وزیر آباد (24 اگست 2025): پنجاب کے شہر وزیر آباد میں دو معصوم بچوں نے اپنی ماں کو بچاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جان دے دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق وزیر آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون زخمی اور اس کے کم سن بیٹا بیٹی جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ واٹر پمپ سے کرنٹ لگنے سے پیش آیا۔
ریسکیو نے بتایا کہ ماں کو واٹر پمپ سے اچانک کرنٹ لگ گیا تھا، جس پر 12 سالہ زین اور 9 سالہ سویرا نے ماں کو بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ کسی کو کرنٹ سے کیسے بچایا جا سکتا ہے، اس لیے کرنٹ لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق متاثرہ فیملی مقامی زمیندار کے ڈیرے پر کام کے سلسلے میں رہائش پذیر تھی، یہ واقعہ نواحی علاقہ کانبانوالہ میں پیش آیا، جس میں زخمی ماں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
کراچی: کرنٹ لگنے سے بھائیوں کی موت، بچے تڑپتے رہے کوئی نہ بچاسکا، والدہ
یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو کراچی، شاہ فیصل کالونی کے ناتھا خان گوٹھ میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ مراد اور 20 سالہ سراج جاں بحق ہو گئے تھے، بچوں کو بجلی کی زیر زمین تار سے کرنٹ لگا تھا۔
سراج اور مراد کی والدہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت کافی دیر تک ان کے بچے تڑپتے رہے لیکن کوئی بچا نہ سکا، بہن کا کہنا تھا کہ ایک بھائی کو آرٹ کا شوق تھا جب کہ دوسرا انجینئرنگ کی فیلڈ میں آگے جانا چاہتا تھا۔