Tag: کرفیو

  • باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

    باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

    باجوڑ (11 اگست 2025): باجوڑ میں آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج صبح 11 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلع انتظامیہ کے مطابق شہری صبح 10:30 بجے تک تمام سرگرمیاں ختم کر کے گھروں میں محدود رہیں، کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت پر شہری خود ذمہ دار ہوں گے۔

    دریں اثنا، جشن آزادی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تفریحی مقام مری میں 12 سے 14 اگست تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    مری میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ، کس کو استثنیٰ حاصل ہوگا؟


    ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاہم 14 اگست کو اس پابندی سے فیملیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا اور انھیں مال روڈ پر داخلے کی اجازت ہوگی۔

  • شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ کردیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ رہے گا۔ کرفیو کے دوران تمام مین شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران عوام گھروں میں رہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 13 جوان شہید ہوگئے تھے جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید ہوئے تھے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شہدا میں شامل ہیں۔

    بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی میں دو بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خودکش بم بار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی، جوابی کارروائی میں 14 خوارج مارے گئے۔

    سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 11فتنہ الخوارج ہلاک

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

  • ٹانک میں سیکورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ

    ٹانک میں سیکورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ

    خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں آج جزوی کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ ٹانک کے مطابق کرفیو صبح 6 سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گا، کوڑ قلعہ، خرگئی، منزئی شاہراہ پر کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈبرہ بازارمکمل طور پر بند رہے گا، گومل وانا شاہراہ کوڑ قلعہ تک کھلی رہے گی، کڑی وام، جنڈولہ میں تمام نقل وحرکت بند رہے گی۔

    اعلامیے کے مطابق سروکئی جنڈولہ شاہراہ، رزمک سے مکین، سرارواغہ تک کرفیورہے گا، کوٹ کئی جنڈولہ شاہراہ اور توروام سے انضر چینہ تک کرفیو نافذ رہیگا جبکہ شکئی سے انضرچینہ تک نقل وحرکت معطل رہے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں نے سکیورٹی اداروں کی پوسٹ پر حملہ کیا تھا جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا تھا۔

    کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل ایکسپریس کو سکیورٹی کلیئرنس نہ مل سکی

    دہشتگردوں نے جنڈولہ میں پوسٹ پر حملہ کیا تھا جو پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا گیاتھا، ایک دہشتگرد نے خود کو گیٹ پر اڑا لیاتھا۔

    سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

  • شامی حکومت کو ابھی سے کرفیو نافذ کرنا پڑ گیا

    شامی حکومت کو ابھی سے کرفیو نافذ کرنا پڑ گیا

    دمشق: شام کی عبوری انتظامیہ نے بدھ کے روز کئی شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں عبوری حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہے، حکام نے مغربی ساحلی شہروں طرطوس اور لطاکیہ اور مرکزی شہر حمص میں 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا، جو جمعرات کی صبح 5 بجے سے نافذ العمل ہے۔

    طرطوس میں بشارالاسد کی حامی فورسز کے حملوں میں 14 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے تھے، جھڑپیں بشارالاسد کے ملٹری جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کی گرفتاری کے دوران ہوئیں۔

    شامی صوبہ طرطوس بشارالاسد کا مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے، محمد کانجو حسن کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا، شام کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد بڑے پیمانے پر شہروں میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، جن کی قیادت اقلیتی علوی اور شیعہ کمیونٹیز کر رہے ہیں، روئٹرز نے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسد کے وفادار ہونے کے ناطے علویوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس پر وہ مظاہرے کرنے لگے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق بدھ کے روز علوی کے مزار سے متعلق ایک ویڈیو گردش کرنے لگی تھی جس میں دیکھا گیا کہ جنگجوؤں نے مزار پر حملہ کر کے پانچ نگرانوں کو مارا اور مزار کو نذر آتش کر دیا، یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شام کے کئی شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاج شروع کیا۔ لطاکیہ، طرطوس، حمص، دمشق اور حما میں مظاہرین نے اس واقعے کو علوی برادری کے اہم مذہبی مقام پر حملہ قرار دیا۔

  • جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کرفیو نافذ کر دیا

    جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کرفیو نافذ کر دیا

    بیروت: جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں گزشتہ رات کرفیو نافذ کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ دریائے لیطانی کے جنوب میں سفر جمعرات کی شام تک ممنوع ہے۔

    کرفیو کا نفاذ دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں میں ہوگا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شہری خالی کرائے گئے قصبوں میں ابھی واپس نہیں جا سکتے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جنگ بندی کے بعد ہزاروں لبنانیوں نے جنوب میں اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کیا تھا، تباہی دیکھ کر شہری پریشان ہیں۔

    دوسری طرف جنگ بندی کے معاہدے کے بعد اپنے پہلے بیان میں حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل پر فتح حاصل کر لی ہے اور اس کے جنگجو تیار ہیں۔ حزب اللّٰہ نے اعلان نے کیا ہے کہ حسن نصراللّٰہ کا جسد خاکی شایان شان انداز میں سپرد خاک کیا جائے گا، جلد تاریخ بتائی جائے گی۔

    حسن نصراللہ کی شہادت کے 2 ماہ بعد نماز جنازہ کا اعلان

    حسن نصراللّٰہ 27 ستمبر کو بیروت کے جنوبی ٹاؤن پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے تھے، ان کا جسد خاکی امانتاً دفن کیا گیا تھا۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کے مستقل خاتمے کی امیدیں پیدا کر دی ہیں، اور سرحد پار سے ایک سال سے زیادہ جاری رہنے والی لڑائی بھی اب ختم ہو چکی ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3,823 افراد مارے جا چکے ہیں اور 15,859 زخمی ہوئے۔

  • بنگلہ دیشی فوج کا ملک سے کرفیو اٹھانے کا اعلان

    بنگلہ دیشی فوج کا ملک سے کرفیو اٹھانے کا اعلان

    ڈھاکا: بنگلہ دیشی فوج کی جانب سے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے اگلے روز ملک سے کرفیو اٹھا لیا گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک سے کرفیو اٹھانے کا اعلان بنگلادیشی فوج کے پبلک ریلیشن ڈپارٹمنٹ نے کیا جب کہ ملک میں تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا سمیت مختلف شہروں میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھول دیا گیا ہے۔

    طلبہ کی ایک بڑی تعداد تعلیمی اداروں کی بندش اور ملکی حالات کی وجہ سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئی تھی، جن کی واپسی میں اب وقت لگے گا۔

    بنگلادیش میں اساتذہ کی تنظیم یونیورسٹی ٹیچرز نیٹ ورک آج میٹنگ میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

    دوسری جانب بنگلادیشی صدر شہاب الدین نے رات گئے قوم سے خطاب کے دوران فوج کو شہریوں اور ریاستی اثاثوں کے تحفظ کیلئے سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔

    بنگلہ دیشی صدر شہاب الدین کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت جلد از جلد انتخابات کروائیگی۔ انہوں نے کہا کہ خالدہ ضیا سمیت تمام بے گناہ قیدیوں کو رہا کردیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں امن و امان بحال اور تخریب کاری بند کروائیں۔

    عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹوں سے حملہ، متعدد اہلکار زخمی

    بنگلادیشی صدر کا قوم سے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ طلبہ تحریک کے متاثرین کو اہلخانہ کو معاوضہ دیا جائیگا۔

  • سری لنکا میں املاک اور گاڑیوں پر آتش گیر مادے سے حملے

    سری لنکا میں املاک اور گاڑیوں پر آتش گیر مادے سے حملے

    کولمبو: سری لنکا میں املاک اور گاڑیوں پر آتش گیر مادے سے حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا ملک گیر کرفیو کے باوجود شہر شہر حملے اور مظاہرے جاری ہیں، مظاہرین املاک اور گاڑیوں پر آتش گیر مادے سے حملے کر رہے ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کو شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے لیکن مظاہرے پھر بھی جاری ہیں، اور پُرتشدد مظاہروں میں 9 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

    سری لنکن فوج کے مطابق مستعفی وزیرِ اعظم مہندا راجا پاکسے نے ایک بحری اڈے میں پناہ لے لی ہے۔

    بدھ کی رات کو صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے قوم سے خطاب کیا تھا، جس میں انھوں نے شدید مطالبے کے باوجود مستعفی ہونے کے معاملے کو یکسر نظر انداز کیا، جس پر شہری انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    سری لنکا کس طرح معاشی بحران کا شکار ہوا؟

    انھوں نے گزشتہ ماہ مظاہروں کے آغاز کے بعد اپنے اس پہلے قومی خطاب میں صدارت کے کچھ اختیارات پارلیمنٹ کو دینے کی پیش کش کی ہے، لیکن کوئی ٹائم ٹیبل طے نہیں کیا، جس پر سری لنکا کے وہ لوگ جو ان سے بے مثال معاشی بحران پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، خطاب سے بالکل متاثر نہیں ہوئے۔

    سری لنکن شہریوں کا کہنا ہے کہ انھیں اصلاحات کی ضرورت نہیں ہے بلکہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ صدر کا استعفیٰ ہے۔

  • کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کرفیو 1 مہینے کے لیے شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کی وزرا کونسل نے شیخ صباح خالد الحمد الصباح کی سربراہی میں جمعرات کو ہونے والے اپنے غیر معمولی اجلاس کے دوران ملک کے تمام حصوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کرفیو کا اطلاق اتوار شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک پورے مہینے کے لیے شروع ہو جائے گا۔

    حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے کابینہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کونسل نے ملک میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کو اتوار سے شام 5 بجے سے شروع ہونے والے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پابندی کے وقت نمازیوں کو اپنے گھروں کے قریب مسجدوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، جزوی پابندی کے وقت ریستوران، سوسائٹیز، فارمیسیوں اور متوازی مارکیٹوں کو آرڈر فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ پابندی سے پہلے کے اوقات میں ریستورانوں میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ علاوہ ازیں صرف 2 افراد کو ٹیکسی کے اندر سواری کی اجازت ہو گی۔

    تمام پبلک پارکس بند رہیں گے جبکہ اگلے نوٹس تک ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ نیلامیوں کے انعقاد کو محدود کرنے اور انہیں کمپنیوں، کوآپریٹو سوسائٹیوں، متوازی بازاروں اور فوڈ مارکیٹنگ کی دکانوں تک محدود رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی حکام کی کرفیو کے حوالے سے وضاحت

    سعودی حکام کی کرفیو کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کرفیو نافذ کیا جائے گا، کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلہوب کا کہنا ہے کہ کرونا ایس او پیز کی میعاد میں توسیع صحت حکام کے مطالبے پر کی گئی ہے۔

    الشلہوب نے کرونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے کرونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کی تو ایسی صورت میں کرفیو ہرگز نہیں لگایا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ کووڈ 19 سے متعلق افواہیں پھیلانے والے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ اگر کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے جرمانے یا کسی سزا پر کسی کو کسی قسم کا اعتراض ہو تو وہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا اعتراض ریکارڈ کرواسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی سخت حفاظتی تدابیر میں 20 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔

    سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسز رواں ماہ مسلسل 300 سے زیادہ سامنے آرہے ہیں۔

  • اس تصویر کی حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    اس تصویر کی حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن ختم کردیے جانے کے بعد ایک بار پھر سے سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    کینیڈا کے صوبے کیوبک میں بھی رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاہم کچھ افراد کو استثنیٰ دیا گیا جیسے ضروری کاموں پر جانے والے افراد یا پھر پالتو جانور کو ٹہلانے کے لیے نکلنے والے افراد۔

    ایک کینیڈین جوڑے نے اس استثنیٰ کا فائدہ نہایت حیران کن انداز میں اٹھایا۔

    ازابیل نامی خاتون اپنے شوہر کے ساتھ چہل قدمی کے لیے باہر نکل آئیں اور ان کے شوہر ان کے ساتھ اس حالت میں تھے کہ وہ چاروں ہاتھ پاؤں پر چل رہے تھے جبکہ ان کے گلے میں پٹہ ڈلا ہوا تھا۔

    پولیس کے روکنے پر خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کتے کو ٹہلانے کے لیے باہر نکلی ہیں۔

    مقامی پولیس کے مطابق جوڑے نے پولیس سے بالکل تعاون نہیں کیا جبکہ ان پر عائد جرمانہ بھی دینے سے انکار کردیا گیا۔ خاتون کے تعاون نہ کیے جانے پر ان پر 6 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران مختلف افراد نے باہر جانے کی پابندیوں میں استثنیٰ کا مختلف انداز سے فائدہ اٹھایا ہے۔ اس سے قبل نیدر لینڈز میں ایک شخص کھلونا کتا لے کر باہر نکلا اور پولیس کے دریافت کرنے پر کہا کہ وہ اپنا کتا ٹہلانے کے لیے نکلا ہے۔

    پولیس نے مذکورہ شخص کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا تھا۔