Tag: کرونا وائرس

  • کرونا وائرس، برٹش ایئر ویز کا چین کے لیے پروازوں کی منسوخی کی مدت میں اضافہ

    کرونا وائرس، برٹش ایئر ویز کا چین کے لیے پروازوں کی منسوخی کی مدت میں اضافہ

    مانچسٹر: کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر برٹش ایئر ویز نے چین کے لیے اپنی تمام براہ راست پروازوں کی منسوخی کی مدت میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ایئر ویز نے کرونا وائرس کے خطرے کے باعث چین کے لیے براہ راست پروازیں منسوخ کر رکھی ہیں، اب 17 اپریل تک کوئی بھی براہ راست پرواز چین نہیں جائے گی۔

    ترجمان ایئر لائن نے کہا کہ پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ فارن آفس کی جانب سے جاری ہدایات اور وائرس سے اموات میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا، کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار اموات ہو چکی ہیں، ہمارے لیے صارفین کی سیفٹی اہم ہے۔

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    خیال رہے کہ کمپنی نے اس سے قبل یکم اپریل تک پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جسے اب 17 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ایئرلائن نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازیں جاری رہیں گی۔

    واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2118 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74576 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔

  • وزیراعظم کی چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز بھیجنے کی پیشکش

    وزیراعظم کی چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز بھیجنے کی پیشکش

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز بھیجنے کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد چین کے فوری، مؤثر اقدامات کو دنیا بھرمیں سراہاگیا، چینی صدر کی قیادت میں چین کرونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت، عوام کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے چین کےساتھ ہے۔ انہوں نے چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز، فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کر دی۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ امید ہے چین پاکستانی شہریوں، طلبا کی خصوصی دیکھ بھال جاری رکھے گا۔

    دوسری جانب چینی صدر نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی جانب سے حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کرونا وائرس کے خلاف بروقت اور تیز ترین اقدامات کر رہا ہے، چینی عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کریں گے۔

    شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبہ کی اپنے شہری کی طرح دیکھ بھال اور علاج کیا جا رہا ہے، پاکستانی طلبا کی حفاظت،صحت اور فلاح یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    چینی صدر نے اقتصادی شراکت داری کو نئی جہتوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاک چین اقتصادی شراکت داری کا محور ہوگا۔ پاکستان، چین کی قیادت نے دونوں ممالک میں اعلیٰ سطح رابطے جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔

  • کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    ٹوکیو: جاپانی ٹی وی نے سرکاری ذرایع سے خبر دی ہے کہ مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر دم توڑ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے شکار بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز، جسے وبا کی وجہ سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے، کے دو مسافر ہلاک ہو گئے ہیں، گزشتہ روز اس جہاز کو جاپان کے شہر یوکوہاما میں ڈیکوکو پیئر پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نئے وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے مسافروں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جن کی عمریں 80 کے قریب تھیں۔

    کروز شپ میں پھنسے مسافروں کا جزوی انخلا

    خیال رہے کہ ڈائمنڈ پرنسز 3 فروری سے ٹوکیو کے قریب یوکوہاما میں لنگر انداز ہے۔ ابتدائی طور پر قرنطینے (الگ تھلگ) میں رکھے گئے اس جہاز پر 3700 مسافر سوار تھے، تب سے 600 سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، اس شپ سے مسافر رواں ہفتے ہی اترنا شروع ہوئے ہیں۔

    ڈائمنڈ پرنسز پر انڈونیشیا کے 74 شہری بھی سوار ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اپنے شہریوں کو جہاز سے نکالے، تاہم یہ فیصلہ ہونا ہے کہ ان شہریوں کو طیارے کے ذریعے یا بحری جہاز کے ذریعے واپس لایا جائے، جہاز کے عملے میں شامل انڈونیشیوں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2118 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74576 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔

  • زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونین خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور بتایا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے، کرونا وائرس کی ساخت سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وائرس کا کوئی حل نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی ماہر موجود ہے، بہت سے ممالک مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں کہ جو وہ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے یا نہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وہاں رہنے والے پاکستانی طلبا محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سفارت خانے سے 2 افراد کو ووہان جانے کی اجازت ہے۔ کئی ممالک کو اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر یقین نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقدامات کے نتائج کے حوالے سے ابھی تک کسی کو نہیں پتہ، 2 افراد کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی گئی کہ وہ بغیر چیک نہیں آسکیں گے۔ ہم نے اپنے لوگ اس لیے بھیجے تاکہ وہاں وہ بچوں کا درد دیکھ سکیں، وہ وہاں ہی رہیں گے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت اور کابینہ کو احساس ہے کہ ہم کوئی حکمت عملی آپ سے شیئر کریں، معاملہ اپنی اولاد کا ہو تو خواہش ہوگی کل کے بجائے آج ہی بچے واپس آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھرپور اندازہ ہے کہ بچوں کے والدین بہت پریشان ہیں، والدین کے تحفظات اپنی جگہ لیکن حالات بھی دیکھیں۔

    اس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس کے دوران ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ اب تک قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مشتبہ 89 نمونے موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والے تمام نمونے منفی ہیں، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کو مربوط بنایا گیا ہے اور 4 لاکھ سے زائد باہر سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس سے ہلاکتیں 2000 سے تجاوز کر گئیں، کروز شپ میں پھنسے مسافروں کا جزوی انخلا

    کرونا وائرس سے ہلاکتیں 2000 سے تجاوز کر گئیں، کروز شپ میں پھنسے مسافروں کا جزوی انخلا

    بیجنگ: چین میں مہلک کرونا وائرس کے باعث مزید 136 افراد ہلاک ہو گئے، حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے ہلاکتیں 2000 سے تجاوز کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے خوف ناک اور نہایت مہلک وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا، ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 749 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 74 ہزار سے بڑھ گئی۔

    دوسری طرف جاپان کے ساحل کے قریب سمندر میں موجود جہاز سے مسافروں کا جزوی انخلا عمل میں آیا ہے، 500 کے قریب مسافر کروز شپ میں 14 روز سے قرنطینہ میں موجود تھے، مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر جانے کی اجازت دی گئی، بحری جہاز پر کُل 3700 افراد سوار تھے، 542 میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    مہلک وائرس سے متاثرہ بحری جہاز سے برطانوی شہریوں کی واپسی کا عمل شروع

    خیال رہے کہ جاپان کے شہر ٹوکیو کے قریب یوکوہاما پورٹ پر کرونا وائرس سے متاثرہ بحری جہاز میں پھنسے ہوئے برطانوی بھی وطن لوٹنے لگے ہیں، رپورٹس کے مطابق بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر پھنسے برطانویوں کے اس الزام کے بعد کہ فارن آفس نے انھیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، 70 برطانویوں کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جہاز پر آن بورڈ مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد برطانوی شہریوں میں غصہ بڑھ گیا تھا اور وہ حکومت پر شدید تنقید کر رہے تھے۔ اس جہاز پر سے امریکی شہری بھی نکالے جا چکے ہیں۔

  • ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ہوٹل بک

    ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ہوٹل بک

    لندن: کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہیتھرو ایئر پورٹ پر ایک ہوٹل بک کر لیا گیا ہے جس میں چین سے آنے والے مسافروں کو ٹھہرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ایک ہوٹل بک کر لیا گیا ہے جہاں ٹیسٹ ہونے اور نتائج آنے تک مسافر قیام کریں گے۔

    مکمل تشخیص تک چین سے آنے والے مسافروں کو ہوٹل کے اندر ہی رکھا جائے گا، جب کہ وائرس کے شکار افراد کو این ایچ ایس کے حوالے کیا جائے گا۔

    جاپان کے شہر ٹوکیو کے قریب یوکوہاما پورٹ پر کرونا وائرس سے متاثرہ بحری جہاز میں پھنسے ہوئے برطانوی آخر کار وطن لوٹنے لگے ہیں، رپورٹس کے مطابق بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر پھنسے برطانویوں کے اس الزام کے بعد کہ فارن آفس نے انھیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، 70 برطانویوں کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    اس جہاز پر سے امریکی شہری نکالے جا چکے ہیں، جب کہ جہاز پر آن بورڈ 3 ہزار مسافروں میں سے 454 میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے، ان میں 99 کیسز کی گزشتہ روز تصدیق کی گئی تھی، جس کے بعد برطانوی شہریوں میں غصہ بڑھ گیا تھا اور وہ حکومت پر شدید تنقید کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے چین میں اموات کی تعداد 1800 سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ روز ہوبائی صوبے میں 93 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔

  • جان لیوا کرونا وائرس 1770 زندگیاں نگل گیا

    جان لیوا کرونا وائرس 1770 زندگیاں نگل گیا

    بیجنگ : کرونا وائرس سے اموات کی تعداد1770ہوگئی، چین میں ایک دن میں سوسے زائد افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے، سنگاپورمیں بھی تین نئے کورونا وائرس کیسزکی تصدیق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہے ، چین کے صوبے ہوبے میں ایک دن میں سوسے زائد افراد جان سے گئے، جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 71204 ہوگئی ہے۔

    چین کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے ہزاروں مریضوں کوطبی امداد کی فراہمی جاری ہے جبکہ فوج بھی انتظامیہ کی مدد کررہی ہے، چین کے علاوہ 29 ممالک میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے, سنگاپورنے مزید تین نئے کیسزکی تصدیق کی ہے۔

     مزید پڑھیں : کرونا وائرس یورپ پہنچ گیا، خوشبوؤں کے شہر میں‌ ایک شخص ہلاک

    جاپان کے کروز شپ پر مزید 70 افراد کے وائرس سے متاثرہونے کی تصدیق ہوگئی ہے ، جس کے بعد کروزشپ پر کرونا وائرس سے متاثرافراد کی تعداد 355 ہوگئی جبکہ امریکا نے کروزشپ میں موجود اپنے تین سوزائد شہریوں کودوخصوصی طیاروں کے ذریعے واپس بلوالیا ہے۔

    چینی شہر چونگ چنگ میں ڈس انفیکشن ٹنل بنادی گئی ہے، 20 سیکنڈ میں لوگ اس کے ذریعے انفیکشن پیدا کرنے والے جراثیم سے چھٹکارا پاسکتے ہیں جبکہ طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے ایک فیصد کی موت کا امکان ہے، یہ تعداد تقریباً چار لاکھ کے قریب بنتی ہے۔

    خیال رہے کہ ہلاکت خیز کرونا وائرس چین کے انڈسٹریل شہر ووہان سے پھیلا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، یہ وائرس سانس کے نظام میں شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے، اس کی علامات میں بخار اور خشک کھانسی شامل ہیں۔

  • چین سے شہری نکالنے والے ملکوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی: ظفر مرزا

    چین سے شہری نکالنے والے ملکوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی: ظفر مرزا

    مانچسٹر: وفاقی وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بالکل تیار ہے، جن ملکوں نے اپنے شہری چین سے نکالے انھوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی۔

    مانچسٹر میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہم ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ سے رابطے میں ہیں، چینی حکومت نے صرف پاکستان کو اپنی ٹیم ووہان بھیجنے کی اجازت دی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن بیجنگ کی ایک ٹیم ووہان پہنچ چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ووہان میں موجود بچوں پر جتنی تشویش والدین کو ہے اتنی ہی وزیر اعظم اور ہمیں بھی ہے، پاکستانی طالب علموں کے والدین کے ساتھ 19 فروری کو میٹنگ بلائی گئی ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ ہم بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کیا کر رہے ہیں۔

    کرونا وائرس: برطانیہ میں چار لاکھ اموات کا خدشہ

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اپنے شہری نکالنے والے ملکوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی، جن ممالک نے خلاف ورزی کی صرف انھی ممالک میں وائرس پھیلا، ہمیں چین کی عزت کرنی چاہیے کہ وہ ایک وبا کو دنیا میں پھیلنے سے روک رہا ہے۔

    نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے ظفر مرزا نے کہا کہ کہ ان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، رپورٹس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کو چیلنج کرنا ہے یا نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پاکستان صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے سنجیدہ ہے، صحت کے شعبے میں ریفارمز لائے جا رہے ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو بھی پالیسی مرتب کرنے میں شامل کیا جا رہا ہے۔

  • کرونا وائرس: برطانیہ میں چار لاکھ اموات کا خدشہ

    کرونا وائرس: برطانیہ میں چار لاکھ اموات کا خدشہ

    لندن: برطانیہ کے طبی ماہرین نے ملک بھر میں کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا، جس کی وجہ سے چار لاکھ شہریوں کی اموات کا امکان ہے۔

    برطانیہ میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے کیسز کو دیکھتے ہوئے طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ کی مجموعی آباد کا 60 فیصد حصہ کرونا وائرس کا شکار ہوسکتا ہے۔

    طبی ماہرین نے انکشاف کیا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے ایک فیصد کی موت کا امکان ہے، یہ تعداد تقریباً چار لاکھ کے قریب بنتی ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں ہونے والے ایک سروے میں این ایچ ایس اسٹاف کی جانب سے یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے اور نہ ہی روک تھام کے حوالے سے کوئی خاص حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس یورپ پہنچ گیا، خوشبوؤں کے شہر میں‌ ایک شخص ہلاک

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام میں وائرس کی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ملک میں تاحال کوئی خاص مہم شروع نہیں کی گئی  جس کی وجہ سے کرونا کا برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے ہیلتھ ماٹ ہن کاک کا کہنا تھا کہ برطانیہ کرونا وائرس کی ویکسین کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر چالیس ملین پاؤنڈز خرچ کر رہا ہے تا کہ اس جان لیوا وائرس کی روک تھام کی جا سکے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 8 کو علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ ایک خاتون کا علاج بدستور جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثرہ 2افراد شفایاب ہوگئے

    واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک وائرس کی وجہ سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1600 سے تجاوز کرچکی جبکہ 80 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ چین کے علاوہ فلپائن، جاپان اور ہانگ کانگ  اور فرانس میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ہلاکتیں بھی سامنے آچکی ہے۔

  • کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 افراد ہلاک

    کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 ہلاکتیں ہوگئیں، چین میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 16 سو 66 جبکہ وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ساڑھے 68 ہزار ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 اموات سامنے آگئیں، مجموعی طور پر چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 16 سو 66 ہوگئی ہے۔

    چین میں کرونا سے متاثر افراد کی تعداد 68 ہزار 500 ہوگئی ہے جبکہ 2 لاکھ سے زیادہ افراد طبی نگرانی میں ہیں۔ چین کے علاوہ 29 ممالک میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    فرانس، جاپان اور ہانگ کانگ میں اب تک کرونا وائرس سے 1، 1 ہلاکت سامنے آچکی ہے۔

    چینی شہر چونگ چنگ میں ڈس انفیکشن ٹنل بنادی گئی ہے، 20 سیکنڈ میں لوگ اس کے ذریعے انفیکشن پیدا کرنے والے جراثیم سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثر 9 میں سے 8 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

    برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس 4 لاکھ افراد کی جان لے سکتا ہے۔

    حکام کے مطابق برطانیہ کرونا وائرس ویکسین کے لیے 40 ملین پاؤنڈز خرچ کر رہا ہے۔