Tag: کرونا وبا

  • کرونا وائرس کی عالمگیر وبا نے 2 لاکھ انسانوں کو نگل لیا

    کرونا وائرس کی عالمگیر وبا نے 2 لاکھ انسانوں کو نگل لیا

    کراچی: انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 2 لاکھ سے زائد انسانوں کو نگل لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 29 لاکھ 21 ہزار سے زائد انسانوں کو متاثر کر دیا ہے، گزشتہ چار مہینوں سے وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے مسلسل جاری ہے اور 210 ممالک اور مختلف علاقے اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، اعداد و شمار کے ایک عالمی ادارے کے مطابق کرونا سے اموات بڑھ کر 203,289 ہو چکی ہیں۔

    کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی رنگ لا رہی ہیں، اب تک 8 لاکھ 36 ہزار سے زائد مریض وائرس سے صحت یاب چکے ہیں۔

    امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے بھی زائد اموات ہوئیں، اور مجموعی طور پر اب تک 54,265 کرونا مریض مر چکے ہیں، جب کہ 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 35 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 15 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 21,908 ہلاکتیں ہوئیں اور ڈھائی لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 26,384 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 1 لاکھ 95 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 63 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 2 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

    اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 22,902 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ فرانس میں 22,614 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

    برطانیہ بھی شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 800 سے زائد مریض مر چکے ہیں، اور وائرس اب تک 20,319 افراد کی جانیں لے چکا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 148,377 ہو گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا ہے، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی صحت یابی کا گراف نہایت کم ہے۔

    بیلجیئم میں 6,917 مریض، جرمنی میں وائرس سے 5,877 مریض، ایران میں 5,650 مریض، چین میں 4,632، نیدرلینڈز میں 4,409 افراد، برازیل میں 4,057، ترکی میں 2,706، کینیڈا میں 2,465، سوئیڈن میں 2,192، سوئٹزلینڈ میں 1,599، میکسیکو میں 1,305، آئرلینڈ میں 1,063 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی: شہر قائد کے 2 علاقوں گلشن اقبال اور کلفٹن میں 2 سپر اسٹورز سیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے کرونا وائرس وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال اور کلفٹن میں قائم دو سپر اسٹورز سیل کر دیے۔

    دونوں سپر اسٹورز سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی پر سیل کیے گئے، سپر اسٹورز کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی ہدایات کو بالکل نظر انداز کیا، گلشن اقبال میں سپر اسٹور اس ماہ دوسری بار سیل کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان سپر اسٹورز پر عوام کا رش لگا رہتا تھا، تاہم ان کے علاوہ کراچی کی دیگر مارکیٹوں میں بھی سندھ حکومت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، رش کی صورت حال ہر جگہ دکھائی دیتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے جوڑیا بازار میں بھی ہر وقت لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے تاہم سندھ حکومت نے ابھی تک وہاں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کو تمام مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ آج بھی صوبہ سندھ میں کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔

  • پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کیے جا رہے تھے، قومی کے بعد صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹرینرز فٹنس ٹیسٹ رپورٹس شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر کو بھجوائیں گے، ٹرینرز اور صوبائی کوچز نے محدود مواقع کے باوجود کھلاڑیوں کے فٹنس پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار ہے، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفراز احمد کا فٹنس لیول بہترین ہے، اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس کا فٹنس لیول بھی عمدہ قرار دیا گیا ہے جب کہ عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کی فٹنس میں بہتری نظر آئی۔

    قومی کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک نے آن لائن ایپ کے ذریعے ٹیسٹ کی نگرانی کی، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور جمپنگ کرنا تھی۔

    یاسر شاہ، عابد علی اور شاہین آفریدی نے آیندہ ہفتے ٹیسٹ کی درخواست کی تھی، ٹیم انتظامیہ نے تینوں کھلاڑیوں کی درخواست قبول کر لی تھی، جس پر ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آیندہ ہفتے ہوں گے۔

  • سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ میں آج کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا صورت حال سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج 298 نئے کیسز آئے ہیں، جس سے صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا کے باعث آج مزید 4 مریض انتقال کر گئے، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی جو ٹوٹل مریضوں کا 1.98 فی صد ہے، جب کہ سندھ میں کل 2934 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 1871 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 640 مریض آئیسولیشن مراکز اور 423 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کے 298 کیسز، کراچی میں 202 اور 96 دیگر اضلاع میں ہیں۔ ضلع وسطی کراچی میں 29 نئے کیسز آئے، شرقی میں 25، ملیر میں 79، جنوبی کراچی میں 63 اور غربی میں 6 نئے کیسز آئے، سکھر 20، شہید بے نظیر آباد 8، لاڑکانہ 11، دادو 2، گھوٹکی اور سجاول میں ایک ایک کیسز سامنے آیا۔

    ان کا کہنا تھا تبلیغی جماعت کے 5102 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، جن میں سے 764 مثبت آئے ہیں، 17 کا نتیجہ آنا باقی ہے، مجموعی کیسز میں تبلیغی جماعت کے 10 نئے کیسز شامل ہوئے ہیں۔

  • جنوبی وزیرستان میں صحت یاب ہونے پر کرونا مریض کا والہانہ رقص

    جنوبی وزیرستان میں صحت یاب ہونے پر کرونا مریض کا والہانہ رقص

    وانا: ڈی ایچ کیو وانا میں زیر علاج کو وِڈ نائنٹین کا مریض صحت یاب ہو گیا، گھر جاتے ہوئے معمر مریض نے والہانہ رقص شروع کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کا جتنا خوف ہے اس سے صحت یاب ہونے کی خوشی بھی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے جس کا مظاہرہ خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی کے رہایشی موسم خان نے روایتی رقص اتنڑ کے ذریعے کیا۔

    تبلیغی جماعت سے وابستہ موسم خان کو کرونا وائرس کی علامات کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا میں قائم قرنطینہ مرکز منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ کرونا پازیٹو آیا جس کے بعد انھیں مکمل آئیسولیشن میں رکھا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی کا رہایشی موسم خان قرنطینہ مرکز سے باہر آتے ہوئے

    آئسولیشن پیریڈ مکمل کرنے کے بعد آج موسم خان کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آ گیا اور انھیں صحت یاب قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دی گئی، وہ قرنطینہ مرکز سے نکل کر گھر جانے لگے تو کھلی ہوا میں سانس لیتے ہوئے خوشی کے مارے روایتی قبائلی رقص اتنڑ شروع کر دیا، تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے گلے میں دولھے کی طرح پھولوں کا ہار بھی پڑا ہوا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز کرونا وائرس سے متاثرہ موسم خان کی صحت یابی پر گفتگو کرتے ہوئے

    موسم خان کو رقص کرتے دیکھ کر ان کے ساتھ موجود محکمہ صحت کے اہل کار بھی اتنڑ میں شامل ہو گئے، اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز نے کرونا وائرس سے متاثرہ موسم خان کی صحت یابی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو وانا کے ڈاکٹر انتہائی قابل ہیں جو کرونا مریض کا علاج کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ قرنطینہ مرکز وانا کے تمام اسٹاف کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں جن کی محنت سے آج موسم خان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، حکومتی احکامات پر عمل کر کے کرونا کو شکست دی جا سکتی ہے۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن 32 ویں روز بھی جاری ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ڈبل سواری پر پابندی سے کوئی مستثنیٰ نہیں، پولیس حکام نے اہل کار و افسران کو بھی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس حکام نے اپنے اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ ان کے لیے شٹل سروس شروع کر دی گئی ہے، یہ سروس ساؤتھ، ایسٹ، سینٹرل اور ملیر میں جاری ہے، ویسٹ زون کے اہل کاروں کو بھی پک اینڈ ڈراپ سروس دی جار ہی ہے، اہل کاروں کو تھانوں اور دفاتر کے قریب چھوڑا جا رہا ہے۔

    ادھر کراچی شہر میں ایکسپورٹ سیکٹر کی مختلف صنعتوں کو کھلنے اور جزوی کاروبار کی اجازت دی گئی ہے، فیکٹریز کے لیے سخت ایس او پیز جاری کی گئی ہیں، ملازمین کو حفاظتی اقدامات کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

    شہریوں کے لیے بھی ڈبل سواری پر پابندی برقرار ہے، تمام استثنیٰ اور رعایت ختم کی جا چکی ہے، تعلیمی ادارے، سرکاری دفاتر، مارکیٹیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، پٹرول پمپس، دواؤں اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں اوقات مقررہ میں کاروبار کر سکتی ہیں۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی ہے، شہریوں کو پوچھ گچھ کے بعد آمد و رفت کی اجازت دی جا رہی ہے، تاہم چند علاقوں میں ناکوں پر آزادانہ آمد و رفت بھی جاری ہے۔

    تاجروں کے ایک دھڑے نے یکم رمضان سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم حکومت سندھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، گزشتہ روز آئرن اور ٹمبر مارکیٹس کھلنے پر پولیس نے تاجروں پر تشدد بھی کیا تھا اور چند نمایاں تاجروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر کے انھیں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • کرونا وائرس امریکا کب پہنچا؟ نیا انکشاف

    کرونا وائرس امریکا کب پہنچا؟ نیا انکشاف

    کیلی فورنیا: امریکا کے مقامی صحت حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس بتائے ہوئے وقت سے بھی پہلے امریکا پہنچ چکا تھا، تاہم اسے محض فلو سمجھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانتا کلارا کاؤنٹی کے ہیلتھ آفیشلز نے بتایا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین بتائے ہوئے وقت سے کئی ہفتے قبل جنوری ہی میں کیلی فورنیا میں گردش کر رہا تھا، اور اس سے ہونے والی اموات کے بارے میں یہ غلط فہمی تھی کہ ان کی وجہ فلو ہے۔

    امریکی کاؤنٹی کی افسر سارا کوڈی نے میڈیا کو بتایا کہ 6 فروری کو ایک 57 سالہ خاتون کی کرونا وائرس سے موت ہو گئی تھی، اس سے قبل امریکا میں کرونا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی تھی، امریکا میں جو پہلی موت بتائی گئی ہے وہ 29 فروری کو واشنگٹن میں ہوئی تھی، مریض کو وِڈ نائنٹین کی وجہ سے سانس کی نالی کی بیماری میں مبتلا تھا۔

    ان خبروں کے بعد کیلی فورنیا کے صحت حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو سمجھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ روز کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے تمام 58 کاؤنٹیز کے میڈیکل ایگزامنرز کو ہدایت جاری کی تھی کہ دسمبر 2019 میں ہونے والی اموات سے متعلق بھی تحقیق کی جائے تاکہ معلوم ہو کہ کہیں کرونا وائرس سے اموات اس سے بھی قبل تو واقع نہیں ہوئیں۔

    سانتا کلارا کاؤنٹی کی پبلک ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سارا کوڈی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے

    کیلی فورنیا کی خاتون کی موت اور دیگر دو کیسز، ایک 69 سالہ شخص جو 17 فروری کو اور 70 سالہ ایک اور شخص جو 16 مارچ کو مرا تھا، کے بارے میں CDC نے اب ٹشو سیمپلز کے ٹیسٹ سے تصدیق کر دی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے ہوئی تھیں۔ سارا کوڈی کا کہنا تھا کہ کاؤنٹی میں اس انکشاف سے قبل پہلے مقامی کیس کی نشان دہی 28 فروری کو کی گئی تھی، تاہم جن تین مریضوں کی موت ہوئی تھی ان میں سے کسی نے سفر نہیں کیا تھا۔

    سارا کوڈی نے کہا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم جو سمجھ رہے تھے، اس سے بھی پہلے کرونا وائرس ہماری کمیونٹی میں بہت تیزی سے پھیل چکا تھا، اس وقت چوں کہ فلو کا سیزن چل رہا تھا اس لیے ان کیسز کو بھی انفلوئنزا سمجھا گیا۔ مذکورہ تین کیسز کی نشان دہی اس لیے ہوئی کیوں کہ میڈیکل ایگزامنرز ان کی موت کی وجہ سے مطمئن نہیں ہو سکے تھے، اس وقت کرونا وائرس کا ٹیسٹ دستیاب نہیں تھا اس لیے انھوں نے ان کی میتوں سے ٹشوز محفوظ کر کے سی ڈی سی بھجوائے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 47,681 ہو گئی ہے، جب کہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 49 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ کیلی فورنیا میں وائرس اب تک 1,437 جانیں لے چکا ہے۔

  • ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    کراچی: فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل ایدھی بھی کرونا وائرس کی وبا کا شکار ہو گئے ہیں، انھوں نے احتیاطاً کرونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے۔ ادھر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وبا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم کو ٹیسٹ کروانے کی رائے دوں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے رابطہ کرنے پر فیصل ایدھی نے ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کر دی، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اس وقت اسلام آباد میں ہیں، محکمہ صحت سندھ نے بھی کہا ہے کہ فیصل ایدھی کی کرونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔

    فیصل ایدھی کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا، ان کا کرونا ٹیسٹ 2 روز پہلے کرایا گیا تھا، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فیصل ایدھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

    ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن قبل فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، دو روز قبل انھوں نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔

    ادھر فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے فون پر اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ کراچی سے ہم تین لوگ اسلام آباد آئے تھے، ہماری ملاقات صرف عمران خان سے ہوئی ہے، ہم تینوں افراد اس وقت آئسولیٹ ہو گئے ہیں، جن میں میرے والد فیصل ایدھی، میں اور ہمارا ڈرائیور حنیف چینا شامل ہیں، ہمارے خاندان کے باقی افراد کراچی میں ہیں۔

  • کراچی، لاہور میں لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر کارروائیاں

    کراچی، لاہور میں لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر کارروائیاں

    کراچی: شہر قائد اور پنجاب کے شہر لاہور میں لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں 124 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ ڈبل سواری پابندی کی خلاف ورزی پر سینٹرل کے 2 پولیس اہل کاروں اور ساؤتھ کے ایک اہل کار پر بھی چالان کیا گیا ہے، مختلف ڈسٹرکٹس میں 57 مقدمات درج کیے گئے۔

    کراچی ڈبل سواری پر پابندی، محافظوں نے قانون کو پیروں تلے روند دیا، شہریوں‌ کے چالان

    ایڈیشنل آئی جی کے مطابق یہ کارروائیاں ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زون میں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 3 ہزار 284 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں، 3 ہزار 205 شہریوں کو وارننگ دے کر چھوڑا گیا۔

    لاہور میں بھی شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے پولیس کے اقدامات جاری ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز بابر سعید کا کہنا تھا کہ 28 دن میں 2057 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، ایک لاکھ 75 ہزار 712 شہریوں کو روکا گیا اور ان سے باہر نکلنے کی وجہ دریافت کی گئی، ایک لاکھ 65 ہزار 227 شہریوں کو وارننگ دے کر واپس بھیجا گیا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 54 ہزار 256 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 6524 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو خلاف ورزی پر بند کیا گیا، 4263 افراد سے دوبارہ غیر ضروری نہ نکلنے کے ضمانتی مچلکے لیے گئے۔

  • جرمنی، آسٹریلیا، کوریا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    جرمنی، آسٹریلیا، کوریا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    کراچی: قومی ایئر لائن نے جرمنی، آسٹریلیا اور کوریا میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کا شیڈول ترتیب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آسٹریلیا اور کوریا کے شہر سیئول کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی، جرمنی کے لیے بھی خصوصی پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    پی آئی اے کی خصوصی پروازیں 23، 24 اور 25 اپریل کے درمیان اسلام آباد سے روانہ ہوں گی، قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز پی کے 8962 اسلام آباد سے میلبرن کے لیے روانہ ہوگی، جو آسٹریلیا میں محصور 200 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر پاکستان آئے گی۔

    پی آئی اے نے برطانیہ کا آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے لیے خصوصی پرواز پی کے 8749 بھجوائی جائے گی جو جرمنی محصور 2500 سے زائد ہم وطنوں کو فرینکفرٹ سے واپس لے کر اسلام آباد آئے گی۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز ساؤتھ کوریا کے شہر سیئول سے 200 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی،

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد پرواز کا شیڈول جاری کیا جائے گا، دریں اثنا، ایئر لائن نے آسٹریلیا، سیئول اور جرمنی کے لیے پلاننگ شروع کر دی ہے، ان پروازوں کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔

    ادھر امریکا میں پھنسے 750 پاکستانیوں کو وطن واپس لے جانے کی اجازت مل گئی ہے، ذرایع کے مطابق امریکی حکام نے ان پاکستانیوں کو واپس لے جانے کے لیے خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ متعدد ایئر لائنز کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس بھیجنے کے امکانات پر غور کر رہا ہے، قطر ایئر ویز کے ساتھ بھی خصوصی پرواز کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    دوسری طرف پی آئی اے کا کینیڈا کے لیے خصوصی پروازوں کا آپریشن بھی جاری ہے، خصوصی پرواز 300 سے زائد کینیڈین شہری اور مسافروں کو لے کر ٹورنٹو روانہ ہو چکی ہے، پرواز کی روانگی سے قبل تمام مسافروں کو مکمل سینیٹائز کیا گیا، پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو ماسک بھی فراہم کیے گئے۔