Tag: کرنسی نوٹ

  • عید پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کر دی

    عید پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کر دی

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹ جاری نہ ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا سے متعلق اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بینک نوٹ جاری نہ کیے جانے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ عید الفطر 2025 کے موقع پر بھی کمرشل بینکوں کی نئے بینک نوٹ جاری کرنے کی اپنی دیرینہ سالانہ روایت جاری رہے گی، ہم بینکوں کے ملک گیر برانچ نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک نئے نوٹوں تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    اسٹیٹ بینک رواں سال ماہِ رمضان کے دوران کمرشل بینکوں کی 17 ہزار برانچوں کو تمام مالیتوں میں 27 ارب روپے کے نئے بینک نوٹ فراہم کرچکا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں کہ نئے کرنسی نوٹ عوام الناس تک پہنچ سکیں۔


    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت


    بینکوں کا اے ٹی ایم نیٹ ورک مذہبی تہوار کے موقع پر عوام کو بلا تعطل معیاری اور صاف ستھرے بینک نوٹ جاری کریں گے، نئے بینک نوٹوں کی تقسیم اور تمام کمرشل بینک برانچوں میں دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے کیش مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کر دی ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو نئے بینک نوٹوں کی بہ آسانی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

  • نئے کرنسی نوٹ کیسے نظر آتے ہیں؟

    نئے کرنسی نوٹ کیسے نظر آتے ہیں؟

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹ ڈیزائن کر لیے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی پوری سیریز ڈیزائن کی ہے، اور نوٹوں کے ڈیزائن بھی جاری کیے ہیں، جن میں 10، 20، 50، 100، 500، 1000، 5000 کے نوٹوں کے ڈیزائن شامل ہیں۔

    500 روپے کے نوٹ کے 3 ڈیزائن سامنے آئے ہیں، جن میں سے ایک پر قائد اعظم کی جگہ فاطمہ جناح کی تصویر چھاپی گئی ہے، اور ایک نوٹ پر ایک طرف قائد اعظم کی تصویر جب کہ دوسری جانب بڑا بڑا ’پاک سرزمین شادباد‘ لکھا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر اسٹیٹ بینک اعلان کیا تھا کہ رواں برس 2025 میں کرنسی نوٹ کے نئے ڈیزائن والے نوٹ مارکیٹ کر دیے جائیں گے، اور نئے کرنسی نوٹ کے نئے ڈیزائن مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے۔

    گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے مطابق اس وقت اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کی تیکنیکی ویلیوایشن کی جا رہی ہے، اور انھیں جلد منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا، رواں سال ہی نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا شروع ہو جائے گا۔

    پہلے کتنی مالیت کا نیا کرنسی نوٹ آئے گا، ابھی یہ نہیں بتایا گیا ہے، تاہم نوٹ مرحلہ وار سرکولیشن میں آئی گے، یعنی مختلف مالیت کے نئے نوٹ ایک ساتھ نہیں بلکہ بتدریج جاری ہوں گے۔

    کرنسی نوٹ

  • جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے

    جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے

    ٹوکیو: جاپان نے 20 سالوں میں پہلی بار جاپان نے ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے کرنسی نوٹ کا جاری کر دیئے۔

    ہولوگرام ٹیکنالوجی سے مزین نئے نوٹوں کے اجراء کی افتتاحی تقریب ٹوکیو کے علاقے نیہون باشی میں واقع بینک آف جاپان(بی او جے) کے ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی۔

    اس موقع پر بی او جے کے گورنر ’’اُو اے دا کازُو او‘‘ نے کہا کہ مارکیٹ سے پرانے کرنسی نوٹ کی واپسی کے لیے بینک 16 کھرب ین یا تقریباً 9 ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جلد از جلد گردش میں لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    جعلسازی کرنے کو مزید مشکل بنانے کے لیے نئے کرنسی نوٹوں میں جدید ترین ہولوگرام ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، ہولوگرام ٹیکنالوجی سے مزین 10 ہزار ین کے نئے نوٹ پر کاروباری شخصیت بابائے جدید جاپانی معیشت’’شیبو ساوا ایچی‘‘ کی تصویر نقش ہے۔

    جبکہ پانچ ہزار کے نئے نوٹ پر حصول تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے والی پہلی جاپانی خاتون کی تصویر ہے، ایک ہزار ین کے نئے نوٹ پر ماہر جرثومیات کی تصویر ہے۔

    عالمی سطح پر یہ پہلا موقع ہے جب جاپان میں کرنسی نوٹوں میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

  • نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بڑی خبر

    نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بڑی خبر

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور ان کے اجرا پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلہ منعقد کرایا جائے گا، جس میں مقامی آرٹسٹس، ڈیزائنرز اور طالب علم اپنے ڈیزائن 11 مارچ 2024 تک ارسال کریں گے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک 15 سے 20 سال بعد نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے، نئے کرنسی نوٹ کا اجرا تکنیکی تبدیلی اور سیکیورٹی فیچر کو بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ڈیزائن مقابلے میں ہر مالیت کے تین بہترین منتخب کیے گئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو انعامات دیے جائیں گے، آرٹ مقابلے کی مکمل معلومات کا ویب لنک بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ مقابلے میں منتخب کیے گئے ڈیزائن کو پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کی مدد سے حتمی شکل دی جائے گی۔

    حکومت پاکستان کی منظوری کے لیے 7 مخلتف مالیت کے ڈیزائن ارسال کیے جائیں گے، نئے نوٹوں کے اجرا میں عموماً 2 سے 3 سال درکار ہوتے ہیں، جب کہ اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 سال میں نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی پلاننگ کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ کے موجودہ سیریز نئے کرنسی نوٹوں کے ساتھ جاری رہے گی، نئے نوٹوں کے مکمل اجرا کے بعد پرانے کرنسی نوٹوں کی سرکولیشن کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا۔

  • موبائل بیک کور میں نوٹ رکھنا کتنا خطرناک ہے؟ ویڈیو دیکھیں

    موبائل بیک کور میں نوٹ رکھنا کتنا خطرناک ہے؟ ویڈیو دیکھیں

    موبائل فون ہماری زندگی کا اہم جز ہیں اور آج کے دور میں اس ڈیوائس کے بغیر گزارہ تقریباً ناممکن سا ہوگیا ہے مگر موبائل کے بیک کور کے پیچھے کرنسی نوٹ رکھنا کافی خطرناک ہوسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کے بیک کور کے ساتھ کرنسی نوٹ رکھنے کا رواج کتنا نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ویڈیو میں خاتون نے اس عمل کے ممکنہ خطرات اور نقصانات کے بارے میں صارفین کو آگاہ کیا ہے۔

    کلپ میں خاتون کا کہنا تھا کہ استعمال کے دوران فون کا پروسیسر ایک گرمائش (ہیٹ) پیدا کرتا ہے، جس کی تپش کے باعث ممکن ہے کہ بیک کور میں رکھا گیا نوٹ آگ پکڑ لے۔

    اس کی وجوہات بتاتے ہوئے خاتوں کا کہنا تھا کہ کرنسی نوٹ بنانے کے لیے جو کاغذ استعمال کیا جاتا ہے اس میں کیمیکلز موجود ہوتے ہیں۔ فون کے گرم ہونے کے باعث یہ نوٹ باآسانی آگ پکڑسکتے ہیں۔

    ویڈیو میں مزید بتایا گیا کہ اس طرح کے واقعات کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں جس سے نہ صرف صارف کو خطرہ ہے بلکہ موبائل فون کو بھی بری طرح سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    انسٹا گرام پر اس معلوماتی ویڈیو کو اب تک ساڑھے بارہ ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ افراد نے اس پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ موبائل نہ صرف ایک بہترین مددگار الیکٹرانک ڈیوائس ہے بلکہ کوئی بھی شخص اس سے متعدد سرگرمیاں انجام دے سکتا ہے۔

    موبائل کے ذریعے لوگ لمحہ بہ لمحہ اپنے پیاروں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اس سے یادگار لمحات کی تصاویر کھینچتے ہیں جب کہ بلز ادا کرنے اور بینک ٹرانزیکشنز کے لیے بھی تواتر کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔

  • شہریوں کو عید پر نئے نوٹ نہیں ملیں گے

    شہریوں کو عید پر نئے نوٹ نہیں ملیں گے

    کراچی: شہریوں کے لیے رواں برس بری خبر ہے کہ عید الفطر پر انھیں نئے نوٹ نہیں ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے، ایس ایم ایس سروس اور بینکوں سے بھی عوام کو نئے نوٹ جاری نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ کووِڈ 19 کی وبا کے بعد سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے نوٹوں کا اجرا روک دیا ہے۔

  • اردن کے نئے کرنسی نوٹ پر پرندے کی تصویر کیوں؟

    عَمان: اردن نے کئی نئے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں، جن میں سے ایک دینار کے نوٹ پر ایک پرندے کی تصویر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

    اردنی میڈیا کے مطابق اردن کے مرکزی بینک نے پیر کو اعلان کیا کہ پانچ نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں، ان میں پانچ، دس، بیس، پچاس اور ایک دینار کے نوٹ شامل ہیں۔

    سنٹرل بینک آف اردن کے مطابق کرنسی نوٹوں کا یہ پانچواں ایڈیشن ہے، نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں بتدریج متعارف ہوں گے، جب کہ ایک دینار کے نوٹ مارکیٹ میں پیر سے گردش کرنے لگے ہیں۔

    نئے کرنسی نوٹ ہاشمی فرماں رواؤں کی تصاویر سے مزین ہیں اور ان پر نئے سیکیورٹی فیچرز بھی استعمال کیے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ایک دینار والے کرنسی نوٹ پر پرندے کی تصویر دی گئی ہے جو نیا اضافہ ہے، اردن میں یہ پرندہ العصفور الوردی السینائی (سینائی روز فنچ) کے نام سے معروف ہے اور یہ اردن کا قومی پرندہ ہے۔

    تاریخی آثار پیٹرا (جبل ہارون) کا کوہستانی علاقہ اس پرندے کا مسکن مانا جاتا ہے، اس کے گلابی رنگ کی وجہ سے اسے ملک کا قومی پرندہ منتخب کیا گیا ہے۔

    عرب روایات کے مطابق پیٹرا وہ جگہ ہے جہاں موسیٰ علیہ السلام نے اپنے عصا کے ساتھ ایک چٹان کو مارا اور اس سے پانی نکلا، اور جہاں موسیٰ علیہ السلام کے بھائی ہارون علیہ السلام مدفون ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرنسی نوٹ کو پرندہ شامل کرنے کے لیے دوبارہ ڈیزائن کیا گیا تھا، سینا کے علاقے کے روز فنچ کو اردن کے قومی پرندے کے طور پر اس لیے چُنا گیا تھا کیوں کہ اس کے اور پیٹرا (جبل ہارون) میں لگے سرخ ریت کے پتھروں میں رنگ کی مماثلت تھی۔

  • برطانیہ میں پرانے نوٹ تبدیل کروانے کی ہدایت

    برطانیہ میں پرانے نوٹ تبدیل کروانے کی ہدایت

    لندن: برطانیہ میں 20 اور 50 پاؤنڈز کے نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، برطانیہ میں جلد نئے بادشاہ کی تصویر والے نوٹ بھی جاری کردیے جائیں گے۔

    برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ تک عوام پرانے کاغذی نوٹ استعمال کرلیں یا بینکوں اور ڈاک خانوں میں جمع کروا دیں۔

    بینک آف انگلینڈ نے گزشتہ سال نئے پولیمر ورژن کے نوٹ جاری کیے تھے، زیر گردش 20 اور 50 پاؤنڈ کے نوٹوں کی اکثریت نئے نوٹوں سے بدل دی گئی ہے۔

    بینک آف انگلینڈ کے مطابق جعلسازی سے بچنے اور زیادہ پائیداری کے لیے نئے پولیمر نوٹ جاری کیے گئے تھے، اس سے قبل 5 اور 10 کے پولیمر کرنسی نوٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

  • سعودی شہری کتنے کرنسی نوٹ استعمال کرتے ہیں؟

    سعودی شہری کتنے کرنسی نوٹ استعمال کرتے ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں اپنی نوعیت کے پہلے قومی جائزے میں مختلف شہروں میں کرنسی نوٹوں کے لین دین کی شرح دیکھی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں یومیہ سب سے زیادہ کرنسی نوٹ کا لین دین جنوبی علاقے میں ہورہا ہے، یہ بات مملکت میں اپنی نوعیت کے پہلے قومی جائزے میں بتائی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوبی سعودی عرب کے 48 فیصد باشندے ہر روز کرنسی نوٹ استعمال کرتے ہیں، مملکت کے شمالی اور مغربی علاقوں کے باشندے دوسرے نمبر پر ہیں جہاں کرنسی نوٹ کے استعمال کا تناسب 37 فیصد ہے جبکہ وسطی اور مشرقی علاقوں میں کرنسی نوٹ کا یومیہ لین دین 20 فیصد ہے۔

    سعودی مالیاتی ٹیکنالوجی کے قومی جائزے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب کے تقریباً 60 فیصد باشندے ہفتے میں کم از کم ایک بار کرنسی نوٹ استعمال کرتے ہیں، چار میں سے ایک شخص کرنسی کا لین دین کرتا ہے۔

    رپورٹ میں کرنسی نوٹ کے لین دین کے حوالے سے ایک دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ کرنسی نوٹ کے استعمال میں کمی بیشی کا تعلق عمر سے بھی ہے۔

    مثلاً 16 سے 22 سال کی عمر کے 18 فیصد ہر روز، 23 سے 29 سال کی عمر کے افراد 21 فیصد، 30 سے 39 برس والے افراد 23 فیصد، 40 سے 49 برس کی عمر والے افراد 29 فیصد، 50 سے 59 برس کی عمر کے افراد 38 فیصد اور 60 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد 46 فیصد یومیہ کرنسی نوٹ کا لین دین کرتے ہیں۔

  • کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس پھیلنے میں کتنی سچائی؟

    کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس پھیلنے میں کتنی سچائی؟

    ابتدا میں کرونا وائرس کے بارے میں خیال کیا جاتا رہا کہ یہ کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے تاہم اب اس حوالے سے نئی تحقیق سامنے آگئی ہے۔

    یورپین سینٹرل بینک اور جرمنی کی روہر یونیورسٹی کے ماہرین کی ایک تحقیق میں جو جریدے جرنل آئی سائنس میں شائع ہوئی، اس بات کی جانچ پڑتال کی گئی کہ حقیقی زندگی کی صورتحال میں کرنسی نوٹوں پر موجود وائرل ذرات جلد پر منتقل ہونے پر کس حد تک متعدی ہوتے ہیں۔

    ماہرین نے دریافت کیا کہ حقیقی زندگی میں کرنسی نوٹوں سے لوگوں میں کووڈ سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔

    کرنسی نوٹوں اور سکوں پر کرونا وائرس کتنے عرصے تک موجود رہتا ہے، اس کو جاننے کے لیے ماہرین نے متعدد یورو کرنسی کے سکوں اور نوٹوں پر وائرس سلوشنز لگا کر دیکھا کہ کتنے عرصے تک وائرس متعدی رہتے ہیں۔

    نوٹوں کے ساتھ اسٹین لیس اسٹیل کی سطح پر بھی وائرل ذرات کے متعدی ہونے کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    نتائج سے معلوم ہوا کہ اسٹین لیس اسٹیل پر وائرس 7 دن بعد بھی متعدی تھا، مگر 10 یورو کے بینک نوٹ پر وہ صرف 3 دن میں مکمل طور پر غائب ہوگیا۔ 5 سینٹ، 10 سینٹ اور ایک یورو کے سکوں پر بالترتیب 6 دن، 2 دن اور ایک گھنٹے بعد متعدی وائرس کو دریافت نہیں کیا جاسکا۔

    ماہرین کے مطابق 5 سینٹ میں اتنے کم وقت پر وائرس ختم ہونے کی وجہ یہ تھی کہ وہ کاپر سے بنے ہوتے ہیں، جن پر وائرسز زیادہ مستحکم نہیں رہ پاتے۔

    تحقیق کے نتائج اس سابقہ تحقیقی رپورٹس سے مطابقت رکھتے ہیں جن کے مطابق کووڈ کے بیششتر کیسز کی وجہ منہ یا ناک سے خارج ہونے والے ہوا میں موجود ذرات ہوتے ہیں۔