Tag: کرونا ویکسین

  • کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کے لیے آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا ہے۔

    کویت وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ آکسفورڈ-آسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری ڈوز 3 ماہ کی بجائے پہلی ڈوز کے 6 ہفتے بعد ہی دی جائے گی۔

    شہریوں اور رہائشیوں کو گزشتہ چند دنوں میں اپنی دوسری ڈوز کے تعین کے لیے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

    عمان: غیر ملکی اساتذہ کے حوالے اہم خبر

    یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کویت ایک ماہ کے اندر 70 فی صد آبادی کی قوت مدافعت کو حاصل کرنے کے لیے ویکسینیشن مہم تیز کر رہا ہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کو آکسفورڈ ویکسین کی ایک نئی کھیپ موصول ہوئی ہے، جس میں تقریباً دس لاکھ ڈوز موجود ہیں۔

    وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے ٹویٹر پر منگل کو کہا کہ کویت میں کووِڈ 19 کے لیے ویکسینیشن 70 فی صد آبادی تک پہنچ چکی ہے، انھوں نے کہا کرونا وائرس سے متعلقہ اموات، انفیکشن اور اسپتال میں داخل ہونے کے کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

  • محققین کا آسٹرازینیکا کے مقابلے میں فائزر ویکسین کی تاثیر سے متعلق انکشاف

    محققین کا آسٹرازینیکا کے مقابلے میں فائزر ویکسین کی تاثیر سے متعلق انکشاف

    لندن: محققین نے آسٹرازینیکا کے مقابلے میں فائزر ویکسین کی تاثیر سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ تین ماہ بعد اس میں تیزی سے کمی آ جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ فائزر ویکسین کا اثر ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف تیزی سے کم ہوتا ہے، محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کی تاثیر آسٹرازینیکا کے مقابلے میں تیزی سے کم ہوتی ہے۔

    فائزر کی ویکسین شروع میں کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف آسٹرازینیکا کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوئی تھی، لیکن نئی تحقیق میں یہ معاملہ الٹ ہو گیا ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے تصدیق کی ہے کہ کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف استعمال ہونے والی کسی بھی ویکسین کی 2 ڈوز کی مجموعی کارکردگی ایلفا ویرینٹ کے خلاف کم ہو چکی ہے، اور ویکسین لگوانے والے افراد سے بھی یہ وائرس دوسروں تک منتقل ہونے کا امکان ہے۔

    تحقیق کے مطابق آسٹرازینیکا کی دوسری ڈوز کے تین ماہ بعد ویکسین کی تاثیر میں بہت کم تبدیلی دکھائی دی ہے، اس کے برعکس اسی دورانیے میں فائزر کے ذریعے فراہم کردہ تحفظ میں واضح کمی دکھائی دی ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ موڈرنا ویکسین کی ایک ڈوز ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں دیگر ویکسینز کی واحد ڈوز کی طرح یا اس سے زیادہ تاثیر رکھتی ہے۔

    تاہم کسی بھی ویکسین کی 2 ڈوز اب بھی قدرتی انفیکشن سے ایک ہی سطح کا تحفظ فراہم کرتی ہیں اور ابھی تک کوئی واضح شواہد نہیں ملے ہیں کہ یہ رائے قائم کی جا سکے کہ ویکسینز ڈیلٹا سے متاثرہ افراد کو اسپتال سے باہر رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔

  • کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت سٹی: کویت نے چینی اور روسی ویکسین لگوانے والے افراد کو ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اور روسی ویکسین سائنوفام، سائنوویک اور اسپوتنک لگوانے والوں کو کویت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    یہ فیصلہ گزشتہ رات کویت وزرا کی کونسل نے کیا ہے، تاہم یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ کویت میں منظور شدہ ویکسینز (فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا) میں سے کسی ایک کی دو ڈوز یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک ڈوز لگوانی لازم ہوگا۔

    گزشتہ رات کویت وزرا کونسل نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کرونا وبائی مرض کے پیش نظر عرصہ دراز سے 6 ممنوعہ ممالک (پاکستان، مصر، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال) کی پروازوں کو ملک میں براہ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

    کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    یاد رہے کہ کویت کا پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے قریباً 50 ممالک نے ملک ‏میں داخلے کے لیے بڑی سہولت مہیا کر دی ہے، کویتی میڈیا کے مطابق 48 ممالک نے کویتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ‏فراہم کی ہے۔

    کویتی شہری اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ان ممالک میں داخلے ہو کر آن آرائیول ویزا حاصل کر سکیں ‏گے، ان ممالک میں 9 یورپی، 6 ایشیائی، 4 افریقی، 12 امریکی، 14 عرب، 3 آسٹریلوی اور پڑوسی ممالک ‏شامل ہیں۔

  • سائنو فام اور سائنو ویک ویکسینز سے متعلق خوش خبری

    سائنو فام اور سائنو ویک ویکسینز سے متعلق خوش خبری

    اسلام آباد: سائنو فام اور سائنو ویک کرونا ویکسینز کی مزید 60 لاکھ ڈوزز پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 15،14 اگست کو مزید ویکسین ڈوزز درآمد کے بعد وزارت صحت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سائنوفام کمپنی کی مزید 20 لاکھ ویکسینز پاکستان پہنچیں، جب کہ سائنوویک کمپنی کی مزید 40 لاکھ ویکسینز پاکستان پہنچی ہیں۔

    ان میں سے سائنوفام ویکسین کی ڈوزز چودہ اگست کو پاکستان پہنچیں جب کہ دوسری ویکسین ڈوزز گزشتہ روز پندرہ اگست کو پاکستان پہنچیں۔

    سائنوفام ویکسینز کوویکس پروگرام کی جانب سے پاکستان کو دی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق کوویکس رواں ہفتے پاکستان کو 20 لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے اور مزید 6 لاکھ سائنوفام ڈوز آئندہ ہفتے فراہم کرے گا، کوویکس پاکستان کو مجموعی طور پر 61 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز فراہم کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق کوویکس پاکستان کو ایک کروڑ سے زائد کرونا ویکسین ڈوز فراہم کر  چکا ہے، فراہم کردہ کرونا ویکسین میں فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا، سائنوفام شامل ہیں۔

  • 20 سال سے غار میں گوشہ نشین شخص نے کرونا ویکسین کیوں لگوائی؟

    20 سال سے غار میں گوشہ نشین شخص نے کرونا ویکسین کیوں لگوائی؟

    بلغراد: 20 سال سے ایک غار میں گوشہ نشین شخص نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق سربیا میں بیس برسوں سے غار میں ایک تارک الدنیا شخص نے بھی کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین ڈوز لگوا لی ہے۔

    70 سالہ پانٹا پیٹرووِک نے بیس برس قبل سماجی دوری (سوشل ڈسٹنسنگ) پر مبنی طرز زندگی اختیار کی تھی، انھوں نے کئی شادیاں کیں، لیکن آخر کار دنیا ترک کر کے جنوبی سربیا میں واقع ستارا پلانینا پہاڑ پر ایک چھوٹے سے غار میں گوشہ نشیں ہو گئے۔

    گزشتہ برس جب وہ غار سے نکل کر قصبے کی طرف گئے تو انھیں پتا چلا کہ کرونا وبا ہر طرف پھیلی ہوئی ہے، پھر جب ویکسین آ گئی تو پیٹرووِک نے پہلی فرصت میں ویکسین لگوا لی اور دوسروں کو بھی لگوانے کی ترغیب دی۔

    انھوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا یہ وائرس تو ہر جگہ پہنچ جاتا ہے، میرے غار میں بھی پہنچ جائے گا، اس لیے میں تو تینوں ڈوز لگواؤں گا، اور لوگوں سے بھی کہتا ہوں کہ ہر شخص ویکسین لگوائے۔

    واضح رہے کہ پیٹرووِک جس غار میں گوشہ نشیں ہیں، وہ ایک کھڑی پہاڑی پر ہے، اور اس تک کوئی کم زور دل شخص نہیں پہنچ سکتا، اس غار میں انھوں نے ایک پرانا خراب ٹوٹا باتھ ٹب رکھا ہوا ہے جسے وہ ٹوائلٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، چند بینچز بھی ہیں، جب کہ گھاس کے ڈھیر کو وہ بستر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

    پیٹرووِک قریبی قصبے پیروٹ کا رہائشی ہے، جہاں وہ مزدوری کیا کرتے تھے، وہ کئی مرتبہ ملک سے باہر بھی گئے، کئی شادیاں کیں، لیکن پھر زندگی سے اکتا گئے، اور خود کو انسانوں سے الگ تھلگ کر لیا، سماج سے دور ہو کر انھیں ایک نئی آزادی کا احساس ہوا، جس کے بعد وہ مستقل طور پر ایک غار میں رہنے لگے۔

  • بھارت میں سنگل ڈوز امریکی ویکسین کے استعمال کی منظوری

    بھارت میں سنگل ڈوز امریکی ویکسین کے استعمال کی منظوری

    نئی دہلی: بھارت میں جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز کرونا ویکسین کو بھارت میں ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔

    مجموعی طور پر اب تک بھارت میں کرونا کی 5 ویکسینز کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کی گئی ہے، جن میں سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کی کوی شیلڈ، بھارت بائیوٹیک کی کوویکسین کے علاوہ روس کی ویکسین اسپوتنک V بھی شامل ہیں۔

    وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں کہا بھارت نے اپنی ویکسین باسکٹ کی توسیع کر دی، ہمارے پاس اب کرونا کے 5 ٹیکے ہو گئے ہیں، اس سے ہمارے ملک کو کرونا کے خلاف مشترکہ لڑائی میں مدد حاصل ہوگی۔

    دوا ساز کمپنی کے انڈیا کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ 7 اگست 2021 کو حکومت نے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو لگائی جانے والی سنگل ڈوز ویکسین کو ایمرجنسی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کر دی ہے۔

  • کرونا متاثرین کو ویکسین نہ لگوانے پر زیادہ خطرہ ہے، تحقیق

    کرونا متاثرین کو ویکسین نہ لگوانے پر زیادہ خطرہ ہے، تحقیق

    واشنگٹن: محققین کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد اگر ویکسینیشن نہ کروائیں تو انھیں زیادہ خطرہ لاحق ہے.

    تفصیلات کے مطابق تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی بیماری سے شفایاب ہونے کے بعد جو لوگ کرونا ویکسین کا ٹیکا نہیں لگوا رہے ہیں ان انفیکشن میں دوبارہ مبتلا ہونے کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔

    محققین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین لوگوں کو قوت مدافعت میں اضافے کے حوالے سے مدگار ثابت ہو رہی ہے۔

    امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کنٹرول (سی ڈی سی) نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسین کے انجیکشن ضرور لگوا لیں کیوں کہ ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ ایک بڑا خطرہ ہے۔

    محققین نے بتایا کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے ان لوگوں کو بھی خطرہ ہے جو پہلے سے کرونا کی زد میں آ چکے ہیں، سی ڈی سی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ ویکسین سے لوگوں کی قدرتی قوت مدافعت مضبوط ہو رہی ہے، اور وائرس کے اس ویرینٹ کے خلاف لوگوں کو تحفظ حاصل ہو رہا ہے۔

    سی ڈی سی کے ڈائریکٹر روشیل والینسکی نے کہا کہ اگر آپ پہلے متاثر ہو چکے ہیں تو ویکسین ضرور لگوا لیں، ویکسین لگوانا اپنی اور اپنے اردگرد کے لوگوں کی سلامتی کا سب سے بہتر طریقہ ہے، اور یہ خاص طور پر اس لیے بھی ضروری ہے کیوں کہ ملک میں کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

  • ویکسین نہ لگوانے پر بڑے امریکی میڈیا ادارے کے 3 ملازم فارغ

    ویکسین نہ لگوانے پر بڑے امریکی میڈیا ادارے کے 3 ملازم فارغ

    جارجیا: امریکی میڈیا کمپنی سی این این نے ویکسین نہ لگوانے پر 3 ملازمین کو فارغ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نیوز چینل نے کرونا کی ویکسینیشن کے بغیر دفتر آنے پر 3 ملازمین کو برخاست کر دیا، کمپنی نے ملازمین کو خبردار کیا ہے کہ ویکسنیشن کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    کمپنی نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ آئندہ ویکسینیشن کا ثبوت ظاہر کرنے کے لیے میڈیا پاس کارڈ جیسا عمل باقاعدگی سے شروع کیا جا سکتا ہے۔

    سی این این کے سربراہ جیف زوکر کی طرف سے ملازمین کو اس سلسلے میں ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ویکسینیشن کرانا ضروری ہے، دوسرے ملازمین کے ساتھ کام کرنے کے لیے سب کو ویکسین لگانے کی ضرورت ہے، چاہے آپ دفتر میں داخل ہوں یا نہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وبا کی نئی اقسام کی روک تھام کے لیے جلد سے جلد ویکسین لگوانے پر زور دیا جا رہا ہے، رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کی وجہ سے ملازمین کو فی الحال رضاکارانہ بنیاد پر دفترمیں کام کرنے کی اجازت ہے، جہاں انھیں فیس ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    چکن پاکس سے تعلق؟ بھارتی کرونا وائرس سے متعلق امریکی ادارے کی خفیہ رپورٹ لیک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی ادارے سی ڈی سی نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کا انفیکشن چکن پاکس کی طرح آسانی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • کرونا ویکسین، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی

    کرونا ویکسین، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی، 500 ملین ڈالر قرض سے پاکستان کرونا ویکسین کا حصول ممکن بنائے گا۔

    قرض کی اس رقم کو صحت سے متعلق سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث معاشی تنزلی کی وجہ سے پاکستان کو جولائی سے دسمبر 2021 کے آخری مرحلے کے تحت عالمی قرض ریلیف ملنے کا بھی امکان ہے، جی 20 ممالک سے 3 ارب 78 کروڑ 10 لاکھ ڈالر قرض ریلیف مل سکتا ہے، قرض ریلیف کا یہ تیسرا مرحلہ ہوگا۔

    پاکستان نے مئی سے دسمبر 2020 کے پہلے مرحلے کے تحت قرض ریلیف حاصل کیا تھا، پہلے مرحلے میں 1 ارب 60 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض ریلیف حاصل کیا گیا تھا، جنوری سے جون 2021 کے دوسرے مرحلے کے تحت قرض ریلیف ملا، دوسرے مرحلے میں 1 ارب 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر قرض ریلیف حاصل ہوا تھا۔

  • ریلوے مسافر ہوشیار، ویکسین نہ لگوانے والوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    ریلوے مسافر ہوشیار، ویکسین نہ لگوانے والوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    کراچی: وزارت ریلوے نے کرونا ویکسینیشن مہم سے متعلق اہم اقدامات کیے ہیں، ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر یکم ستمبر سے کووِڈ چارج لاگو کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ سمیت ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرونا ویکسینیشن کے بغیر سفر کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ایک جانب وزارت ریلوے نے ڈیم فنڈ ختم کرنے کر دیا ہے تو دوسری جانب کووِڈ سرچارج لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خسارے کا شکار ریلوے نے منافع میں اضافے کے لیے ریلوے مسافروں سے کووِڈ سرچارج وصو ل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ایسے مسافر جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی، ان پر یکم ستمبر 2021 سے کووڈ چارج لاگو کیا جائے گا، جو 10 فی صد اضافی کرایے کی صورت میں ہوگا۔

    ترجمان ریلوے نے کہا ریلوے ملازمین اور ان کی فیمیلیز 31 اگست تک ویکسین لگوا لیں، یکم ستمبر سے اْن کی تنخواہ بند کر دی جائے گی، یکم جنوری 2022 سے صرف 20 سال سے کم عمر والے مسافروں کو ویکسین کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

    ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو یکم ستمبر کے بعد ریلوے رعایتی کارڈز کا اجرا بھی بند کر دیا جائے گا، ملازمین کی ویکسینیشن کے لیے ریلوے اسپتال میں ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

    مسافروں کو دوران سفر ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا، اور ویکسینیشن نہ کروانے والے مسافروں کو یکم اپریل 2022 سے سفر کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق بڑے ریلوے اسٹیشنز بشمول پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، کراچی اور روہڑی پر کرونا ویکسین سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ چیف میڈیکل آفیسر ریلویز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ این سی او سی سے مل کر ویکسینیشن کی سپلائی کو تمام سینٹرز پر یقینی بنائیں تاکہ تمام لوگ اپنی ویکس نیشن کروا سکیں۔