Tag: کرونا ریلیف

  • وزیر اعظم کا عالمی مالیاتی اداروں سے کرونا ریلیف کا پھر مطالبہ

    وزیر اعظم کا عالمی مالیاتی اداروں سے کرونا ریلیف کا پھر مطالبہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی اداروں سے ایک بار پھر کرونا وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے مالیاتی ریلیف کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اقوام متحدہ کے ادارے اکنامک اینڈ سوشل کونسل کے فورم سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت سدھارنے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا اس فورم سے افتتاحی خطاب میرے لیے باعث مسرت ہے، پاکستان نے کرونا کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی، اور اس وقت ملک کرونا وبا کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے، ترقی پذیر ملکوں کے لیے فوری مہنگائی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے۔

    انھوں نے کہا آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ترقی پذیر ملکوں کی مدد کریں، یہ دونوں ادارے ترقی پذیر ملکوں کے لیے مناسب فنڈز رکھتے ہیں، اس لیے ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت سدھارنے کے لیے مالیاتی ریلیف دیا جائے۔

    وزیر اعظم نے کہا دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز بہتر مستقبل کے لیے بہترین موقع ہیں، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پہلے 10 ممالک میں شامل ہے، اور پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 10 ارب درخت لگائے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

  • امریکا میں بڑا کرونا فراڈ سامنے آ گیا، سیکڑوں مقدمات درج

    امریکا میں بڑا کرونا فراڈ سامنے آ گیا، سیکڑوں مقدمات درج

    واشنگٹن: کرونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا میں بڑا کرونا فراڈ سامنے آیا ہے، اور سیکڑوں امریکیوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کرونا ریلیف اسکیمز کا ناجائز فائدہ اٹھانے میں ملوث 474 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے، یہ اقدام محکمہ انصاف کی جانب سے اٹھایا گیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ریلیف اسکیموں سے فراڈ کے ذریعے 474 امریکی شہریوں نے 50 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، 120 افراد ایسے تھے جنھوں نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام سے فراڈ کے ذریعے امدادی رقم وصول کرنے کی کوشش کی۔

    یہ اسکیم دراصل چھوٹے کاروباروں اور بے روزگار افراد کو ریلیف دینے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جسے شہریوں نے فراڈ کا ذریعہ بنایا، ریاست ٹیکساس کے ایک رہائشی نے 15 مختلف پی پی پی قرضوں کے لیے درخواست دے کر 2 کروڑ 48 لاکھ ڈالر فراڈ کے تحت حاصل کرنے کی کوشش کی، اور وہ ایک کروڑ 73 لاکھ ڈالر وصول کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

    محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ ٹیکساس کے رہائشی نے اس رقم سے کئی گھر، جیولری اور مہنگی گاڑیاں خریدیں۔

    امریکی اٹارنی جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ یہ آپریشن ہنگامی صورت حال کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے لیے واضح پیغام ہے۔ ان لوگوں نے عوام کے ٹیکس سے متعارف کیے گئے وسائل چوری کیے۔