Tag: کرونا ویکسینیشن

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے کا انجام

    سعودی عرب: توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے کا انجام

    ریاض: سعودی عرب میں توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جعل سازی میں سرکاری اہل کار بھی شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ میں رشوت لے کر اسٹیٹس تبدیل کرنے کے الزام میں ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں سمیت متعدد ایجنٹس اور جعل سازی میں ملوث شہریوں و غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے جعل سازی کے ایک اشتہار کے بعد کارروائی کی تھی، جس میں رقم کے عوض ’توکلنا‘ ایپ پر کرونا کے حوالے سے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی پیش کش کی گئی تھی۔

    گرفتار جعل سازوں میں مشرقی ریجن کے ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں کے علاوہ 6 سعودی شہری،3 یمنی جب کہ ایک شامی باشندہ شامل ہیں، ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کر کے انھیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ جعل ساز توکلنا ایپ پر کرونا ویکسین کے حوالے سے اسٹیٹس کو تبدیل کر دیتے تھے، جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ مذکورہ شخص کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، بتایا گیا ہے کہ جعل سازی میں ملوث ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں میں سے ایک ملزم ویکسینیشن سینٹر کا ملازم تھا۔

  • کویت: ممنوعہ ممالک کے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت: ممنوعہ ممالک کے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت سٹی: ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے لیے غیر ملکیوں کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزارنے سے استثنیٰ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی حکام نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کرنے والے تارکین وطن براہ راست سفر کر کے اب کویت آ سکتے ہیں، قرنطینہ کے لیے کسی تیسرے ملک میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    کویت کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے روزنامہ القبس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست سے ممنوعہ ممالک سے واپس آنے والے ویکسینیٹڈ تارکینِ وطن پر ملک میں داخلے سے قبل کسی تیسرے ملک میں دو ہفتے گزارنے کا قانون اب لاگو نہیں ہوگا۔

    کویت میں نئی پابندی عائد

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون ماضی کے فیصلوں کا حصہ ہے، تاہم اب تارکین وطن براہ راست پروازوں سے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں، تاہم ملک میں داخلے سے قبل تارکین وطن کو کویت میں منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی بھی ایک لینی ہوگی۔

    دیگر طے شدہ شرائط کے مطابق کویت میں آمد سے قبل غیر ملکی 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی رپورٹ پیش کریں گے، تاہم کویت میں داخل ہونے والے تارکینِ وطن کو آمد کے بعد گھریلو قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہوگی۔

    گھریلو قرنطینہ کے دوران دوسرا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا، جس کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں گھریلو قرنطینہ ختم ہو جائے گا۔

    کویت وزرا کونسل اس سلسلے میں بھی جلد فیصلہ کرے گی کہ ملک میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے آنے والے خاندانوں میں چھوٹے بچوں کو ویکسینیشن سے مستثنیٰ کیا جائے یا ویکسین کی شرط لازمی قرار دی جائے۔

  • ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم بلاک کر دیا جائے گا، فیصلہ آ گیا

    ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم بلاک کر دیا جائے گا، فیصلہ آ گیا

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کرونا وبا کے تدارک، اور ویکسینیشن عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے، ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں آج وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت کرونا صورت حال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے، اور ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد برھانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 فی صد آبادی کی ویکسینیشن والے اضلاع میں کاروبار کھول دیے جائیں گے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کرونا ویکسین کا ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام

    12 جون سے پنجاب میں 18 سال کی عمر سے زائد افراد کی واک ان ویکسینیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

    اجلاس میں سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں میں اضافہ و دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز اور انفیکشن سے اموات میں واضح کمی پر سیکریٹریز صحت کی تعریف کی گئی۔

    صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، حکومت کرونا کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کرونا کے مثبت کیسز میں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کو جاتا ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا ہفتے سے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسینیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، ویکسینیشن کے عمل کو بھرپور طور سے کامیاب بنایا جائے گا۔

  • سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    اسلام آباد: پاکستان میں سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 30 جون تک پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر تمام ملازمین کو ویکسینیشن یقینی بنانے کے پابند ہوں گے، اور اجلاس کے فیصلوں پر 15 جون سے اطلاق شروع ہوگا۔

    این سی او سی اجلاس میں آج بدھ کو بڑے فیصلے کیے گئے، تاجروں کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا، کاروبار ہفتے میں 2 کی بجائے ایک دن بند رکھا جائے گا، اور دن کا فیصلہ صوبے اپنی مرضی سے کریں گے۔

    کورونا پابندیوں میں نرمی ، 11جون سے 18سال سے زائدعمر والوں کی واک ان ویکسینیشن کا اعلان

    بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن بند رکھنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 کی بجائے 70 فی صد مسافر بٹھانے کی اجازت دے دی گئی، دفاتر میں سو فی صد ملازمین بلانے کی اجازت بھی دے دی گئی۔

    مزارات اور سینما ہالز پر پابندی برقرار رہےگی، 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسینیشن ہوگی، اتوار کے علاوہ تمام ویکسینیشن سینٹر صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جمعے کو بھی مراکز کھلے رہیں گے صرف اتوار کو بند ہوں گے۔

  • کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کراچی: اگر آپ نے کرونا ویکسینیشن کروالی ہے، یعنی آپ کو دونوں ڈوز لگ چکے ہیں، تو آپ نہایت آسانی سے نادرا سے اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوئی بھی ویکسین لگوانے کے بعد نادرا کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے، اس کی اہمیت یوں ہے کہ اسے آپ کو مختلف جگہوں پر پیش کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کرونا ویکسینیشن کروانے والے افراد نادرا کا یہ سرٹیفکیٹ نہایت آسانی سے آن لائن حاصل کر سکتے ہیں، اس کے لیے آپ کو نادرا کے دفتر بھی جانا نہیں پڑتا۔

    اس کے لیے آپ کو امیونائزیشن کے لیے بنائی گئی نادرا کی خصوصی ویب سائٹ پر جانا پڑے گا، جہاں آپ سے قومی شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ کا اجرا اور موبائل نمبر مانگا جائے گا، جسے پُر کر کے آپ اپنا امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دیکھ سکیں گے۔

    سب سے پہلے آپ مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر جائیں:

    https://nims.nadra.gov.pk/nims/registration

    یہاں فارم پر درکار معلومات درج کرنے کے بعد آپ کا سرٹیفکیٹ بن جائے گا، جسے نہ صرف آپ ویب سائٹ پر چیک کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں بلکہ اس کا پرنٹ آؤٹ بھی لے سکتے ہیں۔

    اس امیونائزیشن سرٹیفکیٹ میں آپ کی تاریخ پیدائش، قومی شناختی کارڈ نمبر اور قومیت لکھی ہوگی، اسی طرح آپ کو دونوں ڈوزز کس اسپتال یا ویکسینیشن سینٹر میں لگی ہیں، اس کی معلومات بھی درج ہوگی۔

    نیشنل امیونائزیشن منجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) اور نادرا کے اشتراک سے کرونا ویکسینیشن کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد اپنا ڈیٹا اوپر دیے گئے لنک سے چیک کر سکتے ہیں۔

    امیونائزیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے، جو افراد آن لائن فیس جمع نہیں کرا سکتے وہ نادرا دفاتر سے جا کر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

  • کراچی ایکسپو سینٹر میں عام شہریوں کے لیے کرونا ویکسی نیشن آج سے شروع

    کراچی ایکسپو سینٹر میں عام شہریوں کے لیے کرونا ویکسی نیشن آج سے شروع

    کراچی: شہر قائد میں ایکسپو سینٹر میں عام شہریوں کے لیے کرونا ویکسی نیشن آج سے شروع ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ویکسینیشن کے عمل میں بھی تیزی آ گئی ہے، ایکسپو سینٹر میں کرونا ویکسی نیشن عام شہریوں کے لیے آج سے شروع ہوگی۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سینٹر میں 100 بوتھ بنائے گئے ہیں، سینٹر میں 30 ہزار افراد کی یومیہ ویکسی نیش کی جا سکے گی، اسی سینٹر میں سرکاری اداروں کے ملازمین کی ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے۔

    ڈائریکٹر نرسنگ اسکول کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر میں 400 تربیت یافتہ نرسنگ اسٹوڈنٹس تعینات ہیں۔

    پاکستان کا سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر کراچی میں قائم

    دوسری طرف شہر کے نجی اسپتالوں میں بھی مفت ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو رہا ہے، او ایم آئی اسپتال میں مفت ویکسین کی سہولت کا آغاز آج سے ہو جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم یہ پاکستان کا سب سے بڑا ویکسی نیشن مرکز ہے، اس میگا سینٹر میں ویکسین لگانے کا عمل بلا تعطل 24 گھنٹے جاری رہے گا۔

    عید کے 3 دنوں کے علاوہ شہر بھر میں ویکسی نیشن سینٹر کھلے رہیں گے، ‏سندھ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ کرونا ویکسی نیشن سینٹرز 13 سے 15 مئی تک بند رہیں گے۔

  • ماس ویکسی نیشن سینٹرز کے لیے وفاقی اسپتالوں سے عملہ طلب

    ماس ویکسی نیشن سینٹرز کے لیے وفاقی اسپتالوں سے عملہ طلب

    اسلام آباد: وزارت صحت نے ماس ویکسی نیشن سینٹرز کے لیے اسپتالوں سے عملہ مانگ لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وبا کی تیسری لہر کے دوران 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ماس ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں 15 شہروں میں مراکز کل سے فعال ہوں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ماس ویکسی نیشن سینٹرز کرونا کے حساس شہروں میں قائم کیے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں بھی ماس ویکسی نیشن سینٹر کے قیام کی تیاریاں جاری ہیں، اور یہاں مرکز آئیسولیشن اسپتال میں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ماس ویکسی نیشن سینٹرز میں یومیہ 4 ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہوگی، ویکسی نیشن مراکز میں 40 کاؤنٹر، 9 آبزرویشن بیڈز دستیاب ہوں گے، جب کہ اسلام آباد ماس ویکسی نیشن سینٹر میں 18 بڑے، 12 چھوٹے کمرے ہوں گے۔

    اسلام آباد ماس ویکسی نیشن سینٹر میں 3 ڈاکٹرز، 6 نرسز ڈیوٹی کریں گے، مرکز میں 40 ویکسینیٹرز، اور 14 ڈیٹا آپریٹرز بھی ڈیوٹی کریں گے۔

    حکومت کا شہریوں کی کرونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزارت صحت نے اسپتالوں سے عملہ مانگ لیا ہے، اور وفاقی اسپتالوں اور سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کو مراسلہ ارسال کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ماس ویکسی نیشن سینٹرز میں 60 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

  • 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی کرونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا

    60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی کرونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی کرونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں معمر شہریوں کی کرونا ویکسی نیشن شروع ہو گئی، تاہم ویکسی نیشن سینٹرز میں آج پہلے روز بزرگ شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

    وزارت قومی صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں 15 ویکسی نیشن سینٹرز قائم ہیں، اور آج پہلے روز کے لیے 500 شہری رجسٹرڈ ہیں، اب تک پہلے روز 188 شہریوں کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

    وزارت صحت نے بتایا کہ وقت کی پابندی نہ کرنے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، نادرا کے میسج پر درج وقت کی پابندی سے بہ آسانی ویکسی نیشن کی جا سکتی ہے۔

    وزارت قومی صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو چین کی سائنو فام ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 65 سال کی عمر سے زائد افراد کو ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرانے کا کہا گیا تھا، ان شاء اللہ کل سے لوگوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق کرونا ویکسی نیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، جس میں سینئر سٹیزنز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے، سینئر سٹیزنز کو ویکسین کے لیے ایس ایم ایس بھیجا جا رہا ہے۔

  • سعودی عرب: ویکسی نیشن کے بعد ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کب تک؟

    سعودی عرب: ویکسی نیشن کے بعد ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کب تک؟

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کے بعد بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت کے سیکریٹری ڈاکٹر ہانی جوخدار کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے مقرر کیے جانے والے ضوابط پر عمل آئندہ برس جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    انھوں نے ویکسی نیشن کے حوالے سے کہا کہ میں یہ نہیں سمجھتا کہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول پر عمل جون 2021 سے قبل ختم کیا جا سکتا ہے۔

    امور صحت کے سیکریٹری نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مملکت میں شروع کی جانے والی ویکسی نیشن کی یہ مہم تاریخ میں سب سے بڑی مہم ہے، یہ مملکت ہی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ میں سب سے بڑی مہم ہے۔

    ان کا کہنا تھا ویکسی نیشن کی مہم کامیاب ہونے یعنی مملکت کی 50 سے 60 فی صد آبادی کو ویکسین لگائے جانے کی صورت میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہم ایس او پیز میں نرمی کر دیں تاہم اس کے لیے کافی وقت درکار ہوگا۔

    انھوں نے بتایا آئندہ ماہ جنوری میں مملکت کے بیش تر شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز کام کرنا شروع کر دیں گے، جن میں یومیہ 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائے جانے کی گنجائش ہوگی۔

  • عمان میں کرونا ویکسین مہم کا آغاز کب سے ہوگا؟

    عمان میں کرونا ویکسین مہم کا آغاز کب سے ہوگا؟

    مسقط: سلطنت عمان میں کل اتوار سے کرونا ویکسین مہم کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کل سے سلطنت میں ویکسین مہم کا آغاز ہو رہا ہے، یہ مہم دو مراحل پر مشتمل ہوگی۔

    پہلے مرحلے میں معمر افراد، کرونا کے مریضوں سے براہ راست معاملہ کرنے والا طبی عملہ اور وبا کے زیادہ شکار ہونے والے افراد شامل ہوں گے۔ عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک کی 20 فی صد آبادی کو ویکسین دی جائے گی۔

    وزارت کے مطابق کرونا ویکسی نیشن کے دوسرے مرحلے میں تمام رہائشیوں کو ویکسین مہم میں شامل کر کے ڈوز دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ عمان پہنچ چکی ہے جس میں وزارت صحت کے مطابق 15600 انجیکشن موجود تھے، جب کہ دوسری کھیپ جنوری میں پہنچے گی جس میں 28 ہزار انجیکشن شامل ہوں گے۔

    عمان: مریضوں میں نئے کرونا وائرس کا شبہ

    واضح رہے کہ سلطنت عمان میں گزشتہ ہفتے چند مریضوں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کا شبہ سامنے آیا تھا، صحت حکام کا کہنا تھا کہ 4 ایسے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جنھیں کرونا وائرس کی نئی قسم لاحق ہونے کا شبہ ہے۔

    عمان کے وزیر صحت احمد بن محمد السعیدی نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ مذکورہ شہری برطانیہ سے آئے ہیں، کو وِڈ 19 کے شبہے کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔