Tag: کرونا وائرس پاکستان

  • کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    اسلام آباد: مہلک کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کل ملک بھر میں اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی کرونا وائرس کے خلاف میدان میں آ گئے، وائرس سے بچاؤ کے لیے کل اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    قائم مقام صدر نے کہا کہ کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی، قوم سے گزارش ہے کل جس جگہ پر بھی ہوں وہاں رک کر اجتماعی دعا میں شریک ہوں، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی اپنے دفاتر میں دعا کرائیں۔

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے مطمئن ہیں، تاہم انھوں نے کہا کہ یہ صرف وزارت صحت کی ذمہ داری نہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے یک جا ہو جائیں۔

    سندھ میں کرونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ ، مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ایک دن میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 جب کہ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ نہایت مہلک اور نئے وائرس کرونا نے 157 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، وائرس کے خوف سے ہر سو سناٹا پھیل گیا، بازار ویران ہو گئے، دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6,521 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 169,925 تک پہنچ گئی۔

  • سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    کراچی: محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 4 کیسز مزید رپورٹ ہو گئے ہیں، جس کے بعد سندھ میں کیسز کی تعداد 21 ہو گئی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا 3 افراد سعودی عرب سے آئے تھے، جب کہ ایک مسافر کی سفری ہسٹری نہیں ملی۔ مذکورہ تین افراد چند دن قبل سعودی عرب سے لوٹے تھے، کرونا کے شبہے میں تینوں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، آج ان کے ٹیسٹ پوزیٹو آئے۔

    سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خوشخبری

    محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جن میں سے 2 صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں جب کہ 19 افراد زیر علاج ہیں۔

    پاکستان میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ پمز اسپتال میں زیر علاج کرونا کی ایک مریضہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، خاتون میں گزشتہ روز وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ دو روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں، خاتون کو آئیسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

    مریضہ کے اہل خانہ اور نجی اسپتال کے عملے کے افراد کے سیمپلز بھی این آئی ایچ کو موصول ہو گئے ہیں، 13 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، یہ دیکھنے کے لیے کہ انھیں بھی خاتون سے وائرس منتقل ہوا ہے یا نہیں۔

  • کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 6 ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مشتبہ قرار دے دیا گیا، دوسری طرف پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی اے اے نے تصدیق کر دی ہے کہ چھ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کے قریبی عزیز کرونا وائرس سے متاثر تھے، ملازم کے ماموں کی ٹریول ہسٹری بھی ایران سے بتائی جاتی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی والدہ اپنے بھائی کے ہمراہ ایران گئی تھیں، اے ٹی سی اہل کار اپنی والدہ سے ملنے کے بعد ڈیوٹی پر گیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر رابطے میں آنے والے شفٹ میں موجود تمام اے ٹی سیز کو قرنطینہ میں بھیج دیا۔

    جناح ایئرپورٹ کراچی پر مشتبہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے کی تیاری

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس او پی کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طو ر پر پوری شفٹ کو ڈیوٹی پر 14 دن تک ڈیوٹی سے مستشنیٰ رکھا جائے گا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ریڈار کنٹرول اے سی سی ایریا کو خالی کرا لیا ہے، اور ریڈار کنٹرول سمیت دیگر دفاتر میں خصوصی اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ایئر پورٹ کے مختلف ایریاز، کارگو، ایپرن اور رن وے ایریا میں بھی اسپرے شروع کر دیا گیا ہے، تمام دفاتروں میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے۔

    ادھر کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، ایئرلائن ملازمیں خطرے میں ہیں، کرونا وائرس متعدی بیماری ہے، بائیو میٹرک سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ ملازمین کو کم از کم ایک ماہ بائیو میٹرک حاضری سے استثنیٰ دے، ملازمین میں بائیو میٹرک حاضری سے خوف بڑھ رہا ہے، مشین کی وجہ سے وائرس ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔