Tag: کرونا وبا

  • پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ 28 فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں کررونا کا کوئی کیس متاثر فرد نہیں، نگرانی میں موجود آخری شخص بھی قرنطینہ سے باہر آ گیا۔

    ڈی جی ہیلتھ نیوزی لینڈ نے میڈیا کو بتایا کہ قرنطینہ میں موجود آخری شخص میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    کرونا وبا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، 75 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد نیوزی لینڈ میں معاشی اور سماجی فاصلوں کی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔

    چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    جیسنڈا آرڈن نے اس موقع پر کہا کہ بلاشبہ یہ ہمارے لیے اہم سنگ میل ہے، انھوں نے ملک بھر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرونا کا اب کوئی مریض زیر علاج نہیں، آخری مریض کو بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے، نیوزی لینڈ میں 1504 افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے، جب کہ 22 افراد جان سے گئے، 1504 مریضوں میں سے 1482 افراد صحت یاب ہوئے۔

  • کرونا کا خطرہ، برطانوی حکومت نے بھی سخت اقدام اٹھا لیا

    کرونا کا خطرہ، برطانوی حکومت نے بھی سخت اقدام اٹھا لیا

    لندن: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر برطانوی حکومت نے بھی سخت اقدام اٹھا لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں بیرون ملک سے آنے والوں پر 14 دن کے قرنطینہ کی شرط عائد کر دی گئی ہے۔

    برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان سمیت تمام ممالک کو ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی، 8 جون سے برطانیہ پہنچنے والے مسافروں پر قرنطینہ کی شرط عائد ہوگی۔

    برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ مسافر برطانیہ پہنچنے پر اپنی رہائش گاہوں پر 14 دن کے لیے آئسولیٹ ہوں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق یہ سیلف آئسولیشن ہوگی۔

    برطانیہ میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا

    برٹش ایئرویز نے اپنے ٹریول پارٹنرز کو مطلع کیا ہے کہ اپنے اپنے کسٹمرز کو برطانیہ روانہ ہونے سے قبل اس سلسلے میں آگاہ کیا جائے کہ برطانیہ نے ملک میں آنے والوں کے لیے نیا ضابطہ متعارف کرا دیا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں دنیا کا دوسرا سر فہرست ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 357 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 40,261 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 83 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

  • سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں آن لائن تعلیم متعارف کرا دی، کے جی سے 5 ویں جماعت تک طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جائے گی۔

    محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیم کے لیے ایس ای ایل ڈی لرننگ نامی ایپ تیار کر لی گئی ہے۔ یہ آن لائن تعلیمی منصوبہ یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آن لائن ایپ کے ذریعے ریاضی، سائنس، انگریزی اور اردو کے مضامین پڑھائے جائیں گے، آن لائن کورس انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں دستیاب ہے، چھٹی سے 12 ویں جماعت تک آن لائن ایجوکیشن پر بھی کام جاری ہے۔

    سندھ حکومت کا سرکاری اسکولوں میں بچوں کیلئے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت چھٹی جماعت سے 12 ویں تک کے طلبہ کو آن لائن کلاسز دینے کا منصوبہ ہے، اس سلسلے میں سرکاری اسکولوں کو سیکریٹری تعلیم کی جانب سے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے آن لائن کلاسز کے سلسلے میں 75 ماسٹر ٹرینر اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے لیے تربیت دیں گے، تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز سے 17 جون تک اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے، آن لائن سیشن کے لیے آئی ٹی کے ماہرین کو بھی رکھا جا رہا ہے۔

  • 6 اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی میں کرونا وائرس کی تصدیق

    6 اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی میں کرونا وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس اپنا پھیلاؤ سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں تک بھی پھیلا چکا ہے، 6 مزید اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چھ اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار اراکین پارلیمان کی رپورٹ پارلیمنٹ حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    جن اراکین میں کو وِڈ نائنٹین کی تصدیق ہوئی ہے ان میں رائے محمد مرتضیٰ، سبین رضوی، عبدالعزیز خان، محمد علی، بلال خان اور شاہ خالد خان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج پھر سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں نہ جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ کرونا صورت حال کے پیش نظر ورچوئل اجلاس بلایا جائے۔

    فواد چوہدری کا آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں نہ جانے کا فیصلہ

    ان کا کہنا تھا پارلیمان کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، گزشتہ ایک ہفتے میں بہت سے پارلیمنٹیریز کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں، ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، گزشتہ دنوں پارلیمنٹ ہاؤس کے 16 ملازمین وبائی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔ دو دن قبل کے پی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے جمشید الدین کاکا خیل اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت چیمہ کرونا سے انتقال کر گئے تھے۔

  • برطانیہ میں مساجد کھولنے کے لیے گائیڈ لائنز جاری

    برطانیہ میں مساجد کھولنے کے لیے گائیڈ لائنز جاری

    مانچسٹر: مسلم کونسل آف بریٹن نے 4 جولائی سے مساجد کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، کونسل نے اس سلسلے میں گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم کونسل آف بریٹن نے حکومتی احکامات کی روشنی میں مشاورت کے بعد 4 جولائی سے مساجد کھولنے کے سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    کونسل کا کہنا ہے کہ مساجد میں رضا کار سیفٹی آفیسر مقرر کیے جائیں گے جو اقدامات کا جائزہ لیں گے، مساجد میں نمازیوں کا درجہ حرارت چیک کرنے کا آلہ بھی نصب کیا جائے گا۔

    ہر شخص 2 میٹر کا فاصلہ رکھ کر نماز ادا کرے گا، مساجد میں بچوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا، نمازی گھر سے وضو کر کے اور جائے نماز لے کر آئیں گے، مسلم کونسل آف بریٹن کے مطابق گنجائش کو دیکھتے ہوئے نمازیوں کی تعداد کو محدود کیا جائے گا۔

    نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے پر ایک سے زائد جماعتیں بھی کرائی جا سکتی ہیں، مساجد پی پی ای استعمال کریں گی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا سر فہرست ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 176 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 39,904 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 81 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

  • فواد چوہدری کا ایک بار پھر پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ

    فواد چوہدری کا ایک بار پھر پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں کرونا وائرس صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی جان لے چکا ہے۔

    فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، ہم پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کر کے احتیاط کا مظاہرہ کر سکتے ہیں، کیوں کہ پارلیمنٹ کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا مؤقف تھا کہ ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیے جائیں۔

    فواد چوہدری کی اسمبلی اجلاس پر تنقید، وقت کا ضیاع قرار دے دیا

    یاد رہے کہ 11 مئی کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کئی اراکین اور عملے کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے سیاسی قیادت کو غیر ضروری خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    اگلے دن انھوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے قومی اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے وقت کا ضیاع قرار دیا، انھوں نے لکھا کہ اسمبلی کے اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو اس حوالے سے خط بھی لکھ چکا ہوں۔ ان کا مؤقف تھا کہ پہلے ماہرین سے بریفنگ لی جائے کہ کرونا ہے کیا؟

  • کراچی میں ہاتھ دھونے میں اضافے سے پانی کی قلت، واٹر بورڈ کی عجیب منطق

    کراچی میں ہاتھ دھونے میں اضافے سے پانی کی قلت، واٹر بورڈ کی عجیب منطق

    کراچی: ایم ڈی واٹر بورڈ کراچی نے شہر میں پانی کی قلت کی عجیب و غریب منطق بیان کر دی ہے، اسد اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہاتھ دھونے میں اضافے کی وجہ سے پانی زیادہ استعمال ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے پر تبصرہ کیا کہ اس وقت کراچی کے لیے 45 فی صد پانی دستیاب ہے، ہاتھ دھونے میں اضافے کے باعث پانی زیادہ استعمال ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا شروع ہوتے ہی ڈاکٹرز اور ماہرین نے عوام کو جو سب پہلی ہدایت جاری کی تھی وہ یہ تھی کہ بار بار صابن سے اپنے ہاتھ دھوئیں تاکہ کرونا وائرس ہاتھوں کے ذریعے منہ یا ناک تک نہ پہنچ سکے۔

    لاک ڈاؤن کے باعث کراچی میں پانی کی قلت کی حقیقت سے پردہ ہٹ گیا

    ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ گرمی کی شدت میں کمی سے کراچی میں پانی کی قلت میں بھی کمی آ جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے کے سلسلے میں جلد ان کی وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے ملاقات متوقع ہے، شہر میں صرف 7 ہائیڈرینٹس قانونی طور پر کام کر رہے ہیں، غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی کے لیے تفصیلات بھی دے چکا ہوں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران جب فیکٹریاں بند ہو گئی تھیں تو پاک کالونی، ریکسر، پرانا گولیمار، بلدیہ اور لیاری کے وہ علاقے جہاں برسوں سے پانی نہیں آ رہا تھا، پانی وافر مقدار میں آنا شروع ہوا۔ اے آر وائی نیوز نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ان علاقوں کے مکینوں کا پانی فیکٹریوں کو فروخت کیا جا رہا تھا۔

  • نجی تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم دے سکتے ہیں، محکمہ تعلیم سندھ

    نجی تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم دے سکتے ہیں، محکمہ تعلیم سندھ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں نجی تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ شروع کر سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کی کوئی اجازت نہیں ہوگی البتہ اگر نجی تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن شروع کرنا چاہتے ہیں تو انھیں اس کی اجازت ہوگی۔

    صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ نجی اسکولز اگر اپنے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو بلوانا چاہتے ہیں تو ان کو محکمہ صحت کی جاری کردہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

    اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے، صرف اساتذہ آن لائن تدریس کے لیے اسکول آ سکیں گے، بچوں کے والدین اسٹڈی پیک وصول کرنے اسکول جا سکیں گے، تاہم طلبہ کے اسکول آنے پر پابندی ہوگی، اور اسکول فی الحال طلبہ کو آن لائن تعلیم دیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی سال کی اکیڈمک پالیسی اور اسکولز کھولنے پر کچھ لوگوں کو تحفظات ہیں، اس کے ساتھ نجی اسکول پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے ان بچوں کو اگلے درجوں میں ترقی دینے پر بھی تحفظات رکھتے ہیں، جن کے تعلیمی نتائج اس معیار کے نہیں ہیں کہ انھیں ترقی دی جائے، اس پر نظر ثانی کے لیے ایک سب کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو تمام صورت حال کا جائزہ لے کر اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

  • کراچی میں کل سے پبلک اور آن لائن ٹرانسپورٹ سڑکوں پر آجائے گی

    کراچی میں کل سے پبلک اور آن لائن ٹرانسپورٹ سڑکوں پر آجائے گی

    کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت دے دی، آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز بھی بحال کر دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، اویس شاہ کا مذاکرات کے بعد کہنا تھا کہ کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز بھی بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کو بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کرنا پڑے گا، ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو گاڑیاں بند کر دی جائیں گی۔

    وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ تمام گاڑیوں میں اضافی مسافر نہیں بٹھائے جائیں گے، آن لائن ٹیکسی سروس میں صرف 2 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، ہنگامی صورت حال میں ٹیکسی میں مزید ایک شخص بٹھایا جا سکے گا۔

    آن لائن بس سروس کو سیٹ بائی سیٹ سروس کی اجازت ہوگی، بس میں ایئرکنڈیشن چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، جو ٹرانسپورٹر اے سی چلائے گا وہ ایک سیٹ پر ایک مسافر بٹھائے گا۔

    اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کل سے کراچی میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ شروع ہو جائے گی، ٹرانسپورٹرز کو ایس او پیز پر اعتماد میں لیا گیا ہے. انھوں نے مزید کہا کہ انٹر سٹی بس سروس کی اجازت ابھی نہیں دی جا رہی، ٹرانسپورٹرز اس سے متعلق اپنے تحفظات 15 جون تک جمع کرا سکتے ہیں۔

    ایس او پیز کے مطابق مسافر گاڑیوں میں ماسک اور سینی ٹائزر لازمی قرار دیے گئے ہیں، ماسک اور سینی ٹائزر نہ ہونے پر متعلقہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ صوبائی وزیر اویس شاہ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا نوٹیفکیشن رات تک جاری کر دیا جائے گا۔

  • دنیا بھر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑی خوش خبری

    دنیا بھر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑی خوش خبری

    لندن: عالمی ادارے آفیشل ایئرلائن گائیڈ (OAG) نے خوش خبری دی ہے کہ رواں ہفتے دنیا بھر میں 60 فضائی کمپنیاں اپنی بین الاقوامی پروازیں بحال کر دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس اور فضائی کمپنیوں کا ڈیٹا فراہم کرنے والے عالمی ادارے او اے جی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازیں بحال ہونے جا رہی ہیں، گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے تقریباً 57 لاکھ نشستیں مہیا ہوں گی۔

    او اے جی کے مطابق اس ہفتے 2 لاکھ 67 ہزار پروازیں چلیں گی، یہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 16 فی صد زیادہ ہوں گی، تاہم نشستوں کی یہ گنجائش بھی کرونا کی وبا پھیلنے سے قبل کے مقابلے میں 66 فی صد کم ہوگی۔

    خیال رہے کہ فضائی کمپنیوں کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ وہ ایس او پیز ہیں جن کے تحت یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کتنے مسافروں کی ریزرویشنز کرائی جائیں گی، او اے جی کے مطابق جون کا یہ پہلا ہفتہ اس سلسلے میں فیصلہ کن ثابت ہوگا تاہم موسم گرما کی بابت توقعات کے حوالے سے محتاط رویہ بھی اپنانا پڑے گا۔

    کرونا وائرس: فضائی کمپنیوں کی درمیانی نشست خالی چھوڑنے کی مخالفت

    ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے سلسلے میں تاحال بے یقینی کی کیفیت برقرار ہے، فضائی کمپنیاں مسافروں کا اعتماد بحال نہیں کر سکی ہیں، جس کی وجہ وہ عوامل ہیں جو فضائی کمپنیوں کے بس سے باہر ہیں۔

    دوسری طرف مشرق وسطیٰ اور وسطی امریکا میں رواں ہفتے کے دوران پروازں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب میں بھی داخلی پروازوں کی بحالی سے فضائی سفر کی گنجائش بڑھے گی، امارات ایئر کے چیئرمین کا بھی کہنا تھا کہ آیندہ ماہ سیاح دبئی آنے لگیں گے اور پروازوں میں اضافہ ہوگا۔

    بہرحال، اس سلسلے میں کرونا ویکسین کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ہی پروازوں کی حقیقی بحالی ممکن ہو سکے گی، چیئرمین امارات ایئر نے اعتراف کیا ہے کہ آیندہ مہینے فضائی کمپنیوں کے لیے بے حد مشکل ہوں گے۔