Tag: کرونا ریلیف ٹائیگر فورس

  • وفاقی حکومت کا سندھ میں ٹائیگر فورس سے متعلق اہم اعلان

    وفاقی حکومت کا سندھ میں ٹائیگر فورس سے متعلق اہم اعلان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ میں ٹائیگر فورس کو ہر حال میں متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں قائم کی گئی ٹائیگر فورس کے معاملے پر سندھ اور وفاق پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں، وفاقی حکومت نے سندھ میں ٹائیگر فورس کو ہر حال میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ میں ٹائیگر فورس کا انتظام گورنر کو سونپے جانے کا امکان ہے، صوبائی حکومت کی بجائے یہ ٹاسک گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سونپے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی قریبی رہنماؤں سے اس سلسلے میں مشاورت کر لی ہے، حتمی اعلان سے قبل سیکریٹری سندھ کو مراسلہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے مراسلہ تیار کر لیا، آج ارسال کیا جائے گا۔

    عثمان ڈار کا کرونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق بڑا اعلان

    ذرایع کے مطابق وفاقی حکومت سیکریٹری سندھ سے واضح جواب مانگے گی، سندھ حکومت کے انکار پر گورنر سندھ کو 2 روز تک ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ کرونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 2 ہفتوں کے دوران 10 لاکھ رضاکاروں نے رجسٹریشن کرائی، فورس کے نوجوان احساس سینٹرز، مساجد، یوٹیلٹی اسٹورز پر کام کریں گے۔ گزشتہ روز معاون خصوصی عثمان ڈار نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ریلیف ٹائیگر فورس وبا کے بعد گرین فورس میں بدل جائے گی اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا، وزیر اعظم آج شام نوجوانوں کی رجسٹریشن کا آغاز کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے سلسلے میں رجسٹریشن آج شروع ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن بھی مکمل کر لیا گیا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن پورٹل وزیر اعظم کی منظوری سے آج شام آن لائن دستیاب ہوگا، نوجوان سٹیزن پورٹل پر خود کو رجسٹر کر سکیں گے۔

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 25 جاں بحق

    عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس قومی سطح پر سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر تشکیل دی جائے گی، رضا کاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک جاری رہے گی، یہ فورس مکمل لاک ڈاؤن یا ہنگامی صورت میں کام کرے گی اور ان نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کی تربیت دی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم وزیر اعظم کا نوجوانوان پر اعتماد درست ثابت کریں گے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نوجوان بھی اب فرنٹ لائن فورس بنیں گے، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔