Tag: کرونا روک تھام

  • عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ‏کرونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے آج سے وفاقی دارالحکومت میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے اسلام آباد میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پکنک کے مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

    ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال سیاحت اور گھومنے پھرنے کا پلان نہ بنائیں، اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اس لیے تھوڑی سی تکلیف اٹھا لینی چاہیے، اگر لوگ عید کی تعطیلات تک تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں تو کرونا کی روک تھام میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کی بجائے اچانک ہوگا، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے دو تین روز قبل بند کر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

  • بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے جدید منصوبہ، پاکپاس ایپ متعارف

    بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے جدید منصوبہ، پاکپاس ایپ متعارف

    اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک جدید منصوبہ پاکپاس ایپ متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ، ان کی نقل و حرکت اور ہوم قرنطینہ سے متعلق معلومات اکھٹی کرنے کا جدید منصوبہ بنا لیا۔

    اس سلسلے میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے پاکپاس موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے، تمام مسافروں کو پاکپاس موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، پاکپاس ایپ کے لازمی استعمال کے حوالے سے ایئر پورٹس انتظامیہ اور ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں، جب کہ سی اے اے کے شبعہ ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ متعارف کرانے کا مقصد پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا 14 دن تک قرنطینہ موجودگی کو لازمی بنانا ہے، ایپ کے ذریعے ان کی ٹریکنگ ہوگی۔

    یورپین ممالک نے پی آئی اے کو پروازوں کے حوالے سے مشروط اجازت دے دی

    ایپ سے کرونا ٹیسٹنگ اور ہوم آئسولیشن کے بارے میں معلومات اکٹھا کی جا سکیں گی، سی اے اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹکٹ بک کرواتے وقت ایئرلائن انتظامیہ مسافروں کو بذریعہ ای میل موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کرے، اور چیک اِن، بورڈنگ ڈیسک پر مسافروں کے موبائل میں ایپ کی موجودگی یقینی بنائے۔

    ایئر لائن انتظامیہ بورڈنگ پاس پر موبائل ایپ کا لِنک پرنٹ کرے گی، بورڈنگ کے وقت انتظامیہ پاسپورٹ کے ساتھ موبائل ایپ پر درج پاسپورٹ نمبر بھی چیک کرے گی، موبائل ایپ انسٹال نہ کرنے والے مسافروں کے خلاف لینڈنگ کے وقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ فیملی کی صورت میں ایک فرد ہی موبائل ایپ انسٹال کرے گا، اسمارٹ فونز نہ رکھنے والے مسافروں کو ایئر پورٹ پر سخت عمل سے گزارا جائے گا۔