Tag: کرونا بحران

  • سعودی عرب : کرونا بحران کے باوجود ایک بڑے منصوبے کی تکمیل

    سعودی عرب : کرونا بحران کے باوجود ایک بڑے منصوبے کی تکمیل

    ریاض: سعودی عرب میں عرفات، طائف واٹر انڈر پاس منصوبہ مکمل کر لیا گیا، یہ دنیا بھر میں آب رسانی کا طویل ترین نیٹ ورک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ گورنریٹ نے جبل الکر کے زیریں حصے سے طائف میں سرکلر روڈ تک 12.5 کلو میٹر لمبا ہے اس کا قطر 8.4 میٹر ہے۔اس منصوبے کو کرونا بحران کے باوجود مقررہ وقت سے قبل 24 گھنٹے کام کر کے مکمل کیا گیا ہے۔

    کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے سرکاری ادارے کے گورنر عبد اللہ العبد الکریم نے بتایا کہ واٹر نیٹ ورک کی تیاری کا کام بڑا چیلنج تھا۔السروات پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس بنانے کے لیے دیو ہیکل مشین سے استفادہ کیا گیا اس کی یومیہ انتہائی رفتار 60.3 میٹر ہے۔

    العبد الکریم کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس تیار کرنے کے لیے جو دیو ہیکل مشینری استعمال کی گئی وہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی سریع رفتار ہے، پمپنگ اسشٹیشن اور عرفات طائف واٹر پروجیکٹ بھی تیار کیا گیا ہے۔

    سرکاری ادارے کے گورنر نے طائف میں اسٹراٹیجک واٹر پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ یہ 9 ٹینکوں پر مشتمل ہے۔ ہر ٹینک میں پانی کی کھپت ایک لاکھ 70 ہزار مکعب میٹر ہے۔

    پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر محمد الغامدی نے بتایا کہ یہ طائف باحہ میٹھا پانی پہنچانے والے پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ تھا جو مکمل ہوگیا، پورا پروجیکٹ سو فیصد سعودی ہے۔ اس کی نگرانی اور اس کا تمام کام انجام دینے والے سعودی تھے پہلا مرحلہ 559 دن میں مکمل کیا گیا جبکہ دوسرا مرحلہ 2021 کی تیسری سہ ماہی میں مکمل ہوگا۔

  • کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت: کویتی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ مملکت کو انفرا اسٹرکچر اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے تیس برس میں 66 ارب ڈالر کا قرضہ درکار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزیر خزانہ براک الشیتان نے کہا ہے کہ آئندہ 30 برس کے دوران ملک کو 66 ارب ڈالر کے قرضے کی اشد ضرورت ہوگی-

    گزشتہ روز کویتی پارلیمنٹ میں مالیاتی و اقتصادی کمیٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیر خزانہ نے کہا قومی قرضہ مجموعی قومی پیداوار کا 60 فی صد سے زیادہ نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرضے کی رقم بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    کویتی وزیر خزانہ نے بتایا پارلیمانی مالیاتی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ قومی قرضے کی انتہائی حد اور اس کا دورانیہ کم کیا جائے، کویتی حکومت اس تجویز کا جائزہ لے کر جلد جواب دے گی، پارلیمنٹ سے قرضے کا قانون منظور کرانے کے لیے فریقین کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کویتی وزیر خزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کو خبردار کیا تھا کہ سرکاری خزانے میں صرف اکتوبر تک ملازمین کی تنخواہیں دینے کی گنجائش ہے۔

    وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ تیل کے نرخوں میں کمی اور کرونا بحران وجہ سے قومی بجٹ کا خسارہ 14 ارب دینار تک پہنچ جائے گا، ان مسائل کی وجہ سے کویت بد ترین اقتصادی بحران سے گزر رہا ہے۔

  • کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کویت: وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے کرونا بحران سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی ایپ جاری کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزیر سماجی امور اور وزیر مملکت برائے اقتصادی امور مریم العقیل نے کرونا بحران سے متاثر شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل ایپ ’کویتیون بلا رواتب‘ جاری کی ہے۔

    مریم العقیل کا کہنا تھا کہ اس خصوصی ایپ کے ذریعے کویت میں نادار شہریوں کی مدد کی جائے گی، ’کویتیون بلا رواتب‘ سے مراد ایسے کویتی ہیں جنھیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔

    خصوصی ایپ پر کرونا بحران سے متاثر ہونے والے نادار کویتیوں کی درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل کویتی وزیر مریم العقیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کویتی حکومت جلد ہی کرونا وبا سے متاثر ہونے والے ہر کویتی شہری کو ای پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔

    کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق مریم العقیل نے کہا ہے کہ کویتی شہریوں کی درخواستوں کی جانچ کی جائے گی، جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہوگا ان کی مالی اعانت کی جائے گی، کویتی حکومت کی جانب سے ایسے افراد کے معاشی مسائل حل کیے جائیں گے۔

    یہ کہا جا رہا ہے کہ کویت کرونا بحران سے متاثر اپنے نادار شہریوں کے مسائل سائنسی انداز میں انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔