Tag: کرونا قوانین

  • ہالینڈ میں کرونا قوانین کے خلاف انوکھا احتجاج

    ہالینڈ میں کرونا قوانین کے خلاف انوکھا احتجاج

    ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈ میں کرونا قوانین کے خلاف انوکھا احتجاج سامنے آیا ہے، تاریخی کنسرٹ ہال اور کئی مشہور میوزیم ہیئر سیلون بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈ (ہالینڈ) میں نافذ کرونا ضوابط پر تنقید کی جا رہی ہے، کیوں کہ ان ضوابط کے تحت ہیئر سیلون اور جِم تو کھل سکتے ہیں لیکن ثقافتی مراکز نہیں، اس لیے فن کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں نے ان تاریخی جگہوں کو ہی ہیئر سیلون بنا دیا۔

    اس سلسلے میں ایمسٹرڈیم کی 130 سال پرانی عمارت میں آرکسٹرا کی ریہرسل کے دوران کم از کم 50 لوگوں نے بال کٹوائے، جب کہ ثقافتی مقامات نے یوگا سیشن، بال کٹوانے اور مینیکیور کی پیش کش کر دی، اس ایک روزہ مظاہرے میں تقریباﹰ 70 ثقافتی مقامات کے منتظمین نے شرکت کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    احتجاج کے دوران جو مناظر دیکھے گئے، وہ لوگوں کے لیے حیران کرنے والے تھے، میوزیم میں مشہور آرٹسٹ وین گوگ کی نظروں کے عین نیچے ایک خاتون مینیکیور کروا رہی تھی، ڈچ ماسٹر وان گوگ کے سیلف پورٹریٹ کے نیچے ایک لمبی میز نے اس تاریخی میوزیم کو نیل سیلون میں تبدیل کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک ماہ کی طویل بندش کے بعد حکومت کی جانب سے ہیئر ڈریسرز، اور جم سمیت دوسری دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی، لیکن ثقافتی مقامات پر پابندی قائم رکھی گئی تھی۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ورزش کے لیے جم کھل سکتے ہیں، تو ذہنی صحت کے لیے ثقافتی مقامات کی سرگرمیاں بھی بحال کی جا سکتی ہیں۔

    میوزیم کی ڈائریکٹر ایمیلی گورڈنکر نے امید ظاہر کی کہ یہ احتجاج اس بات کو اجاگر کرے گا کہ ان کے خیال میں حکومتی پالیسی میں تضاد ہے۔

  • کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو کرونا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو کھانا کھانے کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی۔

    نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے پریکٹس کی اجازت ختم کر دی گئی ہے، کھلاڑیوں نے کھانا کھانے کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ہیلتھ منسٹری کا کہنا تھا کہ اب ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دوبارہ آئسولیشن میں جانا پڑے گا، جہاں ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے، کرونا ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت ملے گی۔

    مارلن سیمیولز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 27 نومبر کو آکلینڈ میں شیڈول ہے، تاہم اس سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 29 نومبر جب کہ آخری میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز مارلن سیمیولز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔