Tag: کرونا ویکسین

  • روسی صدر نے کون سی کرونا ویکسین لگوائی؟

    روسی صدر نے کون سی کرونا ویکسین لگوائی؟

    ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کرونا وائرس ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر کے پریس سیکریٹری دمتری پیسکوف نے بتایا کہ صدر مملکت نے بھی کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوا لی ہے ۔

    دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن ویکسین لگوانے کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں، اور کل سے معمول کا کام شروع کر دیں گے۔

    پریس سیکریٹری نے یہ نہیں بتایا کہ روسی صدر نے کون سی روسی کرونا وائرس ویکسین لگوائی ہے۔

    واضح رہے کہ ترجمان کریملن نے اس سے قبل کہا تھا کہ کریملن نے یہ معلومات ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ تینوں روسی ویکسینز مکمل قابل اعتماد اور مؤثر ہیں۔

    دوسری طرف روسی صدر نے دیگر ممالک کے سربراہان کی طرح عوام میں ویکسین لگوانے کو بھی ترجیح نہیں دی۔

    یاد رہے 17 دسمبر 2020 کو اپنی سالانہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جلد سے جلد کرونا وائرس کے انفیکشن کے خلاف ویکسین لگوائیں گے۔

    روسی صدر ہر جگہ یہ بریف کیس اپنے ساتھ کیوں رکھتے ہیں؟

    صحافیوں نے جب سوال کیا کہ پیوٹن ویکسی نیشن کی تشہیر کیوں نہیں کرنا چاہتے تو پیسکوف نے جواب دیا کہ صدر نے اس ایونٹ کو ریکارڈ کرنا پسند نہیں کیا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ کیمرے کے سامنے ویکسین لگوائیں۔

    دوسری طرف غیر ملکی میڈیا نے یہ سرخی جمائی کہ روسی صدر پیوٹن نے بند دروازے کے پیچھے کرونا ویکسین لگوائی۔

  • مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کے ساتھ مثالی دوستی کے پیش نظر چین نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ ویکسین کے حصول کے لیے 100 سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کو اکتیس مارچ تک مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے کرونا صورت حال، دو طرفہ تعلقات باہمی دل چسپی کے امور اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    شاہ محمود نے چینی قیادت کی وزیر اعظم کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کرونا وبا میں چین نے جس طرح پاکستان کی معاونت کی وہ فقید المثال ہے۔

    وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں ویکسی نیشن کی صورت حال سے آگاہ کیا، اور کہا پاکستان نے شہریوں کو کرونا سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسی نیشن کا منصوبہ تشکیل دیا ہے، اس جامع منصوبے کی تشکیل کے لیے جلد ویکسین کی مزید ڈوز درکار ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے تحفتاً کرونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دیں گے، اگرچہ ویکسین کے حصول کے لیے سو سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس جذبہ خیر سگالی پر چینی ہم منصب وانگ ژی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین میں اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • حج 2021: سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری

    حج 2021: سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری

    ریاض: حج 2021 کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے عازمین کے لیے منظور شدہ کرونا ویکسین کی شرط لگا دی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو کرونا ویکسین ذوالحجہ سے قبل لگوانی لازمی ہوگی، عازمین ذوالحجہ سے قبل کرونا ویکسی نیشن کرائیں۔

    سعودی وزارت صحت کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوگا، اور عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین لگانے کا مصدقہ ثبوت دینا ہوگا، جس میں یہ وضاحت کی گئی ہو کہ مملکت آمد سے 2 ہفتے پہلے ویکسین لگائی گئی ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن میں کام کرنے والے منظور شدہ ویکسین کی خوراک حاصل کر چکے ہوں، اور حج سیزن میں ورکرز مستقل طور پر ماسک لگانے کے پابند ہوں گے۔

    وزارت صحت نے اعلامیے میں کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، جب کہ مملکت سعودی عرب میں پہنچنے والے عازمین حج کو 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔

    48 گھنٹے بعد مقررہ و منظور شدہ فیلڈ سروس ٹیمیں عازمین کا دوبارہ ٹیسٹ کریں گی، ذوالحجہ سے قبل مکہ، مدینہ میں 60 فی صد تک مقررہ عمر کے افراد کی ویکسی نیشن ہوگی۔

  • وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان میں نجی سیکٹر کی جانب سے درآمد کردہ کرونا ویکسینز کی قیمتوں سے متعلق ڈریپ کی ارسال کردہ سفارشات کی حتمی منظوری دے دی۔

    روسی ویکسین اسپوتنک V کی 2 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 8 ہزار 449 روپے ہوگی، جب کہ 4 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 16 ہزار 560 روپے ہوگی۔

    اسپوتنک V کی 10 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 40 ہزار 555 روپے ہوگی، جب کہ 20 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 81 ہزار 110 روپے ہوگی۔

    چینی کمپنی کی تیار کردہ کرونا ویکسین کنویڈیساکی فی انجکشن کی قیمت 4 ہزار 225 روپے ہوگی۔

    واضح رہے کہ آج ہی ڈریپ نے وفاقی کابینہ کو سفارشات ارسال کی تھیں، کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد اب ڈریپ کرونا ویکسینز کی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کرے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی کی ایک فارما کمپنی نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپوتنک V کی 50 ہزار ڈوز درآمد کی ہیں، جب کہ ایک ملٹی نیشنل فارما کمپنی چینی ویکسین درآمد کر رہی ہے، چینی کمپنی کی کرونا ویکسین ایک خوراک پر مشتمل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی سیکٹر کی درآمد کردہ ویکسین کی قیمت کا تعین ڈریپ نے کیا ہے، جس کے لیے ڈریپ کے پرائسنگ اور کاسٹنگ بورڈ کا اجلاس 19 مارچ کو ہوا تھا۔

  • معروف ادیب انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    معروف ادیب انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    کراچی: معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو انور مقصود نے آرٹس کونسل میں قائم ویکسی نیشن سینٹر سے ویکسین لگوا لی۔

    ویکسین لگوانے کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا میں 80 برس کا ہوگیا ہوں، میں نے بھی ویکسین لگوائی ہے، اپیل ہے کہ کرونا ویکسین ضرور لگوائیں۔

    انور مقصود نے کہا اگر کوئی آپ کو ویکسین لگوانے سے روکتا ہے تو ایسی باتوں پر کان نہ دھریں۔

    جمعے کو جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بھی کرونا ویکسین لگوائی ہے، انھوں نے اسلام آباد میں ویکسین لگوائی۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ویکسین لگوائیں خود کو اور دوسروں کو وائرس سے بچائیں۔

    جمعے ہی کو سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے بھی کرونا ویکسین لگوائی، وسیم اختر کے ہمراہ ان کی خوش دامن نے بھی ویکسین لگوائی۔

    گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا یہ حکومت کا احسن اقدام ہے، تمام انتظامات بہت اچھے ہیں، عوام ویکسین ضرور لگوائیں، کرونا سے بچنا ہے تو ویکسین لگوائیں اور دوسروں تک بھی یہ پیغام پہنچائیں۔

  • عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا

    عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا

    لاہور: 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے جاری کرونا ویکسی نیشن کے دوران لاہور میں عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا ایک شخص پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منگل کو بزرگوں کے لیے جاری کرونا ویکسی نیش کے دوران ایک شخص نے اپنی عمر زیادہ بتا کر دھوکے سے ویکسین لگوانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔

    پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹاف نرس ثنا نے عمر بڑھا کر بتانے والے شخص کو شناخت کیا تھا جس پر انتظامیہ نے اسے کرونا ویکسین لگانے سے انکار کر دیا۔

     دھوکے سے کرونا ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والے شخص کو پکڑنے پر  اسٹاف نرس کو 10 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

    اس موقع پر ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے عوام سےگزارش کی کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں، ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے اور مرحلہ وار تمام عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔

    بڑی کامیابی : پاکستان نے دوست ملک چین سے کورونا ویکسین کی پہلی خریداری کرلی

    واضح رہے کہ آج پاکستان نے چین سے کرونا ویکسین کی پہلی خریداری کی ہے، خریدی گئی 5 لاکھ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی، پاکستان نے چینی کمپنی سائینو فارم سے ویکسینز کا معاہدہ کیا ہے۔

  • یورپ: ویکسین پاسپورٹ کے سلسلے میں پیش رفت

    یورپ: ویکسین پاسپورٹ کے سلسلے میں پیش رفت

    برسلز: یورپی یونین کمیشن نے ویکسین کارڈ یا ویکسین پاسپورٹ کے استعمال کا عندیہ دے دیا، اس سلسلے میں ایک مسودہ قانون 17 مارچ کو پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کا کہنا ہے کہ سیر و سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں استعمال کیے جانے والے ویکسین کارڈز یونین کی جانب سے منظوری دی گئی ویکسین کے لیے لاگو ہوں گے۔

    یورپی یونین کمیشن کی رکن یلووا جوہانسن نے ویکسین کارڈ کے سلسلے میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یورپی یونین کمیشن کاروبار اور سیر و سیاحت کے سلسلے میں آمد و رفت میں آسانیاں لانے کے لیے ویکسین کارڈ یا ویکسین پاسپورٹ کے حوالے سے مسودہ قانون آئندہ ہفتے پیش کرے گا۔

    ویکسین پاسپورٹ: یورپی ممالک آپس میں الجھ پڑے

    یورپی یونین کمیشن کے مسودہ قانون کو 17 مارچ کو سامنے لائے جانے کی توقع کی جا رہی ہے، اس بل پر یورپی یونین کونسل اور یورپی پارلیمنٹ کی منظوری لازمی ہے۔

    یورپی یونین نے اب تک استعمال کیے جانے والے بائیو این ٹیک، فائزر، موڈرنا اور آسٹرا زینیکا کمپنیوں کی ویکسینز کو مذکورہ فہرست میں جگہ دی ہے۔

    جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین نے گزشتہ روز منظوری لے لی تھی، تاہم اس کی تقسیم کا عمل اپریل میں متوقع ہے۔

  • یورپ میں آسٹرا زینیکا ویکسین سے خون جمنے کے کیسز، عالمی ادارہ صحت کا بڑا بیان

    یورپ میں آسٹرا زینیکا ویکسین سے خون جمنے کے کیسز، عالمی ادارہ صحت کا بڑا بیان

    جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ آسٹرا زینیکا کی کرونا ویکسین کا استعمال روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، اس ویکسین اور خون جمنے کے درمیان کوئی تعلق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ادارے کی ویکسین ایڈوئزاری کمیٹی ویکسین کے حوالے سے موصول ہونے والے حفاظتی اعداد و شمار کی جانچ کر رہی ہے، اب تک دنیا بھر میں 260 ملین سے زیادہ کرونا ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں اور اس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

    دوسری جانب آسٹرا زینیکا کمپنی کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس ویکسین سے خون جمنے کے خطرے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، اور یہ ویکسین محفوظ ہے۔

    برطانوی دوا ساز کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ 10 ملین سے زیادہ حفاظتی ڈیٹا کے تجزیے میں کسی بھی عمر، جنس اور کسی مخصوص ملک میں خون کے جمنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

    ویکسین لگنے کے بعد موت، آسٹریا نے کرونا ویکسینیشن روک دی

    واضح رہے کہ ڈنمارک، ناروے اور آئس لینڈ میں خون جمنے کی شکایات سامنے آنے کے بعد احتیاط کے طور پر آسٹرا زینیکا کی ویکسین کا استعمال روک دیا گیا ہے، اٹلی اور آسٹریا نے بھی آسٹرا زینیکا کی مخصوص بیچز کی خوراکوں پر پابندی عائد کی ہے، تھائی لینڈ اور بلغاریہ نے کہا ہے کہ وہ ویکسین کے لگانے کے عمل کو معطل کر دیں گے۔

    ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ آسٹرا زینیکا کی ویکسین بہترین ہے، اور ہمیں اس کا استعمال جاری رکھنا چاہیے، تاہم حفاظت سے متعلق خدشات کی تحقیقات ہونی چاہیئں۔

    یورپیئن میڈیسن ایجنسی نے جمعرات کو کہا کہ ویکسین لگائے گئے 5 ملین افراد میں سے خون جمنے کے صرف 30 واقعات سامنے آئے ہیں، اس لیے یورپی ممالک یہ ویکسین اب بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ آسٹرا زینیکا کی ویکسین ان 2 ویکسینز میں سے ایک ہے، جن کی منظوری عالمی ادارہ صحت نے دی ہے۔

  • ویکسین لگنے کے بعد موت، آسٹریا نے کرونا ویکسینیشن روک دی

    ویکسین لگنے کے بعد موت، آسٹریا نے کرونا ویکسینیشن روک دی

    زیورخ: آسٹریا نے آسٹرا زینیکا کی کرونا ویکسین بَیچ سے ایک شخص کی موت کے بعد ویکسی نیشن کا عمل معطل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریائی حکام نے احتیاطی طور پر آسٹرا زینیکا کی کو وِڈ 19 ویکسین کی ایک کھیپ سے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا ہے، اور ویکسین لگنے کے بعد ایک خاتون کی موت اور دوسری خاتون کی بیماری کے کیسز کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

    اتوار کو ایک ہیلتھ ادارے نے میڈیا کو بتایا کہ صحت کے وفاقی ادارے کو ایک ہی علاقے کے کلینک سے دو رپورٹس موصول ہوئی ہیں، دونوں واقعات آسٹرا زینیکا ویکسین کی ایک ہی کھیپ سے جڑے تھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویکسین لگنے کے بعد 49 سالہ ایک خاتون کی خون کی ایسی شدید بیماری کی وجہ سے موت ہو گئی جس کا تعلق خون جمنے کی سرگرمیوں سے ہے۔

    کرونا ویکسین لگنے کے بعد ایک اور 35 سالہ خاتون کو پھیپھڑے کے اندر خون کی نالی میں خون جمنے کی شدید بیماری کا سامنا کرنا پڑا، جسے طبی امداد دی گئی اور اب وہ رو بہ صحت ہے۔

    صحت کے وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ فی الوقت ان واقعات کے ساتھ ویکسی نیشن کے کسی علتی تعلق کا ثبوت موجود نہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین نرسز ہیں، اور وہ اسی کلینک میں کام کرتی تھیں، وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ بلڈ کلاٹنگ (خون جمنا) کرونا ویکسین کے معلوم سائیڈ ایفکٹس (مضر اثرات) میں شامل نہیں ہیں۔

    ماہرین اس معاملے کی باریک بینی کے ساتھ تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تعلق کے بارے میں واضح فیصلہ کیا جا سکے۔ جب کہ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر کرونا ویکسین کی مذکورہ کھیپ سے اب مزید ویکیسنز جاری نہیں کی جائیں گی۔

    دوسری طرف آسٹرا زینیکا کے ترجمان نے بیان دیا ہے کہ اس ویکسین کے ساتھ جڑے ابھی تک کوئی تصدیق شدہ مضر اثرات والے واقعات سامنے نہیں آئے، اور ہر کھیپ سخت کوالٹی کنٹرول کے تحت جاری کی جاتی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ اب تک دنیا بھر میں اس کے استعمال سے یہ سامنے آیا ہے کہ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، اور پچاس ممالک اس کے استعمال کی منظوری دے چکے ہیں، ویکسین کے سلسلے میں آسٹریائی حکام کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے اور کمپنی کی جانب سے تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

  • کرونا ویکسین کی مخالفت، ٹویٹر کا بڑا قدم

    کرونا ویکسین کی مخالفت، ٹویٹر کا بڑا قدم

    سان فرانسسکو: کرونا ویکسین کی غلط معلومات دینے پر ٹویٹر نے اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بلاک کرنے کا اسٹرائیک سسٹم متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے کہا ہے کہ اب ان ٹویٹس کو لیبل کیا جائے گا جو کو وِڈ 19 ویکسینز کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، تاکہ ایسے صارفین کو نکال باہر کیا جائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ’اسٹرائیک سسٹم‘ نامی نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت ان صارفین کو مستقل طور پر ٹویٹر سے نکال دیا جائے گا جو پانچویں بار ایسی ٹویٹ کریں گے۔

    ٹویٹر کمپنی نے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس سسٹم سے عوام کو ہماری پالیسیوں کے بارے میں بتانے میں مدد ملے گی اور ممکنہ طور پر نقصان دہ اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے گا۔

    کمپنی کا کہنا ہے جب کسی ٹویٹ کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر لیبل کیا جائے گا تو اس صارف کو ایک اسٹرائیک دیا جائے گا اور اطلاع دی جائے گی، دوسرا اور تیسرا اسٹرائیک ملنے کے بعد اس صارف کے اکاؤنٹ کو 12 گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا جائے گا۔

    ٹویٹر کے مطابق چوتھی بار خلاف ورزی کے بعد اکاؤنٹ کو 7 دنوں کے لیے بند کر دیا جائے گا اور پانچویں اسٹرائیک سے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔