Tag: کرونا ویکسین

  • ایف ڈی اے کے مشاورتی پینل کی بوسٹر ڈوز سے متعلق اہم سفارش

    ایف ڈی اے کے مشاورتی پینل کی بوسٹر ڈوز سے متعلق اہم سفارش

    واشنگٹن: امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مشاورتی پینل نے متفقہ طور پر 65 سالہ یا زائد العمر امریکیوں کے لیے تیسرے حفاظتی ٹیکے یعنی کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی سفارش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کے مشاورتی پینل نے جمعہ کے روز تمام امریکیوں کے لیے کووِڈ -19 ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے خلاف سفارش کی، جو کہ بائیڈن انتظامیہ کے لیے ایک بڑی سرزنش ہے، تاہم پینل نے متفقہ طور پر 65 یا اس سے زیادہ عمر کے امریکیوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی سفارش کے حق میں ووٹ دیا۔

    سفارش میں کہا گیا ہے کہ 65 سالہ یا زائد عمر کے افراد اور زیادہ سنگین علامات میں مبتلا ہو سکنے والوں کو فائزر بائیو این ٹیک کرونا وائرس ویکسین کی تیسری ڈوز لگائی جائے، پینل کا کہنا تھا کہ بوسٹر ڈوز مذکورہ آبادی میں خطرات پر کنٹرول کرے گی۔

    واضح رہے کہ اس پینل نے 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو فائزر ویکسین کی تیسری ڈوز لگانے کی تجویز بھاری اکثریت سے مسترد کر دی ہے۔

    امریکی حکومت کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کی مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، کیوں کہ اس کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ کرونا وائرس کی ویکسین کے مؤثر ہونے کی صلاحیت ماند پڑ سکتی ہے۔

    اس پینل کی سفارشات موصول ہونے کے بعد توقع ہے کہ امریکی فُوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، فائزر ویکسین کے اضافی ٹیکے کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دے گی, یہ پینل موڈرنا ویکسین کی تیسری ڈوز لگانے کے منصوبے کا جائزہ بھی لے گا۔

  • چین نے ایک ارب افراد کو ویکسین کی مکمل ڈوز لگا دیں

    چین نے ایک ارب افراد کو ویکسین کی مکمل ڈوز لگا دیں

    بیجنگ: چین نے ایک ارب افراد کو کرونا ویکسین کی مکمل ڈوز لگا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ایک ارب سے زیادہ افراد کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی ہے، جو اس کی کُل آبادی کا 71 فی صد بنتا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے یف پی کے مطابق کرونا وائرس کا پہلا کیس چین میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد چین نے بہت جلد اپنے ملک کے اندر وبا پر قابو پا لیا تھا، تاہم جنوب مشرقی حصے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد چین اپنی پوری آبادی کو ویکسین لگانے کی کوشش میں ہے۔

    جمعرات کو نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان می فینگ نے پریس بریفننگ میں بتایا کہ 15 ستمبر تک دو ارب 16 کروڑ افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چین کے جنوب مشرقی صوبے فیوجیان کو اس وقت ڈیلٹا وائرس کا سامنا ہے جس کی وجہ سے 200 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان میں درجنوں اسکول جانے والے بچے ہیں۔

    حکام کے مطابق نئے کلسٹر کیسز کا سبب بننے کا شک سنگاپور سے پوتیان شہر میں آنے والے ایک شخص پر ہے جس پر 14 روز کے قرنطینہ کے بعد علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں، لیکن ابتدا میں اس کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

    اسکول کھلنے کے بعد اس شخص کا 12 سالہ بیٹا اور اس کا ایک کلاس فیلو سب سے پہلے وائرس کا شکار ہوئے۔

  • آسٹرازینیکا ویکسین سے فالج کا خطرہ، لیکن امکان نہایت کم

    آسٹرازینیکا ویکسین سے فالج کا خطرہ، لیکن امکان نہایت کم

    ایمسٹرڈیم: یورپی میڈیسن ایجنسی نے اعصابی بیماری گیلن بررے سنڈروم کو کرونا وائرس ویکسین آسٹرازینیکا کے ممکنہ مضر اثرات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ نے ایک اعصابی بیماری کو بہ طور ممکنہ سائیڈ ایفکٹ اس فہرست میں شامل کر لیا ہے جو کرونا وائرس کی ویکسین آسٹرازینیکا سے متعلق ہے، یہ بیماری (Guillain-Barré syndrome) عارضی فالج کا باعث بن سکتی ہے، تاہم اس کے امکانات کو بہت ہی کم قرار دیا گیا ہے۔

    یورپی میڈیسن ایجنسی نے بدھ کو کہا کہ گیلن بررے سنڈروم کو اس ویکسین کے مضر اثرات سے متعلق معلومات میں شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گیلن بررے سنڈروم کرونا وائرس ویکسین آسٹرازینیکا کے ’انتہائی کم‘ مضر اثرات میں سے تھا، یہ دس ہزار میں سے ایک فرد میں سامنے آیا۔

    یہ خرابی ایک اعصابی سوزش ہے جس سے عارضی فالج ہو سکتا ہے اور سانس میں دشواری کا سبب بن سکتی ہے، ہر سال امریکا میں اس سنڈروم سے ایک اندازے کے مطابق تین سے 6 ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں اور زیادہ تر صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

  • بوسٹر ڈوز کے لیے کین سائنو بہتر یا سائنوویک؟ چینی تحقیق میں اہم انکشاف

    بوسٹر ڈوز کے لیے کین سائنو بہتر یا سائنوویک؟ چینی تحقیق میں اہم انکشاف

    بیجنگ: کرونا وائرس کے خلاف بوسٹر ڈوز کے لیے کین سائنو یا سائنوویک ویکسین بہتر ہے؟ اس سلسلے میں چینی تحقیق میں اہم انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مختلف ویکسینز کو ملانے کے حوالے سے کیے گئے ایک چینی طبی مطالعے میں معلوم ہوا ہے کہ سائنوویک ویکسین کی ایک یا دو ڈوزز کے بعد بوسٹر ڈوز کے لیے کین سائنو ویکسین کے استعمال سے کہیں زیادہ طاقت ور اینٹی باڈی ردِ عمل بنتا ہے، بہ نسبت سائنوویک کی بوسٹر ڈوز۔

    یہ تحقیق اس چینی فیصلے کے بعد آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چین میں بوسٹر ڈوز مخصوص گروپس کے شہریوں کو لگائی جائے گی، کیوں کہ وقت کے ساتھ ساتھ ویکسین کے فراہم کردہ تحفظ میں کمی آنے کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔

    پیر کو شائع شدہ ایک مقالے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تحقیق کے دوران جن شرکا کو سائنوویک کی دوسری ڈوز کے تین سے چھ ماہ کے بعد کین سائنو بائیو کی بوسٹر ڈوز لگائی گئی، ان میں دو ہفتے بعد اینٹی باڈی سطحات کو بے اثر کرنے میں اوسطاً 78 گنا اضافہ دیکھا گیا۔

    سائنوویک کی تیسری ڈوز سے کیا تبدیلی آئے گی؟ چین میں سائنسی تحقیق

    اس کے برعکس جن شرکا کو سائنوویک کی بوسٹر ڈوز لگائی گئی، ان میں صرف 15.2 گنا اضافہ دیکھا گیا۔ ایک یا دو ماہ کے وقفوں سے سائنوویک کی ایک ڈوز کے بعد کینسائنو بائیو کی بوسٹر ڈوز سے اینٹی باڈی سطحات کو بے اثر کرنے میں 25.7 گنا اضافہ، جب کہ سائنوویک کی دو ڈوز سے یہ اضافہ 6.2 گنا رہا۔

    مقالے میں کہا گیا ہے کہ اس تحقیق کے دوران زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا کے خلاف بوسٹر ڈوزز کے اثرات کا مطالعہ نہیں کیا گیا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق اب تک دنیا بھر میں سائنوویک ویکسین کی 1.4 ارب ڈوزز لگائی جا چکی ہیں، جن میں سے تین چوتھائی صرف چین میں لگائی گئی ہیں۔

  • سائنوویک کی تیسری ڈوز سے کیا تبدیلی آئے گی؟ چین میں سائنسی تحقیق

    سائنوویک کی تیسری ڈوز سے کیا تبدیلی آئے گی؟ چین میں سائنسی تحقیق

    بیجنگ: چینی محققین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز ڈیلٹا کے خلاف مدافعتی نظام زیادہ طاقت ور بناتی ہے۔

    چائنیز اکیڈمی آف سائنسز، فیورن یونیورسٹی، سائنوویک اور دیگر چینی اداروں کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سائنو ویک ویکسین کی تیسری ڈوز کرونا وائرس کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا کے خلاف اینٹی باڈیز کی سطح میں کمی کو ریورس کر سکتی ہے۔

    اس تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ سائنوویک کی ویکسین کروناویک کی تیسری ڈوز کرونا کی زیادہ متعدی قسم کے خلاف طویل المعیاد مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے، اس تحقیق کے مطابق سائنوویک کی کووڈ ویکسین کی تیسری ڈوز وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی تعداد میں نمایاں حد تک اضافہ کر دیتی ہے۔

    اس نئی تحقیق کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب کرونا کی قسم ڈیلٹا دنیا بھر میں دیگر اقسام کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور ان ممالک میں بھی کیسز کا باعث بن رہی ہے جہاں ویکسینیشن کی شرح بہت زیادہ ہے۔ متعدد ممالک میں سائنوویک ویکسین پر بہت زیادہ انحصار کیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ میں کروناویک استعمال کرنے والے افراد کو فائزر ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

    اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنوویک کی 2 ڈوزز استعمال کرنے والے افراد کے نمونوں میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈی سرگرمیوں کو دریافت نہیں کیا جا سکا۔ تاہم جن افراد کو ویکسین کی تیسری ڈوز استعمال کرائی گئی ان میں 4 ہفتوں بعد دوسری ڈوز استعمال کرنے کے 4 ہفتوں کے بعد کے مقابلے میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا۔

    اس لیبارٹری تحقیق میں 66 رضاکاروں کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن میں سے 38 افراد کو ویکسین کی 2 یا 3 ڈوز استعمال کرائی گئی تھیں۔ اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ پری پرنٹ سرور پر جاری کیے گئے۔

    اس سے قبل اگست 2021 کے شروع میں بھی کمپنی کی جانب سے تیسری ڈوز کے اثرات کے حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔ اس تحقیق میں معمر افراد کو ویکسین کی دوسری ڈوز کے استعمال کے 8 ماہ بعد بوسٹر ڈوز دیا گیا، جس سے ان میں وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں نمایاں حد تک اضافہ ہوا۔

  • کرونا ویکسین کی افادیت کیوں‌ کم ہو گئی؟ محققین نے معلوم کر لیا

    کرونا ویکسین کی افادیت کیوں‌ کم ہو گئی؟ محققین نے معلوم کر لیا

    کیلیفورنیا: نئے کرونا وائرس کی مہلک وبا کے خلاف تیار کی جانے والی ویکسینز کی افادیت میں‌ تیزی سے کمی آنے پر طبی ماہرین نے تحقیقات کیں‌ تو یہ انکشاف ہوا کہ ویکسینز کی افادیت میں کمی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ اور سرجیکل ماسک کے استعمال نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔

    طبی جریدے دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین کی ٹیم کے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فائزر/بائیو این ٹیک اور موڈرنا کی تیار کردہ ایم آر این اے ویکسینز کی افادیت وقت کے ساتھ کم ہوگئی ہے، جس کی جزوی وجہ فیس ماسک کے استعمال پر پابندی ختم ہونا اور کرونا کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا کا پھیلاؤ ہے۔

    کیلیفورنیا یونیورسٹی سان ڈیاگو (یو سی ایس ڈی) کے ماہرین کی ٹیم کی جانب سے یونیورسٹی کے طبی ورکرز میں ویکسینز کی افادیت کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ محققین نے بتایا کہ مارچ سے جون 2021 کے دوران ویکسین کی افادیت علامات والی بیماری سے تحفظ کے لیے 90 فی صد سے زیادہ تھی، مگر جولائی میں یہ گھٹ کر 64 فی صد تک پہنچ گئی۔

    محققین کا کہنا ہے کہ ویکسینز کی افادیت میں کمی حیران کن نہیں، کلینکل ٹرائل سے ملنے والے ڈیٹا ہی سے یہ اندازہ لگا لیا گیا تھا کہ مکمل ویکسینیشن کے کئی ماہ بعد افادیت میں کمی ہو سکتی ہے، اور اب ریسرچ اسٹڈی میں، ڈیلٹا کے پھیلاؤ کے باعث معمولی علامات والی بیماری کے خلاف مکمل ویکسینیشن کے بعد ویکسینز کی افادیت 6 سے 8 ماہ کے بعد نمایاں کمی دیکھی گئی۔

    تاہم طبی ماہرین نے بتایا کہ ویکسینیشن کروانے والے جن افراد میں کرونا تشخیص ہوا، ان میں کرونا کی شدت بہت کم تھی، جن لوگوں کو اسٹڈی میں شامل کیا گیا تھا ان میں سے کسی کو بیماری کے باعث اسپتال میں داخل نہیں ہونا پڑا۔

    محققین کے مطابق ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد میں کووڈ کا خطرہ 7 گنا زیادہ ہوتا ہے، ماہرین نے یہ بھی دریافت کیا کہ جنوری اور فروری میں ویکسینیشن مکمل کرانے والے افراد میں کرونا کیسز کی تعداد مارچ میں ویکسینیشن کرانے والوں کے مقابلے میں، جولائی کے مہینے میں سب سے زیادہ تھی۔

    محققین کا کہنا تھا کہ جون سے جولائی کے دوران ویکسین کی افادیت میں ڈرامائی تبدیلی ہوئی، اس کی وجوہ مختلف تھیں، ایک ڈیلٹا قسم کا ابھرنا، وقت کے ساتھ ویکسین کی افادیت میں کمی اور فیس ماسک کا لازمی استعمال ختم ہونا، جس کی وجہ سے برادری میں وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ زیادہ بڑھ گیا۔

  • ویکسینیشن نہ کرانے کا انجام

    ویکسینیشن نہ کرانے کا انجام

    لاہور/کوئٹہ: پاکستان کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن نہ کرانے کے ناخوش گوار نتائج نکلنا شروع ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور متروکہ وقف املاک بورڈ میں ویکسینیشن نہ کرانے پر 504 ملازمین کی تنخواہیں رک گئیں، ان ملازمین نے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرائے تھے۔

    متروکہ وقف املاک بورڈ نے 504 ملازمین کی اگست کی تنخواہ روکنے کا سرکلر جاری کر دیا، بورڈ کا کہنا تھا کہ بورڈ کے 1660 میں سے 1156 ملازمین نے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائے۔

    ادھر بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں کرونا ویکسینیشن نہ کرانے والوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پیٹرول پمپس پر بینر آویزاں کیے گئے ہیں جن پر لکھا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا۔

    رپورٹس کے مطابق اب کوئٹہ شہر میں کرونا ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو پیٹرول فراہم کرنے پر پابندی ہوگی۔

    یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی فیصلہ کیا تھا کہ یکم ستمبر سے ویکسنیشین نہ کروانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا،  لاہور  میں ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول پمپس پر بینر آویزاں کر دیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ یکم سمتبر سے کرونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا۔

  • بوسٹر ڈوز کس کو، کتنی اور کیسے لگیں گی؟ تفصیلات جانیے

    بوسٹر ڈوز کس کو، کتنی اور کیسے لگیں گی؟ تفصیلات جانیے

    اسلام آباد: کرونا وائرس انفیکشن کے خلاف بوسٹر ڈوز کس کو، کتنی اور کیسے لگیں گی، حکام کی جانب سے جاری تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین بوسٹر ڈوز 12 سال سے زائد عمر والوں کو لگائی جائے گی، اور صرف ان لوگوں کو لگائی جائے گی جو ملک سے باہر جا رہے ہوں۔

    ذرائع کے مطابق بوسٹر ڈوز کے لیے متعلقہ ملک کی مخصوص ویکسین کی شرط کا ثبوت دینا ہوگا، ملک سے باہر جانے والوں میں حج، عمرہ اور سیر و تفریح کی غرض سے باہر جانے والے شامل ہیں۔

    بیرون ملک تعلیم، نوکری کے لیے جانے والوں کو بوسٹر ڈوز لگے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو واپسی کے وقت بھی بوسٹر ڈوز لگے گی، بیرون ملک جانے والوں میں سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔

    بیرون ملک جانے والوں کو حسب ضرورت سنگل اور ڈبل بوسٹر ڈوز لگے گی، 12 تا 17 سال عمر والوں کو فائزر ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی، جب کہ 18 سال سے زائد عمر ہونے پر سائنو فام، فائزر، سائنو ویک کی بوسٹر ڈوز لگے گی۔

    بوسٹر ڈوز صرف سرکاری ویکسینیشن مراکز پر لگائی جائے گی، جہاں الگ کاؤنٹرز بنائے جائیں گے، اور بوسٹر ڈوز کے لیے نیشنل بینک میں ویکسین فیس جمع کرانی ہوگی، بوسٹر ڈوز لگوانے والوں کو کارآمد ویزہ، بینک چالان دکھانا ہوگا۔

    کمزور قوقت مدافعت والے افراد کو بوسٹر ڈوز نہیں لگائی جائے گی، شناختی کارڈ نہ رکھنے والے افراد کو بھی بوسٹر ڈوز نہیں لگائی جائے گی، صرف نمز ریکارڈ میں شامل افراد کو ڈوز لگائی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق تیز بخار میں مبتلا افراد اور دائمی امراض کے شکار افراد کو بوسٹر ڈوز نہیں لگائی جائے گی، البتہ کرونا کا شکار افراد صحت یابی کے بعد بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔

    ہر فرد کو دو اقسام کی ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جا سکیں گی، جزوی، مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو ایک یا دو بوسٹر ڈوز لگائی جائیں گی، جب کہ کرونا ویکسین کی تیسری بوسٹر ڈوز لگانے کی ممانعت ہوگی۔

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے تاحال کرونا ویکسین بوسٹر کی توثیق نہیں کی ہے، اس لیے شہریوں کو بوسٹر ڈوز ان کی اپنی ذمے داری پر لگائی جائے گی۔

  • نیوزی لینڈ: فائزر ویکسین لگوانے کے بعد خاتون ہلاک

    نیوزی لینڈ: فائزر ویکسین لگوانے کے بعد خاتون ہلاک

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں فائزر کی کرونا ویکسین سے ہلاکت کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیوزی لینڈ میں فائزر کمپنی کی تیار کردہ کرونا ویکسین سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آیا ہے، خاتون ویکسین لگوانے کے بعد موت کا شکار ہو گئیں۔

    نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے ویکسین لگوانے سے خاتون کی موت کا جائزہ لینے کے لیے ایک غیر جانب دار کرونا ویکسین سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ تشکیل دیا تھا، جس کا کہنا تھا کہ خاتون ویکسین کی نہایت ہی کم ہونے والے سائیڈ افیکٹ کا شکار ہوئیں۔

    وزارت صحت کی جانب سے خاتون کی عمر نہیں بتائی گئی، بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کے مطابق خاتون کی موت کی وجہ مایوکارڈائٹس کی وجہ سے ہوئی، جو فائزر کی کرونا ویکسین کا نہایت ہی کم ہونے والا سائیڈ افیکٹ ہے۔

    خراب لاٹ سے لگائی گئی ویکسین سے 2 افراد ہلاک، لاکھوں خوراکوں کا استعمال روک دیا گیا

    خیال رہے کہ مایوکارڈائٹس (myocarditis) دل کے پٹھوں کی سوزش ہے، جو خون کو پمپ کرنے کی دل کی صلاحیت کو محدود کر سکتی ہے، اور اس سے دل کی دھڑکن کے ردھم میں تبدیلی آ جاتی ہے۔

    وزارت صحت نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں یہ پہلا کیس ہے جہاں ویکسینیشن کے بعد موت کو فائزر کی کرونا ویکسین سے جوڑا گیا ہے، نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ کیس مزید تحقیقات کے لیے آگے بھیج دیا گیا ہے جب کہ ابھی تک موت کی وجہ کا باضابطہ طور پر تعین نہیں کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں فائزر ویکسین لگوانے والے لوگوں میں مایوکارڈائٹس کے 195 کیسز رپورٹ ہوئے، یعنی دس لاکھ میں تقریباً پانچ کیسز، اور ان میں سے بیش تر کیسز میں علامات معمولی تھیں۔

  • جاپان: ویکسین کی ایک اور لاٹ آلودہ نکل آئی

    جاپان: ویکسین کی ایک اور لاٹ آلودہ نکل آئی

    ٹوکیو: موڈرنا ویکسین کی ایک اور لاٹ آلودہ نکل آئی، جاپانی صحت حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کی شیشی میں بیرونی اجزا پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی موڈرنا ویکسین کی ایک اور لاٹ میں بیرونی اجزا پائے گئے ہیں، یہ مادے جنوبی پریفیکچر اوکیناوا کے ایک بڑے ویکسین مرکز میں ہفتے کے روز ملے ہیں۔

    ایک فارماسسٹ نے ویکسینیشن ڈوز کے ساتھ سرنج میں سیاہ اجزا دیکھے، بعد ازاں، ایک اور سرنج اور ایک شیشی سیاہ مادوں سے آلودہ پائی گئی، ویکسین سے بھری ایک اور سرنج میں گلابی رنگ کے اجزا بھی پائے گئے ہیں۔

    اوکیناوا پریفیکچر نے اس مرکز پر ویکسین لگانے کا عمل روک دیا اور اسے اتوار کے روز بھی معطل رکھا گیا، خیال رہے کہ جاپان کی وزارتِ صحت نے جمعرات کے روز تین لاٹس میں سے ڈوزز کا استعمال روک دیا تھا، کیوں کہ متعدد ویکسین مراکز پر موڈرنا ویکسین کی بغیر کُھلی یعنی بند شیشیوں میں بیرونی اجزا پائے گئے تھے۔

    خراب لاٹ سے لگائی گئی ویکسین سے 2 افراد ہلاک، لاکھوں خوراکوں کا استعمال روک دیا گیا

    مذکورہ تینوں لاٹس ایک ہی عرصے کے دوران ایک ہی فیکٹری میں تیار کی گئی تھیں، ایک لاٹ میں بیرونی اجزا پائے گئے اور دیگر دو میں ایسا کچھ نہیں تھا۔

    واضح رہے کہ جاپان میں موڈرنا کووِڈ 19 ویکسین کی ڈوزز لگوانے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد موڈرنا ویکسین کی ڈوزز معطل کر دی گئی تھیں۔