Tag: کرفیو پاس

  • سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا جس میں ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن جنرل کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے نافذ کیے جانے والے کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    پبلک پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے کرفیو پاسز جاری کیے جاتے ہیں تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اشیائے ضروریہ کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

    بیان کے مطابق کرفیو پاسز کو جعلی طور پر تیار کرنے، ان میں رد و بدل کرنے اور کسی بھی قسم کا اضافہ یا کمی کرنے والے قانونی طور پر مجرم شمار کیے جائیں گے۔

    انتباہی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جعلی کرفیو پاس کی تیاری اور تقسیم میں کسی بھی نوعیت کا تعاون کرنے اور اسے استعمال کرنے والے بھی قانون شکنی کے مرتکب قرار پائیں گے۔

    کرفیو پاسز میں جعل سازی کی سزا کے حوالے سے ادارہ پراسیکیوشن جنرل کا کہنا تھا کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے پر ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی، علاوہ ازیں جرم میں استعمال ہونے والی تمام اشیا و رقوم بھی بحق سرکار ضبط کر لی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ریاض کرائم برانچ نے 3 رکنی گروہ کو انتہائی ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا تھا جو جعلی کرفیو پاس تیار کر کے 3 ہزار ریال فی پاس فروخت کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں وزارت داخلہ نے کرفیو پاسز کے لیے ڈیجٹل طریقہ کار متعارف کروایا ہے جس کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔

    پاس کے بغیر کرفیو کے اوقات میں گرفتار ہونے والے کو 10 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، کرفیو میں ہیوی ٹرانسپورٹ، فوڈ ڈلیوری، اشیائے خور و نوش سپلائی کرنے والے اور لاجسٹک کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو ان کے اداروں کی جانب سے پاسز جاری کروائے جاتے ہیں۔

  • ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، جعلی پاس حاصل کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک پاس بنانے پر 3 ہزار ریال لیتا تھا۔

    وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کی کارروائی جاری کی ہے، ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ ریاض میں ایک گروہ جعلی کرفیو پاس تیار کر رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس دوران شہر کی متعدد چوکیوں پر جعلی کرفیو پاس لینے والے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے ایک فرد نے ان سے رابطہ کیا۔

    پولیس کے مطابق خفیہ پولیس اہلکار نے گروہ سے 30 پاس بنوانے کا مطالبہ کیا، ایک پاس کی قیمت 3 ہزار ریال مقرر کی گئی۔

    جب جعلی کرفیو پاس تیار ہوگئے تو وصول کرنے اور رقم حوالے کرنے کے لیے جگہ مقرر کی گئی، جب وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی تو پولیس نے چھاپہ مار کر گروہ کے چند افراد کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گروہ کی نشاندہی پر ان کے ٹھکانے پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں سے جعلسازی میں استعمال ہونے والی اشیا ضبط کی گئیں۔