Tag: کرونا ویکسین

  • کرونا ویکسین، اسد عمر نے بڑی خوش خبری سنا دی

    کرونا ویکسین، اسد عمر نے بڑی خوش خبری سنا دی

    اسلام آباد: این سی او سی کی کرونا ویکسین حکمت عملی کا سرپرائز آ گیا، کرونا ویکسین کے سلسلے میں کو ویکس کی جانب سے حکومت پاکستان کو خط مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے قوم کو بڑی خوش خبری سنا دی ہے، انھوں نے کہا ہے کہ کو ویکس کی جانب سے آسٹرازینیکا ویکسین کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوز فراہم کرنے کا خط موصول ہو گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کرونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوگی، کو ویکس کی جانب سے 6 ملین ویکسینز مارچ تک مل جائیں گی، جب کہ تمام 17 ملین ڈوزز 2021 کے پہلے نصف میں موصول ہوں گی۔

    اسد عمر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ کو ویکس کے ساتھ ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ 8 ماہ پہلے کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان نے عوام کو کرونا ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    چین سے کرونا ویکسین لانے کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات لینے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے بھی ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چینی کمپنی سائنو فارم کی جانب سے 5 لاکھ ویکسین ڈوزز کے علاوہ آسٹرازینیکا کی ویکسین کے تقریباً 70 لاکھ خوراکیں رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں مل جائیں گی، اور عوام کو مفت فراہم کی جائیں گی۔

    فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسینیشن اگلے ہفتے سے شروع ہوگی اور اس کا آغاز فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز سے ہوگا۔

  • کویت: آکسفورڈ کی کرونا ویکسین کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کویت: آکسفورڈ کی کرونا ویکسین کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ہنگامی صورت حال میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت صحت نے آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ایمرجنسی میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی، یہ ویکسین انڈیا کی سیرم فیکٹری میں انٹرنیشنل کمپنی آسٹرازینیکا کے لائسنس سے تیار کی جا رہی ہے۔

    جمعے کو ایک بیان میں معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ تکنیکی کمیٹی نے متعدد ویکسینز کا جائزہ لیا، اور آکسفورڈ ویکسین کے حق میں رائے دی۔

    کویت میں کرونا ٹیسٹ کی قیمت مقرر

    ان کا کہنا تھا حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں ویکسین پروگرام پر عمل درآمد میں تاخیر نہ ہو، اس لیے ویکسین کے ایمرجنسی میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے، آکسفورڈ ویکسین کی پہلی کھیپ چند روز میں کویت پہنچ جائے گی۔

    آکسفورڈ ویکسین سے متعلق ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ اس ویکسین کو برطانیہ کا متعلقہ ادارہ منظور کر چکا ہے، عالمی ادارہ صحت نے سیرم فیکٹری کے حق میں بھی رائے دی ہے، جب کہ جی سی سی ہیلتھ کونسل نے بھی اس کی منظوری دی ہے۔

    معاون سیکریٹری صحت نے واضح کیا کہ آکسفورڈ ویکسین کے استعمال کی منظوری تکنیکی کمیٹی نے تحقیق اور مطالعے کے بعد دی ہے۔

  • جاپان: کرونا ویکسین لگوانے کے لیے آن لائن سسٹم تیار

    جاپان: کرونا ویکسین لگوانے کے لیے آن لائن سسٹم تیار

    ٹوکیو: جاپان میں کرونا وائرس ویکسین لگوانے کے لیے ایک زبردست آن لائن سسٹم تیار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنے والی ایپ ’لائن‘ نے جاپان میں کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی بکنگ کے لیے آن لائن نظام تیار کر لیا۔

    فری ایپ کا استعمال کرنے والے افراد اب اس نظام کے تحت کرونا ویکسین لگوانے کے لیے بہ آسانی وقت لے سکیں گے۔

    سب سے پہلے صارفین بلدیہ کے اس سرکاری لائن اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کریں گے، پھر پروگرام میں اپنی صنف، عمر کے گروپ اور ویکسی نیشن کی ترجیحی تاریخ جیسی معلومات کا اندراج کریں گے۔

    معلومات کا اندراج کرنے والے شہریوں کو ڈاک کے ذریعے ایک ٹکٹ نمبر موصول ہوگا، جس کو وہ بکنگ مکمل کرنے کے لیے ایپ پر استعمال کریں گے۔

    اس آن لائن سسٹم کے استعمال پر جاپان کی 2 مقامی حکومتیں متفق ہو چکی ہیں اور لگ بھگ مزید 100 اس پر غور کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کے ویکسی نیشن شیڈول کے مطابق مارچ کے وسط سے جاپان میں 65 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کووِڈ 19 کے ٹیکے لگانے کے لیے ٹکٹ بھیجے جائیں گے۔

    پیر کو وزارت صحت نے کہا تھا کہ ویکسینیشن ٹکٹ تقریباً 30 کروڑ 60 لاکھ معمر افراد کو بھیجے جائیں گے، جو ویکسی نیشن کے سلسلے میں تیسری ترجیح ہیں، نامزد اسپتالوں میں 10 سے 20 ہزار طبی کارکنوں کا گروپ پہلی ترجیح ہے، جب کہ دوسری ترجیح دیگر میڈیکل ورکرز ہیں جن کی تعداد تقریباً 3.7 ملین ہے۔

  • سعودی عرب کی غریب ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے اہم قدم

    سعودی عرب کی غریب ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے اہم قدم

    ریاض: سعودی عرب نے کم آمدنی والے ملکوں کو کرونا ویکسین کی فرا ہمی کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کم آمدنی والے ملکوں جیسے یمن اور افریقی ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے ویکسین تیار کرنے والے اداروں سے مذاکرات کر رہا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ الجدعان نے منگل کو ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے آن لائن اجلاس سے خطاب میں کہا یمن اور بعض افریقی ممالک ’کوفیکس پروگرام‘ کے ذریعے مطلوبہ تعداد میں کرونا ویکسین حاصل نہیں کر سکتے۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا ویکسین کی خریداری اور تقسیم کے لیے عالمی برادری نے کوفیکس کے نام سے خصوصی طریقہ کار مقرر کیا ہے، جس کی وجہ سے یمن اور افریقی ممالک مطلوبہ تعداد میں ویکسین حاصل نہیں کر پائیں گے۔

    وزیر خزانہ نے کہا ہم کئی کمپنیوں سے بات چیت کر رہے ہیں تاکہ خاص طور پر کم آمدنی والے ملکوں کو زیادہ سے زیادہ ویکسین فراہم کی جا سکے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب نے 2020 کے دوران جی 20 کے قائد کی حیثیت سے یہ امید دلائی تھی کہ غریب ملکوں کو کرونا وائرس ویکسین مہیا ہو اور اس سلسلے میں مال دار ممالک اپنا کردار ادا کریں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کے علاج اور ویکسین کے لیے ریسرچ اور تیاری کی مد میں بھاری بجٹ مختص کر رکھا ہے۔

  • روس ملائیشیا کو بھی کرونا ویکسین فراہم کرے گا

    روس ملائیشیا کو بھی کرونا ویکسین فراہم کرے گا

    ماسکو: روس ملائیشیا کو بھی کرونا ویکسین فراہم کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوالالمپور میں روسی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) اور ملائشیا کی فارما سیوٹیکل کمپنی ڈوفارما سینڈیرین برہاد نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

    اس معاہدے کے تحت روس ملائیشیا کو کرونا وائرس کی ویکسین فراہم کرے گا، روسی سفیر نیل لیٹپوف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ مکمل دو طرفہ تعاون کے قیام کا صرف پہلا قدم ہے۔

    انھوں نے کہا معاہدے میں نہ صرف روسی ویکسین کی کھیپ شامل ہے، بلکہ ملائیشیا میں ویکسین کی تیاری کے لیے سائنسی اور تحقیقی مرکز بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

    یو اے ای کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دستخط کی تقریب ویڈیو لنک کے ذریعہ ملائیشیا کے وزیر صحت اڈھم بابا کی شراکت میں ہوئی۔

    آر ڈی آئی ایف نے واضح کیا کہ فی الحال ملائیشیا کے لیے روسی ویکسین کی خوراکیں بھارت، چین اور جنوبی کوریا میں تیار کی جائیں گی۔

    کرونا وائرس کے خلاف روسی ویکسین کتنے عرصے تک تحفظ دے سکتی ہے؟

    ملائیشیا کی وزارت صحت کا بھی کہنا ہے کہ انھوں نے آج دو مقامی فارما کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جو روس کے گمالیا انسٹی ٹیوٹ اور چین کی سائنو ویک کی تیار کردہ کرونا ویکسینز کی ایک کروڑ 84 لاکھ خوراکیں خریدیں گی۔

  • موڈرنا ویکسین سے متعلق بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

    موڈرنا ویکسین سے متعلق بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

    واشنگٹن: کرونا ویکسین بنانے والی کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کرونا ویکسین برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا نے کہا ہے کہ ہماری ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کرونا کی نئی قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موڈرنا دوا ساز کمپنی نے کہا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹس سے ثابت ہوا کہ موڈرنا کی تیار کردہ کرونا ویکسین نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مؤثر ہوگی۔

    اس دعوے کے ساتھ ساتھ کمپنی نے کرونا وائرس کے نئے اسٹرین پر تجربات بھی شروع کر دیے ہیں، کمپنی کے سربراہ اسٹیفن بانسل نے کہا کہ ان تجربات کی بنیاد پر سامنے آنے والے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ موڈرنا کی ویکسین نئے قسم کے وائرس کا بھی مقابلہ کر سکتی ہے۔

    اس ریسرچ کے سلسلے میں موڈرنا نے mRNA-1273 نامی موجودہ ویکسین کے اثرات کے مطالعے کے لیے ان 8 افراد کے خون کے نمونے لیے جن کو ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

    ریسرچ میں دیکھا گیا کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم نے ان اینٹی باڈیز کو غیر مؤثر نہیں کیا جو ویکسین لگانے سے جسم میں پیدا ہوئے تھے، اور جو کرونا وائرس کو انساانی خلیوں میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔

    لیکن جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم سے ظاہر ہوا ہے کہ یہ اینٹی باڈیز کے اثرات کو 6 گنا غیر مؤثر کر دیتی ہے۔ بتایا گیا کہ قومی صحت کے اداروں کے اشتراک سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج تک تمام سائنسی کمیونٹی کو رسائی حاصل ہے تاکہ وہ اس کا جائزہ لے سکیں۔

  • کرونا ویکسین: روس نے ٹیکنالوجی ترکی منتقل کرنا شروع کر دی

    کرونا ویکسین: روس نے ٹیکنالوجی ترکی منتقل کرنا شروع کر دی

    ماسکو: روس ترکی میں کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرے گا، اس سلسلے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی شروع کر دی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے ترکی میں اسپوتنک وی کرونا وائرس ویکسین کی تیاری پر اتفاق کر لیا ہے۔

    روس نے ترکی میں ویکسین کی تیاری کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

    آر ڈی آئی ایف نے ترکی میں اسپوتنک وی ویکسین کی تیاری کے لیے دوا سازی سے منسلک ایک معروف ترک صنعت کار کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا عمل شروع کیا۔

    یو اے ای کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    غیر ملکی منڈیوں میں Sputnik V کی ویکسین کو فروغ دینے کے لیے آر ڈی آئی ایف نے ترک کمپنی کے ساتھ بات چیت کی ہے، آر ڈی آئی ایف کے نمائندے نے بتایا کہ ممکنہ طور پر پیداواری حجم ہر سال ویکسین کی لاکھوں خوراک ہے۔

    روسی سرمایہ کاری فنڈ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس پیداوار کی ممکنہ توسیع کے معاملے پر بھی ترکی کے ساتھ بات کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ ترکی میں تیار کی گئی اسپوتنک وی ویکسین ترکی کی مقامی مارکیٹ اور دیگر ممالک دونوں کو فراہم کی جائے گی۔

    اس فنڈ نے جنوبی کوریا، چین، بھارت، برازیل، بیلاروس اور قازقستان میں بھی مینوفیکچررز کے ساتھ اسپوتنک وی کی تیاری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دوسری طرف ترکی بھی کرونا وائرس ویکسین کی مشترکہ تیاری کے سلسلے میں جرمنی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

  • کرونا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق اہم ہدایت

    کرونا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق اہم ہدایت

    ریاض: سعودی سیکریٹری صحت نے کرونا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پہلی خوراک کے اثرات ختم ہونے سے پہلے لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سیکریٹری صحت ہانی جوخدار نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک پہلی خوراک کے اثرات برقرار رہنے کی حالت میں لی گئی تو ایسی صورت میں پہلی خوراک کی تاثیر برقرار رہے گی اور ویکسین لینے والے کو کسی طرح کی کوئی مشکل نہیں ہوگی۔

    سعودی میڈیا کے مطابق سیکریٹری صحت نے اس استفسار کا جواب دیا تھا کہ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک مقررہ وقت پر نہ لینے کی صورت میں کیا نقصان ہو سکتا ہے۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا تھا جو لوگ کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں انھیں دوسری خوراک ویکسین بنانے والی کمپنی کی سفارش کے عین مطابق مؤثر وقت میں دی جائے گی۔

    سعودی عرب : بیٹی نے اپنے والد کو کورونا ویکسین لگائی، ویڈیو وائرل

    سیکریٹری صحت کے مطابق 19 سے 42 دن کے درمیان کرونا ویکسین کی دوسری خوراک لی جا سکتی ہے۔ انھوں نے یہ خوش خبری بھی دی کہ آئندہ تین ہفتوں کے اندر کرونا ویکسین مطلوبہ مقدار میں سعودی عرب پہنچ جائے گی۔

    یاد رہے کہ کرونا ویکسین کی پہلی خوراک مطلوبہ وقت سعودی عرب نہ پہنچنے کے باعث شیڈول تبدیل کر کے تاریخ آگے بڑھا دی گئی تھی۔

  • بڑی خوش خبری، حکومت نے کرونا ویکسین مفت لگانے کا اعلان کر دیا

    بڑی خوش خبری، حکومت نے کرونا ویکسین مفت لگانے کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین بغیر کسی چارج کے مفت فراہم کی جائے گی۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ہم نے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے، ملک بھر میں کرونا ویکسین مفت لگائی جائے گی، پہلے مرحلے میں طبی عملے اور 60 سال کی عمر سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    معاون خصوصی نے کہا پاکستان کے لیے ابتدائی طور پر 2 کروڑ ڈوز حاصل کی جائیں گی، رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 10 لاکھ ڈوز کے قابل ہوں گے، ویکسین حاصل کرنے کے لیے چین کی مدد لی جائے گی، برطانوی سفیر سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا سائنو فارم اور کنسائنو نامی کمپنیوں سے کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے گفتگو جاری ہے، ویکسین کی خریداری کے ساتھ اس کی نقل و حرکت اور ذخیرے کے لیے اقدامات بھی ضروری ہیں، ویکسین فراہم کرنے کا طریقہ کار بنایا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ڈریپ نے 2 کرونا ویکسینز کی منظوری دی ہے، کرونا ویکسین سائنو فارم کی افادیت 80 فی صد ہے، سائنو فارم یو اے ای سمیت کئی ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے، پاکستان میں ویکسین ٹرائلز میں 17500 افراد نے حصہ لیا تھا، کرونا ویکسین کی بڑی ڈیمانڈ ہے، حکومت کی تمام مشینری ویکسین کے لیے فعال کر دی گئی ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ویکسین سے متعلق ایک تکنیکی ٹیم بھی بنائی گئی ہے، جو ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس اور فراہمی سے متعلق تکنیکی معاملات دیکھے گی، زیادہ آبادی والے ممالک میں تمام آبادی کو ویکسین کی فراہمی آسان نہیں، کرونا ویکسین عوام تک پہنچانا چھوٹا قدم نہیں، حکومت اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

  • مارچ تک ویکسینز کی فراہمی، وزیر اعظم نے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی

    مارچ تک ویکسینز کی فراہمی، وزیر اعظم نے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مارچ تک کرونا ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چند روز میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے، مارچ تک کرونا ویکسینز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    کرونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا چند دنوں میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، مزید ویکسینز کی منظوری کے لیے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کیا جا رہا ہے، منظور شدہ 2 ویکسینز کے حصول کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں۔

    کمیٹی ارکان نے بریفنگ میں کہا سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، وزیر اعظم نے منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کرونا کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، کرونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کیا جاتا تو بھیانک نتائج مرتب ہو سکتے تھے۔

    اجلاس میں وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر شریک تھے۔