Tag: کرونا ایس او پیز

  • این سی او سی نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں

    این سی او سی نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے بقر عید کے سلسلے میں گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہدایات پر عمل درآمد ناگزیر ہے، اور شہری عید الاضحیٰ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    گائیڈ لائنز میں خبردار کیا گیا ہے کہ نماز عید کے دوران رش سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے، اس لیے نماز عید کی ادائیگی کھلے مقامات پر کی جائے، اور اس دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔

    این سی او سی کے مطابق مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، رش سے بچنے کے لیے ایک مقام پر نماز عید کی الگ جماعتیں کرائی جائیں، علمائے کرام رش سے بچنے کے لیے نماز عید کے خطبات مختصر رکھیں، اور بزرگ، بچے اور بیمار افراد نماز عید کے لیے آنے سے گریز کریں۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق فیس ماسک کے بغیر شہریوں کو عید گاہ آنے کی اجازت نہیں ہوگی، رش سے بچنے کے لیے عید گاہ کے متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی مقامات پر ہینڈ سینیٹائزر کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور شہری اس کا استعمال ضرور کریں۔

    نماز عید کے دوران نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے، شہری عید گاہ آنے سے قبل وضو کا اہتمام گھر پر کریں، شہری جائے نماز اپنے ساتھ لے کر آئیں، نماز عید کے بعد شہری گلے ملنے اور مصافحہ سے گریز کریں، نیز، نماز عید سے قبل اور بعد میں مساجد کے باہر بھیڑ سے بھی گریز کیا جائے۔

    گائیڈ لائنز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بقر عید پر خاندان میں دعوتوں سے گریز کیا جائے، شہری عید خریداری کے لیے پرہجوم مارکیٹس میں جانے سے گریز کریں، مویشیوں کی آن لائن خریداری، قربانی کی حوصلہ افزائی کی جائے، اور عید کے موقع پر اجتماعی قربانیوں کو فروغ دیا جائے۔

    شہری رہائشی علاقوں سے باہر مویشی قربان کریں، اور قربانی کے دوران کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، صوبائی حکومتیں بھی عید پر کرونا کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کریں۔

  • اسکول، ریسٹورنٹس پھر بند، نیا حکم نامہ جاری

    اسکول، ریسٹورنٹس پھر بند، نیا حکم نامہ جاری

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 17 جولائی سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکول بند ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کرونا پابندیوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، صوبے میں 15 جولائی سے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفیز میں اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی۔

    نئے حکم نامے کے مطابق 17 جولائی سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکول بند ہوں گے، جب کہ نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

    پارکس، واٹر پارکس، سوئمنگ پولز 16 جولائی سے تا حکم ثانی بند رہیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فی صد مسافر ایس او پیز کے ساتھ سفر کریں گے، اِن لینڈ تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی ہوگی۔

    سی ویو، ہاکس بے، کھینجر جھیل، المنظر پر جانے پر بھی پابندی ہوگی، سنیما ہال کل 15 جولائی سے بند رہیں گے، اِن ڈور جم، ان ڈور اسپورٹس 16 جولائی سے بند ہوں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاحتی مراکز بھی مکمل طور پر بند رہیں گے، اور پابندی کا اطلاق 31 جولائی تک ہوگا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی وزیر داخلہ سے کراچی کے مسئلے پر بڑا مطالبہ

    ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی وزیر داخلہ سے کراچی کے مسئلے پر بڑا مطالبہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے کراچی کے مسئلے پر مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کو حدود سے تجاوز سے روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت کرونا ایس او پیز کی آڑ میں شہریوں کی عزت نفس مجروح کر رہی ہے، اور شہریوں کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے کراچی کے دو روزہ دورے پر آئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کو حدود سے تجاوز اور قانون کی دھجیاں بکھیرنے سے روکیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اراکین کا کہنا ہے کہ شب 8 بجے کے بعد کراچی کی سڑکوں پر پولیس کی لوٹ مار عروج پر ہوتی ہے، خواتین اور بزرگ شہریوں سے بھی ہتک آمیز رویہ رکھا جاتا ہے۔

    سندھ میں گورنر راج سے متعلق شیخ رشید احمد کا اہم بیان

    ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ سندھ کی متعصب حکومت کرونا ایس او پیز کے بارے میں شعور اور آگاہی کی مہم چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا کہ پولیس بھتہ لے کر بند دوکانیں کھلواتی ہے، یہ عمل بھی رکنا چاہیے اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔

    اراکین کا کہنا ہے کہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ ویکسینیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ کرونا ویکسینیشن سینٹرز چھٹیوں میں بند نظر آئے اور بد نظمی کا شکار رہے۔

  • وبا کے دوران وزیر صحت کا افطار ڈنر، تیمور جھگڑا سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج

    وبا کے دوران وزیر صحت کا افطار ڈنر، تیمور جھگڑا سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج

    پشاور: کرونا وبا کے دوران خیبر پختون خوا کے وزیر صحت کی جانب سے کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر اور ایس او پیز کی شدید خلاف ورزی پر تیمور سلیم جھگڑا، ریسٹورنٹ منیجر اور مالک پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں کرونا وبا کے باوجود صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے کارکنوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، یہ تقریب ان کے حلقہ انتخاب میں واقع ریسٹورنٹ میں منعقد کی گئی، جب کہ کارکنوں کو افطاری کی دعوت سوشل میڈیا پر دی گئی تھی۔

    افطار میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، افطار کے موقع پر سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا، کارکن صوبائی وزیر صحت کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔

    خیال رہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ریسٹورنٹ میں کھانوں کی فراہمی پر پابندی ہے، تاہم صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر ریسٹورنٹ کو خصوصی طور پر کھولا گیا تھا، ادھر صوبائی دارالحکومت میں بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ نے پاک فوج کی خدمات حاصل کی ہیں۔

    ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت حجرہ ریسٹورنٹ کے منیجر اور مالک کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو مراسلہ جاری کیا گیا، کمشنر عادل ایوب کی درخواست پر تینوں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ افطار ڈنر کی خبر سوشل میڈیا پر بھی چل رہی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر تصاویر اور خبر وائرل ہوئی تھی کہ حجرہ ریسٹورنٹ میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت سیکڑوں افراد افطاری کر رہے ہیں، جس پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے ریسٹورنٹ پر چھاپا مارا۔

    دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ نے حجرہ ریسٹورنٹ کو سیل  کر دیا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ریسٹورنٹ کے منیجر نے بتایا کہ انھوں نے وزیر صحت کو منع کیا تھا کہ ریسٹورنٹ کے اندر کھانا کھلانے پر پابندی ہے، جس پر شرکا اپنے ساتھ باہر سے کھانا لائے۔

    ضلعی انتظامیہ پشاور نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہے، وزیر صحت، حجرہ ریسٹورنٹ کے مالک اور منیجر کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی

    اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو گیا، اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے، گشت کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کر لی تھی، جس کا مقصد ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرانا ہے۔

    وزیر اعظم نے این سی سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات ہو سکتے ہیں، عوام سے کہتا ہوں ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، اگر عوام تعاون اور احتیاط کریں تو لاک ڈاؤن کی نوبت نہیں آئے گی۔

    وزیر اعظم نے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج طلب کر لی

    انھوں نے کہا ماسک پہننے سے آدھا مسئلہ حل ہو جاتا ہے، گھر سے باہر جاتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی کریں، بہ صورت دیگر کرونا کو روکنے کے لیے شہر بند کرنے پڑیں گے، مجھے آج لوگ کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن لگا دیں، لیکن آپ لاک ڈاؤن سے کتنی دیر بچ سکتے ہیں یہ آپ کے طرز عمل پر منحصر ہے۔

    وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاآج کوئی ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہا، بہت تھوڑے سے لوگ عمل کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن لگا تو سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو پہنچے گا، احتیاط نہ کی تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج بھی سڑکوں پر نکلےگی، پاک فوج پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی۔

  • اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    کراچی: ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے کرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت کے لیےکرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے جاری سفری ہدایت نامہ 5 جولائی تک نافذالعمل رہے گا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    کرونا ایس او پیز کا نفاذ چارٹرڈ، پرائیوٹ پروازوں سمیت بین الاقوامی پروازوں کے لیے یکساں طور پر جاری رہے گا۔

    ایس او پیز کا اطلاق 4 اپریل کو بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے حوالے سے جاری کیٹیگریز میں شامل ممالک کے مسافروں پر بھی ہوگا۔

    وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک کے ایئر پورٹس پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سی اے اے کی جانب سے سخت اقدامات جاری ہیں، گزشتہ دنوں مختلف ایئر پورٹس پر 70 سے افراد پر جرمانے اور ایئر پورٹ پاسز ضبط کیے گئے۔ جرمانے نہ صرف مسافروں بلکہ محکمے کے عملے پر بھی کیے گئے۔

    ڈپٹی ڈی جی ایئر پورٹ سروس عامر محبوب کے مطابق مسافروں اور عملے پر 500 روپے فی کس جرمانہ کیا گیا تھا، اے این ایف کے اہل کاروں پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا۔

  • ان ڈور شادیوں اور سنیما گھر کھولنے کی اجازت، شائقین کرکٹ کی تعداد 50 فیصد

    ان ڈور شادیوں اور سنیما گھر کھولنے کی اجازت، شائقین کرکٹ کی تعداد 50 فیصد

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ کے میچز میں شائقین کی شرکت کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق این سی او سی نے پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں پابندی میں مزید نرمی کرتے ہوئے 50 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔

    آج این سی او سی کے ایک اہم اجلاس میں ملک میں کرونا کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا، اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے، پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ پچاس فی صد شائقین کو آنے کی اجازت ہوگی۔

    اس وقت پی ایس ایل میچز میں صرف 20 فی صد شائقین کی اجازت ہے، نئے فیصلے کے بعد اب پی ایس ایل پلے آف میچز کے لیے اسٹیڈیم گنجائش کے مطابق تماشائیوں کی اجازت ہوگی، تاہم کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔

    این سی او سی نے 15 مارچ سے اِن ڈور شادیوں کی اجازت کا بھی فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اِن ڈور شادیوں میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، 15 مارچ سے مزارات اور سینما گھر بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

    این سی او سی نے کاروباری سرگرمیوں اور پارکس کی بندش کا دورانیہ بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، گھروں سے کام کرنے والے 50 فی صد عملے کو گھروں سے کام کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔

    این سی او سی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جائے گا، جائزہ لینے کے بعد یہ تجویز بھی دی گئی کہ کینٹ بورڈ کے الیکشن اور بلدیاتی انتخابات مئی، جون میں کرائے جا سکتے ہیں۔

  • کن ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ لازم نہیں؟

    کن ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ لازم نہیں؟

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا ایس او پیز سے متعلق اے اور بی کیٹیگری کی لسٹ میں تبدیلی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے کا کہنا ہے کہ کرونا ایس او پیز کے سلسلے میں اے اور بی کیٹیگری لسٹ میں تبدیلی کی گئی ہے جو کل 6 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔

    سے اے اے کے مطابق کیٹیگری اے میں 23 ممالک شامل ہیں، ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ لازم نہیں ہوگا۔

    کیٹیگری اے کے ممالک میں چین، سعودی عرب، قطر، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، عراق، سری لنکا، ویت نام، مالدیپ، میانمار، فن لینڈ، اور کیوبا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق ان 23 ممالک کے علاوہ دیگر ملکوں کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے، کیٹیگری بی کے ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے قبل کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔

    برطانیہ اور جنوبی افریقا سفری پابندیاں، حکومت پاکستان کا بڑا فیصلہ

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ دیگر ایس او پیز پر گزشتہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے برطانیہ اور جنوبی افریقا پر سفری پابندیوں میں نرمی کر دی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل سمیت اب دوہری شہریت والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ ک جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا میں مقیم قلیل مدتی ویزے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت ہوگی، دوہری شہریت کے حامل مسافروں، نائیکوپ، پی او سی کارڈ ہولڈرز والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔

  • وزیر تعلیم کی 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان

    وزیر تعلیم کی 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہفتے کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اسکول اب 6 دن کھلیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا ہم نے غیر معمولی حالات میں دوبارہ بچوں کو اسکول بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، کرونا صورت حال میں تعلیم کے حوالے سے یہ مشکل فیصلہ ہے، ہفتے کی چھٹی ختم کر دی ہے، اسکول 6 دن کھلیں گے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے اساتذہ کی ٹریننگ بھی کرائی ہے، 2 ہزار کے قریب اساتذہ کو تربیت دے چکے ہیں، 5 ہزار تک اساتذہ کو تربیت دیں گے۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا 11 اضلاع میں کرونا حفاظتی سامان تقسیم کیا جائے گا، سینٹائزر، صابن اور دیگر حفاظتی سامان میں یونیسیف نے مدد کی ہے، 4 ہزار 800 اسکولوں میں ڈبلیو ایچ او ہماری مدد کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ڈی سی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو مختلف اسکولوں کا دورہ کرے گی، جہاں مسائل درپیش ہوں گے یہ کمیٹی حل کرے گی، صوبے بھر کے تمام اسکولز کا دورہ کریں گے اور ایس او پیز کا جائزہ لیں گے۔

    سعید غنی نے کہا کرونا ختم نہیں ہوا، ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے، کاروباری زندگی بھی اب شروع ہو چکی ہے، والدین بچوں کو ایس او پی سے متعلق آگاہی دیں، کیوں کہ بچے جتنی آسانی سے والدین کی بات سنتے ہیں شاید کسی اور کی نہیں، ہم کرونا ایس او پی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائیں گے۔

  • کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے ایئر لائنز کو وارننگ جاری کر دی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سروسز نے تمام ایئرپورٹ کے منیجرز کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض ایئر لائنز دوران پرواز احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہیں۔

    مراسلے میں ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    کراچی میں طوفان اور بارش کا خطرہ، ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایویشن نے تیزبارشوں کے پیش نظر اور مٹی کے طوفان سے طیاروں و مسافروں کو بچانے کے لیے ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے تھے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے جبکہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ اضافی وزن بھی لگا دیے گئے۔