Tag: کرونا سرٹیفکیٹ

  • پختونخوا: شہریوں نے ویکسین لگوائے بغیر نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کر لیے

    پختونخوا: شہریوں نے ویکسین لگوائے بغیر نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کر لیے

    پشاور: کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے خیبر پختون خوا کے سرکاری اسپتالوں میں جعل سازی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں بغیر ویکسینیشن سرکاری اسپتالوں میں اندراج سے متعلق ایک اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت پختون خوا کے 17 اضلاع کے اسپتالوں میں جعل سازی کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فراہم کردہ ویکسینز کے مقابلے میں اسپتالوں میں لوگوں کا اندراج زیادہ کیا گیا، یعنی سرکاری اسپتالوں کو اتنی ویکسینز فراہم نہیں کی گئیں جتنے کہ ویکسینیٹڈ لوگوں کا اندارج ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لوگوں نے ویکسین لگائے بغیر ہی نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کیے، لوگ اب بھی ویکسین لگوانے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ضرورت کی وجہ سے جعل سازی سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ضلع مردان میں انکوائری مکمل کر لی گئی ہے، مردان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے خلاف کارروائی بھی کی جا چکی ہے، دیگر اضلاع میں بھی چھان بین کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اوز کو شکایات کی چھان بین کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، بغیر ویکسین لگوائے کرونا سرٹیفکیٹ فراہم کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کراچی: اگر آپ نے کرونا ویکسینیشن کروالی ہے، یعنی آپ کو دونوں ڈوز لگ چکے ہیں، تو آپ نہایت آسانی سے نادرا سے اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوئی بھی ویکسین لگوانے کے بعد نادرا کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے، اس کی اہمیت یوں ہے کہ اسے آپ کو مختلف جگہوں پر پیش کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کرونا ویکسینیشن کروانے والے افراد نادرا کا یہ سرٹیفکیٹ نہایت آسانی سے آن لائن حاصل کر سکتے ہیں، اس کے لیے آپ کو نادرا کے دفتر بھی جانا نہیں پڑتا۔

    اس کے لیے آپ کو امیونائزیشن کے لیے بنائی گئی نادرا کی خصوصی ویب سائٹ پر جانا پڑے گا، جہاں آپ سے قومی شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ کا اجرا اور موبائل نمبر مانگا جائے گا، جسے پُر کر کے آپ اپنا امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دیکھ سکیں گے۔

    سب سے پہلے آپ مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر جائیں:

    https://nims.nadra.gov.pk/nims/registration

    یہاں فارم پر درکار معلومات درج کرنے کے بعد آپ کا سرٹیفکیٹ بن جائے گا، جسے نہ صرف آپ ویب سائٹ پر چیک کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں بلکہ اس کا پرنٹ آؤٹ بھی لے سکتے ہیں۔

    اس امیونائزیشن سرٹیفکیٹ میں آپ کی تاریخ پیدائش، قومی شناختی کارڈ نمبر اور قومیت لکھی ہوگی، اسی طرح آپ کو دونوں ڈوزز کس اسپتال یا ویکسینیشن سینٹر میں لگی ہیں، اس کی معلومات بھی درج ہوگی۔

    نیشنل امیونائزیشن منجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) اور نادرا کے اشتراک سے کرونا ویکسینیشن کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد اپنا ڈیٹا اوپر دیے گئے لنک سے چیک کر سکتے ہیں۔

    امیونائزیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے، جو افراد آن لائن فیس جمع نہیں کرا سکتے وہ نادرا دفاتر سے جا کر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔