Tag: کرسٹیا فری لینڈ

  • گاڑی نہ رکھنے والی کینیڈین وزیر خزانہ پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا

    گاڑی نہ رکھنے والی کینیڈین وزیر خزانہ پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا

    ٹورنٹو: کینیڈا کی ایک خاتون وزیر پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا، دل چسپ بات یہ ہے کہ خاتون کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے پاس اگرچہ کوئی کار نہیں ہے، تاہم البرٹا ہائی ویز پر تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے لیے انھیں جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

    کرسٹیا فری لینڈ ایک شوقین سائیکلسٹ ہیں، ان پر ان کے آبائی صوبے البرٹا میں تیز رفتاری پر 200 ڈالر جرمانہ کیا گیا، انھیں گرانڈے پریری اور پیس ریور کے قصبوں کے درمیان 132 کلو میٹر فی گھنٹہ (82 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ کی ترجمان کیتھرین کپلنسکاس نے منگل کو بتایا کہ کرسٹیا فری لینڈ نے جرمانہ ادا کر دیا ہے، اگرچہ انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ سڑک پر رفتار کی حد کیا تھی، تاہم البرٹا ہائی ویز پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

    رپورٹس کے مطابق قانون ساز کرسٹیا فری لینڈ کینیڈا کے سب سے بڑے شہر وسطی ٹورنٹو میں ایک پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتی ہیں، سائیکل پر اکثر ان کی تصاویر سامنے آتی رہتی ہیں۔ گزشتہ ماہ انھوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کے پاس کوئی کار نہیں ہے اور یہ کہ اس بات پر ان کے والد حیران ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بھی سائیکل پر آتے جاتے ہیں۔

  • سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    ٹورنٹو : کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے سعودی حکومت کی جانب سے ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی کو شرمناک قرار دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا اورسعودی عرب میں سفارتی تناؤ شدت اختیار کرگیا، سعودی حکام کی جانب سے کینیڈا کے لئے پروازیں بند کرنے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں تمام اسکالر شپس، تربیتی اور فیلو شپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں جو کسی اور ملک منتقل کیے جائیں گے۔

    کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے اسکالرشپس بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے سخت اقدامات کے باوجود کینیڈا اپنے موقف پرقائم رہے گا۔

    میڈیا سے گفتگو میں سعودی طلبا کی امریکہ و برطانیہ منتقلی پر اپنے ردعمل میں کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں زیرتعلیم سعودی طلباء کو اپنی تعلیم مکمل کرنے سے روکنا شرمناک ہے۔

    کرسٹیا فری نے کہا کہ کینیڈا انسانی حقوق کے معاملے پر آواز اٹھاتا رہے گا۔


    مزید پڑھیں :  سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں


    یاد رہے کہ سعودی عرب نے کینیڈا سے سفیر واپس بلانے کے بعد ٹورنٹو کیلئے سعودی ائیر لائین کی پروازیں معطل کر دیں۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے بھی روک رہا ہے، وہ اپنے داخلی معاملات میں مداخلت پسند نہیں کرتا۔

    واضح رہے کہ کینیڈا نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش ظاہرکی تھی، جسے سعودی عرب نے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔

    جس کے بعد سعودی عرب نے کینیڈین سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کے ساتھ ساتھ کینیڈا سے سعودی سفیر کو بھی واپس بلالیا تھا۔