Tag: کرونا ویکسین

  • کرونا ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ

    کرونا ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی، وہ پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں جنھوں نے کو وِڈ کے خلاف ویکسی نیشن کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ ریما خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنے فالوورز کو خبر دی کہ انھوں نے کرونا وائرس کی ویکسین لگوا لی ہے۔

    ریما خان نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتی نظر آتی ہیں کہ میں آج کو وِڈ نائنٹین کی پہلی ویکسین لگوا رہی ہوں، اور میں ٹھیک محسوس کر رہی ہوں۔

    امریکا کے ایک ویکسین سینٹر میں کرونا ویکسین لگواتے ہوئے ریما خان نے انجیکشن لگنے کے وقت ہلکی سی چیخ بھی ماری، تاہم وہ اس سے بالکل بھی نہیں گھبرائیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Reema Khan (@iamreemakhan)

    ریما کی پوسٹ پر اداکار عمران عباس نے تبصرہ لکھا کہ آپ کئی معاملات میں آگے رہتی اور ابتدا کرنے والوں میں سے ہوتی ہیں، محفوظ رہیں، صحت مند اور خوبصورت رہیں۔

    —فوٹو:اسکرین شاٹ

    واضح رہے کہ اداکارہ ریما خان امریکا میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ مقیم ہیں۔وہ 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کر کے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ ریما خان کو شان دار اداکاری پر مارچ 2019 میں حکومت پاکستان نے تمغاے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Reema Khan (@iamreemakhan)

    ویکسین سے قبل انھوں نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں انھوں نے بتایا کہ میں کو وِڈ 19 کی ویکسین لگوانے جا رہی ہوں، یہ بہت اہم ہے میری دعا ہے کہ ویکسین جلد از جلد پاکستان بھی آئے۔

    ریما نے کہا میری درخواست ہے کہ تمام لوگ ویکسین ضرور لگوائیں، نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے پیاروں کے لیے بھی۔

  • پاکستان نے چین کی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی

    پاکستان نے چین کی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: پاکستان نے چین کی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی ادارے ڈریپ نے چینی کمپنی سائینو فارم کی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے، سائینو فارم نے بذریعہ این آئی ایچ اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جس پر ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس 14 سے 18 جنوری تک جاری رہا۔

    اجازت ملنے کے بعد اب چینی کرونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، سائینو فارم نے کرونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے، اور یہ چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔

    سائینو فارم کی کرونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فی صد ہے، پاکستان نے پہلے فیز کے لیے کرونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان سائینو فارم سے کرونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز خریدے گا۔

  • کیا کرونا ویکسین میں حیوانی اجزا شامل ہیں؟ ویکسین چیف انویسٹگیٹر کا اہم بیان

    کیا کرونا ویکسین میں حیوانی اجزا شامل ہیں؟ ویکسین چیف انویسٹگیٹر کا اہم بیان

    لندن: کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین میں حیوانی اجزا کے شامل ہونے سے متعلق برطانوی پروفیسر نے اہم وضاحت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ویکسین چیف انویسٹگیٹر پروفیسر اینڈریو پولارڈ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کو وِڈ ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر معلومات غیر حقیقی ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا ویکسین سے متعلق پھیلی ہوئی افواہیں بے بنیاد ہیں، کرونا ویکسین میں کوئی حیوانی اجزا شامل نہیں کیے گئے، ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔

    اینڈریو پولارڈ نے کہا کہ کرونا ویکسین کے اثرات دو ہفتوں بعد ظاہر ہوں گے، اور یہ ویکسین حاملہ خواتین کے لیے بھی محفوظ ہے۔

    آکسفورڈ ویکسین گروپ کے ڈائریکٹر پروفیسر اینڈریو جان پولارڈ

    واضح رہے کہ پروفیسر اینڈریو جان پولارڈ ایک بائیولوجسٹ ہیں، اور آکسفورڈ ویکسین گروپ کے ڈائریکٹر ہیں، وہ ماہر ویکسینیات بھی ہیں۔

  • برطانیہ: جعل ساز لوگوں کو جعلی کرونا ویکسین لگا کر لوٹنے لگے

    لندن: برطانوی جعل سازوں نے لوگوں کو لوٹنے کے لیے جعلی کرونا وائرس ویکسین لگانی شروع کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے فراڈیے جعلی COVID ویکسینز فروخت کر کے لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں، برطانوی وزیر صحت نے آج اس سلسلے میں کہا کہ جعل ساز لوگوں کو جعلی ویکسین فراہم کر کے لوٹ رہے ہیں، چند افراد نے رقم کے عوض غیر شناخت شدہ ویکسینز لگوائی ہیں۔

    برطانیہ بھر میں اس وقت ریاستی ادارے نیشنل ہیلتھ سروس کے ذریعے کرونا ویکسی نیشن کا بڑا پروگرام جاری ہے، جس کے تحت شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کی جار ہی ہے۔

    برطانوی وزیر صحت واہان گیتھنگ نے آج ایک بریفنگ میں کہا کہ جعل سازوں نے کرونا ویکسین کو بھی نشانہ بنا لیا ہے، جو نہایت گھناؤنا فعل ہے، لوگوں کو جعلی ویکسین دے کر لوٹا گیا اور انھوں نے بھی وہ ویکسین اپنے بازوؤں میں لگوا لی۔

    انھوں نے کہا میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ این ایچ ایس کو وِڈ ویکسین کے لیے کبھی آپ سے پیسے طلب نہیں کرے گا، یہ بالکل مفت ہے، نہ ہی آپ سے بینک کی تفصیلات مانگی جائے گی، نہ ہی این ایچ ایس اسٹاف کی شناخت کے بغیر آپ کے گھر پر ویکسین پہنچائی جا رہی ہے۔

    جعلی کرونا ویکسین، انٹرپول نے دنیا کو خبردار کر دیا

    وزیر صحت کی جانب سے یہ تنبیہ گزشتہ ہفتے کی نیشنل کرائم ایجنسی کی تنبیہ کے بعد آئی ہے، جس میں عوام کو جعل سازوں سے محتاط رہنے کے لیے کہا گیا تھا کہ وہ کچھ معمر اور خطرے سے دوچار لوگوں کو رقم کے عوض ویکسین کی فراہمی کے لیے کہتے پھر رہے ہیں، اور ان کے پاس کوئی ویکسین نہیں۔

    این سی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کے فراڈ کے کیسز کی تعداد فی الوقت تو بہت کم ہے تاہم اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    لندن پولیس نے جمعے کو کہا تھا کہ ایک جعل ساز نے گھر پر ایک 92 سالہ خاتون سے 160 پاؤنڈز لے کر ان کے بازو میں ویکسین کے نام پر کچھ لگا دیا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ اس وقت کرونا وائرس کی نئی قسم کے انفیکشن سے شدید متاثر ہے، اور اب تک وائرس سے 81 ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • سعودی عرب: کیا بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی شرط ہے؟

    سعودی عرب: کیا بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی شرط ہے؟

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے کرونا ویکسین لگانے کی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ بیرون ملک سفر کے لیے کرونا ویکسین کی شرط نہیں ہے۔

    انھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا مملکت نے تاحال بیرون ملک سفر کو کرونا ویکسین سے مشروط نہیں کیا ہے، البتہ مستقبل میں کوئی ملک اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب کرتا ہے تو اس کی اطلاع کر دی جائے گی، تاہم سعودی عرب نے ابھی تک ایسا کوئی ضابطہ مقرر نہیں کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کرونا ویکسین کے مراکز میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی بہتر طور پر خدمت کی جا سکے، چناں چہ آئندہ دنوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ویکسین سینٹر کھولا جائے گا۔

    شاہ سلمان نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے کرونا ویکسین کے سلسلے میں ایک صحت ایپ بھی لانچ کی ہے، ترجمان نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے جن لوگوں نے کرونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کی ہے ان کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اہم شخصیات ویکسین لگوا چکے ہیں، آج سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی نیوم شہر میں واقع ویکسی نیشن سینٹر سے کرونا ویکسین لگوا لی۔

  • برطانیہ: تیسری کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر

    برطانیہ: تیسری کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر

    لندن: برطانیہ نے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے ایک اور کرونا ویکسین کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ریگولیٹری اتھارٹی نے موڈرنا ویکسین کو پاس کر دیا، برطانیہ اس سے قبل فائزر اور آکسفورڈ کی کرونا ویکسینز بھی منظور کر چکا ہے، اور یہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی تیسری ویکسین ہے۔

    ملک میں شہریوں کو وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے دوسری کھیپ میں ایک کروڑ مزید ویکسین منگوائی جائے گی، برطانیہ نے 17 ملین ویکسین کا پیشگی آرڈر دے دیا۔

    30 ہزار سے زائد افراد پر ٹرائلز میں موڈرنا کی ویکسین نے شدید کو وِڈ 19 سے 95 فی صد تحفظ فراہم کیا، یہ ویکسین بھی فائزر، بائیو این ٹیک کی ویکسین کی طرح کام کرتی ہے، جس کی نیشنل ہیلتھ سروس پہلے ہی آرڈر دے چکی ہے۔

    موڈرنا ویکسین کی شپنگ کے لیے منفی 20 سیلسئس یعنی ایک عام فریزر جتنا درجہ حرارت درکار ہے، اس کے مقابلے میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کے لیے تقریباً منفی 75 سیلسئس کا درجہ حرارت درکار ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی ٹرانسپورٹ لاجسٹکس کہیں زیادہ مشکل ہے۔

    آکسفورڈ، آسٹرا زینیکا کی ویکسین کو اسٹور کرنا اور اس کی ترسیل کہیں زیادہ آسان ہے، کیوں کہ اسے عام فریج ٹمپریچر پر محفوظ رکھا جا سکتا ہے، اب یہ تینوں کرونا ویکسینز برطانیہ میں استعمال کے لیے منظور ہو چکی ہیں، اور ان کی دوسری بوسٹر خوراک بھی درکار ہوتی ہے۔

  • سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بعد سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ عادل الجبیر نے بھی ریاض میں اتوار کو کرونا ویکسین لگوا لی ہے، سعودی حکومت نے سب سے پہلے دارالحکومت ریاض میں کو وِڈ 19 ویکسین سینٹر قائم کیا ہے جو ملک بھر میں سب سے بڑا مرکز ہے۔

    سعودی گزٹ کے مطابق الجبیر ویکسین کی دوسری خوراک 20 روز بعد لیں گے، وزارت صحت کی ہدایت ہے کہ ویکسین لینے والے مقررہ نظام الاوقات کی پابندی کریں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں اعلیٰ شخصیات میں سب سے پہلے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 26 دسمبر کو کرونا ویکسین لگوائی تھی جس کے بعد سے تمام اعلیٰ عہدے دار ویکسین لگوا رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل شیخ نے بھی آج ویکسین کی پہلی خوارک لی ہے، انھوں نے اس موقع پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سب لوگ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لیں، ان کا کہنا تھا یہ اللہ کی نعمتوں میں سے ایک ہے۔

    مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اب تک 7 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

  • کرونا ویکسین کی 12 لاکھ خوراک کا آرڈر دے دیا ہے: ڈاکٹر عطاالرحمان

    کرونا ویکسین کی 12 لاکھ خوراک کا آرڈر دے دیا ہے: ڈاکٹر عطاالرحمان

    اسلام آباد: کرونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کی 12 لاکھ خوراک کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عطا الرحمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ویکسین کی 12 لاکھ خوراک کا آرڈر دے دیا ہے، جیسے جیسے ڈریپ منظوری دےگا ویکسین کی اجازت دی جائے گی۔

    ڈاکٹر عطاالرحمان کا کہنا تھا کرونا ویکسین کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے اس لیے وقت لگ رہا ہے، مارچ سے لے کر دسمبر تک کرونا ویکسین کی زیادہ تر مقدار آ جائے گی۔

    انھوں نے کہا وقت کے ساتھ نجی شعبے کے لیے بھی کرونا ویکسین کی منظوری دے دی جائے گی۔

    ابتک جو ویکسین بنائی گئی وہ کرونا کی پرانی قسم کیخلاف ہے، ڈاکٹر عطا الرحمان

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کرونا ٹاسک فورس کے سربراہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ اب تک جو بھی ویکسین بنائی گئی ہے وہ کرونا وائرس کی پرانی قسم کے خلاف ہے، ویکسین کا نئی کرونا قسم پر کیا اثر ہوتا ہے، ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

  • کرونا ویکسین: ترک صدر نے قوم کو خوش خبری سنا دی

    کرونا ویکسین: ترک صدر نے قوم کو خوش خبری سنا دی

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے قوم کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا ویکسین ملک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر اردوان نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ کرونا ویکسین کی 3 ملین خوراکیں ترکی پہنچ چکی ہیں، مزید خوراکوں کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطہ جاری ہے۔

    صدر اردوان نے قوم کو یہ خوش خبری استنبول کی آیا صوفیہ الکبیر مسجد آمد کے موقع پر سنائی، انھوں نے کہا کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے تحت چین سے 3 ملین خوراکیں ترکی پہنچ گئی ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

    انھوں نے کہا ہماری بات چیت کے نتیجے میں چین سے 30 لاکھ ویکسین خوراکیں آ چکی ہیں، لیکن ہمارا ہدف 50 ملین ہے، جرمنی سے بھی زیادہ سے زیادہ ویکسین لینے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، اس بات چیت کے دوران ویکسین کی مشترکہ تیاری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

    اردوان نے بتایا کہ روس کے ساتھ بھی ویکسین کے سلسلے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، سائنسی و تیکنیکی ریسرچ کونسل اس سلسلے میں کام کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا 2020 کا سال پوری انسانیت کے لیے سخت اور تکلیف دہ سال تھا، لیکن امید ہے کہ 2021 کا سال کرونا وائرس کے خاتمے اور کمی کا سال ثابت ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک سے تیار کی جانے والی ویکسین میں ایک ترک ڈاکٹر جوڑے نے بھی خدمات انجام دیں، ڈاکٹر اعور شاہین ترکی کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے کافی سرگرم تھے جس میں انھیں کامیابی ملی اور فریقین میں ویکسین کی فراہمی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔

  • کرونا ویکسین کی خریداری، پاکستان کے 2 اہم مطالبات

    کرونا ویکسین کی خریداری، پاکستان کے 2 اہم مطالبات

    اسلام آباد: کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق 2 اہم مطالبات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے 4 ممالک کی 6 کمپنیوں سے رابطے میں ہے، پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں دو اہم مطالبات ہیں۔

    پاکستان ڈبلیو ایچ او کے ای یو اے سرٹیفکیٹ کی حامل ویکسین خریدے گا، اور ویکسین جلد فراہم کرنے والی کمپنی ہی سے کرونا ویکسین خریدے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کے لیے چینی کمپنیوں سائینو فارم اور کین سائینو سے رابطے جاری ہیں، آکسفورڈ یونی ورسٹی اور روسی اسپوتنک فائیو کمپنی سے بھی رابطے ہو رہے ہیں۔

    پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا ویکسین کے لیے رجوع کرلیا

    وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی چھ ویکسین ساز کمپنیوں سے جو بات چیت جاری ہے وہ مشروط ہے، ان کمپنیوں کی کرونا ویکسین پروفائل پر غور کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے ایمونائزیشن اور ویکسی نیشن کے عالمی ادارے گاوی کو خط لکھا تھا۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 20 فی صد آبادی کے لیے مفت جب کہ 20 فی صد آبادی کے لیے رعایتی قیمت پر کرونا وائرس ویکسین مانگی ہے۔