Tag: کرفیو

  • کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔

    کویت حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 28 مئی سے شام 6 سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کیا تھا جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت نے صورتحال بہتر ہونے کی نوید دیتے ہوئے کرفیو کے خاتمے کا اعلان کیا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں اپنے ہم وطنوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اداروں اور افراد نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب ہم ان قربانیوں کا صلہ دیکھنے جارہے ہیں۔

    کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

    فی الوقت کویت میں کرونا وائرس کے 84 ہزار 636 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 76 ہزار 650 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کویت میں کرونا وائرس سے 530 اموات ہوچکی ہیں۔

  • عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    مسقط: عمان میں عید الاضحیٰ کے باعث 15 روز کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    عمان کی نیوز ایجنسی کے مطابق سلطنت عمان میں عید الاضحیٰ کے دوران 25 جولائی سے 8 اگست تک شہروں کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران تمام کمشنریوں اور شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و عوامی مراکز بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 سو 58 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 887 ہوگئی ہے جبکہ 337 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے باعث دارالحکومت مسقط سمیت ظفار، دقم اور دیگر سیاحتی علاقوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ دیگر خلیجی ممالک کی طرح عمان نے بھی اپنی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔

  • جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے لگائے گئے کرفیو کے خاتمے کے بعد جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کو بھی کھول دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد پارکس اور ساحل کورنیش پر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ملک کے تمام علاقوں میں کووڈ 19 وائرس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے پارکس اور ساحلی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

    کرفیو کے دوران بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ساحلی پارکوں اور تفریحی مقامات کی از سر نو تزئین اور آرائش کا کام کیا گیا، اس دوران پارکوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرنے کے علاوہ بیٹھنے کے مقامات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

    بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران چونکہ تفریحی مقامات پر لوگ نہیں آرہے تھے اس لیے صفائی اور سینی ٹائزنگ کا کام تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔

    واضح رہے جدہ میں عید الفطر کے بعد ساحلی تفریح گاہ ’کورنیش‘ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا کیونکہ کرفیو کھلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ کورنیش پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہاں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہیں رہا تھا۔

    وزارت صحت کی جانب سے سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کرونا کے حفاظتی اقدام کے تحت کورنیش پر موجود تفریحی پارکوں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا تھا۔

  • اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،سعید غنی

    اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،سعید غنی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،جس کی ہم پوزیشن میں نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ آج اگر مارچ والا لاک ڈاؤن کریں تو ایسا کرنا مشکل ہوگا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ جس قسم کا ہمیں لاک ڈاؤن چاہیے تھا ویسا نہیں ہوا،ہم نے شروع میں جولاک ڈاؤن لگایا تھا اب ویسا نہیں ہوسکےگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اب مزید لاک ڈاؤن ممکن نہیں ہے،لاک ڈاؤن لگا کر جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے وہ حاصل نہیں کرسکے۔

    وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،جس کی ہم پوزیشن میں نہیں ہیں۔

    کرونا جانے والا نہیں، ویکسین کی تیاری تک ساتھ رہے گا، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا لاک ڈاؤن نہیں چاہتا تھا جو پاکستان میں ہوا،بدقسمتی سے جو لاک ڈاؤن ہوا اس نے نچلے طبقے کو تکلیف پہنچائی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس جانے والا نہیں، ویکسین کی تیاری تک ساتھ رہے گا اس وائرس نے بڑھنا ہے یہ پھیلے گا اور ہماری اموات بھی بڑھیں گی اس لیے ایس او پیز پر جتنا عمل کریں گے اور احتیاط کریں گے، محفوظ رہیں گے۔

  • دبئی میں کل سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

    دبئی میں کل سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کل سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی، تمام سرگرمیوں کے دوران حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی میں حکام نے بدھ 27 مئی سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے اور آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، تجارتی ادارے روزانہ صبح 6 سے رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    ولی عہد دبئی اور ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے عید الفطر کے چوتھے دن سے دبئی میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

    دبئی کے ولی عہد کا کہنا ہے کہ اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم اعلیٰ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ملک میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا ہے۔

    آن لائن اجلاس میں دبئی کے نائب سربراہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم، بحرانوں کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم اور کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔

    شیخ حمدان بن محمد نے بتایا کہ اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ ریاست کے تازہ حالات کی روشنی میں اقتصادی، سماجی اور صحت اثرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر کیا گیا ہے۔

    ولی عہد دبئی نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے 24 گھنٹے احتیاطی تدابیر پر عمل کروائیں، اس حوالے سے آگہی مہم پر خصوصی توجہ دیں۔

    شیخ حمدان نے مزید کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ کرونا کی وبا کے باعث عالمی بحران نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے تاہم امارات کا معاشرہ ہر چیلنج پر پورا اتر کر رہے گا۔

    انہوں نے اطمینان دلایا ہے کہ ملک میں کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں موجود ہیں، نجی ادارہ بھی تعاون کر رہا ہے۔ دبئی ورلڈ کمرشل سینٹر میں فیلڈ ہسپتال 3 ہزار بستروں پر مشتمل ہے۔

    شیخ حمدان نے تمام سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ مختلف اقتصادی سرگرمیوں، بازاروں اور اداروں سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کروائیں۔

  • کرونا وائرس: سوڈان میں کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 افراد جان سے گئے

    کرونا وائرس: سوڈان میں کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 افراد جان سے گئے

    خرطوم: شمالی افریقی ملک سوڈان میں سیکورٹی اہلکار نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر دو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں کرونا وائرس کے باعث نافذ کرفیو کے دوران باہر نکلنے پر سیکورٹی اہلکار کی فائرنگ سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    سوڈانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر عامر الحسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تیز رفتاری سے فوجی چیک پوسٹ کی جانب آنے والے رکشے کو رکنے کے لیے کہا گیا،رکشہ نہ روکنے پر چیک پوسٹ پر تعینات فوجی نے فائرنگ کر دی جس سے رکشے میں موجود دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوگئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ہفتے کی شام خرطوم کے وسطی علاقے القوز ابو حمامہ چوک پر پیش آیا۔بریگیڈیئر عامر الحسن کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے فوجی کو قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سوڈانی فوج کے ترجمان کے مطابق شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرفیو کی پابنید اور سیکورٹی فورسز کی ہدایات کا احترام کریں۔

  • اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    عمان: اردن کی حکومت نے عید کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھولنے کا اعلان کیا ہے، عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھول دیے جائیں گے تاہم عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عوام بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے پیدل آ جا سکیں گے۔

    وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منگل 12 مئی سے کرفیو کے اوقات میں مزید نرمی کردی جائے گی، عوام صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے نکل سکیں گے۔

    ان کے مطابق منگل 26 مئی سے سرکاری ملازم دفاتر میں کام کرنا شروع کردیں گے، حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک گائڈ بک تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے بعد ڈیوٹی پر واپس آنے کی صورت میں کن امور کی کس طرح پابندی کریں گے۔

    گائڈ بک میں نئے کرونا وائرس سے بچاؤ اور اسے لگنے سے روکنے کے لیے مکمل حفاظتی تدابیر اور ہدایات درج کی گئی ہیں، سرکاری اداروں کے ملازم متعدد خدمات آن لائن انجام دیں گے جبکہ دیگر کارکن دفاتر پہنچ کر ڈیوٹی دیں گے۔

    خیال رہے کہ اردنی حکومت نے 17 مارچ 2020 سے تمام سرکاری ادارے اور محکمے بند کردیے تھے البتہ اہم اداروں کو اس سے استثنیٰ دیا گیا تھا، وزیر کے مطابق ہر جمعے کو پورے ملک میں تا اطلاع ثانی مکمل کرفیو رہے گا۔

  • بحرین: دکانیں اور کاروباری ادارے کھولنے کا اعلان

    بحرین: دکانیں اور کاروباری ادارے کھولنے کا اعلان

    مناما: بحرین میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے جمعرات سے دکانیں اور صنعتی و کاروباری ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بحرین نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں جمعرات سے نرمی کا اعلان کیا ہے۔

    وزارت صحت کے حکام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بحرین میں دکانیں اور صنعتی و کاروباری ادارے کھولے جائیں گے تاہم ریستوران بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ بحرین میں مارچ کے آخر میں غیر ضروری دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے تھے اور غیر ملکی سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

    وزارت صحت کے حکام نے مزید کہا کہ جو دکانیں یا ادارے کھولے جا رہے ہیں ان کے ملازمین اور صارفین کے لیے لازمی ہے کہ وہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی ہدایت پر عمل کریں۔

    حکام کے مطابق سنیما گھر، اسپورٹس کے مراکز اور سیلون بدستور بند رہیں گے۔

    واضح رہے کہ بحرین میں اب تک کرونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی کل تعداد 4 ہزار 941 ہوگئی ہے۔

  • ابو ظہبی: کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے انوکھا طریقہ

    ابو ظہبی: کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے انوکھا طریقہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں حکام نے کرفیو کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے ریڈار سسٹم کا استعمال شروع کر دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اور کرفیو کی پابندی نہ کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے ریڈار سسٹم کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ امارات میں کرفیو کے دوران شہری روزانہ رات دس بجے سے صبح 6 بجے تک گھروں میں ر ہنے کے پابند ہیں، اس دوران گھروں سے نکلنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ابو ظہبی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں سے نہ نکلیں۔

    اس دوران صرف اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز سے ادویات اور علاج کے لیے نکلنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی اور کام کے لیے نکلنے پر پابندی ہے۔

    نکلتے وقت ماسک پہننا اور دستانے استعمال کرنا ضروری ہے جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی بھی کی جائے گی۔

    ابو ظہبی کے پبلک پراسیکیوٹر نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے دوران انتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نکلے گا، اس پر 2 ہزار درہم کا جرمانہ ہوگاَ۔

    کرونا وائرس کے اقدامات کی خلاف ورزی پر اعتراض پبلک پراسیکیوشن کے لنک پر جا کر بھی ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے، اعتراض ریکارڈ کرواتے وقت جرمانے کے غلط ہونے کا ثبوت بھی منسلک کرنا ہوگا۔

  • کرفیو سے متعلق سعودی حکومت نے شہریوں کو خبردار کردیا

    کرفیو سے متعلق سعودی حکومت نے شہریوں کو خبردار کردیا

    ریاض: سعودی حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کرفیو میں نرمی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک عوام کرونا کے خلاف حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرفیو میں نرمی ریلیف کے طور پر دیا گیا اس ضمن میں اگر غیرحفاظتی اقدامات کیے گئے تو کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے عندیہ دیا کہ عوام کی غیرسنجیدگی کی صورت میں کرفیو میں نرمی ختم بھی کی جاسکتی ہے، جبکہ شہری سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اپناتے رہے تو معمولات زندگی بحال بھی ہوسکتی ہے۔

    کورونا وائرس ، سعودی عرب کا ایک اور بڑا فیصلہ

    ترجمان نے اپیل کی کہ اگر کوئی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کہیں بھی کوئی اجتماع یا تقریب یا بھیڑ بھاڑ دیکھے پہلی فرصت میں (کلنا امن) ایپلی کیشن کے ذریعے اس کی اطلاع دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے جزوی طور پر کرفیو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، فیصلے پر 3 رمضان سے 20 رمضان المبارک تک صبح 9 سے شام 5 بجے تک عمل درآمد ہوگا جبکہ تمام شہروں کے برعکس مکہ مکرمہ میں کرفیو میں نرمی نہیں کی گئی۔ جبکہ مملکت میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 17522 ہوگئی ہے۔