Tag: کروناوائرس

  • اہم پیشرفت، مائیکروسافٹ نے "کروناوائرس ٹریکر” متعارف کرادیا

    اہم پیشرفت، مائیکروسافٹ نے "کروناوائرس ٹریکر” متعارف کرادیا

    واشنگٹن: کمپیوٹر سافٹ ویئر بنانے والی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے "COVID-19 ٹریکر” متعارف کرادیا جس کی مدد سے دنیا بھر میں کروناوائرس کے حقیقی کیسز کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کروناوائرس سے متعلق افواہیں اور جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں جبکہ کروناوائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد کا بھی اندازہ لگانا بہت مشکل تھا لیکن مائیکروسافٹ نے یہ بڑی مشکل بھی آسان کردی "COVID-19 ٹریکر” کے تحت شہریوں کو مصدقہ اطلاعات ملیں گی۔

    اس ٹریکر میں دنیا بھر میں مجموعی کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد سمیت ہر ملک کے اپنے اپنے خانے بنے ہوئے ہیں جس کے ذریعے کیسز کا پتا لگانا بہت آسان ہے، نئے کیسز کے سامنے آنے پر ٹریکر اپڈیٹڈ خبردیتا ہے۔

    ٹریکر میں موجود اطلاعات اہم مصدقہ ذرائع سے حاصل کی جارہی ہیں جن میں عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) سمیت امریکا کے طب کے اہم مراکز کا تعاون بھی حاصل ہے۔

    مذکورہ ٹریکر میں صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی موجود ہے۔

  • کروناوائرس: تمام ایئرپورٹس پر احتیاطی تدابیر مزید سخت

    کروناوائرس: تمام ایئرپورٹس پر احتیاطی تدابیر مزید سخت

    کراچی: کروناوائرس کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)نے تمام ایئرپورٹس پر احتیاطی تدابیر مزید سخت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کراچی اور لاہور ودیگر ایئرپورٹس پر اقدامات مزید سخت کردیے گئے، ایئرپورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے آنے والوں پر بھی سختی کردی گئی۔

    سی اے اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وزیٹرز غیر ضروری طور پر ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں، ایک سے زائد ایئرپورٹ آنے والوں کو انٹری پوائنٹس پر ہی روکا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 30 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہیں جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ اسی ضمن میں حکومت سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی جبکہ 2 مریض صحت یاب ہوئے، صوبے میں وائرس کی تشخیص کا ٹیسٹ بالکل مفت کیا جارہا ہے۔

  • سائنس دانوں نے کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ویکسین تیار کرلی

    سائنس دانوں نے کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ویکسین تیار کرلی

    سڈنی: آسٹریلیا کے تین سائنس دانوں نے وبائی مرض کروناوائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تینوں آسٹریلوی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ویکسین تیار کرلی ہے تاہم اسپتالوں میں اس کے استعمال کے لیے ابھی مزید کچھ مہینے درکار ہیں۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ے کہ آسٹریلیا میں قائم ’’یونیورسٹی آف کوئنس لینڈ‘‘ میں مذکورہ ویکسین کا ٹرائل کیا جائے گا۔ آئندہ چند مہیوں میں ٹرائل کے بعد سال کے اختتام پر ویکسین اسپتالوں میں استعمال کی جاسکے گی۔

    ویکسین کی تیاری میں تقریباً 20 سے 30 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوئی۔

    اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    ڈاکٹر کیتھ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے دو سائنس دان ساتھیوں(پاؤل ینگ، ٹرینٹ منرو) کی مدد سے کروناوائرس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کی ہے، مذکورہ ویکسین کی تیاری کا آغاز رواں سال کے آغاز سے ہی کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب برطانوی سائنسدانوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ کررونا وائرس کی ویکسین تیاری کے آخری مراحلے میں ہے، جون تک ویکسین عوام کے لیے تیار ہوجائے گی۔

  • کروناوائرس: وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اہم اجلاس، نئی حکمت عملی

    کروناوائرس: وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اہم اجلاس، نئی حکمت عملی

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزرا اور اپوزیشن کے اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ اس دوران نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ زائرین کو نئی حکمت عملی کے تحت ان کے صوبوں میں بھیجا جارہا ہے، محکمہ صحت کے پاس 200 ٹیسٹنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

    بریفنگ میں کہنا تھا کہ شیخ زید اور فاطمہ جناح اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں جہاں دیگر سہولیات دستیاب ہیں، آج کی تاریخ تک کرونا کا کوئی سیریس کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

    کرونا وائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان نے زائرین کے حوالے سے ذمہ داری اٹھائی اور نبھائی، حکومت بلوچستان نے کم وسائل کے باوجود چیلنج سے نمٹنے کی کوشش کی، کرونا قومی مسلئہ ہے اور اس سے نمٹنا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے، سیاست سے بالاتر ہو کر کرونا کا تدارک مشترکہ قومی فریضہ ہے۔

    خیال رہے کہ ایران سے آنے والے زائرین کو بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان بارڈر سے لے کر مزید 4 بسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچ گئیں ہیں جن میں درجنوں مسافر سوار تھے، زائرین میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ میں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی اس دوران انہیں کسی سے ملنے پر پابندی ہوگی۔

  • خود کو کروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے 5 آسان طریقے

    خود کو کروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے 5 آسان طریقے

    لندن: برطانوی ماہرین نے کروناوائرس کے خطرے سے بچنے کے لیے ان افراد کو خصوصی 5 ہدایات جاری کی ہیں جنہوں نے خود کو ’’سیلف آئیسولیشن‘‘ میں رکھا ہوا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں شعبہ صحت کے ماہرین اور محکمے شہریوں کو کروناوائرس سے بچنے کےلیے خصوصی ہدایات جاری کررہے ہیں جن میں ماسک پہننے سمیت باقاعدگی سے ہاتھ دھونا بھی شامل ہیں۔

    جبکہ دنیا میں ایسے افراد بھی سامنے آئے ہیں جنہوں نے خود کو کروناوائرس سے بچانے کے لیے گھر میں بند کرلیا ہے اور ’’سیلف آئیسولیشن‘‘ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے افراد کے لیے ماہرین نے 5 ضروری ہدایات جاری کی ہیں جن پر عمل کیا جائے تو ان کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔

    1) ہر افراد سے رابطہ منقطع

    برطانوی ماہرین نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلف آئیسولیشن والے شہری تمام افراد سے رابطہ منقطع کرلیں، چاہے وہ قریبی رشتے دار ہی کیوں نہ ہوں اور رہائش گاہ سے قدم باہر نہ نکالیں۔

    2) ہوادار کھڑکی والے کمرے میں رہیں

    دوسرے مشورے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شہری گھر میں وہ اس کمرے کا انتخاب کریں جہاں کھڑکی سے قدرتی ہواؤں کی آمد ورفت جاری رہے جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

    3) فوڈ یا پھر کیسی بھی اشیاء کی ڈیلیوری میں محتاط رہیں

    جب کبھی باہر سے کھانا یا پھر دیگر اشیاء منگوائی جائے تو اسے براہ راست ڈیلیوری بوائے سے لینے کے بجائے اسے کہیں زمین پر رکھ دے اور جب وہ چلا جائے تو احتیاط سے اٹھالیں۔

    4) واش روم کی صفائی

    ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ گھر میں کہیں بھی گندگی یا پھر گرد نہ رہنے دیں، فوری طور پر صفائی یقینی بنائیں اسی طرح واش روم کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی لازمی ہے۔

    5) پالتوں جانور نہ رکھیں

    حالیہ دنوں ایسی خبریں بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ مہلک وائرس کا جنم کسی جانور سے ہوا جبکہ کئی ماہرین کا خیال ہے کہ ایسا ممکن ہے۔ لہذا سیلف آئیسولیشن والے افراد اپنے گھر پالتوں جانور نہ رکھیں۔

    ماہرین کے مطابق اگر مذکورہ ہدایات پر عمل کیا جائے تو مہلک وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔

  • کروناوائرس: کراچی کی3 بڑی تفریحی گاہیں بند کرنے کا اعلان

    کروناوائرس: کراچی کی3 بڑی تفریحی گاہیں بند کرنے کا اعلان

    کراچی: کے ایم سی نے کرونا وائرس کے سبب شہر قائد کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے کرونا وائرس کے باعث کراچی کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کر دیا۔ چڑیاگھر، لانڈھی زو، سفاری پارک کو عوام کے لیے بندکر دیا گیا۔

    تفریحی مقامات مئیر کراچی وسیم اخترکی ہدایت کے بعد بند کیےگئے۔ ڈائریکٹر چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ صورتحال سنبھلنے کے بعد تفریحی گاہوں کو دوبارہ کھولا جائے گا۔

    وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر تفریحی مقامات کو بند کر رہے ہیں، انسانی جانوں کا تحفظ پہلے ہے،تفریح گاہوں میں صفائی کےساتھ اسپرے بھی کیا جائےگا،تفریحی مقامات کھولنا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے۔

    کورونا وائرس : سندھ میں شادی ہالوں کو بند کرنے کی ہدایت

    اس سے قبل کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں میلے، درگاہیں، شادی ہالوں کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    علاوہ ازیں سندھ حکومت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی اور اسی کے تحت کراچی میں 120 بستروں پر اور 16 وینٹی لیٹرز پر مشتمل اسپتال کو کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا سے بچاؤ کے لیے ہر ضلع میں قرنطینہ سینٹر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • ’’کروناوائرس‘‘ کا ٹیلی ویژن پر انٹرویو، شہریوں کی تنقید

    ’’کروناوائرس‘‘ کا ٹیلی ویژن پر انٹرویو، شہریوں کی تنقید

    قاہرہ: مصر میں ایک نجی ٹیلی ویژن نے ’’کروناوائرس‘‘ کو انٹرویو کے لیے بلا لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم شخص کروناوائرس کا روپ دھار کر مقامی ٹی وی کو انٹرویو دینے پہنچ گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید بھی کررہے ہیں۔

    ’’جابر القرموتی‘‘ نے اپنے پروگرام میں ایک ایسے شخص کو انٹرویو کے لیے بلایا جس نے کروناوائرس کا روپ دھار رکھا تھا اس دوران مہمان سے مہلک وائرس سے متعلق کئی سوالات پوچھے گئے۔

    مذکورہ پروگرام کے ٹی پر نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑچکی ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ صحافتی اقدار کے خلاف ہے جبکہ متعدد افراد نے جان لیوا وائرس سے کھلواڑ قرار دیا۔

    آپ کا بچہ کروناوائرس کا شکار تو نہیں؟ 6 علامات جانیے

    مہلک کروناوائرس سے دنیا بھر میں اب تک 5 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہیں۔

    متعدد افراد نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں سیکڑوں لوگ مارے جارہے ہیں وہیں ایسے بھی ٹی وی شوز ہیں جہاں کروناوائرس پر مزاحیہ مواد تیار کیا جارہا ہے۔

    مذکورہ ہوسٹ نے نشر ہونے والے اپنے پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے ہوئے ایک طرح سے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جس میں ’’کروناوائرس‘‘ سے متعلق متعدد سوال پوچھے جو حقیقت پر مبنی تھے۔

  • کروناوائرس: امریکا کی مدد کے لیے ارب پتی شخص میدان میں آگیا

    کروناوائرس: امریکا کی مدد کے لیے ارب پتی شخص میدان میں آگیا

    بیجنگ: دنیا کی مقبول ترین ای کامرس کمپنی ’’علی بابا‘‘ کے شریک بانی جیک ما کروناوائرس کے خلاف جنگ کے لیے میدان میں اترچکے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جیک ما نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ ان کی ٹیم کروناوائرس سے لڑنے کے لیے امداد کے طور پر امریکا کو ایک ملین سرجیکل ماسک اور 5 لاکھ کروناوائرس ٹیسٹ کٹ فراہم کرے گی۔

    وبائی مرض کروناوائرس کے تناظر میں امریکا اور چین کے درمیان لفظی گولہ باری بھی جاری ہے۔ دنوں ممالک ایک دوسرے کو کروناوائرس کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ چینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج سے کروناوائرس ووہان میں منتقل ہوا جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ یہ کرونا نہیں بلکہ ’’چینی وائرس‘‘ ہے۔

    چین کے امیر ترین شہری جیک ما کا کہنا ہے کہ مذکورہ امداد فوری طور پر امریکا کو فراہم کرنے کے لیے اقدمات کیے جارہے ہیں، امید ہے یہ کروناوائرس کے خلاف جنگ میں معاون ثابت ہوگی۔

    ایران کی مدد کے لیے ارب پتی شخص میدان میں آگیا

    ان کا مزید کہنا ہے کہ کروناوائرس دنیا بھر میں بنی نوع انسان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، کوئی بھی ملک اکیلے اس مرض پر قابو نہیں پاسکتا، ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوگی۔

    خیال رہے کہ جیک ما اس سے قبل ایران اور جاپان کی بھی مدد کرچکے ہیں۔

  • کینیڈین وزیراعظم کمرے میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے

    کینیڈین وزیراعظم کمرے میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے

    ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کروناوائرس سے بچنے کے لیے گھر میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے آپ کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے تاہم اس کے باوجود وہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹ کیا کہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہا ہوں جس کے باعث مصروفیات کا سلسلہ جاری ہے۔

    کینیڈین وزیراعظم کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی کابینہ اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں سمیت دیگر امور بھی زیرعمل ہے، کینیڈین عوام پر توجہ مرکوز ہے جلد لوگوں سے بات چیت کروں گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ میں کرونا وائرس کی مشتبہ علامات سامنے آئی تھیں۔

    اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو کو وطن واپسی پر ہلکا بخار اور زکام کی شکایت ہوئی جس پر انہیں مشتبہ قرار دے کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، بدقسمتی سے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ کو کرونا وائرس ہونے کے بعد خود کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔

  • سعودی حکومت کی شہریوں کے لیے نئی ہدایات

    سعودی حکومت کی شہریوں کے لیے نئی ہدایات

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ صحت نے کروناوائرس کے پیش نظر شہریوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ صحت نے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیتے ہوئے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں جبکہ درجنوں شہریوں کا ایک جگہ جمع ہونا بھی مناسب نہیں ہے۔

    ’’ مختلف تقریبات سمیت ایک ساتھ 50 لوگوں کا جمع ہونا کروناوائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ جبکہ شہریوں کے آپس میں ہاتھ ملانے سے بھی مہلک وائرس لوگوں میں منتقل ہونے کے امکانات ہیں‘‘۔

    مذکورہ ہدایات کا مقصد وبائی مرض سے متعلق شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ مملکت کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی جان لیوا مرض سے بچیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں خصوصی پروگرام کے تحت شہریوں کو ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور لوگوں سے ہاتھ نہ ملانے پر زور دیا جارہا ہے۔

    کرونا وائرس کےمہلک وار، ہلاکتوں میں اضافہ، نئے کیسز بھی رپورٹ

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا تاحال بے قابو ہے جس نے آج بھی کئی افراد کو متاثر کیا اور متعدد کی زندگیوں کا چراغ بجھا دیا۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار نو سو ترانوے کے قریب پہنچ گئی جبکہ نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد ایک لاکھ چونتیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔