Tag: کروناوائرس

  • بڑی پیش رفت، آکسفورڈ یونیورسٹی میں کروناویکسین تیار، انسانوں پر تجربہ

    بڑی پیش رفت، آکسفورڈ یونیورسٹی میں کروناویکسین تیار، انسانوں پر تجربہ

    لندن: عالمگیر وبا کروناوائرس کے خلاف بڑی پیش رفت سامنے آگئی، آکسفورڈ یونیورسٹی نے کروناویکسین تیار کرلی جس کی رواں ہفتے انسانوں پر آزمائش کی جائے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کے تعاون سے یونیورسٹی نے ویکسین تیار کی اور اب دیگر تجرباتی مراحل میں بھی وزارت صحت کا مکمل ساتھ حاصل ہے۔

    برطانوی وزیرصحت میٹ ہینکوک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے سب کچھ قربان کررہے ہیں، ویکسین کی انسانوں پر ٹرائل کے لیے حکومت سائنس دانوں کو مزید 20 ملین پاؤنڈ دے گی جبکہ منصوبے کے دیگر مراحل کی تکمیل کے لیے 22.5 ملین پاؤنڈ فراہم کرے گی۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے قریب

    ’’ChAdOx1 nCoV-19‘‘ نامی کروناویکسین کو 510 رضاکاروں پر آزمایہ جائے گا، ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 112 افراد پر مشتمل گروہ تشکیل دیا گیا جس میں 18 سے 55 عمر کے شہری شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ویکسین کی کامیابی کی صورت میں یہ دنیا میں پہلی برطانوی ساختہ ویکسین ہوگی جس سے متعلق پوری دنیا نے امیدیں باندھ رکھی ہیں، مذکورہ ویکسین دنیا کو لاک ڈاؤن سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں برطانیہ کا نام بھی شامل ہے، جہاں مہلک وائرس سے اب تک 17 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • کروناوائرس: عالمی ادارے کی بڑے خطرے کی نشاندہی

    کروناوائرس: عالمی ادارے کی بڑے خطرے کی نشاندہی

    جینیوا: عالمی ادارہ خوراک نے خبردار کیا ہے کہ وبا کے باعث بھوک کا سامنا کرنے والوں کی تعداد دگنی ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ وبائی مرض کی وجہ سے لوگوں کو بھوک کا سامنا کرنا پڑے گا، کھانے کی قلت کا سامنا کرنے والوں کی تعداد 265 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت نے فوڈکرائسز سے متعلق چوتھی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عالمگیروبا بحران پیدا کرسکتی ہے۔ 2019 میں بھوک کا سامنا کرنے والے افراد تعداد 130 ملین سے بڑھ کر135ملین تک پہنچ گئی تھی۔

    ‘بدترین وقت ابھی آیا نہیں آنے والا ہے’عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو بڑے خطرے سے خبردار کر دیا

    ’کرونا وبا پھیلنے سے پہلے ہی خوراک کے عدم تحفظ میں اضافہ ہوا تھا‘۔

    قبل ازیں کرونا وائرس کے پیش نظرعالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈرس کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بدترین وقت ابھی آیا نہیں آنے والا ہے، کرونا ایک حقیقت ہے، جسے لوگ سمجھ نہیں رہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ساری دنیا کو متحدہ ہو کر اس وائرس سے لڑنا ہوگا، کوروناوائرس 100سال کے دوران پہلی بار آیا ہے، 1918 میں انفلوئنزہ سے 10کروڑ افراد ہلاک ہوئے تھے، اگر لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو عجلت میں ہٹا دیا گیا تو اس سے وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، انتظامیہ نے پارک کو مٹی سے بھر دیا

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، انتظامیہ نے پارک کو مٹی سے بھر دیا

    واشنگٹن: امریکا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے مشہور اسکیٹ پارک کو مٹی سے بھر دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مشہور ’لوس اینجلس اسکیٹ‘ پارک کو انتظامیہ نے مٹی ڈال کر بھر دیا تاکہ کوئی بھی شہری یہاں کا رخ نہ کرسکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود شہری سیروتفریح اور اسکیٹنگ کے لیے پارک کا رخ کررہے تھے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے مذکورہ اقدام اٹھایا۔ شعبہ پارک کے ترجمان کہنا ہے کہ ہمیں مسلسل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جس کے باعث نئی حکمت عملی تیار کی۔

    انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کے پیش نظر پارک کو تاحکم ثانی بند کیا گیا ہے، شہری باز نہ آئے تو اس طرح کے اقدامات دیگر تفریحی مقامات سے متعق بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ اپنی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے کررہے ہیں، مہلک وبا پر قابو پایا لیا جائے تو ہم پارک دوبارہ کھول دیں گے ، لیکن ابھی شہریوں کو چاہیے کہ وہ اسکیٹ پارک کا استعمال نہ کریں۔

  • کرونا کی آڑ لے کر گرفتاری سے بچنے کی کوشش ناکام

    کرونا کی آڑ لے کر گرفتاری سے بچنے کی کوشش ناکام

    واشنگٹن: امریکا میں ملزم کو گرفتاری سے بچنے کے لیے انوکھی چال مہنگی پڑگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے کروناوائرس کی آڑ لینے کی کوشش کی تاہم پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلوریڈا کے علاقے برڈن سے تعلق رکھنے والے ملزم نے پولیس کو چکما دینے کے لیے اپنے گھر کے دروازے پر وارننگ پیغام چسپاں کررکھا تھا تاکہ متعلقہ ادارے گرفتاری سے گریز کریں۔

    جعلی وارننگ پیغام میں لکھا تھا کہ وہ 8 اپریل سے کروناوائرس کا شکار ہے۔

    تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائی اور حفاظتی کٹس پہنچ کر مطلوب شخص کو گرفتار کرلیا۔ ٹیسٹ کے بعد پتہ چلا ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے نوسر بازی کی اور کرونا کا جھوٹا ڈھونگ رچایا۔

    ملزم کو پیشگی گرفتاری کے احکام کی خلاف ورزی اور فرار ہونے سمیت دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

  • وزیراعظم اور صدرمملکت کی اہم ملاقات، کرونا سمیت علاقائی صورتحال پر گفتگو

    وزیراعظم اور صدرمملکت کی اہم ملاقات، کرونا سمیت علاقائی صورتحال پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی، اس اہم بیٹھک میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم، صدر اور ڈی جی آئی ایس آئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورت حال سمیت کروناوائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق تبالہ خیال کیا گیا۔

    صدر عارف علوی نے کرونا کے خلاف حکومتی اقدامات کو سراہا اور وزیراعظم کے احساس ریلیف پروگرام کی تعریف کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت مستحقین کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

    ملاقات میں بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں کروناوائرس بنیادی حقوق کے خلاف استعمال کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔

    وزیر اعظم کی علما سے ملاقات، لاک ڈاؤن پر وزیر اعظم کے مؤقف کی بھرپور تائید

    ملاقات میں رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صحت کی سہولتیں نہ دینے کی بھی مذمت کی۔ وزیر اعظم نے رمضان سے متعلق اتفاق رائے پیدا کرانے پر شکریہ ادا کیا۔

    دریں اثنا رمضان میں تراویح اور نمازوں کی ادائیگی کے ایس اوپیز کے نفاذ پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • کرونا کو شکست؟ ایسا شہر جہاں ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا

    کرونا کو شکست؟ ایسا شہر جہاں ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا

    بیجنگ: چین کے زیرانتظام شہر ہانگ کانگ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، اسپتال انتظامیہ اور عملے نے اسے وبائی مرض کے خلاف کامیابی قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری کے اختتام کے بعد سے آج وہ واحد دن ہے کہ جس روز ہانگ کانگ میں عالمگیر وبا کا ایک بھی کیس ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی اور شہریوں کی جانب سے احتتاطی تدابیر اپنانے سے ہانگ کانگ میں مہلک وائرس قابو میں ہے، ہرشہری سماجی فاصلے کو ہر صورت یقینی بنارہا ہے۔

    جنگِ عظیم دوم کے سپاہی نے کرونا کو شکست دے دی، گارڈ آف آنر پیش

    ملک میں مجموعی طور پر کرونا کے 1025 کیسز سامنے آئے جن میں سے 4 افراد کی موت واقع ہوئی۔ وائرس کے پیش نظر دنیا بھر کی طرح ہانگ کانگ میں بھی نجی وسرکاری دفاتر اور تمام اسکولز بند ہیں۔

    ہانگ کانگ میں شعبہ طب کی پاکستانی طالبہ لیلا کائنات نے ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر سے کرونا کو شکست دیا جاسکتا ہے، شہریوں کو چاہیئے کہ گھر میں داخل ہونے کے فوری بعد ہاتھ دھوئیں اور ممکن ہو تو کپڑے بھی تبدیل کیے جائیں۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ وائرس کپڑوں کے ذریعے بھی انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے۔

  • کرونا کے خلاف پاکستان اور برطانیہ کی مشترکہ کاوشیں

    کرونا کے خلاف پاکستان اور برطانیہ کی مشترکہ کاوشیں

    کراچی: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات کے تحت کام کررہے ہیں، مشکل وقت میں دوست ہی ہمارا ساتھ دیتے ہیں، کرونا کے خلا مل کر کام کیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ 4اپریل سے پی آئی اے کی 23پروازیں برطانیہ گئیں، پروازوں میں ساڑھے7 ہزار افراد نے سفر کیا، ہم 10مزید برطانوی چارٹرڈ پروازوں کا اہتمام کررہے ہیں۔ پروازیں لاہور اور اسلام آباد سے ہیتھرو اور مانچسٹر جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ پروازیں منگل سے آپریٹ ہونا شروع ہوں گی، پاکستان میں برطانوی شہریوں کی تعداد1لاکھ تک ہوسکتی ہے، دونوں ممالک کے قریبی تعلقات بہترین سرمایہ ہیں، تعداد زیادہ ہونے کے سبب سب کی رجسٹریشن مشکل ہے، مختصر دورے پر پاکستان آئے برطانوی شہریوں کی تعداد 21ہزار ہوسکتی ہے۔

    ’خوشی ہے پی آئی اے پروازوں سے لوگ واپس جارہے ہیں، ہماری پروازیں فل ہوگئیں تو ہم ویٹنگ لسٹ جاری کریں گے، برطانیہ کے تقریباً3000افراد نے سفر کرنا ہے، پروازیں بھر گئیں تو اگلے ہفتے مزید پروازوں کا اہتمام کریں گے، یہ10پروازیں قطر ایئرویز کی ہوں گی، مزید پروازوں کیلئے ہم ری ٹینڈر کریں گے‘

    برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے برطانیہ کا ٹکٹ تقریباً527 پاؤنڈ ہے، برطانوی شہری چاہیں تو ایمرجنسی سسٹم کے تحت قرض لے سکتے ہیں، 24 گھنٹے میں رجسٹریشن میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لوگوں کو دونوں اطراف کی حکومتوں کے قواعد کے مطابق دیکھا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ہوائی اڈے پر اسکریننگ کی جائے گی، بخار اور کرونا کی علامات پر قرنطینہ منتقل کر دیا جائے گا، لوگوں کو مشورہ ہے برطانیہ پہنچتے ہی سیدھا اپنے گھر جائیں۔

  • کروناویکسین کتنے ماہ میں تیار ہوگی؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    کروناویکسین کتنے ماہ میں تیار ہوگی؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیرترین شخص بل گیٹس نے کہا ہے کہ کروناویکسین کی تیاری میں تقریباً 18 ماہ لگیں گے، وبا کے خلاف جنگ میں جو ہوسکا کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں رقم کو فوقیت نہیں دی جاتی، میں خوشی سے چیک لکھ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کے خلاف پیشگی کوئی تیاری نہیں تھی جس کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، علاج کے دریافت میں وقت ناگزیر ہے، عام طور پر ویکسین کی تیاری میں 5 سے 6 سال لگتے ہیں لیکن کرونا کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ویکسین کی تیاری تیزی سے جاری ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کو امریکی امداد روکنے کا معاملہ، بل گیٹس نے بڑا اعلان کردیا

    امیرترین شخص کا کہنا تھا کہ وبا کے خلاف جنگ میں مال ودولت کی کوئی اہمیت نہیں، دنیا بھر میں خوشی سے عطیات دے رہا ہوں، میری فنڈنگ تنظیم اور مجھ سے جو ممکن ہوسکا کرتے رہیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا ماضی میں آنے والی وبا کی طرح ہے جس نے 2015 میں تباہی مچائی تھی۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں 50 فیصد اضافہ

    لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں 50 فیصد اضافہ

    لندن: برطانیہ میں کروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں 50فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت شدید تشویش کا شکار ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث برطانیہ میں گھریلو تشدد کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ سماجی ادارے نے واقعات پولیس کو رپورٹ کیے۔

    برطانوی پولیس نے گھریلو تشدد سے متاثرہ افراد کو سامنے آنے کی بھی اپیل کی ہے۔ جوڑے کے گھروں میں رہنے سے ناچاکی اور لڑائی جھگڑوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

    برطانیہ میں کروناوائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار کے قریب پہنچ کی ہے۔ ماہرین نے کرونا کی ایک اور لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یورپ میں سب سے زیادہ نقصان برطانیہ میں ہوگا۔

    لندن کی بسوں میں اب سفر مفت

    خیال رہے کہ برطانوی دارالحکومت لندن کی بسوں میں مسافروں کے لیے سفر مفت کر دیا گیا ہے۔

    میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے ہونے والی اموات میں سے 20 بس ڈرائیورز تھے جنہوں نے فرض شناسی کے دوران اپنی جان گنوائی، ان کا کہنا ہے کہ لندن کے شہریوں کو بس کی سروس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وہ مہلک وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

  • برطانیہ میں ایک اور بڑا اعلان سامنے آگیا

    برطانیہ میں ایک اور بڑا اعلان سامنے آگیا

    لندن: کروناوائرس کے پیش نظر برطانوی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 3 ہفتے کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب نے ملک میں نافذ عمل لاک ڈاؤن میں مزید 3 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔ مذکورہ اعلان وبائی مرض کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔

    وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی معیشت اور انسانی جانوں کے لیے نقصان دہ ہوگی، اسی لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، شہری احتیاطی تدابیر سختی سے اپنائیں۔

    لندن میں لاک ڈاؤن کے باعث چور سرگرم ہوگئے

    غیرملکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ تین ہفتے کے بعد لاک ڈاؤن کو مزید بڑھایا بھی جاسکتا ہے، برطانیہ میں عالمگیر وبا کی صورت حال شدت اختیار کرچکی ہے جس پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد13ہزار729ہوگئی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں861افراد کرونا سے ہلاک ہوئے۔ برطانیہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

    این ایچ ایس میں سوا تین لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرچکے ہیں۔