چڑھائی ہے۔

    واقعے پر عالمی سطح پر رہنماؤں نے رد عمل ظاہر کیا ہے، جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ کرسمس کے موقع پر واقعے نے بد ترین خدشات کو جنم دیا ہے، ہماری ہمدردیاں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، وزارت داخلہ نے عوام کو کرسمس بازاروں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ فرانسیسی صدرنے بھی واقع پر افسوس کا اظہار کیا، ہالینڈ کے وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جرمن عوام کے ساتھ ہیں۔

    جرمنی : تیز رفتار کار سے کچل کر 2 افراد ہلاک، 80 زخمی ہوگئے

    نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے واقعے کے پس منظر میں جرمن چانسلر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، صدر یورپی یونین نے کہا کہ تشدد کے اس عمل کی تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرم کو سخت سزا دی جانی چاہیے، اٹلی، اسپین اور پولینڈ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    یاد رہے کہ جرمنی میں 8 سال قبل بھی کرسمس مارکیٹ کو کار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان

    بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ، تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 2 دن کی چھٹی کا اعلان کردیا ، اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    جس میں کہا ہے کہ 25 دسمبر بروز بدھ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے سلسلے میں 26 دسمبر کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بانی پاکستان کا یوم پیدائش ہر سال پوری قوم انتہائی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہے، دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوگا، جس کے بعد کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی۔

    قائد کی زندگی، سیاسی جدوجہد اور قیام پاکستان میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں سرکاری تقریبات اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

    Gold Price in Pakistan Today- پاکستان میں آج سونے کی قیمت

  • ایڈوانس تنخواہ اور پینشن ، سرکاری ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    ایڈوانس تنخواہ اور پینشن ، سرکاری ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    کراچی : سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنشن ایڈوانس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، 18 دسمبر کو ادائیگی کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین کو تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا ہے کہ مسیح برادری کے ملازمین کو 18 دسمبر کو تنخواہ اور پنشن اداکی جائے گی۔

    خیال رہے 25 دسمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوارمنائے گی ، اس موقع پر نت نئے انداز ، رنگوں اور ڈیزائنوں کے کیکس، چاکلیٹس اور کنڈیز بھی تیار کی جاتی ہے۔

    مسیحی برادری کے مطابق کرسمس خوشیوں کا تہوار ہے۔ یہ امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے، میٹھا کھانے سے خوشی کا احساس دوبالا ہوجاتا ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • برمنگھم میں کرسمس کی تقریبات شروع ہوگئیں

    برمنگھم میں کرسمس کی تقریبات شروع ہوگئیں

    برمنگھم میں کرسمس تقریبات کا باقاعدہ آغازکردیا گیا ہے، شہر کے بیشتر حصے کوبرقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برمنگھم کے وکٹوریہ اسکوائر میں برطانیہ کی سب سے بڑی جرمن کرسمس مارکیٹ کاافتتاح بھی کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جرمن سفیر کرسمس لائٹس روشن کرنے کی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے، کرسمس مارکیٹ میں کھانے پینے سمیت دیگر مصنوعات کے 60 سے زائد اسٹالز سجائے گئے تھے۔

    مارکیٹ میں برطانیہ بھر سے 50 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ جبکہ مارکیٹوں میں گہما گہمی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس میکسیکو کی وسطی ریاست گوانا جواٹو میں کرسمس سے قبل منعقد ہونے والی ایک روایتی پارٹی میں شرکت کرنے والوں پر ایک مسلح گروپ نے حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 12افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے مطابق حملوں میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، تاہم حکام نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی تھی۔

    ٹرمپ نے کرسمس پیغام میں بھی بائیڈن کو نہ بخشا

    ریاست گوانا جواٹو بڑی فیکٹریوں کی وجہ سے میکسیکو میں مشہور ہے لیکن حالیہ برسوں میں وہاں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  • ماورا حسین کا کرسمس پر تنقید کرنے والوں کو واضح پیغام

    ماورا حسین کا کرسمس پر تنقید کرنے والوں کو واضح پیغام

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کرسمس سے متعلق اپنی پوسٹ پر تنقید کا نشانہ بننے کے بعد میدان میں آگئیں۔

    مسیحی برادری کی جانب سے 25 دسمبر کو پورے جوش و خروش سے اپنا مذہبی تہوار کرسمس منایا گیا وہیں شوبز سے وابستہ نامور شخصیات بھی اس تہوار میں شامل ہونے کے سبب تنقید کی زد میں آگئیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by MAWRA (@mawrellous)

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ ماورا حسین نے پوسٹ جاری کی تھی جس میں انہیں کرسمس مناتے، گھر کو سجاتے اور مبارک باد دیتے دیکھا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ماورا حسین کی ویڈیو پوسٹ سامنے آتے ہی تنقید کے نشتر برسانا شروع کردیئے، اور اُنہیں اسلامی تعلیمات کا غور سے مطالعہ کرنے کا مشورہ دینے لگے۔

    ایک صارف کا کہنا ہے کہ آپ نے عمرہ بھی ادا کیا ہے، فلسطین تباہی، ظلم و ستم کا شکار ہے اور آپ یہاں انہیں کرسمس کی مبارکباد دینے میں مصروف ہیں، یہ مناسب نہیں ہے، کچھ تو خیال کریں، اللہ ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے۔

    ماورا حسین نے جواب میں لکھا کہ،’عقیدہ دل میں ہوتا ہے وہ درخت پر نہیں ہوتا’۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ‘جو کام انہوں نے کیا ہے اس سے اقلیتوں کو ساتھ شامل کرنے کا احساس ہوتا ہے’۔

    ساتھ ہی انہوں نے صارفین سے کہا کہ’یہ کام وہ خود کررہی ہے اس لئے ضروری نہیں کہ سب لوگ بھی اس کام کو انجام دیں ‘۔

  • آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی جا کر مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی، چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی، آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد اور ترقی پسند پاکستان کے لیے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے، آرمی چیف نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈہ کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یک جان ہونا پڑے گا۔

    آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شان دار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ ’’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔‘‘

    آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

  • کرسمس کے دن بیت لحم کے چرچ کے سربراہ ریورنڈ منذر اسحاق کا رقت آمیز خطبہ

    کرسمس کے دن بیت لحم کے چرچ کے سربراہ ریورنڈ منذر اسحاق کا رقت آمیز خطبہ

    مغربی کنارہ: فلسطین کے علاقے بیت لحم میں ایوینجلیکل لوتھرن چرچ کے منبر پر سربراہ ریورنڈ منذر اسحاق نے کرسمس کے موقع پر ایک رقت آمیز خطبہ دیا اور دنیا کو اسرائیلی مظالم پر جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق کرسمس کے دن فلسطینی علاقے بیت لحم کے چرچ کے سربراہ ریورنڈ منذر اسحاق نے خطبے میں کہا کہ مسیح ملبے تلے دبے ہیں اور ہم غصے میں ہیں، ہم ٹوٹ چکے ہیں، وہ ہم پر بم پھینکتے ہیں اور اپنی سرزمین پر کرسمس مناتے ہیں۔

    انھوں نے کہا یہ خوشی کا وقت ہے لیکن ہم اس کے بجائے ماتم کر رہے ہیں، ہم خوف زدہ ہیں، 20 ہزار سے زیادہ مارے جا چکے ہیں، اور ہزاروں اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، اور 9 ہزار کے قریب بچوں کو انتہائی وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔

    دنیا بھر میں کرسمس کا جشن جاری، پوپ فرانسس کی تہوار سادگی سے منانے کی اپیل

    پاسٹر منذر اسحاق نے کہا ’’جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ غزہ اب موجود نہیں ہے، یہ ایک نسل کشی ہے دنیا دیکھ رہی ہے، چرچ دیکھ رہے ہیں، غزہ کے لوگ اپنے ہی خاتمے اور موت کی تصاویر بھیج رہے ہیں، اور ہم دنیا کی خاموشی پر اذیت میں مبتلا ہیں، دنیا کے رہنماؤں نے اس نسل کشی کے لیے اجازت دی ہوئی ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ہوسکتا ہے کہ دنیا پرواہ کرے لیکن یہ جاری ہے، ہمارے یورپی دوستوں کو میں دوبارہ کبھی انسانی حقوق یا بین الاقوامی قانون پر لیکچر دیتے نہیں سننا چاہتا، اس جنگ نے ثابت کر دیا کہ دنیا ہمیں مساوی نہیں سمجھتی، ہو سکتا ہے ہمارے رنگ کی وجہ سے۔

    انھوں نے کہا نو ہزار بچوں کا قتل سیلف ڈیفنس کیسا ہے؟ ایک اعشاریہ نو ملین فلسطینیوں کی نقل مکانی کس طرح اپنا دفاع ہے، سلطنت کے سائے میں انھوں نے استعمار کو شکار میں اور نوآبادیات کو جارح میں بدل دیا، کیا ہم بھول گئے ہیں کہ جس ریاست کی وہ بات کرتے ہیں وہ ان انتہائی سادہ لوح غزہ کے قصبوں اور دیہاتوں کے کھنڈرات پر بنائی گئی ہے۔

    پاسٹر منذر اسحاق نے مزید کہا کہ غزہ آج اخلاقیات کے سلسلے میں دنیا کے لیے ایک کمپاس کی مانند ہے، غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اگر آپ اس سے نا خوش نہیں ہیں، اگر آپ کا دل نہیں دہلا ہے تو آپ کی انسانیت میں کچھ خرابی ہے، اگر آپ اسے نسل کشی کہنے میں ناکام رہتے ہیں تو یہ ایک گناہ اور تاریکی ہے، جسے آپ اپنی مرضی سے قبول کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ غزہ تو ایک بار پھر اٹھ جائے گا، ہم بھی ابھر آئیں گے اس کڑے وقت سے، لیکن کیا آپ بھی ابھر سکیں گے؟ اور میں واضح کر دیتا ہوں کہ نسل کشی کے بعد ہم آپ کی معافی قبول نہیں کریں گے، آپ خود سے سوال کریں گے کہ جب غزہ میں نسل کشی ہو رہی تھی تو میں کہاں تھا؟

  • دنیا بھر میں کرسمس کا جشن جاری، پوپ فرانسس کی تہوار سادگی سے منانے کی اپیل

    دنیا بھر میں کرسمس کا جشن جاری، پوپ فرانسس کی تہوار سادگی سے منانے کی اپیل

    دنیا بھر میں کرسمس کا جشن جاری ہے، پاکستان سمیت دنیا کے ہر خطے میں آج کرسمس منایا جا رہا ہے، ایسے میں پوپ فرانسس نے تہوار سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری ہیں، ویٹی کن سٹی میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پوپ فرانسس نے کرسمس کا تہوار سادگی سے منانے کی اپیل کی۔

    پوپ فرانسس نے کرسمس کی عالمی تقریبات کا آغاز اس دکھ کے ساتھ کیا کہ یسوع کے امن کے پیغام کو ان ہی کی سرزمین پر ’جنگ کی لا حاصل منطق‘ کے ذریعے غرق کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا آج رات ہمارے دل بیت لحم میں ہیں، جہاں ’امن کے شہزادے‘ کو ایک بار پھر جنگ کی فضول منطق اور ہتھیاروں کی جنگ کے ذریعے مسترد کر دیا گیا ہے۔

    برلن کے فٹ بال اسٹیڈیم میں بھی کرسمس کی رنگا رنگ تقریب ہوئی، اور اسٹیڈیم موم بتیوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، امریکی ریاست فلوریڈا میں ہزاروں افراد سانتا کا روپ دھارے سرفنگ کرنے پہنچ گئے۔

    حضرت عیسیٰؑ کی ’جائے پیدائش‘ بیت لحم میں فضا سوگوار، کرسمس منسوخ

    میکسیکو میں بھی دیوہیکل کرسمس ٹری سج گیا، اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں سانتا رن کا اہتمام کیا گیا، روس میں کرسمس ٹری نے ہر سو روشنیاں بکھیر دیں۔

    برطانوی شاہی خاندان نے بھی کرسمس کی مناسبت سے کانسرٹ کا اہتمام کیا، فراسن ، بیلجیم، روس، چین اور اٹلی میں بھی کرسمس کی رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔