Tag: کرونا ویکسین

  • ایران میں مقامی تیار کردہ ویکسین کو استعمال کی اجازت مل گئی

    ایران میں مقامی تیار کردہ ویکسین کو استعمال کی اجازت مل گئی

    تہران: ایرانی محکمہ صحت نے مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف مقامی طور پر تیار کر دہ ویکسین ’کوو ایران برکت‘ (COVIran) کے ملک میں ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ دیگر مقامی ویکسینز پاستور اور راضی پارس سمیت فخرہ نامی ویکسینز کو بھی جلد ہی استعمال کا اجازت نامہ مل جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایران نے کوو ایران نامی ویکسین کا پہلی بار انسان پر ٹیسٹ 29 دسمبر کو کیا تھا، جس کے مثبت نتائے سامنے آئے تھے، اس ویکسین کی پہلی خوراک سائنسی ادارے کے سربراہ محمد مخبر کی بیٹی طیبہ مخبر کو رضا کارانہ طور پر لگائی گئی تھی۔

    کوو ایران پہلی کرونا ویکسین ہے جسے ایرانی محققین نے تیار کیا ہے، اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز 29 مارچ کو ہوا تھا، جب کہ 22 جون سے اس ویکسین کی نئی کھیپ کی تیاری کا آغاز ہوگا، اور ماہانہ ایک کروڑ دس لاکھ ڈوز تیار کی جائیں گی۔

    ویکسین کی کلینکل اسٹڈیز کے ڈائریکٹر سید رضا مظہری کا کہنا ہے کہ 22 مئی سے ویکسین کی جس کھیپ کی پروڈکشن شروع کی گئی تھی اس میں اب تک 30 لاکھ ڈوز تیار کی جا چکی ہیں۔

    تہران اور کرج میں ساڑھے دس ہزار رضاکاروں کو اس ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے، اور اگلے ہفتے بوشہر، مشہد، شیراز اور اصفہان میں بھی ساڑھے نو ہزار رضاکاروں کو اس کی پہلی ڈوز دی جائے گی۔

  • چین نے بچوں کے لیے سائنوویک اور سائنوفارم ویکسینز کی منظوری دے دی

    چین نے بچوں کے لیے سائنوویک اور سائنوفارم ویکسینز کی منظوری دے دی

    بیجنگ: چین میں بچوں کے لیے سائنوویک اور سائنوفارم ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پہلی بار بچوں کو بھی کرونا ویکسین مہم میں شامل کر لیا ہے، 3 سے 17 سال عمر کے افراد کے لیے ملکی ساختہ کو وِڈ-19 ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

    امراض پر قابو پانے اور روک تھام کے چینی مرکز کے ماہر شاؤ یی منگ نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ فی الحال ملک میں بڑے پیمانے پر جاری ویکسینیشن مہم میں بنیادی طور پر 18 سال سے زیادہ عمر کے بالغ افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ اب تک ملک بھر میں شہریوں کو 80 کروڑ سے زیادہ ویکسین ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔

    چین کی سائنو فارم ویکسین کتنی موثر؟

    شاؤ کا کہنا تھا کہ چینی کرونا ویکسینز محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں، اور اس بات کا ثبوت ملک بھر میں جاری بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم ہے۔

    لاطینی ملک میں سائنو ویک کرونا ویکسین انتہائی مؤثر ثابت

    انھوں نے کہا چین کے ادویہ ساز اداروں کی تیار کردہ سائنوفارم اور سائنوویک ویکسینز طبی آزمائش اور ماہرین کے جائزے میں 3 سے 17 سال عمر کے افراد کے لیے بھی محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

  • جی 7 گروپ ویکسینز کا عطیہ کرنے پر رضامند ہو جائے گا، بورس جانسن کو امید

    جی 7 گروپ ویکسینز کا عطیہ کرنے پر رضامند ہو جائے گا، بورس جانسن کو امید

    لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے امید ظاہر کی ہے کہ امیر جمہوری ممالک کا گروپ ’جی سیون‘ غریب ممالک کو ایک ارب کرونا ویکسینز کا عطیہ کرنے پر رضامند ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے توقع ظاہر کی ہے کہ جی سیون ممالک دنیا کے ترقی پذیر ملکوں کو کرونا ویکسین کی ایک ارب ویکسینز عطیہ کرنے پر رضا مند ہو جائیں گے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن کے ویکسین عطیہ کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد بورس جانسن نے بھی اعلان کیا کہ برطانیہ ویکسین کی 10 کروڑ اضافی ڈوز عطیہ کرے گا۔

    خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم اس سے قبل جی سیون ممالک کی قیادت سے اپیل کر چکے ہیں کہ وعدہ کریں کہ 2022 کے آخر تک پوری دنیا کو ویکسین لگ جائے، انھوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ گروپ برطانیہ میں ہونے والی سہ روزہ کانفرنس کے دوران ایک ارب ڈوزز عطیہ کرے گا۔

    دوسری طرف ویکسین کے حوالے سے مہم چلانے والے کچھ گروپس اس منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سمندر میں قطرے سے تشبیہ دے رہے ہیں۔ آکسفیم کا کہنا ہے کہ دنیا کی 4 ارب آبادی کا انحصار کوویکس کی طرف سے دی جانے والی ویکسین پر ہے۔

    بورس جانسن نے جمعے کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ کی ویکسین مہم کی کامیابی کے بعد ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ اضافی ویکسین ان کے ساتھ شیئر کریں جنھیں اس کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ جی سیون ممالک میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔ امریکا اپنی 64 فی صد آبادی کو کرونا ویکسین لگا چکا ہے، جب کہ برطانیہ نے 77 فی صد لوگوں کو ویکسین لگا دی ہے۔

  • ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم بلاک کر دیا جائے گا، فیصلہ آ گیا

    ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم بلاک کر دیا جائے گا، فیصلہ آ گیا

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کرونا وبا کے تدارک، اور ویکسینیشن عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے، ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں آج وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت کرونا صورت حال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے، اور ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد برھانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 فی صد آبادی کی ویکسینیشن والے اضلاع میں کاروبار کھول دیے جائیں گے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کرونا ویکسین کا ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام

    12 جون سے پنجاب میں 18 سال کی عمر سے زائد افراد کی واک ان ویکسینیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

    اجلاس میں سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں میں اضافہ و دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز اور انفیکشن سے اموات میں واضح کمی پر سیکریٹریز صحت کی تعریف کی گئی۔

    صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، حکومت کرونا کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کرونا کے مثبت کیسز میں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کو جاتا ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا ہفتے سے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسینیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، ویکسینیشن کے عمل کو بھرپور طور سے کامیاب بنایا جائے گا۔

  • لاطینی ملک میں سائنو ویک کرونا ویکسین انتہائی مؤثر ثابت

    لاطینی ملک میں سائنو ویک کرونا ویکسین انتہائی مؤثر ثابت

    مونٹی ویڈیو: جنوبی امریکی ملک یوراگوئے نے منگل کو ایسا حقیقی ڈیٹا پیش کر دیا ہے جو چینی کرونا ویکسین سائنو ویک اور امریکی و جرمن کمپنیوں فائزر، بائیو این ٹیک کی ویکسین کے شان دار اثرات پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوراگوئے نے سائنو ویک کی کرونا ویکسین سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین ان کے لوگوں میں شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں اور اموات کو روکنے میں 90 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

    ڈیٹا کے مطابق چینی ویکسین کے ٹیکوں سے اموات میں 95 فی صد کمی اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں میں 92 فی صد کمی واقع ہوئی، جب کہ کرونا انفیکشنز ختم کرنے میں بھی اس نے 61 فی صد افادیت دکھائی۔

    جاری رپورٹ کے مطابق ویکسین کی افادیت کے حوالے سے اس حقیقی ڈیٹا کے حصول کے لیے ان لوگوں کا موازنہ جنھیں ویکسین نہیں لگائی گئی، ان لوگوں سے کیا گیا جنھیں ویکسین کے دونوں ڈوز دی گئیں، اور یہ موازنہ دوسری ڈوز سے کم از کم 14 دن بعد کیا گیا، ویکسین حاصل کرنے والوں میں ہیلتھ کیئر ورکرز اور عام لوگ بھی شامل تھے جن کی عمریں 18 برس سے 69 برس کے درمیان تھیں۔

    یوراگوئے حکومت نے فائزر/بائیو این ٹیک ویکسین کا بھی مطالعہ کیا، اس کے لیے 1 لاکھ 62 ہزار ہیلتھ ورکرز اور عام لوگوں کا مشاہدہ کیا گیا، جن کی عمریں 80 سال تک تھیں۔ یہ ویکسین اموات اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں کو روکنے میں 94 فی صد تک مؤثر ثابت ہوئی، اور اس کے استعمال سے انفیکشنز ہونے کی تعداد میں 78 فی صد کمی آئی۔

    سرکاری رپورٹ کے مطابق جن شہریوں کی مکمل ویکسینیشن ہوئی، ان میں مجموعی طور پر 90 فی صد سے زائد تک اموات اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں میں کمی آئی۔

    واضح رہے کہ اس چھوٹے سے لاطینی ملک کی آبادی 35 لاکھ ہے، اس نے گزشتہ برس سخت لاک ڈاؤن کے ذریعے کرونا کی وبا کو بڑی حد تک قابو میں رکھا، تاہم رواں برس کرونا کیسز میں بہت اضافہ دیکھنے میں آیا اور حالیہ ہفتوں میں یوراگوئے کرونا وائرس سے (فی دس لاکھ آبادی میں) مرنے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے سر فہرست ملکوں کی صف میں جا کھڑا ہو گیا تھا۔

    یوراگوئے میں اب تک 52 فی صد آبادی کو کرونا وائرس کی ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے، جب کہ ویکسینز میں سائنو ویک، فائزر بائیو این ٹیک، اور آسٹرا زینیکا شامل ہیں، جو کہ اس ملک کو کوویکس کے ذریعے ملی تھیں۔ اب تک صرف 29 فی صد آبادی کی مکمل ویکسینیشن ہوئی ہے۔

  • کون سی ویکسینز کرونا وائرس کا خطرہ 91 فی صد تک کم کر دیتی ہے؟

    کون سی ویکسینز کرونا وائرس کا خطرہ 91 فی صد تک کم کر دیتی ہے؟

    واشنگٹن: امریکی محققین کا کہنا ہے کہ ایم آر این اے ویکسینز مکمل ویکسی نیشن کروانے والوں میں کرونا وائرس کا خطرہ بہت کم کر دیتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک نئی ریسرچ اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ Messenger RNA (mRNA) ویکسینز کو وِڈ 19 کا خطرہ 91 فی صد تک کم کر دیتی ہیں، جب کہ امریکا میں ایف ڈی اے نے ایم آر این اے کی 2 ویکسینز منظور کی ہیں۔

    ایف ڈی اے کی جانب سے کرونا وائرس کی منظور شدہ 2 ویکسینز میں فائزر – بائیو این ٹیک اور موڈرنا ویکسینز شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں امریکی ادارے سی ڈی سی نے تحقیق شائع کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایم آر این اے ویکسینیشن ان لوگوں کو فائدہ پہنچاتی ہے جو مکمل طور پر یا جزوی طور پر ویکسینیشن کے باوجود کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیشن کا مطلب دوسری خوراک کے 14 یا زیادہ دن بعد کوئی شخص وائرس کا شکار ہوا، اور جزوی ویکسینیشن کا مطلب پہلی خوراک کے 14 یا زیادہ دن سے لے کر دوسری خوراک کے بعد 13 روز تک ہوتا ہے۔

    اس تحقیق میں طبی کارکنوں، اور ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو کرونا وائرس کا شکار ہونے کا زیادہ امکان رکھتے تھے، ان کا 4 ہفتے تک مطالعہ کیا گیا اور پھر ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

  • کویت: آسٹرا زینیکا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق اہم اعلان

    کویت: آسٹرا زینیکا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق اہم اعلان

    کویت: کویت کی وزارت صحت نے آسٹرا زینیکا، آکسفورڈ ویکسین کی دوسری خوراک کا انتظار کرنے والے افراد کی ویکسی نیشن جلد مکمل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کویت کی وزارت کے مطابق کویت کو آسٹرا زینیکا آکسفورڈ ویکسین کی کھیپ اگلے دس دنوں میں ملنے کی توقع ہے، جس کے بعد دوسری خوراک کا انتظار کرنے والے افراد کی ویکسی نیشن کا عمل جلد مکمل کر دیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے بتایا کہ مذکورہ ویکسین کی دوسری خوراک کا انتظار کرنے والے ہر شخص کو 10 دن کے اندر متوقع کھیپ ملنے کے بعد دوسری خوراک دے دی جائے گی۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا ویکسینیشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے 30 مراکز آپریٹ کیے جائیں گے۔

    شیخ باسل کا کہنا تھا کہ صحت کی صورت حال میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹرا زینیکا ویکسین کی آمد میں تاخیر کے سبب نہ صرف کویت بلکہ تمام خلیجی ممالک کو نقصان پہنچا ہے۔

    وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے اعلان کیا کہ کویت نے موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسینز درآمد کرنے کا بھی معاہدہ کر لیا ہے۔

  • چین میں کرونا کی کتنی ویکسینز پر تجربات جاری ہیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    چین میں کرونا کی کتنی ویکسینز پر تجربات جاری ہیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بیجنگ: مہلک کرونا وائرس کی وبا سے لڑنے میں چین سب سے آگے رہا ہے، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ چین میں اس وقت سب سے زیادہ کرونا وائرس ویکسینز پر تجربات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی 21 ویکسینز طبی تجربات کے مراحل میں داخل ہوئی ہیں، جن میں سے 4 ویکسینز کو مشروط طور پر مارکیٹنگ کی منظوری دی جا چکی ہے۔

    چین کے قومی صحت کمیشن (این ایچ سی) کے نائب سربراہ زینگ یی شن کے مطابق کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے ملک میں ہنگامی استعمال کے لیے ابھی تک 3 ویکسینز کی منظوری دی جا چکی ہے۔

    زینگ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر کرونا وائرس کی 8 ویکسینز ایسی ہیں، جن کی بیرون ملک تیسرے طبی مرحلے کے تجربات کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ ایک میسنجر آر این اے (ایم آر این اے) ویکسین نے بیرون ملک  تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے سلسلے میں تمام اخلاقی تقاضوں کو پورا کر لیا ہے۔

    قومی صحت کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین میں رواں سال کے آخر تک کم از کم 70 فی صد ہدف آبادی کو کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگائے جانے کی امید ہے۔

    زینگ یی شن نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا کہ کرونا وائرس کے مقامی طور پر منتقلی والے کیسز سے معلوم ہوتا ہے کہ وبا کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کی صورت حال اب بھی سنگین ہے۔

    زینگ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ویکسی نیشن کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار نہ ہوں، تاکہ قوت مدافعت کی عظیم دیوار کی تعمیر ممکن ہو۔ واضح رہے کہ اب تک چین میں ہفتے کے روز تک کرونا وائرس ویکسین کی 76 کروڑ 30 لاکھ سے زائد خوراکیں دی گئی ہیں۔

  • ویتنام نے چینی ویکسینز میں سے ایک کی منظوری دے دی

    ویتنام نے چینی ویکسینز میں سے ایک کی منظوری دے دی

    ہنوئی: ویتنام نے بھی چین کی سائنوفارم کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔

    چینی میڈیا کے مطابق وزارت صحت ویتنام نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چین کی سائنوفارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے، یہ ویتنام میں منظور شدہ تیسری کرونا ویکسین ہے۔

    ویکسین کی منظوری کے لیے ویتنام کے نائب وزیر صحت ٹرونگ چھوک کونگ نے دستخط کیے، اس سے قبل ویتنام میں آسٹرا زیینکا اور روسی ویکسین اسپوتنک V کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

    ویتنام میں اب تک مجموعی طور پر تین ویکسینز منظور کی جا چکی ہیں۔

    ویتنام: ہوا میں تیزی سے پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کا انکشاف

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ویتنام میں کو وِڈ 19 کی نئی ہائبرڈ قسم کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا، یہ نئی ہائبرڈ قسم برطانوی اور بھارتی اقسام کی خصوصیات کی بھی حامل ہے، جس کی وجہ سے یہ انتہائی متعدی ہے۔

    ویت ناک کے وزیر صحت نگوین تھان لونگ نے ہفتے کو بتایا تھا کہ اس وائرس میں برطانوی اور بھارتی اقسام کی خواص موجود ہیں، اس وائرس کی یہ ہائبرڈ قسم ہوا میں بہت تیزی سے پھیل سکتی ہے، جلد وزارت کی جانب سے ورلڈ جِین میپ پر اس نئی قسم کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نئے مریضوں میں جین سیکوئسنگ کے دوران اس ہائبرڈ قسم کا انکشاف ہوا، یعنی یہ دراصل بھارتی قسم ہے جس میں تبدیلیاں ہوئی ہیں، اور اس کی اصلی قسم برطانوی تھی۔

  • پاکستان کو اب تک کتنی کرونا ویکسین ڈوز ملیں؟ رپورٹ اے آر وائی نیوز پر

    پاکستان کو اب تک کتنی کرونا ویکسین ڈوز ملیں؟ رپورٹ اے آر وائی نیوز پر

    اسلام آباد: پاکستان کو کرونا ویکسین کی اب تک 1 کروڑ 14 لاکھ 75 ہزار 300 ڈوز موصول ہو چکی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کو موصول شدہ کرونا ویکسین ڈوزز کے اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ اب تک پاکستان کو 3 ممالک کی 5 کمپنیوں کی تیار کردہ کرونا ویکسینز موصول ہوئی ہیں، ان ویکسینز کی ڈوزز کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 14 لاکھ 75 ہزار سے زائد ہے۔

    پاکستان کو جو ویکسینز ملی ہیں، ان میں سائینوفارم، کین سائینو، سائینوویک، فائزر اور آسٹرا زینیکا کرونا ویکسینز شامل ہیں، پاکستان کو کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ 2 فروری کو چین سے ملی تھی۔

    ذرائع کے مطابق چین پاکستان کو سائینوفارم کی 17 لاکھ 20 ہزار ڈوز تحفہ دے چکا ہے، کوویکس سے پاکستان کو 2 ویکسینز کی مجموعی طور پر 13 لاکھ 39 ہزار ڈوز مل چکی ہیں، جن میں آسٹرا زینیکا ویکسین کی 12 لاکھ 38 ہزار 400 ڈوز جب کہ فائزر کرونا ویکسین کی 1 لاکھ 620 ڈوزز شامل ہیں۔

    پاکستان کو کین سائینو ویکسین کی 4 لاکھ 16 ہزار 280 ڈوز، سائینوویک ویکسین کی 50 لاکھ ڈوز، جب کہ سائنوفارم ویکسین کی 47 لاکھ 20 ہزار ڈوز موصول ہو چکی ہیں۔