Tag: کرنسی نوٹ

  • میراڈونا کی تصویر کرنسی نوٹ پر چھاپی جائے گی

    میراڈونا کی تصویر کرنسی نوٹ پر چھاپی جائے گی

    ارجنٹائن کے عظیم آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کا نام متوقع طور پر ملکی کرنسی نوٹ پر چھپنے کا امکان ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے ایک سینیٹر نے ارجنٹائن کانگریس میں ایک بل پیش کیا ہے، جس میں عظیم فٹبالر کی خدمات کو یاد رکھتے ہوئے ان کی تصویر کو کرنسی نوٹس پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    سینیٹر نے اپنے بل میں کہا ہے کہ کرنسی نوٹ پر ایک جانب میراڈونا کی تصویر اور دوسری جانب فٹبال کی تاریخ کے یادگار ترین گول ہینڈ آف گاڈ کی تصویر لگانے کی تجویز دی۔

    اگر بل منظور ہوگیا تو ارجنٹائن کے کسی ایک کرنسی نوٹ پر میراڈونا کی تصویر چھاپی جائے گی۔

    ڈیاگو میراڈونا گزشتہ ماہ 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔

    اپنی موت سے چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے دماغ کی سرجری کروائی تھی جبکہ منشیات کی عادت سے چھٹکارے کے لیے وہ ری ہیب سینٹر بھی چلے گئے تھے۔

    میراڈونا نے سنہ 1986 کے فیفا ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں ہینڈ آف گاڈ کا گول کیا تھا، اس عالمی کپ میں جرمنی کو فائنل میں شکست دے کر ارجنٹائن دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنا تھا۔

  • کیا آپ واقعی کرنسی نوٹوں سے کرونا کا شکار ہوسکتے ہیں؟

    کیا آپ واقعی کرنسی نوٹوں سے کرونا کا شکار ہوسکتے ہیں؟

    لندن: برطانیہ میں ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں سے کرونا کی منتقلی کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے کیوں کہ وائرس اس کی سطح پر زیادہ دیر تک متعدی نہیں رہتا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی تحقیق میں یہ دریافت کرنے کی کوشش کی گئی کہ آیا نوٹوں پر وائرس کتنی دیر تک زندہ رہتا ہے اور کیسے انسانوں کو متاثر کرسکتا ہے جس سے حیران کن نتائج سامنے آئے اور نوٹوں سے کرونا کے پھیلاؤ کے خدشات دور کردیے گئے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ کرونا کے آغاز میں نوٹوں سے کرونا کے پھیلنے کی خبروں پر لوگوں نے نوٹوں کا استعمال کم کردیا تھا لیکن مشاہدے سے ثابت ہوا کہ کرنسی نوٹوں سے کرونا وائرس کا خطرہ کسی دکان میں وائرل ذرات والی ہوا میں سانس لینے یا کسی آلودہ چیز کو چھونے کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔

    تجربے کے دوران ماہرین نے اتنی مقدار میں وائرس کے ذرات نوٹوں پر استعمال کیے جو کسی کرونا مریض کے چھینکنے یا کھانسی سے آسکتے تھے، تحقیق کے لیے 10 پاؤنڈ کے کاغذی اور پولیمر نوٹوں کو استعمال کیا گیا۔

    ماہرین نے نوٹوں کو وائرس سے آلودہ کرنے کے بعد کمرے کے درجہ حرارت میں رکھ دیا، ایک گھنٹے تک تو وائرس مستحکم رہا لیکن 5 گھنٹے بعد تیزی سے گھٹنا شروع ہوگیا اور پھر 24 گھنٹے کے بعد وائرس صرف 1 فیصد تک رہ گیا، جس سے یہ کہا جاسکتا کہ نوٹوں سے وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ کم ہوتا ہے لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا۔

    کرونا وائرس کرنسی نوٹ اور موبائل فون اسکرین پر ایک ماہ تک زندہ رہتا ہے، تحقیق

    تحقیق میں بتایا گیا کہ نوٹوں کے مقابلے میں دیگر اشیاء کی سطح سے کرونا زیادہ پھیلتا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے ماہرین نے انکشاف کیا تھا کہ کرونا وائرس کرنسی نوٹ، موبائل فون کی اسکرین اور بغیر زنگ والی دھات پر ایک ماہ تک زندہ رہ سکتا ہے۔ آسٹریلیا کی نیشنل سائنس ایجنسی نے یہ تحقیقی مطالعہ کیا تھا جس کے نتائج طبی جریدے Virology Journal میں شائع ہوئے۔

    ماہرین نے انکشاف کیا تھا کہ کرونا وائرس کو کرنسی نوٹ، بغیر زنگ والی دھات اور موبائل فون کے اسکرین پر 28 روز تک زندہ پایا گیا، جبکہ وائرس ٹھنڈے موسم میں زیادہ طاقتور دیکھا گیا۔

    مذکورہ تحقیق رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ متاثرہ شخص کے منہ سے نکلنے والے تھوک میں کرونا کے جراثیم تین گھنٹے تک زندہ رہ سکتے ہیں جبکہ وائرس اسٹیل اور شیشے پر کاٹن سے زیادہ دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔

  • کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    سیئول: جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انوکھا قدم اٹھایا گیا ہے، کرنسی نوٹوں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا جب کہ بہت سارے نوٹ جلا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام بینک کرنسی نوٹوں کو 2 ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں تاکہ اس پر کرونا وائرس کے تمام اثرات ختم ہو جائیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے، جس کے بعد جنوبی کوریا میں گندے اور پھٹے ہوئے نوٹ جمع کیے جانے لگے ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں نوٹوں کو جلایا بھی گیا۔

    کرونا وائرس کے خوف سے جنوبی کوریا میں کرنسی نوٹ بھی قرنطینہ میں ڈال دیے گئے

    برطانیہ کی خاتون ہیلتھ منسٹر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    بینک آف کوریا کے مطابق کرنسی نوٹوں کو زیادہ درجہ حرارت میں صاف کر کے جاری کیے جائیں گے، جس کے لیے نوٹوں کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 242 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے ٹوٹل کیس 7,755 ہو گئے ہیں، جب کہ ایک نئی موت کے ساتھ مجموعی اموات 61 ہو چکی ہیں۔

    دوسری طرف یہ نیا اور مہلک وائرس COVID 19 بہت تیزی سے دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے، اب تک 120 ممالک اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور متاثرہ افراد کی تعداد 119,389 ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 4,300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف 66,584 افراد اس موذی وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • نوٹوں کی گڈیوں کی بارش، ویڈیو وائرل

    نوٹوں کی گڈیوں کی بارش، ویڈیو وائرل

    کولکتہ: بھارت میں ایک کاروباری مرکز کی عمارت سے نوٹوں کی گڈیاں پھینکنےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست کولکتہ میں کمرشل بلڈنگ کی چھٹی منزل سے کرنسی نوٹوں کی گڈیاں کھڑکی سے باہر پھینک دی گئیں جسے وہاں موجود لوگ اٹھا کر لے گئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت سے کوئی شخص نوٹوں کی گڈیاں پھینک رہا ہے کہ اور نیچے کھڑے افراد حیرانی سے اس منظر کو دیکھنے کے بعد گڈیوں پر جھپٹ پڑے۔

    یہ ویڈیو ایک دکاندار نے اپنے موبائل میں ریکارڈ کی اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے دفتر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے نوٹوں کی بارش کردی گئی۔

    ڈائریکٹر ویونیو انٹیلی جنس افسر نے چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی ٹیم نے مذکورہ دفتر پر چھاپہ ضرور مارا تھا لیکن نوٹوں کی گڈیاں پھینکنے کے حوالے سے وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

  • اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی ایس ایم ایس بکنگ سروس بند کردی

    اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی ایس ایم ایس بکنگ سروس بند کردی

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد صارفین ہونے کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی ایس ایم ایس بکنگ سروس بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کی ایس ایم ایس بکنگ سروس بند کردی، رواں برس 30 لاکھ لوگوں کو نئے نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد صارفین ہونے کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی ایس ایم ایس بکنگ سروس کی سہولت ختم کردی۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نئے نوٹ بکنگ کرانے والے صارفین کو31 مئی تک ملتے رہیں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں کی سروس 8877 کی عوام میں پذیرائی حاصل ہوئی، 142 شہروں میں 1718 ’’ای برانچز‘‘پرانتظامات کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق پہلے سے جاری کیے گئے بکنگ کوڈز پرنئے نوٹوں کا اجرا 31 مئی 2019 تک جاری رہے گا۔

    عیدالفطر کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی تاریخ کا اعلان

    یاد رہے کہ یکم مئی کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر نئے نوٹوں کے اجرا کے لیے ایس ایم ایس سروس کا اعلان کیا تھا۔

  • حکومت کا پلاسٹک کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا اعلان

    حکومت کا پلاسٹک کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا اعلان

    قائرہ: مصر کی حکومت نے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا جس پر عمل درآمد سنہ 2020 سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مصری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ’آئندہ برس سے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا‘۔

    مصر کے قومی بینک کے گورنر طارق کا کہنا تھا کہ پولیمر مادے سے تیار کردہ پلاسٹک کے کرنسی نوٹ 2020 سے ملک بھر میں استعمال کیے جائیں گے، حکومتی اعلان کے بعد ہی لین دین کا عمل شروع ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کے مصری پاؤنڈ کی تیاری میں کاغذ کے نوٹ کی نسبت اخراجات کم ہوں گے اور مارکیٹ میں آنے کے بعد کوئی جعل سازی بھی نہیں کرسکے گا۔

    مرکزی بینک کے گورنر کا کہنا تھا کہ ’پلاسٹک کے کرنسی نوٹ ماحول دوست، مضبوط، پائیدار، واٹر پروف اور لمبے عرصے تک استعمال کیے جاسکتے ہیں، کاغذ کی نسبت یہ کم آلودگی پھیلاتے ہیں اور کافی عرصے تک خراب بھی نہیں ہوں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ چین، برطانیہ، آسٹریلیا، سنگاپور، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک نے کرنسی نوٹ کی تیاری شروع کردی، اس کے ذریعے اخراجات کو قابو کیا جاسکتا ہے جس کے براہ راست معیشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔

    گورنر مرکزی بینک طارق کا کہناتھا کہ ’ابتداء میں 10 پاؤنڈ مالیت کے نوٹ چھاپے جائیں گے، بعد ازاں دیگر تمام مالیت کے کرنسی نوٹوں کو پلاسٹک کے نوٹوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔

  • نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ: حقیقت یا افواہ؟ اسٹیٹ بینک کا موقف سامنے آگیا

    نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ: حقیقت یا افواہ؟ اسٹیٹ بینک کا موقف سامنے آگیا

    کراچی: گذشتہ چند ہفتوں سے ملک بھر میں‌ نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا اور پرانے نوٹوں کی منسوخی کی خبر گردش میں‌ ہے، البتہ اب اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کا موقف سامنے آگیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئےڈیزائن کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی افواہوں کی تردید کر دی گئی ہے.

    اسٹیٹ بینک نے اپنے اعلامیہ میں‌ کہا کہ نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ پر خبروں کی مکمل تردید کرتے ہیں.

    اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک مستقبل میں نئے ڈیزائن کے  نوٹ جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، وفاق کو اس فیصلے سے قبل اسٹیٹ بینک بورڈآف ڈائریکٹرزکی سفارش درکارہوتی ہے.


    مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ پر185ارب روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کردیئے


    البتہ بورڈ نے اس ضمن میں وفاق یا کابینہ کوکوئی  سفارش نہیں دی، جس کی وجہ سے یہ کسی طور امکانی نہیں.

    اسٹیٹ بینک نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اس قسم کی افواہ پرتوجہ نہ دیں اور جعل سازوں سے ہوشیار رہیں.

    یاد رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ اسٹیٹ بینک نے پانچ ہزار اور ہزار کے نوٹ منسوخ کرکے نیا ڈیزائن متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، البتہ اب اسٹیٹ بینک نے اس کی تردید کردی ہے.

  • نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا،  اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایس سروس متعارف کرادی

    نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا، اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایس سروس متعارف کرادی

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے عید الفطر کے موقع پر نئے نوٹوں کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے صارفین کے لیے دوبارہ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، صارفین نئے کرنسی نوٹ 132 شہروں میں 1535 کمرشل بینک برانچز سے حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر نئے نوٹوں کے اجرا کا اعلان کردیا گیا، نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد یکم سے 14 جون تک منتخب برانچوں سے نوٹ حاصل کرسکیں گے۔

    سروس کے استعمال کا طریقہ کار

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کا طریقہ کار بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین کو پابند کیا گیا ہےکہ وہ اپنا نادرا کا شناختی کارڈ نمبر اور بینک کا برانچ کوڈ مذکورہ نمبر (8877) پر ایس ایم ایس کریں۔

    مسیج کرنے والے صارفین کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک ٹیکسٹ پیغام موصول ہوگا جس میں ٹرانزیکشن نمبر، بینک اور برانچ ایڈریس کے ساتھ تاریخ بتائی جائے گی جس کے بعد صارف وہاں سے نئے نوٹ حاصل کرسکے گا۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کا طریقہ کار بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین کو پابند کیا گیا ہےکہ وہ اپنے نادرا کا شناختی کارڈ نمبر اور بینک کا برانچ کوڈ مذکورہ نمبر (8877) پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرط عائد کی گئی ہے کہ کرنسی نوٹوں کے حصول کے وقت اصل شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ کی فوٹو کاپی بینک میں جمع کروانی لازم ہوگی ساتھ ہی اسٹیٹ بینک نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ایک صارف کو دس کے تین پیکٹ جبکہ پچاس اور سو روپے کے نوٹوں کی ایک ایک گڈی دی جائے گی۔

    قومی بینک کی جانب سے ایس ایم ایس سروس کے چارجز 15 روپے رکھے گئے ہیں، کوئی بھی صارف ایک شناختی کارڈ نمبر کو ایک ہی بار بھیج سکتا ہے تاہم اگر صارف نے کسی دوسرے موبائل سے ایک ہی شناختی کارڈ مذکورہ نمبر پر بھیجے گا تو اُسے کوئی بینک کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔