Tag: کرونا اسپتال

  • بھارت: کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا، نوجوانوں سے کروڑوں بٹور لیے گئے

    بھارت: کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا، نوجوانوں سے کروڑوں بٹور لیے گئے

    بریلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا دے کر نوجوانوں سے کروڑوں روپے بٹور لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتر پردیش کے شہر بریلی میں محکمہ صحت کے اہل کاروں نے ملازمت کے نام پر 47 نوجوانوں سے کروڑوں روپے بٹور لیے۔

    مقامی پولیس نے ملازمت دلانے کے نام پر کروڑوں روپے کی جعل سازی کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    نوجوانوں کا کہنا تھا کہ کرونا کے اس پر آشوب دور میں برباد معیشت اور بڑھتی بے روزگاری کے دوران انھیں موقع کی جگہ دھوکا ملا ہے۔

    نوجوانوں نے جعل سازی کا شکار ہونے کے بعد ضلع بریلی کے ایس ایس پی کے دفتر پر جمع ہو کر احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے اہل کاروں نے ان کے ساتھ جعل سازی کی ہے، انھیں انصاف دلایا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے کو وِڈ کے تین سو بستروں کے اسپتال میں ملازمت دلانے کے نام پر 47 نوجوانوں سے فی نوجوان 3 سے 4 لاکھ روپے کی وصولی کی۔

    نوجوانوں کو جعلی تقرری لیٹر بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم جب وہ تقرری لیٹر لے کر کو وِڈ اسپتال پہنچے تو ان پر جعل سازی کا انکشاف ہوا، جعل سازی میں ضلع بریلی کے علاوہ پیلی بھیت کے نوجوانوں کو بھی شکار بنایا گیا ہے۔

    نوجوانوں کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے سی ایم او کے دفتر میں خود کو بابو بتانے والے ایک کلرک نے گزشتہ برس اگست میں کہا تھا کہ کو وِڈ کے 300 بیڈڈ اسپتال میں چپراسی، سُپر وائزر، کمپیوٹر آپریٹر، لیب ٹیکنیشین، ڈرایئور، وارڈ نرس اور وارڈ بوائے کی اسامیوں پر لوگوں کو ملازمت پر رکھا جائےگا۔

  • کراچی کے اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے 40 بستروں کا ہائی ڈپنڈینسی یونٹ قائم

    کراچی کے اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے 40 بستروں کا ہائی ڈپنڈینسی یونٹ قائم

    کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سروسز اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز کے ساتھ 26 بستروں کا آئی سی یو، اور 40 بستروں کا ہائی ڈپنڈینسی یونٹ قائم کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جوں جوں کرونا کے مرض میں شدت آ رہی ہے حکومت سندھ کے اقدامات کے اثرات بھی نظر آنے لگے ہیں، سروسز اسپتال کراچی میں چالیس بیڈز پر مشتمل ہائی ڈپنڈینسی یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز اصغر عمر نے بتایا کہ ایچ ڈی یو میں مریضوں کا داخلہ فوری شروع کیا جا سکتا ہے، تاہم توقع ہے کہ اس کا رسمی افتتاح 30 جون یا اس کے بعد ہوگا، سروسز اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سول سرجن کراچی ڈاکٹر فرحت عباس نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر ایچ ڈی یو کی سہولیات ہنگامی بنیادوں پر صرف 15 دنوں میں دستیاب کی گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایچ ڈی یو کے لیے پوری انتظامیہ اور عملے نے دن رات کام کیا، اس سے کرونا کے مریضوں کے لیے مزید سہولت ہو جائے گی۔

    کرونا سمیت وبائی امراض کے پہلے خصوصی اسپتال کا قیام

    ڈاکٹر فرحت عباس نے بتایا کہ سروسز سپتال کراچی صرف سرکاری ملازمین کے لیے ہے لیکن اب یہاں کرونا کے ان تمام مریضوں کا علاج ہوگا جو کوآرڈینیشن سینٹر سے بھیجے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سندھ حکومت نے کرونا سمیت دیگر وبائی امراض کے لیے نیپا چورنگی پر 200 بستروں کے خصوصی اسپتال کی 30 جون تک تکمیل کی بھی خوش خبری دی تھی۔ یہ اسپتال ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی زیر نگرانی تیار کیا جا رہا ہے، آئی سی یو تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اسپتال کی تکمیل جولائی میں ہونا تھی، تاہم کرونا مریضوں میں اضافے کے باعث اسپتال کی تعمیر جلد کی گئی۔

  • کرونا سمیت وبائی امراض کے پہلے خصوصی اسپتال کا قیام

    کرونا سمیت وبائی امراض کے پہلے خصوصی اسپتال کا قیام

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد میں کو وِڈ 19 سمیت وبائی امراض کے پہلے خصوصی اسپتال کا قیام جلد ہونے جا رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے اصغر عمر نے بتایا کہ کراچی میں کرونا سمیت دیگر وبائی امراض کے لیے ایک خصوصی اسپتال کے قیام پر کام جاری ہے، 30 جون کو نیپا چورنگی پر 200 بستروں کا اسپتال مکمل ہو جائے گا۔

    یہ اسپتال ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی زیر نگرانی تیار کیا جا رہا ہے، آئی سی یو تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اسپتال کی تکمیل جولائی میں ہونا تھی، تاہم کرونا مریضوں میں اضافے کے باعث اسپتال کی تعمیر جلد کی گئی۔

    سندھ حکومت نے مذکورہ مقام پر اسپتال کے پرانے منصوبے کو اب کرونا سمیت دیگر وبائی امراض کے لیے اسپتال کے منصوبے میں بدلا ہے، اسپتال کی تیاری کی ذمہ داری ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو دی گئی ہے۔

    کرونا کے بڑھتے کیسز، سندھ حکومت کا مزید 5 اسپتال قائم کرنے کا اعلان

    گزشتہ برس اکتوبر میں سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عزرا پیچوہو نے نیپا چورنگی پر اسپتال کے لیے نئی تعمیر شدہ اس عمارت کو آپریشنل کرنے کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) کو سونپنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس منصوبے کے حوالے سے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ گلشن اقبال میں قائم یہ اسپتال آج کا نہیں 11 سال پہلے کا منصوبہ ہے، اس منصوبے کا نام کئی بار تبدیل کیا گیا۔