Tag: کرونا وائرس وبا

  • کرونا سے انسان کی شخصیت تبدیل ہونے کا انکشاف

    کرونا سے انسان کی شخصیت تبدیل ہونے کا انکشاف

    جنوبی کیلیفورنیا: امریکی یونیورسٹی کے ایک سروے میں ماہرین سماجی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا نے لوگوں کی شخصیت اور احساسات کو تبدیل کر دیا ہے۔

    طبی جریدے ’پلوس‘ میں شایع شدہ مقالے کے مطابق یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے معاشی و سماجی تحقیق کے مرکز کے زیر انتظام ’انڈراسٹینڈنگ امریکا اسٹڈی‘ نامی پروجیکٹ کے سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووِڈ نائنٹین کے وبائی مرض نے کم عمر اور جوان افراد کی شخصیت پر گہرا اثر مرتب کیا ہے۔

    کرونا وائرس کی وبا کے آغاز ہی سے طبی اور سماجی ماہرین اس کے نفسیاتی اثرات کا پتا لگانے میں دل چسپی رکھتے آ رہے ہیں، اب اس تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ کرونا کی وبا سے لوگوں کی شخصیت اور احساسات ہی تبدیل ہو رہے ہیں اور لوگ ماضی کے مقابلے دوسروں کی مدد کرنا پسند نہیں کر رہے۔

    اس تحقیق کے مطابق کرونا کی وبا سے انسانی شخصیت، حواس اور احساسات میں نمایاں فرق دیکھا گیا، جو لوگ کرونا کے آغاز میں دوسروں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنا پسند کرتے تھے، وہ وبا کے دو سال بعد دوسروں کی مدد کرنے میں غیر متحرک دکھائی دیے۔

    امریکی ماہرین نے اس تحقیق کے لیے 7 ہزار سے زائد افراد سے سروے میں سوالات اور کچھ ٹیسٹ کیے، اس میں 18 سے 109 سال تک کی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا، جن سے کرونا کے آغاز یعنی پہلے مرحلے میں مارچ 2020 اور بعد ازاں 2021 کے آخر اور 2022 کے آغاز میں سوالات کیے گئے۔

    ماہرین نے تحقیق کے دوران کرونا کی وبا کے انسانی شخصیت اور احساسات پر 5 طرح کے اثرات کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ آیا وبا انسانی شخصیت اور سوچ کو تبدیل کرتی ہے یا نہیں۔

    تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کرونا کی وبا نے سب سے زیادہ کم عمر افراد کی شخصیت اور احساسات کو تبدیل کیا، ان میں جہاں اعتماد کی کمی دکھائی دی، وہیں ان میں ڈپریشن کی سطح زیادہ اور دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ بھی کم دیکھا گیا۔

    نتائج کے مطابق کرونا کی وبا سے درمیانی عمر کے افراد کی شخصیت اور احساسات بھی تبدیل ہوئے اور عام طور پر نوجوانوں اور 30 سال کی عمر کے افراد میں محض دو سال کے اندر وہ تبدیلیاں دیکھی گئیں جو عام طور پر ایک دہائی بعد دیکھنے میں آتی ہیں، جب کہ 64 سال یا اس سے زائد کی عمر کے افراد میں اثرات کم دکھائی دیے۔

  • ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے سلسلے میں بڑا اعلان کر دیا

    ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے سلسلے میں بڑا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کا عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ بحال کرنے کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، صدر ٹرمپ نے ایک ماہ قبل ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا ڈبلیو ایچ او کو اتنی ہی فنڈنگ دے گا جتنی چین عالمی ادارے کو فراہم کرے گا، ٹرمپ نے اس اعلان کے ساتھ یہ امید بھی ظاہر کی کہ موجودہ بحران کے دوران عالمی ادارہ صحت تعمیری کردار ادا کرے گا۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ڈبلیو ایچ او کو مجموعی طور پر سالانہ 400 ملین ڈالر فراہم کرتا تھا، تاہم چین نے اگر ادارے کے لیے اپنی فنڈنگ بڑھائی تو امریکا بھی بڑھا سکتا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کا امریکا کے ساتھ برا سلوک رہا ہے، ٹرمپ کا الزام

    دریں اثنا، ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی ادارہ صحت سے کرونا وائرس پھیلنے کی غیر جانب دار تحقیق کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وبا بے قابو ہونے کے بعد امریکی صدر نے ڈبلیو ایچ او کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنائے رکھا ہے، گزشتہ ماہ بھی انھوں نے ایک بار پھر عالمی ادارہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محسوس ہو رہا ہے کہ چین اس ادارے کو کنٹرول کررہا ہے۔

    انھوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ عالمی ادارہ صحت امریکا کے ساتھ برا سلوک کر رہا ہے۔

  • کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کراچی: ملک میں کرونا وبا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے ملک کے اندر پروازوں پر پابندی ختم ہو گئی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی پرواز آج ایک بجے کراچی سے لاہور کے لیے شام 4 بجے روانہ ہوگی۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک پروازوں کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، ایئرپورٹ ڈومیسٹک لاؤنج میں ایس او پیز سے متعلق آگاہی بینرز بھی نصب کر دیے گئے۔

    مسافروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے لاؤنج میں نشانات لگائے گئے ہیں، بینچز پر ایک ساتھ بیٹھنے کی ممانعت کے سائن بھی لگائے گئے، لاؤنج میں داخل ہوتے ہی مسافروں کو ماسک لگانا ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    خیال رہے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے حکومت نے علاقائی پروازیں گزشتہ روز کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق 20 فی صد جزوی فلائٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے، جزوی ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کے لیے پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے فلائٹ شیڈول بھی جاری کر دیا تھا، یہ علاقائی آپریشن 5 بڑے ایئرپورٹس سے کیا جا رہا ہے، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں سول ایوی ایشن نے باضابطہ اجازت نامہ بھی جاری کر دیا تھا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری جزوی بحالی کے نوٹم کے مطابق یہ اجازت 30 جون 2020 تک دی گئی ہے۔ کراچی سے ہفتہ وار 68 پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد اور لاہور سے 32 پروازیں، پشاور سے 4 اور کوئٹہ سے 6 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    ایس او پی کے تحت ڈومیسٹک پروازوں پر مسافروں کا لوڈ کم ہوگا، دوران پرواز مسافروں میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مسافروں کو ماسک کا استعمال کرنا لازمی ہوگا، اندرون ملک جانے اور آنے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ ہوگی۔

  • کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے انسانوں کی اموات 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے انسانوں کی اموات 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    کراچی: انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں اموات 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 28 لاکھ سے زائد انسانوں کو متاثر کر دیا ہے، چار مہینوں سے وائرس کا پھیلاؤ مسلسل جاری ہے، اب تک 2,830,051 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ اموات بھی تیزی سے بڑھ کر 197,246 ہو چکی ہیں۔

    کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی رنگ لا رہی ہیں، اب تک 8 لاکھ کے قریب مریض وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔

    امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات بڑھ کر 52,185 ہو گئی ہیں، جب کہ مجموعی طور پر اب تک 9 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوئے، کو وِد نائنٹین سے متاثر 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 15 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 21,291 ہلاکتیں ہوئیں اور ڈھائی لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 25,969 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 1 93 ہزار لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 60 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 2 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

    اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 22,524 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ فرانس میں 22,245 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 59 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

    برطانیہ بھی شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، جہاں وائرس اب تک 19,506 افراد کی جانیں لے چکا ہے، اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 143,464 ہو گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا ہے، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی صحت یابی کا گراف نہایت کم ہے۔

  • سی اے اے نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی

    سی اے اے نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی، اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے امریکی چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی، امریکی سفارت خانے کی جانب سے چارٹر طیاروں کی لینڈنگ کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا، اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے، امریکی شہری اور سفارتی عملہ ان طیاروں کے ذریعے پاکستان سے واپس امریکا جائے گا۔

    سی اے اے کے مطابق پہلی پرواز آج صوفیہ بلغاریہ سے اسلام آباد پہنچے گی، شارجہ سے آنے والی پرواز کل مسافروں کو اسلام آباد سے فرینکفرٹ لے جائے گی، 23 اپریل کو 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی۔

    25 اپریل کو بھی 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی، ان پروازوں کے پائلٹس اور دیگر عملے کو طیاروں سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    امریکا میں پھنسے پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن اِن چیف کی حکومت سے مدد کی اپیل

    یاد رہے کہ اتوار کو امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے جانے کے معاملے پر امریکا نے بھی خصوصی پرواز کے لیے پاکستان کو اجازت دی تھی، امریکا میں 750 سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں، ذرایع کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے متعدد ایئر لائنز کے آپشن پر غور کیا۔