Tag: کروناوائرس

  • کرونا صورت حال پر وزیراعظم کا 24 گھنٹوں میں اہم خطاب متوقع

    کرونا صورت حال پر وزیراعظم کا 24 گھنٹوں میں اہم خطاب متوقع

    اسلام آباد: کرونا صورت حال پر وزیراعظم عمران خان کا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اہم خطاب متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ صورت حال پر مشاوت کی گئی۔

    اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز اور پارلیمنٹری سیشن پرگفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کوحکمت عملی سےمتعلق گائیڈلائنز فراہم کر دیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کرونا صورت حال پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اہم خطاب متوقع ہے۔

    کروناوائرس: پوری قوم ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات کی۔اس دوران کرونا کی صورت حال اور روک تھام کی حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی، ملکی ڈاکٹروں اور ہیلتھ کئیر اسٹاف کے کردار پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔آئی ڈی ایف نے حکومت کی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کروناوائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔

  • دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 65لاکھ74ہزار 585 ہوگئی

    دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 65لاکھ74ہزار 585 ہوگئی

    واشنگٹن: دنیا بھر میں عالمگیر وبا کروناوائرس کے جان لیوا وار جاری ہیں، کرونا متاثرہ افراد کی تعداد 65لاکھ74ہزار585 ہوگئی جبکہ وبائی مرض سے اب تک 3 لاکھ 88 ہزار 47 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مہلک وائرس کا پھیلاؤ بڑھتا جارہا ہے، دن بہ دن نئے کیسز نے عالمی اداروں کے لیے بھی بڑا چیلنج کھڑا کردیا۔ دنیا بھر میں کرونا کے31لاکھ71ہزار177مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    امریکا میں کرونا سے 1لاکھ9ہزار142افراد ہلاک اور 19لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ برطانیہ میں 39لاکھ728، برازیل میں32ہزار568 اور اٹلی میں33601افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    کرونا ویکسین کی تیاری کا مشن، بڑی پیش رفت سامنے آگئی

    اسی طرح فرانس 29ہزار سے زائد، جرمنی میں8ہزار، بھارت میں6ہزارسے زائدافراد ہلاک ہوئے۔ ایران 8ہزار، ترکی 4ہزار سے زائد اور سعودی عرب میں 579افراد جان سے گئے۔

    بے قابو وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے طب کے عالمی ادارے کرونا ویکسین کی تیاری میں جٹے ہوئے ہیں تاکہ وبا کو کسی صورت قابو پاسکیں، ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کوئی ممکنہ دوا نہ ملی تو اموات اور کیسز بڑھتے جائیں گے۔

    دوسری جانب امریکا نے ایسی 5 کمپنیوں کا انتخاب کرلیا ہے جو ویکسین تیار کریں گی۔

  • کرونا ویکسین کی تیاری کا مشن، بڑی پیش رفت سامنے آگئی

    کرونا ویکسین کی تیاری کا مشن، بڑی پیش رفت سامنے آگئی

    واشنگٹن: امریکا نے کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے حتمی طور پر پانچ کمپنیوں کا انتخاب کرلیا جنہیں ممکنہ ویکسین کی تیاری میں مدد کے لیے ٹرمپ انتظامیہ خصوصی فنڈ فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے پانچ ایسی کمپنیوں کا چناؤ کرلیا ہے جو کرونا ویکسین کی تیاری میں جٹے ہوئے ہیں، امریکی حکومت مذکورہ تمام کمپنیوں کو اضافہ فنڈنگ بھی کرے گی۔

    رپورٹ کے مطابق موڈرنا، اسٹرا زینیکا پلز، پلفزر، جانسن اینڈ جانسن اور مارک اینڈ کو طب کی وہ کمپنیاں ہیں جن کا ٹرمپ انتظامیہ نے حتمی طور پر انتخاب کرلیا ہے جو ممکنہ کرونا ویکسین بنائیں گے۔

    کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش جلد شروع ہوگی

    ویکسین کی تیاری کے دوران مختلف تجربات اور انسانوں پر ٹرائل سمیت دیگر مراحل میں امریکی حکومت کمپنیوں کو مالی مدد فراہم کرے گی۔ حکومت کی جانب سے جلد مذکورہ اقدام سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔

    کرونا ویکسین سے متعلق چین کا اہم اعلان

    اس اہم حکمت عملی سے متعلق امریکی وائٹ ہاؤس تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔ جبکہ امریکی محکمہ صحت اور انسانی خدمات کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم ایسے معاملے پر تبصرہ نہیں کرسکتے جب تک کوئی حتمی مؤقف نہ آئے۔

    خیال رہے کہ رواں سال کے اختتام تک امریکا کرونا ویکسین کی تیاری کا عزم رکھتا ہے اسی کے پیش نظر ممکنہ ویکسین کے ایک سے ڈیڑھ لاکھ افراد پر تجربے کا بھی پلان تیار کیا جارہا ہے، اگلے ماہ سے ٹرائل کا آغاز ہوسکتا ہے۔

  • ملک میں کرونا کیسز اور اموات میں مزید اضافہ

    ملک میں کرونا کیسز اور اموات میں مزید اضافہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک میں 24گھنٹے کے دوران کروناوائرس سے 82 افراد انتقال کرگئے جبکہ 4688 نئے کرونا کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1770ہوگئی، پاکستان میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد85ہزار264ہوگئی، جبکہ ملک میں وبا کے 53ہزار366مریض زیر علاج ہیں۔

    ’ملک میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد30ہزار128ہے، 24گھنٹے کے دوران20ہزار167ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 6لاکھ15ہزار511کرونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جبکہ 901 کرونا مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے‘۔

    نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد32ہزار910ہوگئی، پنجاب میں31ہزار104 اور خیبرپختونخوا میں11ہزار373کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح بلوچستان میں5224، اسلام آباد میں3544، گلگت میں824کیسز اور آزادکشمیر میں کرونا کیسز کی تعداد285 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں مہلک وائرس کے کیسز میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کے ساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت چیمہ کروناوائرس سے جاں بحق ہوگئے، وہ وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے بعد مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے رکن اور ن لیگ کے اہم رہنماؤں شمار کیے جانے والے شوکت چیمہ عالمگیر وبا کروناوائرس سے انتقال کرگئے، شوکت چیمہ پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے۔

    شوکت چیمہ گوجرانوالہ سےن لیگ کی ٹکٹ پر ایم پی اے بنے تھے۔

    ادھر مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے لیگی ایم پی اےشوکت چیمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شوکت چیمہ کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، ان کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، شوکت چیمہ کے انتقال پر اہل خانہ سے غم کا اظہار کرتے ہیں۔

    شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شوکت چیمہ کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

  • سندھ میں آج 1824 نئے کیسز سامنے آئے: وزیراعلیٰ

    سندھ میں آج 1824 نئے کیسز سامنے آئے: وزیراعلیٰ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں آج سب سے زیادہ 1824 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ آج سندھ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کروناوائرس کی صورت حال سے متعلق اپنے تازہ بیان میں سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج سندھ میں سب سے زیادہ 7547 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ 24گھنٹے میں وبا سے مزید 29مریض انتقال کرگئے، سندھ میں کرونا کے367مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، کرونا متاثرہ 56مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، جبکہ مزید 487 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 555 ہوگئی ہے، سندھ میں اس وقت 16333 مریض زیرعلاج ہیں، 1824نئے کیسز میں سے 1284 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    پاکستان میں کرونا سے اموات کے ساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی بے پناہ اضافہ

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کےساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 67 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 4,131 نئے کیسز سامنے آئے۔

    کرونا وائرس کی عالمگیر وبا میں پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 مملک میں دنیا کا 18 واں ملک بن چکا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 80,463 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 1,688 ہو گئی ہے۔

  • اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں،یاسمین راشد

    اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں،یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا کے سب سے زیادہ مریض لاہور،راولپنڈی میں ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے 251 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے،لاہور میں 119 اور راولپنڈی میں 113مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کی صورت حال سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں،اسپتالوں میں بستر اور وینٹی لیٹرز کے حوالے سے بہت شور مچ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں میں صرف تشویش ناک حالت میں مبتلا لوگ رکھے جا رہے ہیں۔

    وزیر صحت پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کرونا کے پیش نظر ہمارے لیے ابھی بھی صورتحال الارمنگ ہے،غیرمعینہ مدت تک معاشی سرگرمیاں بند نہیں کی جاسکتیں۔

    پاکستان میں کرونا سے روزانہ اموات کی شرح بڑھ گئی، مزید 78 جاں بحق

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 78 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

  • اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،سعید غنی

    اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،سعید غنی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،جس کی ہم پوزیشن میں نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ آج اگر مارچ والا لاک ڈاؤن کریں تو ایسا کرنا مشکل ہوگا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ جس قسم کا ہمیں لاک ڈاؤن چاہیے تھا ویسا نہیں ہوا،ہم نے شروع میں جولاک ڈاؤن لگایا تھا اب ویسا نہیں ہوسکےگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اب مزید لاک ڈاؤن ممکن نہیں ہے،لاک ڈاؤن لگا کر جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے وہ حاصل نہیں کرسکے۔

    وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اب لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگانا پڑے گا،جس کی ہم پوزیشن میں نہیں ہیں۔

    کرونا جانے والا نہیں، ویکسین کی تیاری تک ساتھ رہے گا، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا لاک ڈاؤن نہیں چاہتا تھا جو پاکستان میں ہوا،بدقسمتی سے جو لاک ڈاؤن ہوا اس نے نچلے طبقے کو تکلیف پہنچائی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس جانے والا نہیں، ویکسین کی تیاری تک ساتھ رہے گا اس وائرس نے بڑھنا ہے یہ پھیلے گا اور ہماری اموات بھی بڑھیں گی اس لیے ایس او پیز پر جتنا عمل کریں گے اور احتیاط کریں گے، محفوظ رہیں گے۔

  • ’کرونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ، اسپتالوں میں جگہ نہیں رہی‘

    ’کرونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ، اسپتالوں میں جگہ نہیں رہی‘

    اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے اسپتالوں میں جگہ نہیں رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کروناکیس بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گنجائش نہ ہونے پر انتظامیہ نے مریضوں کو گھر بھیجنا شروع کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دے رہی، حالات پر قابو پانے کے فوری اقدامات کیے جائیں، کیسز کافی حد تک بڑھ گئے ہیں فوری حکمت عملی نہ اپنائی گئی تو مزید نقصان ہوگا۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات میں خوف ناک اضافہ، مزید 88 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات میں خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 88 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں، یہ ملک میں ایک دن میں کرونا سے سب سے زیادہ اموات ہیں۔

    جبکہ صوبہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 885 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 28 ہزار 245 ہوگئی ہے۔

  • کروناوائرس: دریاؤں پر بطخیں تڑپنے لگیں

    کروناوائرس: دریاؤں پر بطخیں تڑپنے لگیں

    لندن: برطانیہ میں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل ڈاؤن نے بطخوں کو بھی فاقوں پر مجبور کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاک ڈاؤن کے تحت برطانیہ میں شہریوں کو سیر وتفریح کے لیے دریاؤں اور ندیوں سمیت دیگر تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دریاؤں اور ندیوں پر سیاحوں کی موجودگی نہ ہونے کے باعث بطخیں بھوک سے تڑپ رہی ہیں، عموماً لوگ بخطوں سمیت دیگر آبی جانورں کو غذا فراہم کرتے تھے لیکن لاک ڈاؤن نے اس سہولت سے محروم کردیا ہے۔

    کروناوائرس: بھارت میں سڑکوں پر بندر بھوک سے تڑپنے لگے

    محکمہ آبی حیات کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال برقرار رہی تو بڑی تعداد میں آبی جانورں کی اموات ہوسکتی ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے کسی بھی شخص کو تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت نہیں، حالیہ دنوں مشرقی لندن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کئی افراد کو جرمانہ بھرنا پڑا ہے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث جانورں کے لیے قدرتی غذا بھی محدود ہوتی جارہی ہے ایسے میں شہریوں کی جانب سے فراہم کیا جانا والا کھانا بھی روک دیا جائے تو آبی جانورں کی موت ہوسکتی ہے۔

    قبل ازیں تھائی لینڈ اور بھارت میں بندر بھوک سے سڑکوں پر تڑپتے دکھائے دیے تھے، کروناوائرس کے تناظر میں نافذ العمل لاک ڈاؤن نے جانوروں تک غذا کی رسائی کا راستہ بند کردیا ہے۔