Tag: کرونا ایمرجنسی

  • کرونا ایمرجنسی کے پیش نظر 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تربیت کی،ظفر مرزا

    کرونا ایمرجنسی کے پیش نظر 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تربیت کی،ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا ایمرجنسی کے پیش نظر 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تربیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خالد مگسی کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ظفرمرزا نے کورونا،حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال کے پیش نظرمکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں،حکومت نےفریقین کی مشاورت سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا،اسمارٹ لاک ڈاؤن زیادہ کیسز والے علاقوں میں لگایا ہے،ملک بھرمیں 500علاقوں میں اسمارٹ لاک ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز تشکیل دیے،مقامی انتظامیہ کے ذریعے کرونا ایس اوپیز پر عمل جاری ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت وینٹی لیٹرز کا انتظام کر رہی ہے،رواں ماہ کے اختتام تک مزید1 ہزار وینٹی لیٹرز دستیاب ہوں گے۔انہوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا ایمرجنسی کے پیش نظر 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تربیت کی۔

    ملک میں کرونا کے 11 لاکھ ٹیسٹ، 1 لاکھ 81 ہزار مثبت، 3590 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4,471 نئے کیسز سامنے آئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 181,088 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 3,590 ہو گئی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 40 ہے، جبکہ اب تک 71,458 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • ایک ہی دن میں تین بار گرفتار ہونے والا شخص کون ہے

    ایک ہی دن میں تین بار گرفتار ہونے والا شخص کون ہے

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چور کو پولیس نے ایک دن میں تین بار گرفتار کر کے چھوڑ دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے علاقے گیلنڈورا میں پولیس کو ایک چور کو ایک ہی دن میں تین بار گرفتار کر کے چھوڑنا پڑا کیوں کہ ریاست میں کرونا وائرس وبا کی وجہ سے زیرو کیش بیل پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

    گیلنڈورا پولیس ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ اپریل 29 کو انھیں صبح ساڑھے 8 بجے ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص کسی کی گاڑی چرانے کی کوشش کر رہا ہے، پولیس اہل کار موقع پر پہنچے تو مونٹریری پارک کا رہایشی 24 سالہ ڈیجون لانڈرم چرائی ہوئی گاڑی چلا کر بھاگ رہا تھا، اہل کاروں نے اسے پکڑ لیا، ملزم سے منشیات بھی برآمد ہوئیں، تاہم کیلی فورنیا میں ضمانت بغیر رقم کی نئی پالیسی کی وجہ سے اسے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

    پولیس ڈپارٹمنٹ کی پریس ریلیز کے مطابق لانڈرم کو چھوڑنے کے ایک گھنٹے بعد انھیں پھر ایک کال موصول ہوئی کہ ایک مشتبہ شخص ایک بھرا ہوا باکس لے کر جا رہا ہے، اہل کار موقع پر پہنچے تو انھوں نے پھر لانڈرم کو پایا، جو چرائی ہوئی چیزوں سے بھرا باکس لے جا رہا تھا۔ دوسری بار بھی پولیس نے اسے تنبیہ کر کے چھوڑ دیا، کیوں کہ زیرو کیش بیل پالیسی کے تحت اسے کوئی رقم نہیں دینی تھی۔

    گھر میں رہنے سے بور ہوئے بچوں نے 46 گاڑیاں چرا لیں

    اسی دن شام میں ساڑے آٹھ بجے ایک بار پھر پولیس کو کال موصول ہوئی، اس بار چور ایک پارکنگ لاٹ سے کار چرا رہا تھا، پولیس نے کار کو ٹریک کیا اور پھر لاس اینجلس کاؤنٹی پولیس اور کیلی فورنیا ہائی وے پیٹرول آفیسرز کی مدد سے اس کا پیچھا کر کے اسے پکڑ لیا، تیسری بار بھی چور لانڈرم نکلا۔

    تیسری بار بھی پولیس کو اسے وارننگ دے کر چھوڑنا پڑا، اور چور ایک دن میں تیسری بار مزے سے وارداتیں کر کے بھی بغیر ضمانت دیے رہا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیلی فورنیا میں یہ ایمرجنسی پالیسی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے، کیوں کہ مبینہ مجرموں کو عوام میں کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔