Tag: کرونا ویکسین

  • کیا برطانویوں کو فروری میں لاک ڈاؤن سے چھٹکارا مل جائے گا؟

    کیا برطانویوں کو فروری میں لاک ڈاؤن سے چھٹکارا مل جائے گا؟

    لندن: برطانیہ میں فروری کے بعد سے لاک ڈاؤن سے چھٹکارے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤنز کے خاتمے کے لیے ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

    ویکسین منسٹر ناظم الزہاوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کل سے آکسفورڈ یونی ورسٹی کی ویکسین کی منظوری کا امکان ہے، اور 4 جنوری سے ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔

    ناظم الزہاوی کا کہنا تھا ڈیڑھ کروڑ افراد زیادہ خطرے کا شکار ہیں، چند ہفتے میں زیادہ خطرے کے شکار افراد کو ویکسین لگ جائے گی۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد لندن اور جنوبی انگلینڈ میں ٹیئر 4 کی سخت پابندیاں لاگو ہو چکی ہیں جس کے تحت لوگوں کے اپنے اپنے علاقوں سے باہر نکلنے پر پابندی ہے۔

    آکسفورڈ شائر میں بھی ٹیئر 4 کے نفاذ کا اعلان

    اس کے علاوہ ٹیئر 4 سے نیچے کے ٹیئر کے کسی بھی علاقے سے ٹیئر 4 علاقوں میں داخلے پر بھی پابندی عائد ہے، دوسری جانب ویلز اس وقت مکمل طور پر لاک ڈاؤن کی زد میں ہے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل آکسفورڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ کرونا ویکسین کے آزمائشی مرحلے کا مکمل ڈیٹا آخری اجازت کے لیے جمع کروایا گیا تھا، ویکسین کی حتمی منظوری میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر ایجنسی دے گی۔

    ہیلتھ سیکریٹری کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونی ورسٹی اور آسٹرا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین موجودہ ویکسین سے سستی ہوگی، جب کہ برطانوی حکومت نے 100 ملین ویکسینز کا آرڈر دے رکھا ہے۔

  • موڈرنا ویکسین لگتے ہی امریکا میں ڈاکٹر کی طبیعت خراب ہو گئی

    موڈرنا ویکسین لگتے ہی امریکا میں ڈاکٹر کی طبیعت خراب ہو گئی

    میساچوسٹس: بوسٹن میں ایک ڈاکٹر کی طبیعت کرونا وائرس کی موڈرنا ویکسین لگتے ہی شدید طور پر خراب ہو گئی۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن میں ایک ڈاکٹر کو جمعرات کو موڈرنا کی کرونا ویکسین لگتے ہی شدید الرجی ری ایکشن ہوا۔

    ڈاکٹر حسین صدر زادہ بوسٹن میڈیکل سینٹر میں بڑی عمر کے افراد میں کینسر کے ماہر ہیں، اور انھیں شیل فش سے الرجی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی انھیں کرونا ویکسین لگی، انھیں شدید ری ایکشن ہوا۔

    ڈاکٹر کے بیان کے مطابق انھیں موڈرنا کی ویکسین سے چکر آنے لگے تھے اور دل کی دھڑکن تیز ہو گئی تھی۔

    یہ عوامی سطح پر پہلا شدید ری ایکشن تھا جو موڈرنا کی ویکسین سے ہوا، اور یہ امریکا بھر میں ہونے والی ویکسی نیشن مہم کے پہلے ہی ہفتے میں سامنے آیا۔

    بوسٹن میڈیکل سینٹر کے ترجمان ڈیوڈ کبی نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر صدر زادہ نے محسوس کیا کہ انھیں الرجک ردِ عمل پیدا ہو رہا ہے، اور انھیں اس بات کی اجازت دی گئی کہ وہ الرجک ری ایکشن کے لیے اپنی مخصوص دوا خود لیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صدر زادہ کو اسپتال کے ایمرجنسی شعبے میں لے جایا گیا تھا، جہاں ان کی صحت کی دیکھ بھال کی گئی، اور مناسب علاج کے لیے انھیں گھر جانے دیا گیا اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

    امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے حکام نے چند دن قبل کہا تھا کہ وہ الرجک ری ایکشن کے 5 ایسے کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں، جو فائزر اور بائیو این ٹیک کی کرونا ویکسین لگنے کے بعد سامنے آئے۔

  • عمان میں کرونا ویکسین مہم کا آغاز کب سے ہوگا؟

    عمان میں کرونا ویکسین مہم کا آغاز کب سے ہوگا؟

    مسقط: سلطنت عمان میں کل اتوار سے کرونا ویکسین مہم کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کل سے سلطنت میں ویکسین مہم کا آغاز ہو رہا ہے، یہ مہم دو مراحل پر مشتمل ہوگی۔

    پہلے مرحلے میں معمر افراد، کرونا کے مریضوں سے براہ راست معاملہ کرنے والا طبی عملہ اور وبا کے زیادہ شکار ہونے والے افراد شامل ہوں گے۔ عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک کی 20 فی صد آبادی کو ویکسین دی جائے گی۔

    وزارت کے مطابق کرونا ویکسی نیشن کے دوسرے مرحلے میں تمام رہائشیوں کو ویکسین مہم میں شامل کر کے ڈوز دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ عمان پہنچ چکی ہے جس میں وزارت صحت کے مطابق 15600 انجیکشن موجود تھے، جب کہ دوسری کھیپ جنوری میں پہنچے گی جس میں 28 ہزار انجیکشن شامل ہوں گے۔

    عمان: مریضوں میں نئے کرونا وائرس کا شبہ

    واضح رہے کہ سلطنت عمان میں گزشتہ ہفتے چند مریضوں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کا شبہ سامنے آیا تھا، صحت حکام کا کہنا تھا کہ 4 ایسے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جنھیں کرونا وائرس کی نئی قسم لاحق ہونے کا شبہ ہے۔

    عمان کے وزیر صحت احمد بن محمد السعیدی نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ مذکورہ شہری برطانیہ سے آئے ہیں، کو وِڈ 19 کے شبہے کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار

    ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار

    ٹوکیو: جاپان کی وزارت صحت نے شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کی وزارت صحت نے ترجیحات کی ایک فہرست تیار کی ہے جس کے تحت فروری 2021 کے اواخر میں سب سے پہلے طبی عملے کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔

    وزارت صحت کی ترجیحات کے مطابق مارچ کے آخر میں عمر رسیدہ افراد کو اور پھر صحت کے مسائل سے دوچار دیگر افراد کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔

    جمعہ کے روز ماہرین کے ایک پینل نے یہ منصوبہ منظور کر لیا، جس کے تحت اسپتالوں میں داخل افراد یا دل، سانس، گردوں اور ذیابیطس کی دائمی بیماری کے باعث باقاعدگی سے اسپتال جانے والے افراد کو کرونا ویکسین کے سلسلے میں ترجیح دی جائے گی۔

    صحت کے دائمی مسائل میں قوت مدافعت میں کم زوری کے باعث دماغی امراض، کروموسومز میں گڑبڑ، شدید جسمانی یا دماغی عوارض اور نیند کے دوران سانس رکنے کے امراض بھی شامل ہوں گے۔

    فی الوقت حاملہ خواتین کو ترجیحی فہرست میں جگہ نہیں دی گئی ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے لیے ویکسین کے محفوظ اور مؤثر ہونے کے بارے میں ڈیٹا دستیاب نہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق صحت کے مختلف مسائل سے دوچار تقریباً 82 لاکھ افراد اس ترجیحی منصوبے کے تحت ویکسین لیں گے۔

  • کرونا ویکسین: آکسفورڈ یونی ورسٹی کی جانب سے بھی بڑی خوش خبری

    کرونا ویکسین: آکسفورڈ یونی ورسٹی کی جانب سے بھی بڑی خوش خبری

    لندن: آکسفورڈ یونی ورسٹی کی کرونا وائرس کی ویکسین بھی تیار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ کرونا ویکسین کے آزمائشی مرحلے کا مکمل ڈیٹا آخری اجازت کے لیے جمع کروا دیا گیا ہے۔

    ویکسین کی حتمی منظوری میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر ایجنسی دے گی، ہیلتھ سیکریٹری کے مطابق کرونا ویکسین کی منظوری 28 دسمبر کو متوقع ہے۔

    آکسفورڈ یونی ورسٹی اور آسٹرا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین موجودہ ویکسین سے سستی ہوگی، برطانوی حکومت نے پہلے ہی 100 ملین ویکسینز کا آرڈر دے رکھا ہے۔

    کرونا کی نئی قسم کہاں سے آئی؟ اہم انکشاف

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد کرونا کیسز میں پھر سے تیزی آ گئی ہے، سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ کرونا کیسز کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

    ادھر برطانوی وزیر صحت نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم جنوبی افریقا سے برطانیہ میں آئی ہے، بدھ کے روز برطانیہ نے کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ پر جنوبی افریقا سے سفر پر پابندیاں عائد کر دیں۔

  • قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    دوحہ: قطر نے اپنے شہریوں کے لیے مفت کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا آغاز ہو گیا، پہلے مرحلے میں 70 برس سے زائد عمر کے افراد، طبی عملے اور مختلف امراض میں مبتلا شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    قطر میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد قطر نے ملک بھر میں مفت ویکسی نیشن کا اعلان کیا تھا۔

    اس سلسلے میں قطر میں 7 مرکزی صحت مراکز بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو کرونا ویکسین کی خوراک 2 مرحلوں میں دی جائے گی، گزشتہ روز قطر کے 79 سالہ سابق صدر عبداللہ الکوبیسی کو پہلی ویکسین خوراک دی گئی تھی۔

    قطر صحت حکام کے مطابق کرونا ویکسی نیشن مہم کا پہلا مرحلہ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا، جب کہ اگلے برس کے دوران ملک کی پوری آبادی کو مفت میں ویکسین لگائی جائے گی، حکام کا کہنا تھا کہ قطر کے پاس کافی ویکسین موجود ہے۔

    کرونا ویکسی نیشن، بحرین کی حکومت نے غیرملکی شہریوں کی خواہش پوری کردی

    واضح رہے کہ قطر موڈرنا کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کے حصول کے لیے بھی ایک معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔

  • فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین سے متعلق امریکی صدر کا بیان آ گیا

    فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین سے متعلق امریکی صدر کا بیان آ گیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوا ساز کمپنی فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین کو محفوظ اور کارگر قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایف ڈی اے) نے فائزر کی کرونا ویکسین کے ہنگامی حالات میں استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

    ٹی وی پر ایک خطاب میں انھوں نے کہا آج ہمارے ملک نے میڈیکل سائنس کے شعبے میں ایک معجزہ کر دکھایا ہے، ہم نے صرف 9 ماہ کے اندر ہی ایک محفوظ کارگر ویکسن تیار کر لی ہے، اسے تاریخ میں سب سے بہترین سائنسی کامیابی میں شمار کیا جائے گا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا اس ویکسن سے لاکھوں لوگوں کی زندگی محفوظ ہو جائے گی اور جلد ہی یہ وبا ختم ہو جائے گی۔

    امریکا بھی فائزر کی ویکسین استعمال کرنے والے ممالک میں شامل

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا مجھے یہ بتاتے ہوئے بےحد خوشی ہو رہی ہے کہ ایف ڈی اے نے فائزر کی کرونا ویکسین کے ہنگامی صورت میں استعمال کی منظوری دے دی۔

    امریکی صدر نے کہا فائزر اور موڈرنا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کرونا ویکسین 95 فی صد تک کارگر ہے جو کہ امید سے کہیں زیادہ ہے، یہ دونوں ہی ویکسینز کافی محفوظ بھی مانی جا رہی ہیں، ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ میں حصہ لینے والوں پر اس کے کوئی خطرناک منفی اثرات نہیں پڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایک ہفتہ پہلے ہی فائزر کی کرونا ویکسین کو منظوری دینے والا برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے، برطانیہ میں ترجیح کی بنیاد پر ویکسی نیشن مہم شروع ہو چکی ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے لیے ویکسین منظور

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے لیے ویکسین منظور

    ریاض: سعودی عرب نے کرونا وائرس کے لیے فائزر کی ویکسین منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کرونا وائرس کے لیے امریکی کمپنی فائزر کی تیار کردہ ویکسین کو مملکت میں رجسٹر کرنے کی اجازت دے دی۔

    فائزر کمپنی کی جانب سے 24 نومبر کو فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے باقاعدہ ویکسین کی رجسٹریشن کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی، اتھارٹی نے درخواست پر مختلف پہلوؤں سے غور کرنے کے بعد اسے منظور کر لیا، دوسری طرف کمپنی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ویکسین کو رجسٹر کرنے کے بعد اس کی امپورٹ اور استعمال کے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اتھارٹی نے ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری سے قبل مختلف ماہرین سے مشاورت بھی کی اور ویکسین کی تجرباتی رپورٹس کا جائزہ لیا، ویکسین سے متعلق ہر طرح کی تسلی کے بعد ہی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی۔

    بحرین نے فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    سعودی ایف ڈی اے کا کہنا تھا کہ میڈیکل اور میڈیسن کے ماہرین نے فائزر اور بائیو این ٹیک کی مشترکہ ویکسین سے متعلق تمام تجرباتی رپورٹس کا باریک بینی سے مطالعہ کیا۔

    ویکسین کی منظوری کے بعد اب اس کی مملکت میں آمد اور استعمال کے طریقہ کار سے متعلق صحت کمیٹیاں اپنا کردار ادا کریں گی، ویکسین کی ہر شپمنٹ سے نمونے حاصل کر کے ان کا لیبارٹری میں معائنہ کیا جائے گا تاکہ اس کے معیار کی تصدیق ہو۔

  • چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے والی چین کی تیار کردہ ویکسین کا اندراج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی وزارت صحت نے بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی انسداد کو وِڈ 19 ویکسین کے باضابطہ اندراج کا اعلان کر دیا ہے۔

    یو اے ای میڈیا کے مطابق سینوفرم سی این بی جی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی، جس پر یو اے ای میں ویکسین کا اندراج کیا گیا، اس عمل سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صحت حکام ویکسین کی محفوظ افادیت کے حوالے سے پُر اعتماد ہیں۔

    واضح رہے کہ اس اعلان سے وزارت صحت نے محکمہ صحت ابوظبی کے تعاون سے سینوفرم سی این بی جی کے تیسرے مرحلے کے تجربات کا جائزہ بھی لیا تھا، واضح رہے کہ ٹرائلز میں بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی یہ ویکسین کرونا انفیکشن کے خلاف 86 فی صد مؤثر ثابت ہوئی تھی۔

    یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ٹرائلز سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اس ویکسین میں اینٹی باڈی کو نیچرلائز کرنے کی 99 فی صد اور بیماری کی روک تھام میں 100 فی صد تاثیر موجود ہے۔

    یاد رہے کہ اس ویکسین کو ستمبر سے ایمرجنسی استعمال کی اجازت بھی دی گئی تھی تاکہ کو وِڈ 19 کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے، ویکسین کے استعمال سے طبی عملے کی مؤثر طریقے سے حفاظت ممکن ہوئی۔

  • روسی ویکسین: جنوبی کوریا کا اہم فیصلہ

    روسی ویکسین: جنوبی کوریا کا اہم فیصلہ

    سیئول: جنوبی کوریا نے بھی روسی کرونا ویکسین اسپوتنک وی کی پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی ایک بائیو ٹیک کمپنی جی ایل رافھا جنوری 2021 میں روس کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کی وسیع پیمانے پر پیداوار شروع کرے گا۔

    قبل ازیں، مذکورہ بائیو ٹیک کمپنی ویکسین کی ایک پائلٹ بیچ کی تیاری شروع کر چکی ہے اور یہ بیچ رواں ماہ جانچ کے لیے روس بھیجی جائے گی۔

    بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی مسئلہ درپیش نہ ہوا تو جنوبی کوریا میں روسی ویکسین کی صنعتی پیداوار جنوری میں شروع ہو جائے گی، جنوبی کوریا میں تیار ہونے والی ویکسین کی خوارکیں مشرق وسطیٰ کو برآمد کی جائیں گی۔

    یورپی ممالک روسی ویکسین حاصل کرنے کی دوڑ میں

    یاد رہے کہ 13 نومبر کو جنوبی کوریا کی کمپنی نے روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت جنوبی کوریا میں ہر سال اسپوتنک وی کرونا ویکسین کی 150 ملین سے زائد ڈوز تیار کی جائیں گی۔

    ویکسین کی پیداوار کے سلسلے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک دسمبر 2020 میں اس کی پیداوار شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یورپی ممالک بھی روسی ویکسین حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگ چکے ہیں، یورپی میڈیسن ایجنسی (ای ایم اے) نے اس سلسلے میں اسپوتنک وی ویکسین بنانے والوں سے بات چیت شروع کر دی ہے۔