Tag: کرونا وائرس ٹیسٹ

  • ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں اسکول آنے والے طلبہ کا کرونا وائرس ٹیسٹ ہر 2 ہفتے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امارات میں نیا تعلیمی سال 5 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں وزارت تعلیم و تربیت نے اسکولوں کے طلبہ کا کووڈ 19 (پی سی آر) ٹیسٹ 2 ہفتے میں ایک بار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت تعلیم و تربیت کے ماتحت اسکول آپریشن ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لبنی الشامسی نے بتایا کہ ابو ظہبی کے طلبہ کا ٹیسٹ اسکولوں میں ہوگا جبکہ دیگر ریاستوں کے طلبہ کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے ٹیسٹ سینٹر کے حوالے سے مطلع کیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر کے مطابق ایس ایم ایس ان کے سرپرستوں کے نام بھیجے جائیں گے، پی سی آر ہر 2 ہفتے میں ایک بار ضرور ہوگا۔

    الشامسی نے بتایا کہ طلبہ کی تدریجی واپسی کے فیصلے کی بدولت کرونا وائرس ٹیسٹ آسانی سے ممکن ہوسکے گا۔۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 5 ستمبر سے نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے، اسکول 12 برس سے کم عمر طلبہ یعنی تیسری سے چھٹی جماعت تک کے لیے اتوار سے کھلیں گے۔

    اسی روز سے طلبہ کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی بھی شروعات کردی جائیں گی۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ میں جعلسازی کرنے والے گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ میں جعلسازی کرنے والے گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں 2 یمنی شہریوں کو اپنے کرونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کو جعلسازی کے ذریعے منفی کروانے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نجران ریجن میں پولیس نے کرونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ میں جعل سازی کروانے والے 2 یمنی باشندوں اور جعل سازی کے مرتکب سعودی شہری کو گرفتار کرلیا۔

    نجران ریجن کے پولیس ترجمان میجر عبد اللہ العشوی نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریجن میں 2 یمنی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو تھا انہوں نے رشوت دے کر اپنا ٹیسٹ نیگیٹو کروا لیا ہے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک سعودی شہری کے ساتھ مل کر نیگیٹو کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ تیار کروائی تھی جس کے عوض انہوں نے رشوت بھی دی۔

    پولیس نے تحقیقات کی روشنی میں جعلی رپورٹ بنانے میں معاونت کرنے سعودی شہری کو بھی حراست میں لے لیا گیا اور اس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں یمنی شہریوں اور جعلی رپورٹ بنانے میں ملوث سعودی کے خلاف جعل سازی کا کیس دائر کر دیا گیا ہے، ملزمان کو پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا جہاں سے ان کے خلاف مقدمہ دائر کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • قرنطینہ میں رہنے کے بعد شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

    قرنطینہ میں رہنے کے بعد شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

    اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا دوسرا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی اور سابق وزیر شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، ذرائع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی بدستور قرنطینہ میں رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں شہریار آفریدی کا دوسرا ٹیسٹ کیا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر شہریار آفریدی قرنطینہ سے باہر نکل سکیں گے۔

    خیال رہے کہ شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ان کی اہلیہ اور ان کے گھر کے 2 ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    دوسری جانب وفاقی و صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مجموعی طور پر پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

    اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • 2 کروڑ ٹیسٹ کر چکے، 12 عارضی اسپتال بنا رہے ہیں: ٹرمپ

    2 کروڑ ٹیسٹ کر چکے، 12 عارضی اسپتال بنا رہے ہیں: ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر نے معمول کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں اب تک امریکا میں 2 کروڑ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، امریکی افواج 12 عارضی اسپتال بنا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ لاکھوں امریکی اس مشکل وقت میں قربانیاں دے رہے ہیں، ایک بہترین مستقبل امریکیوں کی راہ دیکھ رہا ہے، مجھے محسوس ہوتا ہے ہماری معیشت جلد بہتر ہوگی، ہم بھرپور طریقے سے واپس آئیں گے، مزید 500 ملین ماسک خرید رہے ہیں، اربوں ڈالرز کی میڈیکل سپلائی ریاستوں کو بھجوا رہے ہیں۔

    عالمگیر وبا کرونا وائرس سے اموات 1 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایئر لائنز کا کاروبار بچانے کے لیے پیکج کا اعلان کریں گے، کرونا ویکسین کی تیاری سے متعلق بھی حوصلہ افزا اطلاعات آ رہی ہیں، امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہیلتھ ورکرز ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کی پیداوار سے متعلق بتایا کہ تیل کو محفوظ کرنے کے لیے ان کی سعودی عرب اور روس سے بات ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا سعودی عرب اور روس بہت زیادہ تیل پیدا کر رہے ہیں لیکن موجودہ حالات میں تیل فروخت نہیں ہو رہا، اس سلسلے میں روس کے صدر اور سعودی فرماں روا سے بات ہوئی ہے، ملین آف بیرل تیل محفوظ کرنے کے لیے نئے مقامات بنا رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتا امریکی فلائٹ اٹینڈنٹ جان کی بازی ہار گیا

    کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتا امریکی فلائٹ اٹینڈنٹ جان کی بازی ہار گیا

    امریکا میں ایک فلائٹ اٹینڈنٹ اپنے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتے کرتے دنیا سے رخصت ہوگیا، تاحال اس کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی لیکن قریبی افراد کا کہنا ہے کہ اس میں کرونا وائرس کی علامات موجود تھیں۔

    امریکن ایئر لائن کے فلائٹ اٹینڈنٹ 60 سالہ پال فرشکرن نے چند روز قبل کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔

    پال کو کچھ روز قبل ہی کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اس نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔ تاہم ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی پال جان کی بازی ہار گیا، حکام نے تاحال اس کی موت کی حتمی وجہ جاری نہیں کی۔

    دنیا بھر میں اس وقت ایوی ایشن کے ملازمین کو بھی کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کہا جارہا ہے جن میں فلائٹ اٹینڈنٹس سرفہرست ہیں۔

    طیاروں پر اپنی ڈیوٹی کے دوران یہ افراد سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھ سکتے یوں یہ کرونا وائرس کے خطرے کا شدید شکار ہیں۔

    امریکا میں کام کرنے والے 1 لاکھ 19 ہزار فلائٹ اٹینڈنٹس بھی خوف کے عالمی میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 229 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ 1 لاکھ 23 ہزار 776 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں سندھ کی صورت حال اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔

    گورنر سندھ نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے بھی رابطہ کر کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے جلد قیام کے سلسلے میں بات چیت کی، جس پر چیئرمین نے انھیں ٹیسٹنگ لیباریٹریز کے جلد قیام کی یقین دہانی کرا دی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود کرونا وائرس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، مزید ٹیسٹنگ لیباریٹریز سے بروقت تشخیص اور روک تھام میں مدد ملے گی۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    اپنے ٹویٹ میں بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 2 کرونا ٹیسٹنگ لیبز قائم کی جائیں گی، این ڈی ایم اے، ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی مل کر لیبز قائم کریں گی، انشاء اللہ یہ لیبز ایک ہفتے کے اندر کام کرنا شروع کر دیں گی، سندھ میں مزید لیبز بھی کھولی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے، ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

  • 10 منٹ اور صرف 1 ڈالر میں کرونا کا ٹیسٹ ممکن ہونا شروع

    10 منٹ اور صرف 1 ڈالر میں کرونا کا ٹیسٹ ممکن ہونا شروع

    لندن: کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے برطانوی کمپنی نے اہم کامیابی حاصل کر لی، کو وِڈ نائنٹین کے نہایت کم وقت میں سستے ترین ٹیسٹ کی توثیق کے لیے لیبارٹریز کو اس کی ترسیل شروع ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 10 منٹ میں کرونا وائرس اینٹی باڈی ٹیسٹ تیار کرنے والی برطانوی کمپنی نے اس کے پروٹوٹائپ (ابتدائی ماڈل) لیبارٹریز کو بھیجنا شروع کر دیے ہیں، جہاں اس ٹیسٹ کی توثیق ہوگی، بتایا گیا ہے کہ اس ٹیسٹ پر صرف 1 ڈالر خرچ آئے گا۔

    اس بات کی امید کی جا رہی ہے کہ یہ ٹیسٹ موجودہ وبا کی صورت حال میں ‘گیم چینجر’ ثابت ہو سکتا ہے، اس سے قبل مذکورہ ہیلتھ ٹیکنالوجی کمپنی مولوجک نے گھر پر آسانی سے حمل ٹیسٹ بھی پہلی بار تیار کیا تھا، اس کمپنی نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر اس ٹیسٹ کی آزمایش کامیاب رہی تو جون میں اسے عوام کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

    گھروں پر بیٹھ کر 15 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص

    اینٹی باڈی ٹیسٹ کو اس نکتے کے تحت تیار کیا جاتا ہے کہ آیا لوگ پہلے سے وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، اس کے برعکس اینٹجن ٹیسٹ یہ بتاتا ہے کہ کیا کوئی واقعی وائرس کی وجہ سے کو وِڈ نائنٹین مرض میں مبتلا ہے۔

    کمپنی نے میڈیا کو بتایا کہ کو وِڈ نائنٹین کے تشخیصی ٹیسٹ کا توثیقی عمل رواں ہفتے سے مقامی طبی اسکول اور اسپتال میں شروع ہو چکا ہے، جب کہ کمپنی کے عالمی پارٹنرز بھی ٹیسٹ کے پروٹوٹائپس کی آزمایش کریں گے۔ کمپنی کے میڈیکل ڈائریکٹر نے یہ بھی کہا کہ کئی کمپنیاں وائرس کی تشخیص پر کام کر رہی ہیں تاہم مولوجک کا مقصد سستے اور وسیع سطح پر دستیاب ٹیسٹ کی تیاری تھی۔

  • عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    کراچی: معروف پاکستانی اداکاروں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی، دونوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے دعاؤں کے لیے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے واپس آنے والے معروف پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ان دونوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج رات موصول ہوگئی ہے۔

    عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے کوویڈ 19 کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہے، خدا کا شکر ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں عدنان صدیقی نے لکھا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے کے باجود ہم مزید 10 روز آئسولیشن میں رہیں گے اور اس کے بعد اپنے گھر جائیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے کی جانے والی دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    ہمایوں سعید نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سے کلیئر ہوجانے کے باجود ہم احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں گے۔

    خیال رہے کہ دونوں اداکار چند روز قبل امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد گھر جانے کے بجائے دونوں نے خود کو قرنطینیہ کر لیا تھا۔

    ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہ ہونے کے باوجود احتیاطاً ٹیسٹ بھی کروا لیا تھا جس کی رپورٹ آج منفی آگئی۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ سے انکار پر جرمانے اور گرفتاری کا فیصلہ

    کرونا وائرس ٹیسٹ سے انکار پر جرمانے اور گرفتاری کا فیصلہ

    لندن : برطانیہ میں کروناوائرس ٹیسٹ سے انکار پر اب  ایک ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور گرفتار ی کا سامنا کرنا پڑے گا، پولیس کو نئے اختیارات اس ہفتے تفویض کردئیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے پولیس کو اس ہفتے نئے اختیارات تفویض کئے جارہے ہیں ، جس کے تحت پولیس کو کروناوائرس ٹیسٹ سے انکار پر ایک ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور گرفتار ی کا اختیار حاصل ہوگا۔

    اس کے علاوہ پولیس نئے اختیارات کے تحت محدودطاقت بھی استعمال کرسکےگی۔

    خیال رہے برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 13 سو 72 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس 35 افراد کی جانیں لے چکا ہے جبکہ برطانوی حکام کی جانب سے کرونا وائرس (کوویڈ 19) کے پیش نظر اگلے ہفتے سے بڑے اجتماعات پر پابندی لگانے کا امکان ظاہرکیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : کورونا وائرس : برطانیہ میں بڑے اجتماعات پر پابندی کا امکان

    برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے ایمرجنسی قانون کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے، پابندی کی صورت میں مذہبی اجتماعات بھی متاثر ہوں گے، نماز جمعہ کے اجتماعات اور نماز جنازہ بھی پابندی کی زد میں آسکتے ہیں۔

    برطانیہ میں نومولود میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، لندن میں نومولود میں کرونا وائرس کی تشخیص کا یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

    یاد رہے کرونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو 30 ممالک کا سفر نہ کرنے کی بھی ہدایت کردی، پاکستان حالیہ ٹریول ایڈوائزری میں شامل نہیں۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر برٹش ایئر ویز اپنی 75 فیصد پروازیں پہلے ہی بند کرچکا ہے۔