Tag: کرونا ٹیسٹ

  • ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کہا ہے کہ 6 ٹیموں کے 102 کھلاڑیوں اور اسٹاف کا مسلسل دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ ہیڈ کوچ وسیم حیدر نے کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کی، جس پر دونوں کوچز کو مزید 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔

    پی سی بی نے کہا ہے کہ مذکورہ دونوں کوچز اس دوران ہونے والے 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹس کی فیس بھی خود ادا کریں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ کامران اکمل 24 ستمبر کو کیمپ جوائن کریں گے، کامران اکمل کا دوسرا کرونا ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، 6 ٹیمیں آج سے ملتان کے بائیو سیکیورببل میں چلی جائیں گی، بائیو سیکیورببل میں کھلاڑیوں اور اسٹاف کو ملنے جلنے کی آزادی ہوگی۔

    پی سی بی رپورٹ کے مطابق اسکواڈز کل سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

    ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کرونا پروٹوکولز جاری کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کی تفریح کے لیے ایک کمرہ مختص ہوگا جہاں تمام سہولیات ہوں گی، بائیو سیکیور ببل توڑنے والے فرد کو 5 روز (میں 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    پروٹوکولز کے مطابق کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ ریفریز، امپائرز، ڈیوٹی ڈاکٹرز، سیکورٹی منیجرز اور بس ڈرائیورز کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا تھا، گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگر عہدے داران کو بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں رکھا گیا تھا۔

  • حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن رہنما اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز کو جلد اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو فوری اسپتال منتقل کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاج میں سستی،لاپروائی سےحمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔

    جیل ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کوگزشتہ روز بخار ہوا،ان کوطبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،جلد اسپتال منتقل کر دیا جائےگا۔

    کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف کی بیٹے سے ملاقات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے گزشتہ روز جیل میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی تھی۔

  • بحرین حکومت کا سرکاری اسکولوں کے لیے بڑا اعلان

    بحرین حکومت کا سرکاری اسکولوں کے لیے بڑا اعلان

    مناما: بحرین حکومت نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور منتظمین کا کرونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بحرین کی وزارت تعلیم اور صحت نے تمام سرکاری اسکولوں کے منتظمین، اساتذہ اور تکنیکی ماہرین کے لیے کرونا ٹیسٹ کروانے کے لیے ایک مہم چلائی ہے۔

    حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کے تحت بحرین بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس سینٹر میں کرونا ٹیسٹ ایک مخصوص شیڈول کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے ہی اسے مکمل کرنا ہے۔

    وزارت تعلیم اور صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران ٹیسٹ کے لیے ہر سرکاری اسکول کے عملے کو مخصوص تاریخیں ارسال کی جائیں گی، اس کا مقصد سینٹر کے باہر لمبی قطاروں اور ہجوم سے بچنا ہے۔

    وزارت تعلیم اور صحت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر اپنا کرونا ٹیسٹ کروائیں۔

    خیال رہے کہ سرکاری اسکولوں کے عملے کو رواں ماہ 6 ستمبر سے دوبارہ اسکول آنا تھا لیکن ملک مں کرونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کرونا ٹیسٹ کی اجازت دینے کے لیے اس تاریخ کو 20 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

  • محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کا اسکول عملے اور طلبا کا کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

    محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کا اسکول عملے اور طلبا کا کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

    پشاور: محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے اسکول عملے اور طلبا کا کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے پی نے اسکول عملے اور طلبا کا رینڈم کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے تمام اسکولوں کے سربراہان کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

    محکمہ تعلیم کے پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں نجی اور سرکاری اسکولوں کا دورہ کریں گی، اسکول سربراہان ٹیموں سے ٹیسٹ کرانے میں تعاون کریں۔

    اعلامیے کے مطابق ٹیم وزٹ اساتذہ، طلباء اور دیگر عملےمیں سے چند ایک کا کرونا ٹیسٹ کرےگی۔

    ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور دیگر عملے کا کرونا ٹیسٹ اسکول کھولنے سے پہلے کیا جائےگا،بچوں کا ٹیسٹ 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کے بعد کیا جائےگا۔

    ہائر، مڈل اور پرائمری سطح پر کلاسز بتدریج شروع کرنے کی تجویز زیر غور

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہائر، مڈل اور پرائمری سطح پر کلاسز بتدریج شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 5 کروڑ بچے جب دوبارہ تعلیمی اداروں میں جائیں گے تورسک رہےگا۔

  • متحدہ عرب امارات واپس آنے والوں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری قرار

    متحدہ عرب امارات واپس آنے والوں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری قرار

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک موجود افراد کے لیے امارات واپسی سے قبل کرونا ٹیسٹ کی شرط لازمی ہے، ٹیسٹ امارات پہنچنے سے زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے قبل تک کیا گیا ہو۔

    اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ واپس آنے والے غیر ملکی جن کے اقامے یکم مارچ 2020 تک کارآمد تھے وہ کرونا ٹیسٹ (پی سی آر) واپسی کی منظوری ملنے کے بعد کروائیں۔

    حکام کے مطابق امارات واپس آنے والے غیر ملکیوں کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی ہے جس کے ضوابط بیان کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ 12 برس سے کم عمر بچے اور مخصوص افراد اس ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، تاہم عام افراد کے لیے کرونا ٹیسٹ کیے جانے کا دورانیہ امارات پہنچنے سے زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے قبل تک کا مقرر کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ امارت سے گئے ہوئے وہ غیر ملکی جو اب واپس آنے کے خواہشمند ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ ان کا اقامہ کارآمد اور کینسل شدہ نہ ہو، جس وقت واپسی کے لیے پرمٹ کی درخواست دی جائے اس وقت غیر ملکی امارات سے باہر مقیم ہو جس کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہے۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ امارت واپسی کے لیے جاری کردہ پرمٹ 21 روز تک کارآمد ہوتا ہے، اس دورانیے میں امارات پہنچنا لازمی ہے۔

    امارات آنے کے لیے کرونا ٹیسٹ کے لیے 40 ممالک میں 500 لیبارٹریز کو مخصوص کیا گیا ہے جہاں کا ٹیسٹ قابل قبول ہوگا، مزید ممالک میں منظور شدہ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد 60 ممالک کے لیے 1 ہزار لیبارٹریوں کو مخصوص کیا جائے گا۔

  • ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی بھی کرونا میں مبتلا

    ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی بھی کرونا میں مبتلا

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد ایشوریا رائے بچن اور آرادھیا بچن کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا تھا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    امیتابھ بچن کے بعد ابھیشیک بچن نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ والد اور میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ہم دونوں کو ہلکی علامات ہیں اور اسپتال میں داخل ہیں۔

    مہاراشٹرا کے وزیر صحت راجیش ٹوپ نے ٹویٹر پر ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا بچن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔

    دوسری جانب امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا بھی کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار لاک ڈاؤن کے دوران اپنی فلم کی ریکارڈنگ کررہے تھے جس پر اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

    امیتابھ بچن نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں نے شوٹنگ کے وقت تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھا تھا اور اداکاروں کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھا گیا تھا۔

  • بڑا نقصان، کرونا ٹیسٹ کے لیے جمع سیکڑوں سیمپلز بارش کے پانی میں بہہ گئے

    بڑا نقصان، کرونا ٹیسٹ کے لیے جمع سیکڑوں سیمپلز بارش کے پانی میں بہہ گئے

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ایک اسپتال میں کو وِڈ 19 کے ٹیسٹ کے لیے جمع کیے گئے سیکڑوں سیمپلز بارش کے پانی میں بہہ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے ضلع آرا میں صدر اسپتال میں بارش کی وجہ سے پانی بھرنے کے باعث کرونا کی جانچ کے لیے جمع شدہ سیکڑوں سیمپل ضایع ہو گئے۔

    اسپتال میں موجود تقریباً 300 سیمپلز 5 اور 6 جولائی کو لائے گئے تھے، تاہم ضلع میں لگاتار بارشوں کے باعث صدر اسپتال میں پانی بھر گیا تھا، اسپتال انتظامیہ نے سیمپلز کی حفاظت کی خاطر انھیں آئس باکس میں رکھ دیا تھا۔

    بھارت میں لاپرواہی کی بدترین مثال، کرونا مریض کی لاش کسی اور خاندان کے حوالے

    بارش کی وجہ سے اسپتال کے اندر میڈیکل، سرجیکل وارڈ اور او پی ڈی کے سامنے ایک فٹ پانی کھڑا ہو گیا تھا، جسے پمپ لگا کر باہر نکالا گیا، تاہم پانی نکالے جانے کے بعد معلوم ہوا کہ کو وِڈ نائنٹین کے لیے لائے گئے سیمپل پانی میں بہہ چکے ہیں۔

    اسپتال میں پانی بھرنے سے مریضوں اور تیمارداروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    واضح رہے کہ ریاست بہار میں کرونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے، دن بہ دن ریاست میں کرونا کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، اب تک بہار میں کرونا کے 14 ہزار 575 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے، وائرس انفیکشن سے 119 مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

  • سرکاری اسپتالوں میں کرونا ٹیسٹ کی کٹس ختم ہو گئیں

    سرکاری اسپتالوں میں کرونا ٹیسٹ کی کٹس ختم ہو گئیں

    لاہور: پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی کٹس ختم ہو گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جناح اسپتال، سروسز اسپتال، جنرل اسپتال اور میو اسپتال میں کرونا وائرس کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ کی کٹس ختم ہو گئیں۔

    سرکاری اسپتالوں میں صبح سے مریضوں کے کرونا نمونے نہیں لیے گئے، کرونا لیب انچارج کا کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹ کٹس گزشتہ رات ہی کو ختم ہو گئی تھیں، جس کے بعد سے ابھی تک نئی کٹس نہیں ملیں۔

    لیب انچارج کے مطابق مذکورہ اسپتالوں کو ابتدائی طور پر 100 کٹس دی گئی تھیں، جو ایک گھنٹے میں ختم ہو گئیں، کٹس ختم ہونے کے بعد تاحال نئی کٹس نہیں ملیں۔ اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں کرونا کے آنے والے مریضوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 7 لاکھ ٹیسٹ مکمل

    واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوئے، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے چوبیس گھنٹوں میں مزید 1813 نئے کیس سامنے آئے، اور اب تک کنفرم مریضوں کی تعداد 38903 ہو گئی ہے۔

    ادھر کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 15 واں ملک بن گیا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، اب مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

  • وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سیلف آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے، ریلوے ترجمان نے بتایا کہ شیخ رشید کو بظاہر کرونا کی علامات نہیں ہیں تاہم ڈاکٹرز کی ہدایت پر وہ 2 ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

    شیخ رشید نے بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے کرونا کی کوئی علامت نہیں ہے، پی ایس میں ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیسٹ کرایا تھا، اب میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، 7 دن بعد پھر ٹیسٹ کراؤں گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان ہوں اور ایمان ہے کہ فیصلے اللہ کی طرف سے ہوتے ہیں، دعا کریں اور احتیاط کریں، احتیاط ضروری ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

    شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، خود کو قرنطینہ کرلیا

    خیال رہے کہ وفاقی اور صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کو وِڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں، آج سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوئے، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے چوبیس گھنٹوں میں مزید 1813 نئے کیس سامنے آئے، اور اب تک کنفرم مریضوں کی تعداد 38903 ہو گئی ہے۔

  • پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے بجائے صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن مسافروں میں علامات نہ ہوں ان کو گھر جانے دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختوخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 30 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 ہزار 197 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 934، پنجاب میں 20 ہزار 656، خیبر پختونخواہ میں 8 ہزار 80، بلوچستان میں 3 ہزار 468، اسلام آباد میں 17 سو 28، گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 ہے۔

    آپریشن سینٹر کے مطابق 18 ہزار 314 مریض کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک 4 لاکھ 90 ہزار 908 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔