Tag: کروناوائرس

  • کروناوائرس: بلیاں پالنے والوں کے لیے خطرہ؟

    کروناوائرس: بلیاں پالنے والوں کے لیے خطرہ؟

    پیرس: فرانس میں پہلی پالتو بلی کروناوائرس کا شکار ہوگئی جس نے جانور پالنے والے افراد کو خوف زدہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں مالک سے کروناوائرس بلی میں منتقل ہوگیا، فرانس میں بلی میں کرونا وائرس کی منتقلی کا یہ پہلا کیس ہے۔

    بلی میں کرونا پائے جانے کے بعد متعلقہ اداروں نے پالتوں جانور رکھنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جانوروں سے دور رہیں تاہم جانوروں سے کرونا انسانوں میں منتقل ہونے کی کوئی حتمی تحقیق یا شواہد نہیں ہیں۔

    کرونا وائرس نے معصوم بلیوں کو بھی نہ بخشا

    فرانس میں تقریباً 10 ایسی بلیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا ہے جن کے مالکان وبائی مرض کا شکار ہیں البتہ اب تک کرونا رپورٹس سامنے نہیں آئیں، متاثرہ سمیت تمام بلیوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا، چین اور یورپی ملک بیلجیم میں بھی بلیاں کرونا کا شکار ہوچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ سائنس دانوں نے حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ بلیاں کوویڈ 19 وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتی ہیں جبکہ کتے، مرغیاں، بطخیں اس وائرس سے متاثر نہیں ہوتے۔

  • کروناویکسین: یورپی حکمرانوں کا بڑا اقدام، اچھی خبر کی امید

    کروناویکسین: یورپی حکمرانوں کا بڑا اقدام، اچھی خبر کی امید

    برسلز: یورپی ممالک کے حکمرانوں نے عالمگیروبا سے لڑنے اور کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے 7.5 بلین یورو فنڈ جمع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے یورپی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے 1.5 بلین یورو عطیات جمع کیے جائیں گے۔

    اجلاس میں فرانس، جرمنی، اٹلی، نوروے اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اس موقع پر وبا کے باعث یورپی ممالک میں بدتر معاشی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    کرونا ویکسین: آکسفورڈ یونیورسٹی سے حوصلہ افزا خبر آگئی

    یورپی رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ ویکسین کی تیاری میں عالمی ادارہ صحت کی ہرممکن کوشش کی جائے گی، عطیات جمع کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، کرونا دنیا کے ہر کونے میں پہنچ چکا ہے۔

    دوران اجلاس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جو پیسے ہم فنڈ کی مدد میں جمع کریں گے وہ متعلقہ اداروں کو منتقل کیے جائیں گے جو ویکسین اور کرونا سے لڑنے کے لیے دیگر حکمت عملی پر غور کررہے ہیں۔

    آسٹریلیا نے بھی کرونا ویکسین کے انسانی تجربات کی خوش خبری سنا دی

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ ویکسین کی تیاری کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن سے بھی معاونت لی جائے گی، جو اس مشکل گھڑی میں اپنی تمام تر کاوشیں بروائے کار لارہا ہے۔

  • ملک میں معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں: وزیراعظم

    ملک میں معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بہتر حکمت عملی کے تحت ملک میں خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے، معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، اس موقع پر ملکی موجودہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اہم ملاقات میں گڈگورننس اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی، کروناوائرس کے پیش نظر عوامی ریلیف کے لیے حکومتی فیصلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروناکنٹرول کے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، بہتر حکمت عملی کے تحت خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے، سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان کی نوجوانوں کو لاک ڈاؤن میں فِراس الخطیب کی کتاب پڑھنےکی تلقین

    انہوں نے کہا کہ خوشی ہے معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا، ملک میں معاشی عمل تیز کرنے کے لیے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجز دیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مشکل صورت حال میں حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا ہے، اپوزیشن کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کررہی ہے، پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا۔

    وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 3ارب روپے سے زائد رقم جمع

    انہوں نے بتایا کہ معاملے پر این ڈی ایم اے اور این سی اوسی سے رابطے میں ہیں، انتظامات تسلی بخش ہوئے تو قانون سازی کو بلاتا خیر شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر بابراعوان نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے مختلف آپشنز سے بھی آگاہ کیا، پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے جانے کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔

  • کرونا کے خلاف جنگ میں اسٹیٹ بینک کا بڑا اقدام

    کرونا کے خلاف جنگ میں اسٹیٹ بینک کا بڑا اقدام

    کراچی: اسٹیٹ بینک کرونا کے خلاف جنگ میں صحت کے شعبے کے لیے اہم اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اسپتال اور میڈیکل سینٹرز کی فنانسنگ حد کو 500 ملین تک بڑھا دیا، اس اقدام کے ذریعے وبائی مرض پر قابو پانے میں معاونت ملے گی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شعبہ صحت کو مزیدمضبوط اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیا گیا، مذکورہ اقدام آر ایف سی سی اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کیلئے ہنگامی سہولت ہے۔

    ’11اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کو 2.2ارب روپے فنانسنگ کی منظوری مل چکی ہے، بینک 23اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کی درخواستوں کو پروسیس کررہے ہیں‘۔

    اسٹیٹ بینک کا کاروباری طبقے کے لیے مراعات کا اعلان

    اسٹیٹ بینک کے مطابق فنانسنگ سے کرونا کے علاج کیلئے طبی سہولتوں کے مراکز کا قیام عمل میں آئے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کاروباری طبقے کے لیے اسٹیٹ بینک نے مراعات کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلان کا مقصدٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کا تحفظ کرنا ہے، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام جاری ہے، کاروباری طبقے کو بھی مراعات دے رہے ہیں۔

  • ’نرسوں نے کرونا کا جنازہ نکال دیا‘ سوشل میڈیا صارفین سیخ پا

    ’نرسوں نے کرونا کا جنازہ نکال دیا‘ سوشل میڈیا صارفین سیخ پا

    کروناوائرس کے خلاف کمر بستہ نرسوں کے احمقانہ اقدام نے سوشل میڈیا پر تنقید کا نیا محاذ کھڑا کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مختصر ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ایسی انوکھی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں نرسوں نے کروناوائرس کی علامتی میت نکالی اور اس کے ساتھ ڈانس بھی کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نرسوں کی شناخت واضح نہ ہوسکی اور نہ ہی یہ پتا لگایا جاسکا ہے کہ مذکورہ ویڈیو کس اسپتال میں شوٹ ہوئی۔ تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نرسوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

    البتہ کئی صارفین نے نرسوں کی حمایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے اسپتال عملہ یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ وبائی مرض کو شکست دے جاچکے ہیں، یہ حوصلہ افزا عمل ہے۔

    جبکہ سیکڑوں لوگوں کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر یہ کروناوائرس کے مریض کی میت ہوسکتی ہے جس کا مذاق بنایا جارہا ہے، صارفین نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے نرسوں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

  • افغان حکومت نے مزید طالبان قیدیوں کو رہا کردیا

    افغان حکومت نے مزید طالبان قیدیوں کو رہا کردیا

    کابل: افغان حکومت نے شدت پسند تنظیم طالبان کے مزید 40 قیدیوں کو رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان سہیل شاہین نے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج کابل انتظامیہ نے قندوز میں 40 قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان کرونا وبا کے دوران قیدیوں کی جلد رہائی کی کوشش کررہے ہیں۔ افغان جنگ سے متعلق گہری نظر رکھنے والے عالمی تجزیہ کاروں نے افغان حکومت کے اقدام کو سراہا۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حکمت عملی سے افغان قیادت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے معاونت ملے گی۔ تاہم فریقین کے درمیان کئی اہم امور پر اختلافات موجود ہے جس کے باعث بات چیت آگے نہیں بڑھ رہی۔

    ’افغانستان میں قیام امن کی جانب نئی امید‘

    خیال رہے کہ 13 اپریل کو افغان فورسز نے سیکڑوں طالبان قیدیوں کو معاہدے کے تحت بگرام جی سے رہا کیا تھا جبکہ باقی قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ترجمان افغان سیکیورٹی کونسل نے بتایا تھا کہ افغان طالبان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری رہے گا تاحال 361 قیدیوں کو بگرام جیل سے رہا کرچکے ہیں، امن معاہدے کے تحت 1500 قیدیوں کو جیل سے رہا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 29 فروری کو امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن و استحکام کی خاطر تاریخی معاہدہ طے پایا، جس میں امریکیوں فوجیوں کا افغانستان سے انخلا اور طالبان قیدیوں کی رہائی بھی شامل ہے۔

  • کروناوائرس: شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ

    کروناوائرس: شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران علاقائی صورت حال اور کرونا سے نمٹنے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک رابطہ کے دوران وزیرخارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو رمضان کی مبارک باد دی۔ شاہ محمود نے ایران میں کرونا سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران حکومت اور عوام بہادری سے کرونا کا مقابلہ کررہے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ میں افغان امن عمل سمیت علاقائی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے اقدامات کو سراہا۔

    اس موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کرونا چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، کرونا کے غیرمعمولی پھیلاؤ سے دنیا معاشی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔

  • ماحولیاتی تحفظ کی کارکن ’گریٹا تھونبرگ‘ کا کرونا کے خلاف مثالی اقدام

    ماحولیاتی تحفظ کی کارکن ’گریٹا تھونبرگ‘ کا کرونا کے خلاف مثالی اقدام

    نیویارک: ماحولیاتی تحفظ کے لیے دنیا بھر میں مفرد شہرت رکھنے والی 17 سالہ گریٹا تھونبر وبائی مرض کے خلاف بھی میدان میں آگئیں، انہوں نے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تحفظ کی کارکن نے ایک لاکھ ڈالر کرونا کے خلاف استعمال کے لیے وقف کردیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گریٹا نے اپنی انعامی رقم اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال کو عطیہ کیا جو کرونا سے متاثرہ بچوں کی مدد کے لیے اقدامات کرے گا۔ خیال رہے کہ وبا کے تناظر میں تعلیمی ادارے بند ہونے کے باعث لاکھوں بچے بھی متاثر ہیں۔ کاروباری مراکز بند ہونے سے گھروں میں بچوں کو بھی بھوک کا سامنا ہے۔

    ماحولیاتی تحفظ کی کارکن ’گریٹا تھونبرگ‘ کم عمر ترین برسن آف دی ایئر قرار

    اقوام متحدہ میں بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسیف نے گریٹا کے اس احسن اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ کارکن کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچے بھی شدید متاثر ہیں، مذکورہ بیماری ماحولیاتی مسائل کی طرح ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ گلوبل وارمننگ کم نہیں ہورہا بلکہ اسے قابو پانے کے لیے حکمت عملی درکار ہے، بچوں کی زندگیوں کو بچانے، صحت کے تحفظ اور تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے یونیسف کا ساتھ دیں۔

  • سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے مزید 12 اموات، 358 نئے کیسز رپورٹ: وزیراعلیٰ

    سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے مزید 12 اموات، 358 نئے کیسز رپورٹ: وزیراعلیٰ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے میں صوبے میں کروناوائرس سے مزید 12 اموات ہوئیں، یہ اموات 24 گھنٹے کے دورانیے میں سب سے زیادہ ہیں، اور مہلک وائرس کے 358 نئےکیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کرونا وائرس کی صورت حال سے متعلق اپنے تازہ پیغام میں کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا کے مزید 53 مریض صحتیاب ہوگئے، مریضوں کی مجموعی تعداد 6053 ہوگئی ہے، 53صحتیاب مریضوں کے برعکس 358 نئے کیسز آنا پریشان کن ہے، کرونا کے 24گھنٹے میں مزید 2578 ٹیسٹ کیے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں اب تک54377 ٹیسٹ ہوچکے ہیں، اب تک 1222مریض صحتیاب ہوئے جو کل تعداد کا20.2 فیصد ہیں، سندھ میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 112 ہوگئی، صوبے میں مہلک وائرس کے 4721 مریض زیر علاج ہیں، عالمگیر وبا کے 3473مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں، 741مریض آئسولیشن مراکز، 505اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

    پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 19 اموات ، تعداد 346 تک جاپہنچی

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ 30مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 17مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، 358 نئے کیسز میں 284 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے، کراچی جنوبی میں72، شرقی62، غربی میں 58 کرونا کے نئے کیسز آئے۔ جبکہ ضلع وسطی میں45، کورنگی میں 32، ملیر میں کرونا کے 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیگر شہروں میں نئے کیسز کی تعداد 58 ہے، شکارپور 34، دادو 6، حیدرآباد5، سانگھڑ 4 اور سکھر میں 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جیکب آباد 2، جامشورو، مٹیاری، نوشہرو فیروز ،ٹھٹھہ میں ایک ایک نیا کیسز رپورٹ ہوا، کرونا کے باعث انتقال کرنے والے 43مریضوں کی عمر60سے69سال تھی۔

    مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ 27 انتقال کرنے والوں کی عمر70سال تھی، 26 انتقال کرنے والوں کی عمر50 سے59کے درمیان تھیں، 9انتقال کرنے والوں کی عمر 40 سے 49 کے درمیان تھیں،کرونا سے اموات میں 73 فیصد مرد ہیں۔

  • کرونا: عمران خان کا ایرانی صدر اور بل گیٹس سے اہم ٹیلی فونک رابطہ

    کرونا: عمران خان کا ایرانی صدر اور بل گیٹس سے اہم ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا ایرانی صدر حسن روحانی اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی رابطہ ہوا اس دوران عالمگیر وبا سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران حسن روحانی نے عمران خان کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی اور سرحدی علاقوں میں کرونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کا مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران دنیا بھر میں کروناوائرس کی صورت حال اور اس کےا ثرات پر گفتگو ہوئی۔

    کروناوائرس: وزیراعظم کا جرمن چانسلر سے اہم ٹیلی فونک رابطہ

    وزیراعظم عمران خان نے گیٹس فاؤنڈیشن اور عالمی پارٹنرز کی جانب سے مدد کو سراہا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرونا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوش پر مبنی اقدامات سمیت غریب طبقے پر اس کے اثرات کا بھی مقابلہ کررہا ہے۔

    وزیراعظم نے بل گیٹس کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے 8ارب ڈالر کا امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت کروناوائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے۔