Tag: کرونا وائرس پاکستان

  • پنجاب میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع، نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور: حکومت پاکستان کی جانب سے مزید دو ہفتے لاک ڈاؤن فیصلے کے بعد صوبہ پنجاب میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب نے پچیس اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 42 سے زائد صنعتوں کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

    ضروری سرکاری ملازم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کو استثنیٰ دیا گیا، ٹیلی کام سیکٹر، ایس ای سی پی، اسٹاک مارکیٹ کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا، غیر ملکی سفیروں، قونصل خانے میں کام کرنے والے اہل کاروں کو بھی استثنیٰ ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل اسٹورز، کریانہ، سبزی منڈی، ڈرائی کلینر، فوڈ چین کو بھی استثنیٰ ہوگا، بیج، کھاد، زرعی ادویات بنانے والی کمپنیوں کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا، ٹریکٹرز، پیکنگ، زرعی آلات بنانے والی کمپنیوں کو بھی استثنیٰ حاصل ہو گیا، ایل پی جی فلنگ اسٹیشن، خیراتی ادارے، فوڈ آئٹمز بنانے والوں کو بھی استثنیٰ دیا گیا۔

    وزیراعظم کا لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے توسیع کا اعلان

    پنجاب حکومت نے فلور ملز کو بھی لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دے دیا، مذہبی رسومات، بالخصوص آخری رسومات اور تدفین کی اجازت ہوگی، ڈرائی پورٹ، کسٹم کلیئرنس، ٹرانسپورٹ کا سامان بنانے والوں کو بھی استثنیٰ مل گیا، پولٹری کا سامان بنانے والے اداروں کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    نرسریوں، الیکٹریشن، بک شاپ کو بھی لاک ڈاؤن سے استثنیٰ ہوگا، کیمیکل انڈسڑی، گلاس بنانے والے یونٹس، ادویہ ساز انڈسڑی اور وابستہ تمام صنعتوں کو بھی استثنیٰ ہوگا، پراپرٹی ڈیلرز، ایکسپورٹ سیکٹر، روڈ کنسٹرکشن سیکٹر کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

  • وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم

    وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم

    اسلام آباد: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کو مزید فنڈز کی ضرورت کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو پھر متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج سے بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم شروع کریں گے، حکومت کو کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں مزید فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک بار پھر متحرک کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے اس سلسلے میں اپنے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری سے مشاورت مکمل کر لی ہے، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان خود اوورسیز پاکستانیوں سے مخاطب ہوں گے، اور ہم وطنوں سے کرونا ریلیف فنڈز کے لیے عطیات کی اپیل کریں گے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    اس مقصد کے لیے وزارت اوورسیز کے تعاون سے خصوصی ویب سائٹ بھی تیار کر لی گئی ہے، اس ویب سائٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بہ آسانی فنڈز دے سکیں گے، اوورسیز پاکستانیوں سے ویب سائٹ http://Covid.ophrd.gov.pk پر عطیات بھیجنے کی اپیل کی جائے گی۔

    بتایا گیا ہے کہ فنڈز دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ویب سائٹ پر ان کے نام بھی شائع کیے جائیں گے، ریلیف فنڈ میں ایک خاندان کی مدد کے لیے کم سے کم 35 ڈالر بھیجنے کی اپیل ہوگی، 35 ڈالر یا اس سے زیادہ کی رقم ماہانہ کی بنیاد پر بھی دی جا سکے گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد 5374 ہو گئی ہے، جب کہ اموات 93 تک پہنچ گئیں، اس وقت ملک میں کرونا کے 4111 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 1095 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار پر منفی اثرات کے علاوہ غریب طبقے کا روزگار بھی شدید متاثر ہو چکا ہے جن کی مدد کے لیے حکومت کی جانب سے ریلیف فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    اسلام آباد: نئے اور مہلک کرونا وائرس سے ملک میں 24 گھنٹوں میں مزید 7 افراد جاں بحق ہو گئے، پاکستان میں اموات کی تعداد 93 ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں کرونا کا وار جاری ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 افراد چل بسے، اموات کی تعداد 93 ہو گئی، 44 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد 5374 ہو گئی ہے، ملک میں کرونا کے 4111 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 1095 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، تعداد 114,253 ہو گئی

    پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2,594 تک پہنچ گئی، سندھ میں 1,411 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، خیبر پختون خوا میں وائرس کے 744 سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان میں 230 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں مریضوں کی تعداد 40 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 224 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 131 مریض سامنے آ چکے ہیں.

    کراچی کے ضلع شرقی میں متاثرہ گلیاں اور محلے سیل کیے جا چکے ہیں، یو سی 8 اور 9 ریڈ زون قرار دے دیے گئے، آمد و رفت معطل کر دی گئی، پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 21 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، لاہور کے بھی 10 سے زائد علاقے سیل کیے جا چکے ہیں۔

  • ملک میں کرونا سے اموات 66 ہو گئیں، 4601 افراد متاثر

    ملک میں کرونا سے اموات 66 ہو گئیں، 4601 افراد متاثر

    اسلام آباد: پاکستان میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 601 ہو گئی ہے، نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جیسے جیسے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ویسے ویسے مریضوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس پر کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے آج جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ ملک میں وائرس کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 66 ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 284 کیس سامنے آئے جب کہ 4 مزید اموات رپورٹ ہوئیں۔

    سی این او سی کے مطابق صوبہ جات کے لحاظ سے کرونا کیسز کو توجہ کے ساتھ مانیٹر کیا جا رہا ہے، اب تک صوبہ پنجاب کیسز کی تعداد کے لحاظ سے سر فہرست ہے، جہاں 2279 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، دیگر صوبوں کی مانند پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے۔

    کرونا وائرس سے اموات 1 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کا آغاز ہوتے ہی سندھ اس کا شکار ہوا، جہاں تفتان بارڈر سے گزرتے ہوئے ایران سے آنے والے زائرین کی وجہ سے سندھ کے مختلف شہروں میں وائرس پھیلا، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے فوری رسپانس کی وجہ سے کیسز کی بڑھتی رفتار میں کمی آئی، اب تک صوبے میں 1128 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    صوبہ خیبر پختون خوا میں کو وِڈ نائنٹین کیسز کی تعداد بڑھ کر 620 ہو گئی ہے، وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے خیبر کے کئی اضلاع میں لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے، گزشتہ روز گیلپ سروے میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں کرونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے لحاظ سے پختون خوا وہ صوبہ ہے جہاں عوام سب سے زیادہ مطمئن ہیں۔

    کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں اب تک 219 کرونا کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، گزشتہ دنوں بلوچستان میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے کرونا وائرس کے حفاظتی سامان کی حکومت کی جانب سے عدم فراہمی پر شدید احتجاج کیا تھا، جس پر پولیس نے جانب سے ان پر بدترین تشدد بھی کیا گیا، خیال رہے کہ ڈاکٹرز اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا میں فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم کوئٹہ پولیس نے طبی عملے کے ساتھ بہت برا سلوک روا رکھا۔ ڈاکٹرز کی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حفاظتی سامان نہ ہونے کے سبب خود ڈاکٹرز بھی کو وِڈ نائنٹین پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔

    ادھر گلگت بلتستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں 33 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے اب تک 107 تصدیق شدہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔

  • 6 سے 7 ہزار کرونا کیسز مزید رپورٹ ہونے کا خدشہ ہے: ڈاکٹر عطا

    6 سے 7 ہزار کرونا کیسز مزید رپورٹ ہونے کا خدشہ ہے: ڈاکٹر عطا

    کراچی: معروف سائنس دان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے کو چیئرمین ڈاکٹرعطا الرحمان نے کہا ہے کہ میرا اندازہ ہے کہ 6 سے 7 ہزار کرونا کیس اور رپورٹ ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عطاالرحمان نے کہا کہ اگلے 2 ماہ اپریل اور مئی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے خاصے اہم ہیں، ان مہینوں میں وائرس کے پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے۔

    ڈاکٹر عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ چھ سے سات ہزار مزید کیسز آ سکتے ہیں، انتہا پر پہنچ کر کرونا وائرس کا پھیلاؤ گھٹنا شروع ہو سکتا ہے، ہماری صورت حال یورپی ممالک سے کافی بہتر ہے، کووڈ 19 کا اسٹرکچر پتا چل جائے تو دوا کی طرف بڑھ سکتے ہیں، وقت کے ساتھ واضح ہوگا کہ کرونا کے لیے کون سی دوائیں آزمودہ ہیں۔

    کورونا کے وار جاری ، پاکستان میں اموات کی تعداد 63 ہوگئی

    انھوں نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے بھی مشورہ دیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی بھی ضروری ہے ورنہ لوگ بھوک سے مر جائیں گے، لاک ڈاؤن سے کیسز تو کم ہوں گے لیکن افراتفری مچ جائے گی، لاک ڈاؤن مخصوص کرنا پڑے گا، کچھ صنعتیں مشروط کھولی جا سکتی ہیں، ایسا لاک ڈاؤن ہو کہ لوگ اپنی روزی کما سکیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 63 ہو چکی ہے جب کہ کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 4322 تک پہنچ گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 248 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 5 مریض انتقال کر گئے، اور 31 کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری طرف 24 گھنٹوں میں مزید 2737 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک ملک میں 44896 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 26 جاں بحق

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 26 جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 26 تک پہنچ گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کے ساتھ ساتھ اموات بھی بڑھتی جا رہی ہیں، پنجاب میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 652 اور سندھ میں 627 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے خیبر پختون خوا میں 221 اور بلوچستان میں 153 کرونا کے تصدیق شدہ مریض ہیں، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد 58، آزاد کشمیر میں 6 مریض ہیں۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 240 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ 8 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشتبہ کیسز کی تعداد 15709 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1264 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کرونا سے جنگ: وزیراعظم کا ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان

    قومی ادارے کے مطابق پاکستان میں کرونا کے 49 فی صد کیسز ایران سے آئے، جب کہ 33 فی صد کیسز دیگر ممالک سے آئے، صرف 18 فی صد کیسز لوکل ٹرانسمٹ ہیں یعنی مقامی سطح پر منتقل ہوئے کیسز ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا، کرونا ریلیف ٹائیگر فورس فوج اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی، جن علاقوں کو لاک ڈاؤن کیا جائے گا وہاں ٹائیگر فورس کے رضا کار راشن پہنچائیں گے۔

  • وزیر اعظم کا پارلیمانی لیڈرز کے ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے معاملے پر سیاسی قیادت کو متحد کرنے کے مشن کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمانی لیڈرز کے ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج تین بجے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے، جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اجلاس کے سلسلے میں گزشتہ روز اسپیکر کی جانب سے تمام لیڈرز کو فون کیا گیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں کرونا سے متعلق قومی سیاسی قیادت کا مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، وزیر اعظم اپوزیشن رہنماؤں کے سوالات کا جواب بھی دیں گے۔

    دریں اثنا آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا بھی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مقامات سے ویڈیو لنک پر وزرا شریک ہوئے، اجلاس میں کرونا سے پیدا صورت حال، اقدامات اور معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا، پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم، بلوں اور دیگر امور پر کابینہ کو بریفنگ دی۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، ملک میں کیسز کی تعداد 892 ہو گئی

    پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، ملک میں کیسز کی تعداد 892 ہو گئی

    لاہور: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نئے اور مہلک کرونا وائرس COVID 19 کا پہلا مریض دم توڑ گیا، پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 7 ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، 57 سالہ شہری افراسیاب لاہور کے میو اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں مشکل وقت چل رہا ہے، لوگ اگر اپنے گھروں میں رہیں تو اس مشکل سے لڑا جا سکتا ہے۔

    دریں اثنا، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 892 ہو چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں 89 کیسز کا اضافہ ہوا۔ وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 63 فی صد مرد اور 37 فی صد خواتین ہیں، متاثرہ 78 فی صد مریضوں کی ٹریول ہسٹری میں ایران شامل ہے۔

    معاون خصوصی کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، کے پی میں 38 اور گلگت میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس سے ایک شخص بیمار ہوا۔ لاہور کیمپ جیل کے قیدی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، پاکستان میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 6 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے چار سو سے بڑھ گئی ہے، سندھ میں اب تک کرونا کے 245، بلوچستان میں81 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف خیبر پختون خوا میں 23 کرونا کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے، گلگت بلتستان میں کرونا کے 21 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ اسلام آباد میں کرونا کے 7 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 117 کیسز سامنے آئے، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جو کیسز سامنے آئے سب کی ٹریول ہسٹری ہے، تفتان سے 60 مریض آئے جب کہ دیگر یورپ سے آئے ہیں، تمام صوبے محنت کر رہے ہیں، انشاء اللہ جلد وبا پر قابو پالیں گے، 2 روز میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔

    کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ 55 زائرین، 15 لاہور، 2 ملتان، 3 مظفر گڑھ کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، ایک راولپنڈی، 4 گجرات کے مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، تمام کنفرم مریض آئسولیشن میں ہیں۔

    ادھر گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 21 ہو گئی ہے، ترجمان جی بی فیض اللہ فراق نے بتایا کہ 2 مقامات پر اسکریننگ سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں ہر روز 20 افراد کا مقامی سطح پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے، 200 سے زائد زائرین گلگت بلتستان پہنچ چکے ہیں، اسکردو میں حکومتی اخراجات پر ہوٹلز قرنطینہ قرار دیے گئے ہیں، مختلف ہوٹلوں کے 500 کمرے زائرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں، گلگت بلتستان میں 21 دن کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ ہے، سیاحوں پر بھی پابندی ہے۔

    ادھر آج کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا ہے جس کی عمر 77 سال تھی، اور وہ کینسر اور شوگر کا بھی مریض تھا، وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی میں کرونا وائرس کے 93 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 245 ہو چکی ہے، 241 مریض سندھ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے کراچی میں 90 اور سکھر میں 151 مریض زیر علاج ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    کراچی: کرونا وائرس بے قابو ہو گیا، پاکستان میں COVID 19 کے مریضوں کی تعداد 183 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تباہی مچانے والا نیا وائرس کو وِڈ 19 پاکستان میں بھی بے قابو ہونے لگا ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 183 تک پہنچ گئی۔

    گزشتہ روز صوبہ سندھ میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعداد میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا، صوبے میں ٹوٹل کیسز 146 تک پہنچ چکے ہیں، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز کہا کہ سکھر میں 119، کراچی میں 30، ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا ہے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 14 مراکز قائم

    اس سے قبل خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی تھی۔ تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مستند کرونا مریضوں کی تعداد 94 ہے، ہر کوئی اپنی تعداد بتائے گا تو غلط فہمیاں پیدا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے پاکستان میں کرفیو جیسی صورت حال ہو۔

    ادھر دنیا بھر میں کرونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل گیا ہے، ہلاکتوں کی تعداد 7171 ہو گئی، دنیا بھر میں وائرس سے 182598 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ 79881 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3226 ہو گئی، اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 2158 ہو گئی، جب کہ ایران میں 853، اسپین میں 342 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔