Tag: کرسمس

  • رہنے کے لیے نہیں، کھانے کے لیے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا

    رہنے کے لیے نہیں، کھانے کے لیے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا

    پولینڈ: ڈھائی سو سے زیادہ عمارتوں پر مشتمل ایک ایسا انوکھا قصبہ تعمیر کیا گیا ہے جس میں رہایش اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ اسے کھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرسمس کی آمد آمد ہے، کرسمس ٹری اور تحائف کے لین دین کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی روایتی اشیا کے بغیر کرسمس کا تہوار ادھورا سمجھا جاتا ہے۔

    اس غرض سے پولینڈ میں مزے دار جنجر بریڈ سے پورا قصبہ تعمیر کر لیا گیا ہے، یہ جنجر بریڈ ٹاؤن نمایش کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے، یہ 250 سے زائد عمارتوں، جھولوں، اور گاڑیوں پر مشتمل ہے، یہاں ہر چیز مزے دار جنجر بریڈ بسکٹس سے بنائی گئی ہے۔

    یہ کارنامہ پولینڈ کے علاقے گیلوِس میں 30 سے زائد آرٹسٹس نے انجام دیا، اس میں سیکڑوں گھر، ایک چرچ اور ایک قلعہ بھی بنایا گیا ہے، صرف قلعہ 3500 مزے دار جنجر بریڈ بسکٹوں سے بنایا گیا، یہ بسکٹ بھی ہاتھ سے تیار کیے گئے تھے۔

    جنجر بریڈ ٹاؤن میں چاکلیٹس سے دو ریل گاڑیاں بھی بنائی گئی ہیں جو چند سو جنجر بریڈ نفوس پر مشتمل شہر کی گلیوں میں دوڑتی پھرتی ہیں۔ خیال رہے کہ جنجر بریڈ سٹی کی تعمیر میں کئی ٹن جنجر بریڈ آٹا، سیکڑوں انڈے، کئی پاؤنڈ پاؤڈر شوگر اور بہت سارا شہد استعمال ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں نیویارک میں ماہر شیف نے جنجر بریڈ سے ایک مکمل گاؤں تعمیر کیا تھا جو 1 اعشاریہ 5 ٹن وزنی اور 5 سو اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل تھا، یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔

  • میرے پاس جو سفارش لے کر آئے اسے اپنا انجام یاد ہونا چاہیے: چیف جسٹس

    میرے پاس جو سفارش لے کر آئے اسے اپنا انجام یاد ہونا چاہیے: چیف جسٹس

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے سفارشیوں کو تنبیہہ کی ہے کہ ان کے پاس جو شخص سفارش لے کر آئے، اسے اپنا انجام یاد ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مضرِ صحت آئس کریم کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سفارشیوں کو اپنا انجام معلوم ہونا چاہیے۔

    [bs-quote quote=”مضرِ صحت آئس کریم کا پروڈکشن یونٹ سیل کرنے کا حکم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے دوران برہم ہو کر کہا ’مجھے سفارشی فون کرواتے ہو، کیسے لوگ ہیں آپ ؟‘

    لاہور کی ایک نجی بیکری کمپنی کی آئس کریم میں مضرِ صحت اجزا کی موجودگی سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے بیکری کے ذمہ داروں کو کل عدالت میں طلب کر لیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ بیکری کی مضرِ صحت اشیا کی فروخت بند کروائی جائے۔ دریں اثنا ڈی جی فوڈ پنجاب کیپٹن (ر) عثمان نے عدالت میں مضرِ صحت آئس کریم کی رپورٹ پیش کی۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب نے عدالت سے کہا کہ کارروائی کرنے پر ان کے خلاف کردار کشی کی مہم چلائی گئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  نہرو سمیت دیگرسیاسی لیڈرمیرے قائد کےقریب بھی نہیں‘ چیف جسٹس


    عدالت نے کردار کشی مہم کے معاملے پر پیمرا سے جواب طلب کر لیا، اور مضرِ صحت آئس کریم کا پروڈکشن یونٹ سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

    کرسمس مبارک

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی۔ سپریم کورٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کرسمس کی تقریب میں‌ شرکت

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کرسمس کی تقریب میں‌ شرکت

    اسلام آباد : آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کرسمس کے موقع پر کہا کہ مادر وطن کے لیے مسیحی برادری کا کردار قابل تعریف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یوم ولادت کے سلسلے میں کرسمس کا تہوار منارہی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ کرسمس کی تقریب میں شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔

    آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے اور مسیحی برادری تعلیم، صحت اور مفاد عامہ کے اداروں میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مادر وطن کی حفاظت و دفاع اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل تعریف ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شرکا نے آررمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا والہانہ استقبال کیا اور آرمی چیف کی آمد پر کافی دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔

    خیال رہے کہ کرسمس کے موقع پر صدر پاکستان عارف علوی نے مسیحی برادری کو مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی ملک کی ترقی واستحکام کے لیے گرانقدر خدمات ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسیحی برادری کو کرسمس پرمبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ مسیحی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں ہرسال 25دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے جس میں عیسائی برادری کی جانب سے گرجا گھروں اور رہائشی عمارتوں کو برقی قمقموں اور پھولوں کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے۔

  • سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی

    سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی

    کراچی: سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگادی، آج اور کل کراچی کی حدود میں ساحلوں پر نہانے پر پابندی ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق 31 دسمبر تا یکم جنوری 2019 کو بھی سمندر میں نہانے پر پابندی ہوگی، کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کرسمس، سال نو کے موقع پر سمندر میں نہانے پر پابندی لگائی گئی ہے، سمندر میں نہانے پر پابنددی شہریوں کے تحفظ کے لیے لگائی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: دفعہ 144 نافذ، سمندر میں نہانے پر پابندی

    سندھ حکومت کی جانب سے عائد ہونے والی پابندی کے بعد ساحل سمندر پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے حفاظتی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے کیونکہ ان ایام میں منچلے نوجوان بڑی تعداد میں سمندر کا رخ کرتے ہیں اور جذبات میں آکر قیمتی جان تک گنوا بیٹھتے ہیں۔

  • کرسمس سیزن: جرمن ایئرلائن ہزاروں مسافر ایئرپورٹ پرچھوڑگئی

    کرسمس سیزن: جرمن ایئرلائن ہزاروں مسافر ایئرپورٹ پرچھوڑگئی

    بون: یورپ میں کرسمس کا سیزن اپنے عروج پر ہے ، جس کے سبب ہفتے اور اتوار کو جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے ایئر پورٹ پر لفتھانسا ایئر لائن کی 88 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن ایئر لائن لفتھانسا کے ہزاروں مسافر اپنی پروازیں نہ لے سکے جس کا سبب تعطیلات کے سبب کم اسٹاف اور زیادہ مسافر بتائے جارہے ہیں۔ سکیورٹی چیکنگ پر لوگوں کے ہجوم اور اسٹاف کی کمی کے باعث تین ہزار افراد اپنی پروازوں تک نہ پہنچ پائے۔ مسافروں کو سکیورٹی چیکنگ پر اوسطاً 90 منٹ تک اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا۔

    فرینکفرٹ ایئر پورٹ کے ٹرمینل ایک سے پرواز کرنے والے لفتھانسا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بہت سے مسافر سکیورٹی چینکنگ پر شدید رش کے باعث فلائٹس تک بروقت نہ پہنچ پائے اور جہازوں سے ان کے سامان کو اتارنا پڑا اور یوں ایئر لائن کی 88 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    عام حالات میں ہفتے اور اتوار کو فرینکفرٹ ايئر پورٹ کے ذريعے ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ اسی ہزار تک مسافر سفر کرتے ہیں۔ جبکہ کرسمس سے قبل اس ویک اینڈ پر فرینکفرٹ ایئر پورٹ کے ذریعے دو لاکھ مسافر سفر کے لیے پہنچے اور بظاہر ایئر پورٹ کے پاس اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کے لیے ملازمین موجود نہ تھے۔

    ایئر پورٹ کو اس لیے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو جہاز میں لے جانے والے سامان کو جہاز میں چیک ان کرنے کی تجویز نہ دی گئی جو کہ سکیورٹی پر زیادہ وقت کی بہت بڑی وجہ بنتا ہے۔

    لفتھانسا کے ایک سینئر اہلکار ڈیٹلیف کیزر کا کہنا ہے، ’’فرینکفرٹ ایئر پورٹ کو سروس کی فراہمی سے متعلق شدید بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ فرینکفرٹ ایئر پورٹ پر 2019ء میں ایک نئے سکیورٹی اسٹیشن کی بنیاد رکھی جائے گی تاکہ زيادہ رش کے مسئلے کو حل کیا جا سکے‘‘۔

  • کرسمس کے موقع پر پہلا ’مسلم کرسچن‘ گانا ریلیز

    کرسمس کے موقع پر پہلا ’مسلم کرسچن‘ گانا ریلیز

    کرسمس کی آمدآمد ہے اور اس موقع پر پاکستان میں پہلی بار مسلم کرسچن کرسمس سانگ ریلیز کیا گیا ہے، اس گانے کا مقصد مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کےمیوزک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کرسمس کے موقع پر جاری کیا جانے والا گانے مسلمان اورعیسائی دونوں نظریات کی ترجمانی کررہا ہو۔

    اس گانے کے گلوکار حیدر چاؤ اور مشعل سباسچیٔن ہیں جبکہ گانے کا تصور علی ارمان بلتستانی نامی میوزک ڈائریکٹر کے ذہن کی پیداوار ہے جو کہ مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اورمعاشرے میں رواداری پر یقین رکھتے ہیں۔

    گانے کا کانسپٹ ، اور پراڈکشن کے تمام مراحل علی ارمان کے ہی چشمِ تصور کا نتیجہ ہیں اور اسے ٹی این اے ریکارڈز نامی کمپنی نے ریلیز کیا ہے۔ گانے کی موسیقی عامر قریشی نے ترتیب دی ہے جبکہ اسے او ڈی ایس اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اس منفرد گانے کا مرکزی خیال خدا کی وحدانیت کے گرد قائم کیا گیا ہے کہ جب ہمارا خدا ایک ہے اور ہم ایک ہی دنیا میں رہتے ہیں تو پھر ہماری خوشی اور ہمارے غم کیوں ہم آہنگ نہیں ہوسکتے ۔

    یاد رہے کہ آج کی شام کرسمس کی شام ہے اور اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد مسیحی برادری حضرت عیسیٰ کی پیدائش کا جشن مناتی ہے۔ عیسائت میں اس دن کو عید کی اہمیت حاصل ہے اور پاکستان میں اس موقع پر خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

  • بارک اوباما نے سانتا کلاز کا روپ دھار لیا

    بارک اوباما نے سانتا کلاز کا روپ دھار لیا

    واشنگٹن: مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی آمد میں اب صرف چند روز باقی ہیں لیکن دنیا بھر میں اس تہوار کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

    ایسے میں سابق امریکی صدر بارک اوباما بھی سانتا کلاز کی ٹوپی پہن کر واشنگٹن کے چلڈرن اسپتال پہنچے جہاں بچے انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اوباما کاندھے پر تحفوں کا تھیلا لادے بچوں سے مل رہے ہیں اور ان میں تحائف بھی تقسیم کررہے ہیں۔

    اوباما نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ لوگوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی، اوباما نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے سابق امریکی صدر اوباما کو اپنے سامنے دیکھ کر کتنے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر باراک اوباما کے یوں اچانک سرپرائز دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ننھے مریضوں کا دن آپ کی آمد سے بہت اچھا گزرا۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آپ کا یوں سرپرائز دینا سب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سبب بنا، ہمارے مریض آپ کی محبت اور تحفوں کو پاکر بہت خوش ہوئے۔

    اوباما نے جوابی ٹویٹ میں چلڈرن اسپتال کی انتظامیہ، بچوں اور ان کے اہل خانہ کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو مجھے سانتا کے روپ میں قبول کرنے کا شکریہ۔

  • فرانس: فائرنگ کے باعث بند ہونے والا کرسمس بازار دوبارہ کھول دیا گیا

    فرانس: فائرنگ کے باعث بند ہونے والا کرسمس بازار دوبارہ کھول دیا گیا

    پیرس: فرانس میں فائرنگ کے باعث بند ہونے والا کرسمس بازار حالات معمول پر آنے کےبعد دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فرانس کے شہر اسٹرسبرگ میں کرسمس بازار کو فائرنگ واقعے کے بعد بند کردیا گیا تھا، اس حملے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہر میں اب حالات معول پر ہیں اور عوام کی آمدورفت بھی پہلے کی طرح بحال ہوچکی ہے۔

    پولیس نے گذشتہ روز جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے حمہ آور کو اہم کارروائی میں ہلاک کردیا تھا، دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے حملے میں ہلاک افراد کے ورثا سے ملاقات بھی کی تھی۔

    فرانس: کرسمس بازار میں فائرنگ کرنے والا حملہ آور ہلاک، حکام کی تصدیق

    اس حملے کے بعد کرسمس بازار سمیت دیگر اہم اور تاریخی مقامات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل فائرنگ کا واقعہ فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ میں پیش آیا تھا جہاں کرسمس بازار میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی کردیا تھا۔

    بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے پیچھا کیا اور اس دوران پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حملہ آور کی فائرنگ سے پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

  • امریکی فیصلے نے اسرائیل و فلسطین تنازعے کو بھڑکا دیا ہے، پوپ فرانسس

    امریکی فیصلے نے اسرائیل و فلسطین تنازعے کو بھڑکا دیا ہے، پوپ فرانسس

    مسیحوں کے مبارک دن کے موقع پر پوپ فرانسس نے اپنے روایتی پیغام میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فیصلے کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے۔

    یہ بات ویٹی کن میں لاکھوں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہی،اُن کا کہنا تھا مشرق وسطیٰ کے بچے ان کشیدہ حالات کے سب سے بڑے متاثرین ہیں جن کا بچپن تنازعات اور جنگ نے چھین لیا ہے اور وہ ایک دہشت زدہ ماحول میں پرورش پارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ ہر تنازعے کا حتمی حل مزاکرات سے ہی نکلتا ہے اور آج مسیح علیہ السلام کے جنم دن کے مبارک موقع پر میں دعا گو ہوں کہ اسرائیل و فلسطین امن اور سلامتی کے ساتھ حل ہوجائے۔

    فلسطین کے علاوہ پوپ فرانسس نے شام، عراق اور یمن میں بھی قیام امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔

    پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ جنگ کا طوفان ہماری دنیا کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے جس کے باعث اللہ کی سب سے اعلیٰ مخلوق کو انسانیت کی تذلیل، سماجی گٹھن اور معاشی بد حالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    یاد رہے کرسمس کے موقع پر لاکھوں مسیح افراد دنیا بھر سے ویٹی کن میں جمع ہوتے ہیں جہاں موجودہ پوپ خصوصی خطاب کرتے ہیں۔

  • پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوارمنارہی ہے

    پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوارمنارہی ہے

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری کرسمس کا تہوارجوش وخروش سے منارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یوم ولادت کے سلسے میں کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کرسمس کے موقع پر تقریبات منعقد کی گئیں جس میں ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

    کرسمس کے تہوار پر گرجا گھروں کو برقی قمقموں،اورپھولوں کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ مرد وخواتین اور بچوں نے مذہبی تہوار کے حوالے سے خریداری بھی کی۔


    پناہ گزینوں کااحترام کرنا ہمارے ایمان کا جزہے


    ویٹیکن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ عیسائیت کی رو سے ان کےعقیدہ کا جز ہے کہ اپنی سر زمین سے بےدخل کیے گئے تمام پناگزینوں کوعزت واحترام دیا جائے۔

    کرسمس کے موقع پرصدرممنون حسین نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی ملک کی ترقی واستحکام کے لیے گرانقدرخدمات ہیں۔


    صدرمملکت اور وزیراعظم کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد


    دوسری جانب وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے مسیحی برادری کو کرسمس پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس ہمیں انسانیت کی فلاح کا پیغام دیتی ہے۔


    مزید پڑھیں : کرسمس اور سرد موسم، گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل تبدیل کر لیا


    واضح رہے کہ مسیحی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں ہرسال 25دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے جس میں عیسائی برادری کی جانب سے گرجا گھروں اور رہائشی عمارتوں کو برقی قمقموں اور پھولوں کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔