Tag: کروناوائرس

  • کرونا کے بعد پراسرار بیماری امریکا پہنچ گئی

    کرونا کے بعد پراسرار بیماری امریکا پہنچ گئی

    واشنگٹن: برطانیہ کے بعد امریکا میں بھی کرونا طرز کی پراسرار بیماری کے تین کیسز سامنے آگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وبائی مرض سے مطابقت رکھتی بیماری بچوں کو متاثر کررہی ہے۔ برطانیہ میں درجنوں کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ امریکا میں پہلی بار تین کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3 بچوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ یورپی ماہرین نے نئے مرض کو چیلنج قرار دے دیا۔ سائنس دان اور ڈاکٹرز کرونا طرز کی بیماری کی تاحال شناخت نہ کرسکے۔

    کئی ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ یہ بیماری ’کاواساکی‘ مرض کی طرح ہے جس کے باعث بچوں کے شریانوں میں سوجن پڑجاتی ہے، جلد پر لاک دھبوں سمیت جسم کے اندرونی حصے میں جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔

    برطانیہ: کرونا طرز کی پراسرار بیماری سے بچوں کی اموات، حکومت کی تصدیق

    امریکا میں سامنے آنے والے کیسز میں بچوں کی عمریں 6 سے 8 سال کے درمیان ہیں۔ برطانوی، اطالوی اور ہسپانوں ماہرین پیشگی ہنگامی انتباہ جاری کرچکے ہیں۔ جس میں نئے مرض کو خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے وزیرصحت میٹ ہینکو کا کہنا تھا کہ برطانوی اسپتالوں میں زیرعلاج مہلک مرض میں مبتلا کچھ بچے دم توڑ گئے، مذکورہ بیماری کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

    بچوں میں کرونا طرز کی بیماری کا خوف، ڈاکٹروں کا ہنگامی انتباہ

    انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ نئی بیماری کا جنم کرونا کے باعث ممکن ہے تاہم ہمارے پاس ایسے کوئی شواہد نہیں جس کی بنیاد پر حتمی رائے قائم کی جائے، ماہرین تحقیق میں جٹے ہوئے ہیں۔

  • رکن سندھ اسمبلی کے اہل خانہ کے 8 افراد بھی کروناوائرس کا شکار

    رکن سندھ اسمبلی کے اہل خانہ کے 8 افراد بھی کروناوائرس کا شکار

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کے اہل خانہ کے 8 افراد میں بھی کروناوائرس کی تشخیص ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے عبدالرشید کے بعد ان کے گھر کے 8 افراد وبائی مرض کا شکار ہوگئے۔ جبکہ اہل خانہ کے مزید 21 افراد کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔

    عبدالرشید اور ان کے بھائی جواد شعیب نے خبر کی تصدیق کردی۔ رکن سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ والدہ، بہن، اہلیہ اور بچوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ خاندان کے 21 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اورہ وہ صحت یاب ہیں۔

    ’گورنر سندھ جن جن لوگوں سے ملے، ان سب کا کرونا ٹیسٹ کرایا جائے گا‘

    عبدالرشید نے بتایا کہ لیاری اور دیگر علاقوں میں فلاحی کاموں میں مصروفیت رہی تھیں، لاک ڈاؤن سے متاثرین کی مدد کے لیے ہرممکن اقدامات تاحال کیے جارہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے نجی اسپتال کراچی سے اپنا کروناٹیسٹ کرایا تھا، جس کی 24اپریل کو مثبت رپورٹ آئی، ڈاکٹر کے مشورے سے گھر میں آئسولیشن اختیار کررکھی ہے۔

    رکن سندھ اسمبلی نے عوام سے اپنا خیال رکھنے اور احتیاط کرنے سمیت دعائے صحت کی اپیل بھی کی۔

  • کروناوائرس: پاک بحریہ کا امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعادہ

    کروناوائرس: پاک بحریہ کا امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعادہ

    اسلام آباد: پاک بحریہ کے کمانڈ اینڈاسٹاف کانفرنس میں کروناوائرس کے باعث آپریشنل تیاریوں کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کی کمانڈاینڈاسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔

    اس موقع پر فیلڈکمانڈرز نے ویڈیولنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔ اجلاس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کاجائزہ لیا گیا، کانفرنس میں جوانوں کے تربیتی، فلاحی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    پاک فوج 3 لاکھ 50 ہزار امدادی پیکجز کی تقسیم میں مصروف ہے: آئی ایس پی آر

    ’نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا‘۔

    خیال رہے کہ ملک میں عسکری اور سیاسی قیادت مل کر کروناوائرس کے خلاف جنگ میں کمربستہ ہیں۔

  • معروف فٹبالر کی کرونا رپورٹ چوتھی بار بھی مثبت آگئی

    معروف فٹبالر کی کرونا رپورٹ چوتھی بار بھی مثبت آگئی

    بیونس آئرس: ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر پاؤلو دیبالا کی کروناٹیسٹ رپورٹ ایک بار پھر مثبت آگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے مشہور کلب یوونٹس کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی اور ان کی دوست اوریانا گزشتہ 6 ہفتوں سے کروناوائرس کا شکار ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاؤلو نے مہلک وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد مرحلہ وار چار مرتبہ کرونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت ہی آیا، تاہم ان کی صحت اب برقرار ہے اور وبا کی علامات بھی آہستہ آہستہ ختم ہورہی ہیں۔

    صحت سے متعلق اپنے تازہ بیان میں فٹبالر کا کہنا تھا کہ کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی لیکن اب صحت یاب ہوں لیکن وائرس اب بھی جسم میں موجود ہے جو ممکنہ طور پر جلد ختم ہوجائے گا۔

    لیجنڈری کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    خیال رہے کہ پاؤلو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف کیا تھا۔ ارجنٹینا کے 26سالہ اسٹار فٹبالر دیبالا یوونٹس کے تیسرے کھلاڑی ہیں جو وائرس کا شکار ہوئے۔

    قبل ازیں ان ہی کی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ڈییئل روگانی اور ورلڈ کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم کے رکن لیس میٹوڈی کے بھی کرونا کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں، اور تمام کھلاڑی قرنطینہ میں موجود ہیں۔

  • مالی مشکلات کے شکار وکلا کیلئے بڑی خوش خبری

    مالی مشکلات کے شکار وکلا کیلئے بڑی خوش خبری

    لاہور: پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث معاشی مشکلات کے شکار وکلا کو ریلیف فراہم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے مالی مشکلات کے شکار وکلا کے لیے 10کروڑ کی امداد دی گئی۔ عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ بار کے عہدیداروں کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیک دیا۔

    اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشن کے ذریعے وکلا کو مالی امداد دی جائے گی، وکلا برادری کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے، حکومت ممکنہ وسائل فراہم کرے گی، وکلا عوامی شعور و آگاہی کی بیداری کے لیے بھر پور کردار ادا کریں، صوبے بھر کے وکلا کے لیے دیگر سہولتیں بھی فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14079 ہو گئی، 301 جاں بحق

    انہوں نے اعلان کیا کہ دور سے آنے والے وکلا کے لیے لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ قیام گاہ بنائی جائے گی، وکلا ٹاور کے لیے موزوں جگہ کا انتخاب کرکے جلد کارروائی شروع کی جائے، کڑے وقت میں وکلا برادری کی مدد کا جذبہ خوش آئند ہے، صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات کرے گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کروناوائرس کے باعث تمام شعبے سے تعلق رکھنے والے ملازمین پریشان ہیں۔

  • ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد سوالیہ نشان بن گیا

    ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد سوالیہ نشان بن گیا

    ٹوکیو: جاپان میں کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپکس کا انعقاد اب سوالیہ نشان بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2021 میں بھی اولمپکس کا انعقاد مشکل ہے، وبا پر قابو نہیں پایا گیا تو میگا ایونٹ منسوخ ہوسکتا ہے۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کروناویکسین کی دریافت تک حتمی فیصلہ کرنا مشکل ہے، اولمپکس کو 2021 سے آگے نہیں بڑھا سکتے، وبا 2021 تک رہی تو اولمپکس منسوخ کرنا پڑیں گے۔

    ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپکس کی نئی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 میں ہوں گے، پہلے یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔

    البتہ اب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نئی تاریخوں پر بھی سوالات اٹھادیے ہیں۔ اسپورٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اولمپکس کا انعقاد مشکل ہے، اس کی بڑی وجہ بے قابو مہلک وائرس ہے۔

  • بچوں میں کرونا طرز کی بیماری کا خوف، ڈاکٹروں کا ہنگامی انتباہ

    بچوں میں کرونا طرز کی بیماری کا خوف، ڈاکٹروں کا ہنگامی انتباہ

    لندن: برطانیہ میں کروناوائرس طرز کی نئی بیماری نے والدین کو خوف زدہ کردیا، قومی ادارہ برائے صحت کے ڈاکٹروں کی جانب سے ہنگامی انتباہ جاری ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں متعدد ایسے بچے زیرعلاج ہیں جن میں کرونامریضوں جیسی حالت پائی گئی، مذکورہ بیماری وبائی مرض کے طرز کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیرعلاج بچے کروناوائرس کا شکار نہیں البتہ انہیں ایسی بیماری لاحق ہے جس کے باعث ان کے پیٹ میں درد، پیچس اور الٹیاں ہورہی ہیں جبکہ دل میں سونج کی بھی شکایت سامنے آئی ہے۔

    ڈاکٹروں نے اس پراسرار حالت کا موازنہ کرونا اور زہریلی بیماریوں سے کیا ہے۔ جو مریضوں کو شدید نقصان پہنچانے سمیت سوجن، بخار اور سانس لینے میں دشواری کا باعث بنتی ہے۔

    بچوں میں کرونا کی علامات کیا ہوتی ہیں؟ ماہرین نے بتا دیا

    خیال رہے کہ بچوں میں کروناوائرس کی بہت سی علامات ہوسکتی ہیں، تاہم کچھ ایسی علامات ہیں جو اگر بچوں میں نمایاں ہوں تو فوری طور پر والدین کو اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

    عالمی ماہرین کے مطابق اگر بچہ غیرمعمولی بخار کا شکار ہوجائے یا سانس لینے میں شدید دشواری پیش آرہی ہو اور ساتھ ہی کھانسی نہ رکے تو یہ بچوں میں کروناوائرس کی علامات ہوسکتی ہیں۔

  • کرونا وائرس کے خلاف بل گیٹس کی کاوشوں کے عالمی سطح پر چرچے

    کرونا وائرس کے خلاف بل گیٹس کی کاوشوں کے عالمی سطح پر چرچے

    لندن: مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس کی کرونا وائرس کے خلاف کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے، برطانوی جریدے نے بھی تعریف کی۔

    برطانوی جریدے ’فائی نینشل ٹائمز‘ کا کہنا ہے کہ بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن وبائی مرض کے خلاف جنگ میں اپنے تمام تر وسائل استعمال کررہے ہیں، ان کی پوری توجہ کوویڈ 19 پر مرکوز ہے۔

    فاؤنڈیشن وبائی مرض کے علاج کی مدد میں اب تک مرحلہ وار 250 بلین ڈالر عطیہ کرچکا ہے، بل گیٹس کی پوری توجہ ایسی دوا تیار کرنے پر مرکوز ہے جو وبائی مرض کا علاج کرسکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے بل گیٹس کے تعاون سے ممکنہ کروناویکسین ایک سال کے اندر تیار ہوجائے گی۔

    کروناویکسین کتنے ماہ میں تیار ہوگی؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    خیال رہے کہ حالیہ بیان میں بانی مائیکروسافٹ کا کہنا تھا کہ وبائی مرض کے خلاف پیشگی کوئی تیاری نہیں تھی جس کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، علاج کے دریافت میں وقت ناگزیر ہے، عام طور پر ویکسین کی تیاری میں 5 سے 6 سال لگتے ہیں لیکن کرونا کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ویکسین کی تیاری تیزی سے جاری ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وبا کے خلاف جنگ میں مال ودولت کی کوئی اہمیت نہیں، دنیا بھر میں خوشی سے عطیات دے رہا ہوں، میری فنڈنگ تنظیم اور مجھ سے جو ممکن ہوسکا کرتے رہیں گے۔

  • ’پنجاب میں کرونا مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جارہے ہیں‘

    ’پنجاب میں کرونا مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جارہے ہیں‘

    لاہور: وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جارہے ہیں ، ڈاکٹرز اور طبی عملہ مریضوں کی دن رات خدمت میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب نے اپنے دفتر میں نجی فلاحی تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقات کی، اس موقع پر نجی فلاحی تنظیموں نے مستحق افراد کے لیے 15ہزار صابن عطیہ کیے۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے نجی فلاحی تنظیموں کے امدادی سامان کی کاوش کو سراہا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مستحق طبقات کے لیے امدادی سامان دینے کی کاوش کو سراہتے ہیں، مخیر ادارے اور حضرات اہم کردار ادا کررہے ہیں، لاک ڈاؤن سے بے روزگار افراد کی بحالی کا کام جاری ہے۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 13328 ہو گئی، 281 جاں بحق

    انہوں نے کہا کہ بطور قوم کروناوائرس کے خلاف جنگ کو جیتنا ہے، روزانہ کی صورت حال عوام سے شیئر کی جارہی ہیں، ہمیں مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، پنجاب میں کرونا مریضوں کا بہترین علاج جاری ہے۔

    خیال رہے کہ این سی او سی کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 10 ہزار 018 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 605 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 3029 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن: پاکستان کرکٹ بورڈ کا لیجنڈری کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

    لاک ڈاؤن: پاکستان کرکٹ بورڈ کا لیجنڈری کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے لاک ڈاؤن کے دوران کھلاڑیوں کی آن لائن ٹریننگ کے لیے لیجنڈری کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے موجودہ کھلاڑیوں کو کھیل کے گر سکھائیں گے، اور میچ کے دوران اپنی کارکردگی کو نکھانے کے لیے حکمت عملی سے بھی روشناس کرائیں گے۔

    آن لائن سیشن میں جاوید میانداد اور وسیم اکرم کے علاوہ محمد یوسف، یونس خان، معین خان، مشتاق احمد، راشد لطیف اور شعیب اختر بھی آن لائن سیشنز کے ذریعے موجودہ کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

     سیشن میں کُل پینتالیس موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز شرکت کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی سی بی کی جانب سے قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کیے جا رہے تھے، قومی کے بعد صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹرینرز فٹنس ٹیسٹ رپورٹس شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر کو بھجوائے گے، ٹرینرز اور صوبائی کوچز نے محدود مواقع کے باوجود کھلاڑیوں کے فٹنس پر اظہار اطمینان کیا۔