Tag: کرم واقعہ

  • علاقہ عمائدین، مقامی لوگ کرم کے شرپسندوں کو کےپی حکومت کے حوالے کریں، ترجمان

    علاقہ عمائدین، مقامی لوگ کرم کے شرپسندوں کو کےپی حکومت کے حوالے کریں، ترجمان

    پشاور: ترجمان کے پی حکومت نے کہا ہے کہ کرم واقعے پر علاقہ عمائدین، مقامی لوگ شر پسندوں کو سزا کیلئے حکومت کے حوالے کریں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت کرم معاملے پر اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت آج کے واقعے کو انتہائی تشویش کی نظر سے دیکھتی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ امن کمیٹیاں اپنے علاقوں میں شرپسندوں کو کارروائیوں سے باز رکھنے میں ناکام رہیں، اب حکومت ان علاقوں میں امن دشمنوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کریگی۔

    شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے سول انتظامیہ، پولیس کا اہم کردار ہوگا، کرم میں امن بحالی میں سیاسی قیادت اور منتخب عوامی نمائندوں کو کھل کر سامنے آنا ہوگا، کرم کے معاملے پر منفی پروپیگنڈے کا مؤثر اور بروقت جواب دیا جائےگا۔

    ترجمان نے کہا کہ کرم میں اوچت، مندوری اور دیگر علاقوں کو شرپسندوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شرپسندوں کیخلاف مؤثر کارروائیوں کیلئے ان مقامات سے آبادی کو نکالا جائےگا۔

    ایف آئی آرز میں نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائےگی، متعلقہ حکام کو شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق، سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کے پی حکومت ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں آج کرم میں پیش آئے واقعےکےتناظرمیں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے ہوئے، متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو آج کے ناخوشگوار واقعے کے بارےمیں بریفنگ دی۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے کرم سامان لے جانے والے قافلوں پر فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

  • واقعہ کرم میں ہوا ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے: مرتضیٰ وہاب

    واقعہ کرم میں ہوا ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ واقعہ کرم میں ہوا ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اےآر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو میں کہا کہ واقعہ کرم میں ہوا ہے وہاں صوبے میں ایم ڈبلیو ایم کی اتحادی حکومت ہے، مگر احتجاج کراچی میں کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آر میں تمام اہم مقامات بند کرکے کراچی کے شہریوں کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے، ایم ڈبلیوایم وزیراعلیٰ کے پی کے سامنے احتجاج کی بجائے کراچی میں احتجاج کررہی ہے۔

    شارع فیصل ناتھا خان پل پر احتجاج ختم، 12 مقامات پر دھرنا جاری

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی نے نمائش پر ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں سے بات کی ہے لیکن وہ بات سننے کو تیار ہی نہیں ہیں، سندھ حکومت بات چیت سے معاملہ حل کرنا چاہتی ہے کوشش ہے آج رات اس معاملے کو حل کیا جائے۔

    گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت کو مسئلہ پارا چنار حل کرنا چاہیے۔

    میئر کراچی نے کہا کہ سڑکیں بند کرنے سے ٹارگٹ پورا نہیں ہوتا، ملک میں کچھ بھی ہوتا ہے تو احتجاج کراچی میں ہوتا ہے، پورا شہر بند ہو جاتا ہے۔

  • امریکا کی کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملے کی مذمت

    امریکا کی کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملے کی مذمت

    واشگٹں : امریکا نے کرم میں مسافرگاڑیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی مشن کے ترجمان جوناتھن لالی نے اپنے بیان میں کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں ، امریکا حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    امریکی مشن نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہرشخص کو خطرے سے آزاد زندگی گزارنے کا حق ہے،شہریوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اس سے قبل امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے بھی کرم واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا پاکستان کا ایک ثابت قدم ساتھی رہے گا، مشکل وقت میں پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

    یاد رہے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

    ترجمان روسی سفارتخانے کا کہنا ہے شہری قافلوں پر مسلح افراد کے حملے کی خبر انتہائی افسوس کا باعث ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

    خیال رہے لوئر کرم میں پارا چنار جانیوالی مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی، فائرنگ سے چھے خواتین سمیت45 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، گاڑیوں کاایک قافلہ پشاور سےکرم اوردوسراکرم سے پشاور جارہاتھا۔