Tag: کرونا ویکسین

  • ویکسین پاسپورٹ: برطانوی وزیر اعظم کا اہم اعلان

    ویکسین پاسپورٹ: برطانوی وزیر اعظم کا اہم اعلان

    لندن: ویکسین پاسپورٹ کے معاملے میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے نظر ثانی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ویکسین پاسپورٹ کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے تاہم اس پر نظر ثانی کریں گے۔

    بورس جانسن نے مغربی لندن کے اسکول کے دورے پر گفتگو کے دوران کہا کہ کیبنٹ آفس منسٹر مائیکل گوو نظر ثانی کے معاملے کی سربراہی کریں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کسی شخص کے کو وِڈ اسٹیٹس کو ثابت کرنے کے لیے ویکسین پاسپورٹ یا سرٹیفکیٹ کے استعمال میں گہرے اور پیچیدہ مسائل ہیں، پب یا تھیٹر جانے کے لیے ویکسین پاسپورٹ کا استعمال ہمارے ملک میں ایک بالکل انوکھی بات ہوگی۔

    ویکسین پاسپورٹ: یورپی ممالک آپس میں الجھ پڑے

    انھوں نے کہا کہ 21 جون سے لاک ڈاؤن پابندیاں ختم کرنے سے متعلق انتہائی پُر امید ہوں تاہم پابندیاں ختم کرنے کی گارنٹی دینا ممکن نہیں، عوام کو اب بھی محتاط رہنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسین پاسپورٹ کے استعمال پر تو بات چیت ہوتی ہے تاہم وزرا کئی بار برطانیہ کے اندر اس کے استعمال کو خارج از بحث کر چکے ہیں۔

    برطانیہ میں اب تک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 79 لاکھ افراد کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے ہیں۔

  • ایران کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    ایران کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    تہران: ایران نے روسی کرونا ویکسین اسپوتنک V کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا فیصلہ کر لیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ کے ایرانی ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اسپوتنک وی ویکسین کی 20 لاکھ خوراک خریدنے کے علاوہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا Sputnik V ویکسین دنیا کی بہترین کرونا ویکسینز میں سے ایک ہے، 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے اس کی تاثیر اور مدافعتی وابستگی کا تخمینہ 92 فی صد لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں بھی اس ویکسین کی مدافعتی صلاحیت زیادہ ہے اور کم ویکسینز میں یہ صلاحیت ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین کی دو خوراکیں 21 دنوں کے درمیان انجکشن کی صورت میں لگائی جاتی ہیں، اس کی پہلی اور بوسٹر خوراک کے بعد پیدا شدہ اینٹی باڈی ایسی ہے کہ جسمانی نظام اسے ختم نہیں کر سکتا۔

    کیانوش جہانپور نے کہا روس سے ویکسین کی براہ راست خریداری 20 لاکھ خوراک ہے اور ایران میں اس ویکسین کے لیے پروڈکشن لائن قائم کرنے کے لیے ضروری معاہدے کیے جا چکے ہیں، امید ہے ایران میں ویکسین کی مشترکہ پیداوار کے ساتھ ہم اس کی مزید لاکھوں خوراکیں تیار کر لیں گے اور اسے نئے ایرانی سال میں مارکیٹ کریں گے۔

    ایران میں آنے والے ہفتوں میں نجی کمپنیوں میں سے ایک میں اس ویکسین کی پروڈکشن لائن کا قیام مکمل ہو جائے گا۔

  • کرونا ویکسین مضر صحت ہونے کا دعویٰ افواہ قرار، سعودی وزارت صحت کی وضاحت

    کرونا ویکسین مضر صحت ہونے کا دعویٰ افواہ قرار، سعودی وزارت صحت کی وضاحت

    ریاض : سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے کرونا ویکسین سے متعلق افواہوں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ سعودی عرب پہچنے والی ویکسینز محفوظ اور موٗثر ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی نے کرونا وائرس سے صورتحال سے متعلق جاری پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ویکسین سب کی صحت و سلامتی کےلیے ضروری ہے۔

    ڈاکٹر العبد العالی کا کہنا تھا کہ شہری ویکسین سے متعلق گمراہ کن باتوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں ، ہمارے پاس موجود ویکسین موٗثر ہے، جو سب کےلیے دستیاب ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ بزرگ، لاعلاج امراض میں مبتلا اور موٹاپے کا شکار لوگ ویکسین کے لیے جلد از جلد اندراج کرا لیں اور تاخیر نہ کریں۔

    یاد رہے کہ کووڈ 19 کے اثرات سے بچنے کے لیے ویکسین کا حصول ناگزیر ہے، سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ویکسین مفت مہیا کی جا رہی ہے۔

  • برطانیہ: کرونا ویکسین پاسپورٹ، ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین کا سنگ میل

    برطانیہ: کرونا ویکسین پاسپورٹ، ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین کا سنگ میل

    لندن: برطانیہ میں مقامی و بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسین پاسپورٹ جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزرا ویکسین پاسپورٹ کے اجرا کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    ڈومینک راب نے بتایا کہ اگر یہ تجویز منظور ہوتی ہے تو پھر مسافروں کو سفر کے لیے کرونا ویکسین پاسپورٹ دکھانا ہوگا۔

    ادھر سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے بھی حکومت سے ویکسین پاسپورٹ کا مطالبہ کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ برطانیہ آگے بڑھ کر ویکسین پاسپورٹ کے معاملے میں دنیا کی قیادت کرے۔

    دوسری طرف برطانیہ میں ڈیڑھ کروڑ افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے، ویکسین منسٹر ندیم ضحاوی نے ایک بیان میں کہا ایک دن پہلے ہی 15 ملین افراد کو پہلی ڈوز لگانے کا ہدف حاصل کر لیا.

    ندیم ضحاوی نے کہا پہلے مرحلے میں 4 گروپس کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، اپریل کے آخر تک 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اسے ایک اہم سنگ میل اور ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ ہم نے برطانیہ میں پہلے چار ترجیحی گروپس میں ہر ایک کو ویکسین لگا دی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنھیں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ بیماری کا خطرہ لاحق تھا۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز 8 دسمبر کو 90 سالہ شخص کو دی گئی تھی۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کو بھی کرونا ویکسین لگا دی گئی

    برطانوی شاہی جوڑے کو بھی کرونا ویکسین لگا دی گئی

    لندن: برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ نے کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق پرنس چارلس اور ڈچز آف کورنویل شہزادی کمیلا کو کرونا وائرس کی پہلی ڈوز لگا دی گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ چارلس 72 برس جب کہ ان کی اہلیہ 73 سال کی ہیں، دونوں عمر کے لحاظ سے ویکسین ترجیحی گروپ نمبر 4 میں ہیں، شاہی جوڑے کو ویکسین ان کی باری پر لگائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ شہزادہ چارلس بھی گزشتہ برس کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے، ان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا، جس پر انھیں آئسولیشن میں جانا پڑا تھا، تاہم 7 روز آئسولیشن میں گزارنے کے بعد وہ صحت یاب ہو کر باہر آ گئے تھے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جا چکی ہے۔

    ادھر برطانیہ میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا انفیکشن سے مزید ایک ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، پبلک ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ایک دن میں کرونا کے 13 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس کا نیا اسٹرین نہ صرف کیسز میں اضافے کا سبب بنا بلکہ اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ میں اب تک کرونا وبا کے دوران 1 لاکھ 14 ہزار 851 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 39 لاکھ 85 ہزار لوگ وائرس سے متاثر ہوئے.

  • سندھ چین سے کرونا ویکسین کے 2 کروڑ ڈوز خریدے گا

    سندھ چین سے کرونا ویکسین کے 2 کروڑ ڈوز خریدے گا

    کراچی: سندھ حکومت کرونا وائرس پر قابو کے لیے چین سے ویکسین کے 2 کروڑ ڈوز خریدے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی میں واقع چینی قونصل خانے میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے چینی قونصل جنرل لی بیجن سے ملاقات کی، جس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی بھی موجود تھے۔

    وزیر صحت سندھ نے کہا کہ سندھ میں کرونا ویکسی نیشن کے لیے 2 کروڑ ڈوز کی ضرورت ہے، اور حکومت براہ راست چین سے دو کروڑ ڈوز خریدنا چاہتی ہے۔

    عذرا پیچوہو نے کہا کہ لوگوں کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے ویکسی نیشن کو فعال رکھنا ضروری ہے، ہم ویکسین کی براہ راست خریداری کی اجازت کے لیے وفاق سے بات کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں کرونا کے خاتمے کے لیے چین کا تعاون قابل تحسین ہے، عذرا پیچوہو نے چین کو سندھ میں اسپتال اور ہیلتھ فیسلیٹیشن نیٹ ورک بنانے کی دعوت بھی دی، اور کہا چین سندھ میں طبی سہولتوں اور ہیلتھ ٹیکنالوجی میں مدد فراہم کرے۔

    چین کے قونصل جنرل نے وزیر صحت سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، لی بیجن نے کہا سندھ میں ہیلتھ ٹیکنالوجی فراہمی میں تعاون پر چینی حکومت سے بات کروں گا۔

    ملاقات میں سندھ کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکلز کو چین کی ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن کی تربیت کے لیے چین بھیجنے پر اتفاق کیا گیا۔

  • ’میں ویکسین سب سے پہلے لگانے کے لیے تیار ہوں‘

    ’میں ویکسین سب سے پہلے لگانے کے لیے تیار ہوں‘

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں ویکسین سب سے پہلے لگانے کے لیے تیار ہوں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا سائیڈ ایفکٹس سے پاک ویکسین دنیا میں کہیں بھی میسر نہیں، کرونا ویکسین سے انسانی جانوں کو نقصان نہیں بلکہ تحفظ ملے گا۔

    ادھر آج اسلام آباد میں کرونا اور آفات میں عدم تحفظ کے موضوع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں کرونا میں عدم تحفظ سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جو وزارت انسانی حقوق اور یو این ڈی پی کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔

    تقریب میں شیریں مزاری نے کہا ہم کرونا سے زندگیوں پر اثرات سے واقف ہیں، ہماری رپورٹ بحران کو انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھتی ہے، اس وبا کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات عوامی مفاد کےگرد ہیں۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا جو سفارشات پیش کی گئی ہیں ان میں پاکستان کو مستقبل میں تحفظ دینے کے لیے ایک روڈ میپ دیا گیا ہے، کرونا وبا سے سیکھے گئے عمل کو دستاویزی شکل دینے کی ضرورت ہے، ہمیں ہنگامی صورت حال سے زیادہ مؤثر طور پر نمٹنے کے قابل بننا ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے، پاکستان کو کرونا ویکسین چین کی جانب سے فراہم کی گئی ہے، عوام کو یہ ویکسین مفت دی جا رہی ہے۔

  • کرونا ویکسین درآمد کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کرونا ویکسین درآمد کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کراچی: پاکستان کسٹمز کی جانب سے امپورٹرز کو خوش خبری دی گئی ہے، اب کرونا ویکسین برآمد کرنے سے قبل ہی کاغذی کارروائی مکمل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے کلیئرنس ان دا اسکائی کے نام سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت جہاز کے لینڈ ہونے سے قبل ہی گڈز کی کلیئرنس ہو جائے گی، کرونا ویکسین امپورٹ کرنے والے بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

    چیف کلکٹر سیف الدین جونیجو کا کہنا ہے کہ اس پائلٹ پروجیکٹ میں تین کمپنیوں کی گڈز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں پی آئی اے، قطر ایئر ویز، اور شاہین ایئر پورٹ سروس شامل ہیں۔

    پاکستان کسٹمز کے چیف کلکٹر کے مطابق اس پروجیکٹ کو بندرگاہوں پر بھی شروع کیا جائےگا، پہلے مرحلے میں ادویات، پیراشبل آئٹمز، کم قیمت کی مصنوعات کو شامل کیا گیا ہے، پروجیکٹ سے کرونا ویکسین کی کلیئرنس بھی تیز ترین ہو سکے گی۔

    چیف کلکٹر نے بتایا کہ چند ماہ میں کسٹمز کی آٹو میشن بہت جدید ہو جائے گی، کسٹم کو جدید کرنے کے لیے نئے سافٹ اور ہارڈ ویئر بھی خریدے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کل سے ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، چین سے ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔

  • سابق امریکی صدر کے حامیوں نے کرونا ویکسین کو آبادی کم کرنے کی سازش قرار دے دیا

    سابق امریکی صدر کے حامیوں نے کرونا ویکسین کو آبادی کم کرنے کی سازش قرار دے دیا

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کرونا ویکسین کو آبادی کم کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے حامیوں نے کرونا ویکسین کو آبادی کم کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کو بند کرا دیا۔

    حامیوں کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین آبادی کم کرنے کی سازش ہے، جو اشرافیہ نے رچائی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس کے ڈوجر اسٹیڈیم میں قائم کرونا ویکسین کے ایک مرکز کو مظاہرین کی جانب سے احتجاج پر بند کر دیا گیا ہے۔

    مظاہرین نے کرونا سینٹر پر جمع ہو کر ویکسی نیشن کو سازش قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، مظاہرین میں زیادہ تعداد ٹرمپ کے حامیوں کی تھی جنھوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پلے کارڈز پر لکھا گیا تھا کہ کرونا ویکسی نیشن آبادی پر قابو پانے کی ملکی اشرافیہ کی ایک سازش ہے۔

    مظاہرین نے ویکسی نیشن کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا، مظاہرے میں شامل ایک شخص نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ کوئی ویکسین نہیں ہے، یہ سینٹر ذبح خانہ یا ایک تجربہ گاہ ہے جہاں ہم سب کو چوہا بنایا گیا ہے جن پر سائنسی ریسرچ کی جائے گی۔

    سوشل میڈیا پر بھی ٹرمپ کے حامیوں نے مظاہرے کی حمایت کی، ان پوسٹوں میں صارفین نے بل گیٹس سے ویکسین لگوانے کا مطالبہ بھی کیا اور ویکسی نیشن کے ذریعے انسانی جسم میں چپ داخل کرنے جیسے سازشی نظریات کو فروغ دیا۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ کرونا سینٹر کو ایک گھنٹے کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے بعد اسے پھر کھولا گیا۔

  • پاکستان کو کرونا ویکسین کی فراہمی، چینی سفیر کا اہم بیان سامنے آ گیا

    پاکستان کو کرونا ویکسین کی فراہمی، چینی سفیر کا اہم بیان سامنے آ گیا

    اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کو کرونا ویکسین فراہم کی جا رہی ہے، ایسے میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے اسے اپنے لیے فخر قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیر نونگ رونگ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہمیں فخر ہے کہ چین پاکستان کو کرونا ویکسین فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے۔

    چینی سفیر نے لکھا ہم اپنے آہنی برادر ملک پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں، خوشی ہوئی چین کی طرف سے ویکسین پاکستانی جہاز میں لوڈ کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سےکرونا ویکسین لانے کے لیے روانہ ہوا تھا جس پر اب بیجنگ کے ایئر پورٹ پر ویکسین کی کھیپ لوڈ کر دی گئی ہے۔

    اسد عمر نے کرونا ویکسین کی “لوڈنگ” کی ویڈیو شیئر کردی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چینی ویکسین کو پاکستان کے حوالے کرنے سے قبل بیجنگ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، تقریب کے مہمان خصوصی چینی وزیراعظم ہوں گے، جہاں وہ کرونا ویکسین کو پاکستانی وفد کے حوالے کریں گے۔

    چند گھنٹے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹوئٹ کر کے خبر دی کہ بیجنگ میں پاک فضائیہ کے طیارے پر ویکسین لوڈ کر دی گئی ہے، جو چند گھنٹے بعد پاکستان پہنچ جائے گی، انھوں نے لوڈنگ کی ویڈیو بھی شیئر کی۔