Tag: کرونا ویکسی نیشن

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ماس ویکسینیشن مہم کے آغاز پر عمل درآمد

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ماس ویکسینیشن مہم کے آغاز پر عمل درآمد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بڑی ویکسینیشن مہم چلانے کی تیاری کر لی، یہ ویکسینیشن مہم سرکاری و نجی اداروں کے اشتراک سے منعقد ہوگی، این سی او سی کا کہنا ہے کہ ماس ویکسینیشن ڈرائیو حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔

    این سی او سی کے مطابق ماس ویکسینیشن مہم کی کامیابی کے لیے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا کے ذریعے لوگوں کو ویکسینیشن سے متعلق حوصلہ افزائی اور آگاہی دی جا رہی ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال 7 کروڑ آبادی کی ویکسینیشن کا ہدف ہے، جس کے لیے ملک میں ویکسینیشن انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، ویکسینیشن کی استعداد بڑھانے کے لیے صوبوں کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے۔

    این سی او سی کے مطابق ماس ویکسینیشن اسٹریٹیجی کے تحت ویکسین کی بلا تعطل سپلائی یقینی بنائی جا رہی ہے، پاکستان میں مقامی سطح پر کرونا ویکسین کی تیاری کا بھی آغاز ہو چکا ہے، قومی ادارہ صحت میں پاک ویک کرونا ویکسین کی تیاری جاری ہے۔

    اس سلسلے میں وفاق ویکسینیشن سے متعلق صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے معاشرے کے تمام طبقات کو ماس ویکسینیشن مہم کاحصہ بنائیں، اور نجی سیکٹر، تاجر برادری، علما، میڈیا کو ویکسی نیشن مہم میں شامل کریں۔

  • کورونا ویکسینیشن: پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    کورونا ویکسینیشن: پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے لیے 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، 1166سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کاعمل شروع ہوگیا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈبل ون ڈبل سکس پر رجسٹریشن لازمی ہوگی، ڈبل ون ڈبل سکس سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد کسی سینٹر پر ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق ڈبل ون ڈبل سکس پر کوڈ موصول ہونے کے بعد متعلقہ فرد کو مطلوبہ سینٹر کی آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے صوبوں کوکورونا ویکسین کی چارلاکھ باون ہزار ڈوز کی نئی کھیپ فراہم کردی،ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کو سائینو فارم اور کین سائینو ویکسین فراہم کی گئی ہے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر اسدعمر نے کورونا ویکسینیشن کے اگلے مرحلے میں 30 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے  ہوئے کہا تھا کہ 60سال اورزائد عمر کےافراد کیلئے رجسٹریشن پہلے سے جاری ہے ، رجسٹریشن کرانے والے 50سال سے زائد افراد کی حوصلہ افزائی کریں۔

    یال رہے ملک بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسینیشن لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اس ساتھ ہی کوروناکی تیسری لہرخطرناک ہونے لگی ہے کیونکہ مثبت کیسزکی یومیہ شرح  بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

  • عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا

    عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا

    لاہور: 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے جاری کرونا ویکسی نیشن کے دوران لاہور میں عمر بڑھا کر ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا ایک شخص پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منگل کو بزرگوں کے لیے جاری کرونا ویکسی نیش کے دوران ایک شخص نے اپنی عمر زیادہ بتا کر دھوکے سے ویکسین لگوانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔

    پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹاف نرس ثنا نے عمر بڑھا کر بتانے والے شخص کو شناخت کیا تھا جس پر انتظامیہ نے اسے کرونا ویکسین لگانے سے انکار کر دیا۔

     دھوکے سے کرونا ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والے شخص کو پکڑنے پر  اسٹاف نرس کو 10 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

    اس موقع پر ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے عوام سےگزارش کی کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں، ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے اور مرحلہ وار تمام عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔

    بڑی کامیابی : پاکستان نے دوست ملک چین سے کورونا ویکسین کی پہلی خریداری کرلی

    واضح رہے کہ آج پاکستان نے چین سے کرونا ویکسین کی پہلی خریداری کی ہے، خریدی گئی 5 لاکھ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی، پاکستان نے چینی کمپنی سائینو فارم سے ویکسینز کا معاہدہ کیا ہے۔

  • جاپان: کرونا ویکسین لگوانے کے لیے آن لائن سسٹم تیار

    جاپان: کرونا ویکسین لگوانے کے لیے آن لائن سسٹم تیار

    ٹوکیو: جاپان میں کرونا وائرس ویکسین لگوانے کے لیے ایک زبردست آن لائن سسٹم تیار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنے والی ایپ ’لائن‘ نے جاپان میں کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی بکنگ کے لیے آن لائن نظام تیار کر لیا۔

    فری ایپ کا استعمال کرنے والے افراد اب اس نظام کے تحت کرونا ویکسین لگوانے کے لیے بہ آسانی وقت لے سکیں گے۔

    سب سے پہلے صارفین بلدیہ کے اس سرکاری لائن اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کریں گے، پھر پروگرام میں اپنی صنف، عمر کے گروپ اور ویکسی نیشن کی ترجیحی تاریخ جیسی معلومات کا اندراج کریں گے۔

    معلومات کا اندراج کرنے والے شہریوں کو ڈاک کے ذریعے ایک ٹکٹ نمبر موصول ہوگا، جس کو وہ بکنگ مکمل کرنے کے لیے ایپ پر استعمال کریں گے۔

    اس آن لائن سسٹم کے استعمال پر جاپان کی 2 مقامی حکومتیں متفق ہو چکی ہیں اور لگ بھگ مزید 100 اس پر غور کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کے ویکسی نیشن شیڈول کے مطابق مارچ کے وسط سے جاپان میں 65 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کووِڈ 19 کے ٹیکے لگانے کے لیے ٹکٹ بھیجے جائیں گے۔

    پیر کو وزارت صحت نے کہا تھا کہ ویکسینیشن ٹکٹ تقریباً 30 کروڑ 60 لاکھ معمر افراد کو بھیجے جائیں گے، جو ویکسی نیشن کے سلسلے میں تیسری ترجیح ہیں، نامزد اسپتالوں میں 10 سے 20 ہزار طبی کارکنوں کا گروپ پہلی ترجیح ہے، جب کہ دوسری ترجیح دیگر میڈیکل ورکرز ہیں جن کی تعداد تقریباً 3.7 ملین ہے۔

  • قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    دوحہ: قطر نے اپنے شہریوں کے لیے مفت کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا آغاز ہو گیا، پہلے مرحلے میں 70 برس سے زائد عمر کے افراد، طبی عملے اور مختلف امراض میں مبتلا شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    قطر میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد قطر نے ملک بھر میں مفت ویکسی نیشن کا اعلان کیا تھا۔

    اس سلسلے میں قطر میں 7 مرکزی صحت مراکز بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو کرونا ویکسین کی خوراک 2 مرحلوں میں دی جائے گی، گزشتہ روز قطر کے 79 سالہ سابق صدر عبداللہ الکوبیسی کو پہلی ویکسین خوراک دی گئی تھی۔

    قطر صحت حکام کے مطابق کرونا ویکسی نیشن مہم کا پہلا مرحلہ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا، جب کہ اگلے برس کے دوران ملک کی پوری آبادی کو مفت میں ویکسین لگائی جائے گی، حکام کا کہنا تھا کہ قطر کے پاس کافی ویکسین موجود ہے۔

    کرونا ویکسی نیشن، بحرین کی حکومت نے غیرملکی شہریوں کی خواہش پوری کردی

    واضح رہے کہ قطر موڈرنا کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کے حصول کے لیے بھی ایک معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔

  • روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

    روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

    ماسکو: جہاں دنیا کے کئی بڑے ممالک کرونا ویکسین کے حوالے سے جلد سے جلد دنیا کو خوش خبری سنانے کے لیے تگ و دو کر رہے ہیں وہاں روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اساتذہ اور ڈاکٹروں پر کلینیکل ٹرائلز کے بعد روس نے رواں برس اکتوبر میں بڑے پیمانے پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی مہم کی تیاری کر لی ہے۔

    روس کے وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ روس اکتوبر میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم چلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اس سلسلے میں ماسکو میں واقع سرکاری ریسرچ سینٹر گامالیہ انسٹی ٹیوٹ (Gamaleya Institute) نے اس ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز مکمل کر لیے ہیں، اور اب اسے رجسٹرڈ کروانے پر کام کر رہا ہے۔

    وزیر صحت میخائل مراشکو نے اساتذہ اور ڈاکٹروں کو پہلے ویکسین دینے کے منصوبے کا خاکہ پیش کرنے کے بعد کہا کہ ہم اکتوبر میں وسیع پیمانے پر ویکسی نیشن کا ارادہ کرتے ہیں۔

    دوسری طرف نامعلوم ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ روس کی پہلی ممکنہ ویکسین رواں ماہ اگست میں منظور ہونے والی ہے، تاہم، کچھ ماہرین نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ قومی وقار جیتنے کے لیے روس ویکسین تیار کرنے کے لیے بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اس بات کو یقینی بنائے بغیر کہ وہ محفوظ بھی ہے۔

    امریکی متعدی امراض کے ماہر انتھونی فاؤچی نے دو دن قبل کہا تھا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ امریکا مختلف ریگولیٹری سسٹمز کی وجہ سے روس یا چین کی تیار کردہ ویکسین کا استعمال کرے گا۔

    انھوں نے کانگریس کو بتایا کہ میرا خیال ہے کہ چینی اور روسی ہر کسی کو ویکسین لگانے سے قبل اس کا ٹیسٹ کر رہے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ سے قبل ویکسین کے تقسیم کے لیے ریڈی ہونے کے دعوے کافی حد تک پریشان کن ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں امریکا اور برطانیہ میں روس کرونا وائرس کی ریسرچ لیبز ہیک کرنے میں بھی ملوث رہا تھا۔ اگرچہ امریکی سائبر سٹی اینڈ انفرااسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی اور برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر نے کسی بھی ملک کا نام نہیں لیا تاہم اسکائی نیوز نے بتایا تھا کہ اس میں روس، چین اور ایران کو ملوث سمجھا جاتا ہے، دوسری طرف برطانیہ میں روس کے سفیر آندرے کیلن نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

    امریکا میں جوائنٹ ایڈوائزری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ریسرچ کو اس لیے ہدف بنایا گیا ہے کیوں کہ ویکسین تیار کرنے والا پہلا ملک بلا شبہ بہت بڑا سفارتی اور جیو پالیٹیکل اثر و رسوخ حاصل کر لے گا۔

    اس وقت دنیا بھر کے کئی ممالک ویکسین کی تیاری کی دوڑ میں شریک ہیں جن میں 20 سے زائد ویکسینز کلینیکل ٹرائلز کے مرحلے میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ڈیٹا کے مطابق کم از کم 4 ویکسینز آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہیں جب کہ 3 انسانی آزمائشوں میں کے مرحلے میں ہیں، ان میں 3 چین میں اور دیگر برطانیہ میں تیار کی گئی ہیں۔

    برطانیہ پہلے ہی آکسفرڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ ایک ویکسین کے 100 ملین خوراکوں کا آرڈر دے چکا ہے۔